مرتّبہ: نازیہ عبدالستار

کھیرا وٹامنز کا خزانہ جو رکھے آپ کو توانا

کھیرے کو ہم سبزی قرار دیتے ہیں لیکن اہل مغرب اسے بیلوں پر لگنے والا پھل بھی کہتے ہیں اور سبزی بھی۔ اسے تازہ بھی کھایا جاتا ہے اور سرکے کے اچار میں بھی بہت پسند کیا جاتا ہے۔ یہ سلاد کا خاص جز ہوتا ہے۔ یہ پھلوں کے خاندان میں شامل ہے اور گرم علاقوں میں کاشت کی جانے والی چوتھی بڑی سبزی ہے۔ کھیرا سب سے پہلے شمال مغربی ہندوستان میں کاشت کیا گیا تھا یہ بہت مقبول سبزی ہے۔ جسے گرمی اور سوزش دور کرنے کے لئے دیسی دوائوں میں بھی کثرت سے استعمال کیا جاتا ہے۔ اپنی افادیت کے لحاظ سے کھیرا لاتعداد خصوصیات کا حامل ہے کھیرا غذائیت سے بھرپور وٹامنز اور معدنیات کا مجموعہ ہے۔ اس میں موجود وٹامنز اور منرلز چہرے کی جھریاں ختم کرتے ہیں۔ کھیرے میں 96 فیصد پانی پایا جاتا ہے۔ اس لئے پیاس بجھاتا ہے۔ کھیرے میں پوٹاشیم، میگنیشیم اور فائبر کافی مقدار میں پائے جاتے ہیں جو بلڈ پریشر کنٹرول کرنے میں مددگار ہیں، مسوڑھوں اور دانتوں کے مسائل خصوصاً پائریا کے مرض میں کھیرا بہت سود مند ثابت ہوتا ہے اور سانس کی بدبو پیدا کرنے والے بیکٹیریا کو ہلاک کردیتا ہے۔

کھیرا کھانے سے معدے کے امراض میں مبتلا مثلاً سینے کی جلن میں بھی افاقہ ہوتا ہے۔ کھیرا ذیابیطس کے مرض میں فائدہ مند ہے کیونکہ یہ انسولین پیدا کرنے میں مدد فراہم کرتا ہے۔ یہ پیشاب آور بھی ہے اور پتھری کو توڑ کر خارج کرنے میں مدد دیتا ہے چونکہ اس میں کیلوریز بہت کم مقدار میں ہوتی ہے اس لئے وزن کم کرنے میں معاون ثابت ہوتا ہے۔ (اقراء)

سخت گرمی اور تربوز کے ٹھنڈے کیوبز

موسم گرما کی آمد ہو اور تربوز کا ذکر نہ کریں ایسا کیسے ہوسکتا ہے عموماً یہ گہرے سبز رنگ کا ہوتا ہے لیکن کبھی کبھار اس کا خول گہرے اور ہلکے سبز رنگ کی پٹیوں میں ہوتا ہے۔ تربوز کی ابتداء سائوتھ افریقہ سے ہوئی۔ آج تربوز دنیا کے ہر ممالک میں بڑی تعداد میں پایا جاتا ہے بلکہ اسے بے حد پسند کیا جاتا ہے۔ یہ موسم گرما کا خصوصی پھل ہے۔ قدرت نے اسے وٹامنز اور اینٹی آکسی ڈینڈ کا بہترین ذریعہ بنایا ہے۔ تربوز میں پوٹاشیم اور میگنیشیم کی بھی خاصی تعداد ہوتی ہے جو بلڈ پریشر کو کنٹرول کرتی ہے اسی میں پائے جانے والے کیروٹین آکسی ڈینڈ کولیسٹرول کم کرتا ہے جس سے دل کے امراض سے بچائو ممکن ہے۔ غذائی ماہرین وٹامن B1 اور B6 کی کمی میں اسے تجویز کرتے ہیں۔ ذائقے میں میٹھا ہونے کے باوجود اس کا ایک ٹکڑا آپ کو کم کیلوریز دیتا ہے۔ اس میں 99 فیصد پانی پایا جاتا ہے۔ اس لئے پیاس مٹانے اور طبیعت میں ترو تازگی لانے میں اس سے بہتر کوئی پھل نہیں۔ اس کے بیج اچھی والی چکنائی اور پروٹیشن سے مالا مال ہوتے ہیں سخت گرمی میں تربوز کے ٹھنڈے کیوبز جہاں جسم کو راحت فراہم کرتے ہیں وہیں گرمی کی شدت بھی کم کرتے ہیں۔ اس لئے ان گرمیوں میں قدرت کی اس لاجواب نعمت سے ضرور فائدہ اٹھائیں۔

اقوالِ زریں

  • ہر امتحان کے لئے تیار رہنا چاہئے کیونکہ کبھی کبھی ایسا وقت آجاتا ہے جس کی ہمیں امید نہیں ہوتی۔
  • بہترین خصلت زبان کی حفاظت ہے۔
  • مصافحہ کیا کرو اس سے کینہ دور ہوتا ہے۔
  • قرض لینے سے حتی الامکان پرہیز کرو کیونکہ قرض دن کی رسوائی اور رات کے غم کے سوا کچھ نہیں۔
  • اللہ کی ذات پر بھروسہ رکھنے والا کبھی ناکام نہیں ہوتا۔
  • نیکی کرنے سے انسان کی عمر بڑھتی ہے۔
  • دوسروں کی مدد کرو اللہ تمہاری مدد کرے گا۔
  • تجربہ اچھا استاد ہے لیکن اس کی کوئی فیس نہیں لہذا دوسروں کے تجربات سے فائدہ اٹھائو۔
  • بات کو پہلے دیر تک سوچو پھر منہ سے نکالا اور پھر اس پر عمل کرو اپنے کسی ساتھی کی خوشی پر دل سے خوش ہونا ایمان کی تندرستی ہے۔
  • دنیاوی فنون پر فخر کرنا کفر کا مزاج ہے فخر کرنا ہے تو اللہ کے علم پر کرو۔ (محمد احمد قادری)

قدرتی اشیاء سے بالوں کی حفاظت

ذیل میں بالوں کی حفاظت کے لئے چند تراکیب پیش کی جارہی ہیں:

سکری اور خشکی کا علاج

تین چار لیموں کا رس نکال لیں۔ بالوں کی جڑوں تک اس کا مساج کریں۔ آدھے گھنٹے کے بعد سرسوں کے تیل سے سر کی مالش کریں بعد ازاں باریک کنگھی سے ساری سکری اور خشکی نکال لیں اگر بال دو مونہے ہوں تو سرسوں کے تیل میں لیموں کا رس ملاکر بالوں کی نوکوں کو دونوں ہاتھوں سے مالش کریں اس سے دو مونہے بال جلد ہی ٹھیک ہوجائیں گے۔ اس عمل کا سب سے بڑا فائدہ یہ ہوگا کہ سر کی اندرونی جلد میں موجود خون کی باریک شریانوں میں قوت اور سرعت پیدا ہوگی جس سے سر کے تمام بالوں کو خون کی فراہمی شروع ہوجائے گی جب تازہ خون بالوں کی جڑوں تک پہنچے گا تو خشکی کے خاتمے کے ساتھ ساتھ بالوں میں جان پیدا ہوگی اور اس سے بالوں کے ٹوٹنے کا سلسلہ بھی رکے گا۔

قدرتی شیمپو بنانے کا نسخہ

انڈا ایک عدد، روغن بادام 5ملی لیٹر لیموں کا رس 5 ملی لیٹر، آملہ دو عدد یہ چاروں اجزاء ملالیں ایک پیسٹ کی شکل میں تیار ہوجائے گا۔ پانچ منٹ تک سر پر لگائیں اس کے بعد سر دھولیں۔ اس کے ساتھ خشکی اور سکری کے خاتمہ والا نسخہ بھی استعمال کریں تو بال بہت خوبصورت ہوجائیں گے۔