تحریک منہاج القرآن اور منہاج القرآن ویمن لیگ کی سرگرمیاں

اوکاڑہ: منہاج القرآن ویمن لیگ کا تنظیمی و تربیتی کنونشن

منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی نظامت تربیت نے 13 اپریل سے 10 مئی 2016ء تک مختلف اضلاع میں کارکنان کے لیے تربیتی کنونشنز کے انعقاد کا اعلان کیا۔ اس سلسلے میں 22 اپریل 2016 کو منہاج القرآن ویمن لیگ اوکاڑہ کے زیراہتمام تنظیمی و تربیتی کنونشن کا انعقاد کیا گیا جس میں منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی سیکرٹری جنرل انیلا الیاس، مرکزی ناظمہ دعوت گلشن ارشاد اور منہاج القرآن ویمن لیگ کشمیر کی جنرل سیکرٹری ام کلثوم قمر خصوصی طور پر شریک ہوئیں اور لیکچرز دیئے۔ کنونشن میں اوکاڑہ، دیپالپور، رینالہ خورد، حجرہ شاہ مقیم، بصیرپور اور حویلی لکھا سے منہاج القرآن ویمن لیگ کی کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

کنونشن کا آغاز تلاوت و نعت سے ہوا۔ منہاج القرآن ویمن لیگ اوکاڑہ کی صدر زرین اختر نے تنظیمی و تربیتی کنونشن کے شرکاء کو خوش آمدید کہا اور مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔

انیلا الیاس نے کنونشن سے گفتگو کرتے ہوئے شرکاء کو بتایا کہ منہاج القرآن ویمن لیگ کا نیا تنظیمی ڈھانچہ متعارف کروایا گیا ہے جس میں ضلعی اور تحصیلی سطح پر کوآرڈینیٹرز مقرر کیے گئے ہیں تاکہ مصطفوی مشن کے پیغام کو گراس روٹ لیول تک پہنچایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ منہاج القرآن ویمن لیگ کا سفر دھائیوں پر مشتمل ہے۔ تاریخ گواہ ہے کہ صنف نازک کہلانے کے باوجود منہاج القرآن ویمن لیگ کی بہنوں کے جذبے، پہاڑ جیسے رہے۔ ناتوانی وجود انہیں انتھک جدوجہد سے نہ روک سکا۔ الحمدللہ لاکھوں خواتین اب ہماری شریک سفر ہیں۔ محبت الہٰی کی تلاش میں محافل ذکر ہوں، دلوں میں عشق رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی چنگاری جلانے کے لئے سینکڑوں کی تعداد میں ہونے والی محافل میلاد ہوں، خواتین کے حقوق و فرائض کا شعور دینے والی ریلیاں، سیمینارز اور کانفرنسز ہوں، ناموس رسالت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی خاطر جان کی بازی لگانے کا عزم ہو، ہم ہمہ وقت سرگرم عمل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ منہاج القرآن ویمن لیگ کی کارکنان قائد کی آنکھ کے ایک اشارے پر تن من دھن وار دینے کا عزم لئے صبح انقلاب کی منتظر ہیں۔

گلشن ارشاد نے منہاج القرآن ویمن لیگ کی نظامت دعوت کی طرف سے رفقاء کیلیے ترتیب دیے گئے ’دعوتی تنظیمی منصوبہ‘ کا تعارفی خاکہ پیش کیا، جبکہ ام کلثوم قمر نے ’ضرب امن‘ کی اہمیت و افادیت پر روشنی ڈالی۔

منڈی بہاؤالدین: منہاج القرآن ویمن لیگ کا تنظیمی و تربیتی کنونشن

منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی نظامت تربیت نے 13 اپریل سے 10 مئی 2016 تک مختلف اضلاع میں کارکنان کے لیے تربیتی کنونشنز کے انعقاد کا اعلان کیا ہے۔ اس سلسلے کا پہلا پروگرام منہاج القرآن ویمن لیگ منڈی بہاؤالدین کے زیراہتمام ہوا جس میں منہاج القرآن ویمن لیگ وسطی پنجاب کی سیکرٹری جنرل انیلا الیاس، منہاج القرآن ویمن لیگ مغربی پنجاب کی سیکرٹری جنرل عائشہ قادری، منہاج القرآن ویمن لیگ کشمیر کی سیکرٹری جنرل ام کلثوم اور ایم ایس ایم سسٹرز کی صدر زینب ارشاد نے خصوصی شرکت کی۔ کنونشن میں منہاج القرآن ویمن لیگ منڈی بہاؤالدین کی عہدیداران اور کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

اجلاس کا آغاز تلاوت و نعت سے ہوا جس کے بعد منہاج القرآن ویمن لیگ منڈی بہاؤالدین کی ناظمہ سندیلہ احمد نے تنظیمی و تربیتی کنونشن کے شرکاء کو خوش آمدید کہا اور مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔

کنونشن میں انیلا الیاس نے ’تنظیمی اخلاقیات اور مقصد کے حصول کا عزم‘ کے موضوع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے انسان کو دوسروں کے ساتھ بھلائی کے لئے پیدا کیا ہے۔ دوسروں کے لئے جینا اور اللہ سے تعلق جوڑنا انبیاء علیہم السلام کی سنت ہے۔ جو عمل انسان خود کرتا ہے اس کی گارنٹی نہیں ہوتی کہ آیا وہ درست ہے یا نہیں، یہ عمل جنت میں لے جارہا ہے یا جہنم میں ڈال رہا ہے لیکن جو عمل دوسروں کی بھلائی کے لئے کیا جاتا ہے وہ کبھی رد نہیں ہوتا۔ جب انسان کو یہ احساس ہوجائے کہ میں نے دوسروں کے لئے زندہ رہنا ہے تو پھر اسے ایک ایسی جماعت کو اختیار کرنا چاہئے جو دوسروں کی بھلائی اور فلاح کے لئے سرگرم عمل ہو تاکہ وہ اس کے ساتھ مل کر اپنی منزل کو جلد پاسکے۔ انہوں نے کہا کہ منہاج القرآن ویمن لیگ ہر شعبہ زندگی کی خواتین کے لیے بہترین پلیٹ فارم ہے جو انہیں قرآن و سنت کے مطابق اپنی زندگی گزارنے کے شعور کو فروغ دینے میں مصروف عمل ہے۔ دورِ حاضر میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی شخصیت کسی نعمتِ عظمیٰ سے کم نہیں، جن کے افکار کروڑوں لوگوں کی زندگیاں بدل رہے ہیں۔ تنظیمی زندگی میں ہمارا پہلا ہدف اپنی اصلاح اور پھر پورے معاشرے کی اصلاح کی کوشش ہے۔ یہی انسان کا مقصدِ حیات ہے۔

عائشہ قادری نے کنونشن میں شریک کارکنان کو منہاج القرآن ویمن لیگ کے نئے تنظیمی ڈھانچے سے متعارف کروایا۔ ام کلثوم قمر نے تحریک منہاج القرآن کی فروغ امن اور انسداد دہشت گردی کی مہم ’ضرب امن‘ کے حوالے سے بریفنگ دی اور زینب ارشاد نے مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ (سسٹرز) کے ورکنگ پلان کا خاکہ پیش کیا۔

منہاج القرآن ویمن لیگ کا جموں وکشمیر کے تعلیمی ادارہ جات کا دورہ

مظفرآباد: مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ سسٹرز کی مرکزی سیکرٹری جنرل انیتا الیاس نے منہاج القرآن ویمن لیگ کشمیر زون کی جنرل سیکرٹری ام کلثوم قمر کے ہمراہ 08 سے 11 مئی 2016ء کو آزاد جموں و کشمیر کے مختلف تعلیمی ادارہ جات کا دورہ کیا۔ اپنے چار روزہ دورے کے دوران انہوں نے ویمن یونیورسٹی آف اے جے کے باغ، یونیورسٹی آف پونچھ راولاکوٹ، یونیورسٹی آف مینیجمنٹ سائنس اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی کوٹلی، رائل پیلس ہاسٹل اپر چھتر، المصطفیٰ سکول، النعمان سکول اور منہاج ماڈل ہائی سکول ترار کھل میں منعقدہ ضرب امن مہم اور نصاب امن کی تعارفی تقریبات میں شرکت کی۔

مختلف تقریبات میں طالبات سے گفتگو کرتے ہوئے انیتا الیاس اور ام کلثوم قمر کا کہنا تھا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے اہم عصری اور فکری ذمہ داری کو پورا کرتے ہوئے ’’فروغ امن اور انسداد دہشت گردی‘‘ کے لئے اسلامی نصاب ترتیب دیا ہے۔ عالمی سطح پر اس اقدام کو بیحد سراہا گیا اور اسے انسانیت کی ایک عظیم خدمت قرار دیا گیا۔ تحریک منہاج القرآن اور بانی تحریک کی طرف سے یہ کارنامہ نہ صرف اْمتِ مسلمہ بلکہ پوری دنیا کے لیے ایک عدیم النظیر اور فقید المثال تحفہ ہے۔ یہ نصاب کالجز، یونی ورسٹیز اور تعلیمی اِداروں کے طلبہ و طالبات اور نوجوانوں کے ساتھ ساتھ ہر طبقہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کے لیے ترتیب دیا گیا ہے تاکہ وہ اِنتہاء پسندانہ فکر سے متاثر ہونے کے بجائے اِسلام کے تصورِ اَمن و سلامتی سے رْوشناس ہو کر معاشرے کے ذِمہ دار اور کارآمد اَفراد بن سکیں۔ شیخ الاسلام اور تحریک منہاج القرآن نے اپنا یہ فریضہ احسن طریقہ سے ادا کردیا۔ اب ملک و ملت کے ہر ذی شعور شخص، ذمہ دار ادارے اور مسلمان حکومتوں کی مشترکہ ذمہ داری ہے کہ وہ اس اسلامی نصاب کو شامل نصاب کرکے عالم انسانیت کو اس کرب سے نکالنے میں اپنا اپنا کردار اد اکریں۔ انہوں نے کہا کہ حکمران قومی دولت کو تعلیم و شعور کے لیے خرچ کرنے کی بجائے کاغذی منصوبوں اور کرپشن کی نظر کر رہے ہیں۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ آنے والے بجٹ میں جی ڈی پی کا 4 فیصد تعلیم پر خرچ کیا جائے۔ انہوں نے طالبات کو مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ میں شمولیت کی دعوت دیتے ہوئے حلقات درود اور سٹڈی سرکلز قائم کرنے کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیا۔ مختلف سکولز، کالجز اور یونیورسٹیز کی طالبات نے مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ میں شرکت کا اعلان کا اور پرمن و ترقی یافتہ پاکستان کی تعمیر کے لیے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی قیادت میں جدوجہد کے عزم کا اظہار کیا۔

جھنگ: مختلف مقامات پر تنظیمی و تربیتی ورکشاپس

منہاج القرآن ویمن لیگ ضلع جھنگ کے زیراہتمام 03 مئی 2016ء کو جھنگ، احمدپور سیال، موچیوالہ، منڈی شاہ جیونہ اور شور کوٹ میں تنظیمی و تربیتی ورکشاپس کا انعقاد ہوا، جس میں منہاج القرآن ویمن لیگ وسطی پنجاب کی سیکرٹری جنرل انیلا الیاس نے ’اطاعتِ امیر‘ اور منہاج القرآن ویمن لیگ مغربی پنجاب کی سیکرٹری جنرل عائشہ قادری نے ’منہاج القرآن ویمن لیگ کا دعوتی و تنظیمی منصوبہ‘ کے موضوع پر تربیتی لیکچرز دیئے۔ کنونشن میں منہاج القرآن ویمن لیگ ضلع جھنگ کی عہدیداران اور کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

مختلف مقامات پر ورکشاپس سے خطاب کرتے ہوئے عائشہ قادری نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن، آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی غلامی کا پیغام ہے اور غلامئی رسول کے کچھ تقاضے ہیں جن کو پورا کرنا ضروری ہے۔ بلاشبہ ہماری خوش نصیبی ہے کہ اللہ پاک نے اپنے دین کی خدمت کے لیے ہمیں شیخ الاسلام کی ولولہ انگیز قیادت میں منہاج القرآن ویمن لیگ کے عظیم پلیٹ فارم سے کام کرنے کا موقع دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ احیائے اسلام کی اس عظیم اور عالمگیر تحریک میں اجتماعیت کا حصہ بننا بڑے اعزاز کی بات ہے۔ نئے رفقاء کو تحریک میں شامل کرنے کے بعد ہمارا طرز عمل ایسا ہونا چاہیے جو نئے رفقاء کو احساس دلائے کہ وہ ایک عظیم اخوت کا حصہ بن گئے ہیں۔ لیکچر کے اختتام پر سوال و جواب کی نشست بھی ہوئی۔ شرکاء نے ورکشاپس میں بھرپور دلچسپی کا مظاہرہ کیا۔

ہری پور: منہاج القرآن ویمن لیگ کی تنظیمی و تربیتی ورکشاپ

اس سلسلے میں 14 اپریل 2016ء کو منہاج القرآن ویمن لیگ ہری پور کے زیراہتمام تنظیمی و تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا، جس میں منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی ناظمہ دعوت گلشن ارشاد اور وسطی پنجاب کی سیکرٹری جنرل انیلا الیاس شریک ہوئیں اور تربیتی لیکچرز دیئے۔ ورکشاپ میں منہاج القرآن ویمن لیگ ہری پور کی عہدیداران اور کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

اجلاس کا آغاز تلاوت و نعت سے ہوا۔ ورکشاپ میں لیکچر دیتے ہوئے گلشن ارشاد اور انیلا الیاس نے کہا کہ آج ہمارا معاشرہ بدامنی، اخلاقی بگاڑ اور برائی کی آماجگاہ بن کر جہنم کی تصویر پیش کررہا ہے کیونکہ آج کی خاتون اپنا لاثانی کردار فراموش کرچکی ہے، اس کی ترجیحات بدل چکی ہیں۔ اسلام مخالف عناصر، عورت کے معاشرے میں کردار کی اہمیت کے پیش نظر سارا زور خواتین کے جذبہ ایمانی کو کمزور کرنے اور ان کی اقدار اور عقائد کو بگاڑنے پر لگارہے ہیں۔ فحاشی و عریانی کو اتنا رواج دیا گیا ہے کہ سارا کا سارا میڈیا عورت کو محض Project کے طور پر پیش کررہا ہے اور اسے انسانیت اور انسانی اقدار دونوں سے محروم کر رہا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ آج کی عورت اس جال میں ایسی پھنس چکی ہے کہ بے لباسی اور نیم عریانی کو اپنا فخر تصور کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ منہاج ویمن لیگ نے اس بگاڑ کو محسوس کرتے ہوئے خواتین کو ان کے اصل کردار کا شعور دلانے اور انہیں معاشرے کی فعال اکائی بنانے کے لیے مصروف عمل ہے۔ ورکشاپ کا اختتام درودوسلام اور دعا پر ہوا۔

ملتان: منہاج القرآن ویمن لیگ کا تنظیمی و تربیتی ورکشاپ

17 اپریل 2016ء کو منہاج القرآن ویمن لیگ ملتان کے زیراہتمام تنظیمی و تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا، جس میں منہاج القرآن ویمن لیگ جنوبی پنجاب کی سیکرٹری جنرل عائشہ قادری اور منہاج القرآن ویمن لیگ وسطی پنجاب کی سیکرٹری جنرل انیلا الیاس نے شرکت کی اور شرکاء کو تربیتی لیکچرز دیے۔ ورکشاپ میں منہاج القرآن ویمن لیگ ملتان کی عہدیداران اور کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

اجلاس کا آغاز تلاوت و نعت سے ہوا۔ منہاج القرآن ویمن لیگ ملتان کی صدر ہما اسماعیل نے مرکزی قائدین اور شرکاء کو خوش آمدید کہا، جبکہ ضلعی ناظمہ مدیحہ جاوید نے منہاج القرآن ویمن لیگ ملتان کی کارکردگی رپورٹ پیش کی۔

ورکشاپ میں تربیتی لیکچر دیتے ہوئے عائشہ قادری نے منہاج القرآن ویمن لیگ ملتان کی کارکردگی کو سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی آواز گھر گھر پہنچانا ہماری ذمہ داری ہے۔ انہوں نے ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ ملتان میں درسِ قرآن اور (حلقہ عرفان القرآن) کے کام کو مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔ امتِ مسلمہ کی نشاۃ ثانیہ کے لیے نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے قلبی تعلق کی بحالی ضروری ہے۔ حلقہ درود زیادہ سے زیادہ قائم کرکے اس مقصد کو حاصل کیا جاسکتا ہے۔ انیلا الیاس نے تنظیمی نیٹ ورک اور ورکنگ پلان پر عمل درآمد پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ہم سب کو اپنے حصے کا کام احساس ذمہ داری سے کرنے کی ضرورت ہے۔ ورکشاپ کا اختتام دعائے خیر سے ہوا۔

کراچی: منہاج القرآن ویمن لیگ کا تنظیمی و تربیتی ورکشاپ

24 اپریل 2016ء کو منہاج القرآن ویمن لیگ کراچی کے زیراہتمام تنظیمی و تربیتی کنونشن کا انعقاد کیا گیا جس میں منہاج القرآن ویمن لیگ مغربی پنجاب کی سیکرٹری جنرل عائشہ قادری، منہاج القرآن ویمن لیگ کراچی کی صدر رانی ارشد، سیکرٹری جنرل افنان بابر، نصاب امن مہم کی کوآرڈینیٹر کلثوم طفیل اور مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ (سسٹرز) کی صدر زینب ارشد نے تربیتی لیکچرز دیے۔ کنونشن میں گلشن ٹاؤن، جمشید ٹاؤن، اورنگی ٹاؤن، گڈاب ٹاؤن، لانڈھی ٹاؤن، بلدیہ ٹاؤن اور بن قاسم ٹاؤن سے منہاج القرآن ویمن لیگ کی کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

کنونشن کا آغاز تلاوت و نعت سے ہوا۔ منہاج القرآن ویمن لیگ کراچی کی صدر رانی ارشد نے تربیتی کونشن کے بھرپور انتظامات پر افنان بابر اور ان کی پوری ٹیم کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کنونشن میں شریک مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور شرکاء کو خوش آمدید کہا۔

افنان بابر نے ’تنظیمی اخلاقیات اور مقصد کے حصول کا عزم‘ کے موضوع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری فکر و نظریہ کو پروان چڑھانے کے لئے ہمیشہ خواتین کو مردوں پر فوقیت دیتے ہیں۔ منہاج القرآن ویمن لیگ مصطفوی مشن کے فروغ کے لیے ایک متحرک فورم ہے جس کی کارکنان اور تنظیمات معاشرے میں عملی کردار ادا کر رہی ہیں۔

عائشہ قادری نے کنونشن میں شریک کارکنان کو منہاج القرآن ویمن لیگ کے نئے تنظیمی ڈھانچے سے متعارف کروایا۔ ام کلثوم قمر نے تحریک منہاج القرآن کی فروغ امن اور انسداد دہشت گردی کی مہم ’ضرب امن‘ کے حوالے سے بریفنگ دی اور زینب ارشد نے مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ (سسٹرز) کے ورکنگ پلان کا خاکہ پیش کیا۔