تحریک منہاج القرآن اور منہاج القرآن ویمن لیگ کی سرگرمیاں

منہاج القرآن ویمن لیگ کی تقریب حلف برداری

منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیراہتمام نو منتخب تنظیمات کی تقریب حلف برداری 7 دسمبر 2016ء کو مرکزی سیکرٹریٹ میں ہوئی، جس کی صدارت شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کی۔ تقریب میں چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری اور صاحبزادہ احمد مصطفی العربی بھی شریک ہوئے۔ نائب ناظم اعلیٰ کوآرڈینیشن تنویر خان، فرح ناز، افنان بابر، عائشہ مبشر، ام کلثوم قمر، زینب ارشد، کلثوم طفیل، اقراء یوسف جامی، آمنہ بتول، فہنیقہ ندیم اور نعیمیہ باسط نے بھی پروگرام میں شرکت کی۔

پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن مجید سے ہوا جس کے بعد طیارہ حادثہ کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے مسافروں کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی۔ حادثہ میں جنید جمشید اور ان کی اہلیہ کی ناگہانی موت پر بھی گہرے رنج و الم کا اظہار کیا گیا۔ کنونشن میں منہاج ویمن لیگ کی طرف سے کارکردگی رپورٹ پیش کی گئی۔ ناظمہ ویمن لیگ افنان بابر نے رپورٹ پیش کرتے ہوئے ویمن لیگ کے آئندہ کے اہداف بھی بیان کیے۔ انہوں نے کہا کہ منہاج القرآن ویمن لیگ نے ملک بھر میں یوسی لیول پر کام شروع کر دیا ہے۔

شیخ الاسلام ڈاکٹر طاہرالقادری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میرا پختہ یقین ہے کہ پاکستان میں جب بھی تبدیلی آئی اس کی روح رواں خواتین ہوں گی۔ نام نہاد جمہوری نظام میں خواتین کو پارلیمنٹ میں صرف بیٹھنے کی جگہ دی گئی اختیارات نہیں دئیے گئے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی خواتین مردوں سے زیادہ ٹیلنٹڈ، ذمہ دار اور ایماندار ہیں۔ پاکستان کی جفا کش اور پرعزم خواتین پوری دنیا کیلئے رول ماڈل ہیں۔ قوم کی یہ بیٹیاں گود سے گور تک قربانی ہی قربانی ہیں۔ 2014ء کے دھرنے میں خواتین نے سیاسی جدوجہد اور قربانیوں کی جو مثال رقم کی وہ پاکستان کی سیاسی تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھی جائیگی۔

عوامی تحریک اور منہاج القرآن کی خواتین نے شریف برادران کی فورس پولیس کا مردانہ وار مقابلہ کیا۔ ظالم حکمرانوں کی پروردہ پولیس کی گولیوں کی بوچھاڑ ہماری خواتین کے عزم و استقلال کو کمزور نہ کر سکیں۔ قربانیوں کی تاریخ کی یہ ایک منفرد مثال ہے کہ ماڈل ٹاؤن میں گولیاں کھانے والے نہیں بلکہ گولیاں مارنے والے ظالم میدان چھوڑ کر بھاگے جو حق پر تھے وہ ڈٹے رہے اور جو جھوٹے تھے وہ بھاگ گئے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے اس موقع پر سانحہ ماڈل ٹاؤن کی شہداء شازیہ مرتضیٰ اور تنزیلہ امجد کو زبردست خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ مجھے اپنی شہید بیٹیوں کی جرات اور استقامت پر فخر ہے۔

پاکستان میں خواتین کے کردار پر انہوں نے کہا کہ شریف برادران کے بلدیاتی نظام میں خواتین کی نمائندگی کو 33 فیصد سے کم کر دیا گیا۔ موجودہ حکمران اختیارات اور وسائل کے ارتکاز پر یقین رکھتے ہیں۔ یہ ہر اس شخص کو اختیارات اور وسائل سے دور رکھتے ہیں جو ایماندار اور قابل ہو۔ خواہ ایسے افراد کا تعلق ان کی اپنی جماعت سے ہی کیوں نہ ہو کیونکہ رزق حلال نہ کھانے اور کمانے والا شخص ایماندار افراد کے ساتھ نہیں چل سکتا۔ آج تک جتنے بھی کرپشن کے بڑے کیسز آئے ان میں مرد ملوث پائے گئے۔ سرکاری اختیارات رکھنے والی کسی خاتون کا کرپشن کے کسی میگا سکینڈل میں ذکر سننے اور دیکھنے میں نہیں آیا۔

پاناما کیس کے حوالے سے ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا کہ اس کیس کا مقدر یقینی موت ہے تاہم کمیشن قیام کی خواہش کی گئی تو یہ خودکشی ہو گی۔ خودکشی کی موت حرام اور ایسی میت کا جنازہ نہیں ہوتا۔ کمیشن بنا تو کیس کی بغیر جنازہ تدفین ہو گی۔ نواز شریف کو مکھن میں سے بال کی طرح نکال لیا جائیگا اور کیس بچوں کے اردگرد گھومتا رہے گا۔ وزیراعظم کے وکیل اپنے دلائل میں پرچی جوا جیسے مزید معاشی جرائم کا اعتراف کررہے ہیں۔ وزیراعظم کے وکیل کی طرف سے عدالت میں یہ کہنا کہ وزیراعظم نے پارلیمنٹ کے فلور پر جو پالیسی بیان دیا تھا وہ سیاسی ہے کیا وزیراعظم یہ کہنا چاہتے ہیں کہ پارلیمنٹ کے فلور پر ہونے والی کسی گفتگو کو سنجیدہ نہ لیا جائے؟

ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا کہ پاناما لیکس کیس میں کلین چٹ آنے کے بعد کوئی جماعت، ادارہ، فرد حکمرانوں کی کرپشن کے خلاف آواز نہیں نکال سکے گا۔ جس نے ایسی کوشش کی اسے سانحہ ماڈل ٹاؤن جیسے ریاستی تشدد کا سامنا کرنا پڑے گا۔ پروگرام میں شیخ الاسلام نے منہاج ویمن لیگ کی نومنتخب عہدیداران سے حلف بھی لیا۔ اس نشست کا باقاعدہ اختتام دعائے خیر سے ہوا، جس کے بعد عشائیہ کا اہتمام بھی کیا گیا۔

منہاج یونیورسٹی لاہور کا کانووکیشن 2016ء

منہاج یونیورسٹی لاہور کا کانووکیشن 10 دسمبر 2016ء کو رال پام کنٹری کلب لاہور میں ہوا، جس میں چیئرمین بورڈ آف گورنرز ڈاکٹر محمد طاہرالقادری مہمان خصوصی تھے۔ ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جہالت لاعلمی سے بدتر ہے، حقائق سے ناواقفیت لاعلمی ہے۔ حقیقت تک یقین کے ساتھ رسائی علم ہے۔ نوجوان بامقصد تعلیم حاصل کریں۔ تحریک منہاج القرآن پوری دنیا میں علم و آگاہی کے فروغ کیلئے کوشاں ہے اور عالمی سطح پر اس کے علمی، تحقیقی کردار کو سراہا جارہا ہے۔ یہ پاکستان کے عوام اور طلباء و طالبات کا اعزاز اور فخر ہے۔ انہوں نے پی ایچ ڈی، ایم فل، اسلامک سٹڈیز، کمپیوٹر سائنس میں گولڈ میڈل حاصل کرنے والے طلبا و طالبات کو مبارکباد دی۔

اس موقع پر ایم یو ایل کے وائس چیئرمین بورڈ آف گورنرز ڈاکٹر حسین محی الدین، چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین، وائس چانسلر ڈاکٹر محمد اسلم غوری، مرکزی امیر تحریک صاحبزادہ مسکین فیض الرحمن درانی، ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور، ایف سی یونیورسٹی کے رجسٹرار حامد سعید اختر، پروفیسر ڈاکٹر رانا یونس، کرنل (ر) محمد احمد، ڈاکٹر جمال عباسی، ڈاکٹر سی ایم محمد حنیف اور احمد مصطفی العربی نے کانووکیشن سے خطاب کیا۔ ڈاکٹر اسلم غوری نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا۔

مہمان خصوصی نے اعلیٰ تعلیمی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبا و طالبات عائشہ مشتاق، حافظ آمنہ مسعود، شبانہ رفیق، آصف محمود، حافظ ارشد اقبال، رضوان علی، طاہر عزیز، حافظ نصیر، محمد بلال، محمد شفیع، جویریہ قاضی، ماریہ سرور، امینا خان، حافظ سعید، مبشر حسین، مستنیر حسین وسیم، محمد زوہیر، شگفتہ خورشید، مبشرہ جنجوعہ، محمد شہزاد، آصف سلیم، زرغونہ بشیر، صدف لعل، وقاص منیر، نائلہ اختر، عائشہ وحید، ممتاز حسین، عنیزہ جمیل، سعدیہ بتول، فائزہ متین، نورالعین، شمیم اختر، حافظ فرحت، محمد سرور، حافظ محمد خورشید اور احمد قادری کو گولڈ میڈل دئیے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چیئرمین ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کہا کہ منہاج یونیورسٹی لاہور کا یہ امتیاز ہے کہ یہاں مقابلتاً بہت کم فیس لے کر عالمی معیار کی تعلیم دی جاتی ہے۔ ایم یو ایل کے گریجویٹ طلباء و طالبات زندگی کے مختلف شعبہ جات میں کارہائے نمایاں انجام دے رہے ہیں اور ملک و قوم کی بہتری کیلئے کوشاں ہیں۔

عالمی میلاد کانفرنس

تحریک منہاج القرآن کی 33 ویں سالانہ عالمی میلاد کانفرنس لاہور کے مال روڈ پر پنجاب اسمبلی کی عمارت کے سامنے 11 دسمبر 2016ء کی شب منعقد ہوئی۔ جس سے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے خصوصی خطاب کیا۔ یہ کانفرنس www.Minhaj.TV نے براہ راست نشر کی۔

کانفرنس کی صدارت جگر گوشہ قدوۃ الاولیاء حضرت پیر السید محمود محی الدین القادری الگیلانی نے کی جبکہ جامعہ الازھر مصر کے نائب صدر پروفیسر ڈاکٹر محمد محمود احمد ہاشم اور جامعہ الازھر مصر کے کالج آف ہائر سٹڈیز کے وائس پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر محمد نصر الدسُوقۃ لبان نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ میلاد کانفرنس میں تحریک منہاج القرآن کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری، صدر تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر حسین محی الدین قادری، صاحبزادہ احمد مصطفی العربی، سجادہ نشین اجمیر شریف خواجہ بلال احمد چشتی، صاحبزادہ پیر سلطان احمد علی سجادہ نشین دربار سلطان باہو، سابق وزیراعلی پنجاب میاں منظور احمد وٹو، مرکزی امیر تحریک صاحبزادہ فیض الرحمٰن درانی، ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن خرم نوازگنڈاپور، ڈائریکٹر نظامت سیکرٹریٹ جواد حامد، نائب ناظم اعلیٰ تحریک علامہ سید فرحت حسین شاہ، مرکزی ناظم رابطہ علماء و مشائخ صاحبزادہ علامہ محمد حسین آزاد الازہری، مرکزی صدر علماء کونسل علامہ امداد اللہ قادری، نائب ناظم اعلیٰ محترم احمد نواز انجم سمیت سلسلہ عالیہ سیفیہ کے علماء و مشائخ اور دیگر مذاہب ہندو، عیسائی اور سکھ مذہب کے رہنماؤں اور زندگی کے مختلف طبقات کی مہمان شخصیات نے بھرپور شرکت کی۔ کانفرنس میں پاکستان اور دیگر ممالک امریکہ، ڈنمارک، سپین، اٹلی، سعودی عرب، کویت، بحرین، آسٹریا، فرانس، یوکے، افغانستان، کینیڈا، مصر اور انڈیا سے عوامی، سیاسی، سماجی حلقوں سے تعلق رکھنے والے ہزاروں افراد شریک ہوئے۔

عالمی میلاد کانفرنس میں عوام کا ٹھاٹھیں مارتا ہوا سمندر شریک تھا۔ عاشقان رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا جم غفیر چیئرنگ کراس سے ناصر باغ تک پھیلا ہوا تھا۔ سٹیج کو انتہائی خوبصورتی سے سجایا گیا۔ خواتین کے بیٹھنے کا علیحدہ انتظام کیا گیا۔ ولادت مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی خوشی میں آتش بازی کا شاندار مظاہرہ کیا گیا اور آمد مصطفی مرحبا مرحبا کے فلک شگاف نعرے لگائے گئے۔ یوتھ ونگ اور ایم ایس ایم کے 2 ہزار نوجوانوں نے سکیورٹی کے فرائض انجام دئیے۔ ناظم اعلی خرم نواز گنڈاپور نے خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے تمام شرکاء کانفرنس اور معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔

عالمی میلاد کانفرنس کا باضابطہ آغاز نماز عشاء کے بعد ہوا۔ ملک کے نامور نعت خوانوں نے گلہائے عقیدت پیش کئے۔ چیئرنگ کراس سے لاہور ہائیکورٹ چوک تک کرسیاں لگائی گئیں۔ ساؤنڈ سسٹم اور قد آدم ٹی وی سکرینیں لگائی گئیں جن کے ذریعے آخر تک بیٹھے ہوئے افراد نے سربراہ عوامی تحریک کے خطاب کو سنا۔ عالمی میلاد کانفرنس کے عظیم الشان انتظامات کی سر پرستی ڈاکٹر حسن محی الدین، ڈاکٹر حسین محی الدین، امیر تحریک منہاج القرآن صاحبزادہ فیض الرحمان درانی اور خرم نواز گنڈا پور نے کی۔ مثالی انتظامات پر سربراہ عوامی تحریک نے سیکرٹری عالمی میلاد کانفرنس جواد حامد کو مبارکباد دی اور ان کی خدمات کے صلے میں انہیں عمرہ کا ٹکٹ دینے کا اعلان کیا۔

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کانفرنس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ کا گھر کعبہ کب کیسے اور کیوں بنا؟ جب اللہ تعالی نے حضرت آدم علیہ السلام کو زمین ہند پر اتارا تو اللہ چاہتا تو کعبہ اسی جگہ کو بنا دیتا جہاں آدم علیہ السلام کو اتارا تھا۔ اس وقت تو نہ کوئی ہندو تھا، نہ مسلمان تھے اور نہ مشرک تھے۔ اس زمانے میں کوئی بشری مخلوق نہیں تھی اور نہ ہی ملکوں کے نام موجود تھے۔ اللہ تعالی نے مکہ میں کعبہ کیوں بنایا؟ اس کی خاص وجہ یہ ہے کہ اس شہر کو نسبت مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم حاصل تھی۔ جس کی وجہ سے کائنات کے مالک نے اس شہر کو اپنے پیارے نبی کی نسبت عطا کی۔ آپ نے کہا کہ تاریخ میں سب سے پہلے حضرت آدم علیہ السلام آئے اورانہوں نے کعبہ کی تعمیر کی۔ جب اللہ کے گھر کی زیارت کو دل کرتا تو اپنے وطن سے دوبارہ واپس مکہ جا کر اللہ کے گھر کی زیارت کرتے۔ شیخ الاسلام نے صحیح ابن خزیمہ کی حدیث مبارکہ کا حوالہ دے کر کہا کہ آدم علیہ السلام کی نسبت مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا عالم یہ تھا کہ وہ ایک ہزار مرتبہ پیدل چل کر کعبہ کے طواف کے لیے آئے، بعد ازاں مکہ معظمہ میں ہی مقیم ہو گئے۔

انبیاء علیھم السلام حج بھی کرتے تھے۔ انبیاء علیھم السلام مکہ کا رخ اس لیے کرتے کہ ہر نبی کو معلوم تھا کہ سب انبیاء کے بعد ایک نبی آخر الزماں مبعوث ہوگا، جس کا نام محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ہوگا۔انبیاء کا دل بے تاب رہتا تھا کہ وہ نبی آخرالزماں کی زیارت کر لیں شاید وہ نبی ان کی زندگی میں ہی آ جائے۔ جب تک محبوب آئے نہیں تو اس وقت مکہ میں آنا افضل تھا تو جب حضور اپنے مدینہ میں گئے تو پھر مدینہ میں آنا افضل ہوگیا۔ حدیث مبارکہ میں آتا ہے کہ موسی علیہ السلام بھی حج کو جاتے۔ موسی علیہ السلام وادی ازرق سے سفر کرتے اور مکہ پہنچتے۔ حضرت آدم علیہ السلام کی وفات ہوئی تو جبل ابوقبیس کے غار میں دفنایا گیا، اس جگہ کو بھی نسبت مصطفی حاصل رہی۔ ابو قبیس کے مقام پر کھڑے ہو کر حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے چاند کو دو ٹکڑے کیے تھے۔

شیخ الاسلام میلاد کانفرنس کا پیغام دیتے ہوئے کہا کہ لوگو سارا ایمان نسبت مصطفی اور محبت مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں ہے۔ منہاج القرآن نے 35 سال تک عشق مصطفی کو فروغ دیا۔ منہاج القرآن نے عشق رسول کو ایسا فروغ دیا کہ 17 جون کو 14 شہید ہو گئے اور 90 زخمی ہو گئے لیکن ایک کارکن نے بھی گولی پیٹھ پر نہیں کھائی۔ یہ جرات صرف اور صرف عشق مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی وجہ سے تھی۔ اسی عشق رسول کے جذبے سے سرشار ہو کر کارکنوں نے نمرود کی طاقت اور فرعون وقت کے ظلم کا مقابلہ کیا۔ حالات کا زیر و بم کارکنوں کو ڈرا نہ سکا۔ حقیقت یہ ہے کہ جسے عشق رسول کی دولت میسر آ گئی تو اس کو دنیا کی کوئی طاقت ڈرا نہیں سکتی کیونکہ اصل زندگی اور موت آقا علیہ السلام کی محبت میں ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج کے مبارک دن کے موقع پر ہم عہد کریں کہ سیرت طیبہ کا صدق دل سے مطالعہ کریں گے اور اپنی زندگیوں کو نبی آخر الزمان صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے بتائے ہوئے راستے پر ڈالیں گے۔ علم اور تحقیق کو زاد راہ بنائیں گے، امن و محبت، رواداری کواختیار کریں گے۔ تنگ نظری، انتہا پسندی اور تکفیری رجحانات سے نجات کیلئے اللہ کی توفیق کے طلبگار رہیں گے اور انصاف، سچائی کو اپنا فخر بنائیں گے۔

ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے عالمی میلاد کانفرنس کے اختتام پر رقت آمیز دعا کرواتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ عالم اسلام کو تفرقہ بازی، بد عنوانی، تشدد، نا انصافی سے پاک کرے۔ عراق، شام، افغانستان، یمن کو داخلی انتشار و خلفشار سے نجات دے۔ کشمیر، فلسطین، برما سمیت جہاں جہاں مسلمان اکثریتی مظالم کا شکار ہیں اور بزور بندوق غلامانہ زندگی بسر کرنے پر مجبور ہیں اللہ تعالیٰ انہیں آزادی، امن اور خوشحالی سے بہرہ مند کرے اور عالم اسلام کو قرآنی حکم ’’لاتفرقوا‘‘ پر عمل پیرا ہونے کی توفیق دے۔ انہوں نے سانحہ ماڈل ٹاؤن کے شہداء کے درجات کی بلندی کیلئے بھی دعا کی اور کہا کہ ظلم کرنے والے دنیا اور آخرت میں رسوا ہونگے اور بے گناہ انسانی خون کے ہر قطرے کا حساب دیں گے۔

شیخ الاسلام کا خطاب 12 ربیع الاول کی صبح 4 بجے ختم ہوا۔ اس موقع پر مولد النبی کے جشن کی خوشی میں فائرورک کا انتہائی عمدہ مظاہرہ کیا گیا۔ عربی طرز کے صلٰوۃسلام کے بعد میلاد کانفرنس کا باقاعدہ اختتام ہوا۔

منہاج القرآن ویمن لیگ فیصل آباد

رپورٹ:غلام محمد قادری (ضلعی سیکرٹری اطلاعات )

منہاج القرآن ویمن لیگ پی پی 70کے زیراہتمام میلاد مصطفے صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کانفرنس منعقدہوئی۔جس کی صدارت ضلعی نائب صدرفرحت دلبرقادری نے کی۔مہمان خصوصی ایم پی اے مدیحہ راناجبکہ مہمانان گرامی میں ویمن لیگ کی مرکزی رہنما عائشہ شبیر،انیلاڈوگر، فریدہ اکبر،تسنیم افضال،رخسانہ قمر،ڈاکٹرادیبہ ناز،حراء دلبر،ثناء دلبربھی موجودتھیں۔کانفرنس سے ضلعی ناظمہ روبینہ خاکی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلام دین امن و سلامتی ہے۔ تنگ نظری اور انتہا پسندی کے الاؤ میں وہ لوگ جل رہے ہیں جنہوں نے اسلام کی روح کو سمجھا نہیں۔ جس دل میں نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات سے محبت کے چشمے پھوٹتے ہیں وہ کسی جانور کو بھی گزند پہنچانے کا تصور نہیں کر سکتا۔امن کی بحالی کیلئے ضروری ہے کہ آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات سے تعلق کو پختہ کیا جائے۔ذات سے تعلق مضبوط ہو گا تو آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سیرت کو سمجھنے اور اس پر عمل کرنے کی تحریک ملے گی۔انہوں نے کہاکہ باطن کونور اور امن سے مزین کرنے کیلئے حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا ادب سیکھنا ہو گا۔حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ادب سے عاجزی اور انکساری آئے گی اور معاشرے میں محبت کی خوشبو پھیلے گی اور جس دل میں محبت کا سمندر موجزن ہو جائے اس جسم سے دوسرے کیلئے سلامتی اورمحبت کے رویے ہی پھوٹ سکتے ہیں۔

منہاج ویلفیئر فاونڈیشن کے زیراہتمام 25 شادیوں کی اجتماعی تقریب

منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے زیراہتمام 25 شادیوں کی اجتماعی تقریب 14 دسمبر 2016ء کو مرکزی سیکرٹریٹ کے سامنے گرائونڈ میں منعقد ہوئی۔ تقریب میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری مہمان خصوصی تھے۔ چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری، جامعہ الازھر مصر کے نائب صدر پروفیسر ڈاکٹر محمد محمود احمد ہاشم اور جامعہ الازھر مصر کے کالج آف ہائر سٹڈیز کے وائس پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر محمد نصر الدسْوقۃ لبان نے تقریب میں خصوصی طور پر شرکت کی۔ سابق صدر آزاد کشمیر سردار عتیق الرحمن، بیگم عابدہ حسین، ابرار الحق، مرکزی امیر تحریک صاحبزادہ فیض الرحمن درانی، خرم نواز گنڈاپور، فادر جیمز چنن، غلام محی الدین دیوان، فیاض وڑائچ، حاجی امین قادری، حاجی ارشد جاوید، سعدیہ سہیل رانا اور آمنہ بخاری علاوہ ازیں محترمہ ڈاکٹر غزالہ حسن قادری، محترمہ فضہ حسین قادری، محترمہ فرح ناز (صدر ویمن لیگ) اور ان کی پوری ٹیم اس کے علاوہ منہاج کالج فار ویمن کی وائس پرنسپل محترمہ ثمر فاطمہ اور ان کے سٹاف ممبران نے بھی شرکت کی۔

تقریب میں شریک مسلم جوڑوں کا نکاح علامہ سید فرحت حسین شاہ، علامہ عثمان سیالوی اور علامہ غلام مرتضیٰ علوی نے پڑھایا جبکہ غیر مسلم جوڑوں کی مذہبی رسومات فادر جیمز چنن نے ادا کیں۔ اس موقع پر منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کی طرف سے ہر دلہن کو زیور، دلہا کو انگوٹھی، جہیز میں ضروریات زندگی کا سامان اور باراتیوں کو کھانا بھی پیش کیا گیا۔ پروقار تقریب میں باراتیوں سمیت زندگی کے مختلف طبقہ ہائے فکر کی موثر شخصیات نے بھرپور شرکت کی۔

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کی ساری کاوش انسانیت پر مبنی ہے، جس میں مذہب، رنگ و نسل، سیاست کا کوئی فرق روا نہیں رکھا جاتا۔ صرف خدمت انسانیت کے جذبہ کے تحت اقلیتوں کو بھی شادیوں کی اجتماعی تقریب میں شامل کیا جاتا ہے۔ ملکی حالات پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ الحمدللہ رزق حلال کمانے پر کہتے ہیں جبکہ پاناما کے رزق پر ایسا کہنے سے اللہ کے عذاب سے ڈرنا چاہیے، پاناما تو دور کی بات ایسی سوچ پر بھی لعنت بھیجتے ہیں۔ ملک میں آج صورتحال یہ ہو چکی ہے کہ جو مکان بکنے کیلئے لگا ہو اس پر برائے فروخت کے بورڈ لگتے ہیں، لیکن اب پاکستان میں بیچنے کیلئے کچھ نہیں بچا۔ ہر جگہ SOLD کے بورڈ لگ چکے ہیں۔ لوگوں نے یہاں ادارے خریدے، یہاں کوئی ادارہ انصاف دینے کے قابل نہیں رہا اور تمام ادارے بک گئے۔ ہر ایک کو کرپشن اور بدعنوانی پر مجبور کر کے قوم کے اجتماعی کردار کو ختم کر دیا گیا۔ گلی، محلے کی سطح پر بدمعاشوں کے ٹولے راج کررہے ہیں۔ ایک بدمعاش کے سامنے 100 شریفوں کی کوئی حیثیت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ کون سی جمہوریت اور کون سا الیکشن، الیکشن اس کی ساری مشینری اور الیکٹورل سسٹم، پورے کا پورا نظام بکا ہوا ہے۔ پارلیمنٹ، سٹیٹ بینک، ایف بی آر، نیب، ایف آئی اے سب خریدا ہوا مال ہے۔ جو ادارے عوام کی حفاظت کیلئے بنائے گئے تھے وہ جان لیوا ادارے بن چکے ہیں۔ کیا کسی کا آج تک مواخذہ ہوا؟۔

ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں ایک افسر کے گھر سے 75 کروڑ روپے برآمد ہوئے کیا احتساب ہو؟ کہاں گئے وہ پیسے اور نیب؟ یہاں پر ایک قبضہ مافیا ہے جس نے پاکستان پر قبضہ کیا ہوا ہے۔ سندھ میں اربوں روپے برآمد ہوئے، جنگ کرنے والا زیر زمین سے اسلحہ برآمد ہوا۔ کیا بنا اس سب کا؟ ٹی وی پر خبریں تو چلتی ہیں مگر کسی ایک کیس کا کوئی منطقی نتیجہ نکلا؟ انہوں نے مزید کہا کہ میں نے درجنوں بار کہا تھا کہ 29 نومبر کے بعد کنٹرول لائن پر کوئی کشیدگی نہیں ہو گی۔ آخر 29 نومبر کے بعد کنٹرول لائن پر یک لخت فائرنگ کیسے رک گئی؟۔ کون سی ایسی سفارت کاری ہوئی؟ کون سے اقوام متحدہ کے نمائندے آئے؟ جن کے مذاکرات کے نتیجے میں کنٹرول لائن پر فائرنگ بند ہو گئی۔ آخر کیا وجہ ہے کہ 29 نومبر کے بعد ایک گولی نہیں چلی؟ پاکستان اور کشمیر کے بارڈر پر یکطرفہ سیز فائر کیسے ہو گیا۔ کوئی تو کچھ بتائے؟

ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا کہ الحمدللہ منہاج القرآن کی 35 سالہ تاریخ میں دنیا کی کسی سرکاری یا غیر سرکاری تنظیم سے ایک پائی بھی فنڈ نہیں لیا۔ اسی لیے ہمارے لہجوں میں بے باکی اور جرأت ہے، خریدے ہوئے ضمیر آواز نہیں نکالتے۔ انہوں نے شادیوں کی اجتماعی تقریب میں شریک تمام جوڑوں کو مبارکباد بھی دی۔

جامعہ الازھر مصر کے نائب صدر پروفیسر ڈاکٹر محمد محمود احمد ہاشم نے کہا کہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری اور ان کا ادارہ منہاج القرآن پورے عالم اسلام کیلئے باعث فخر ہے۔ مجھے یہ خوشی ہوئی ہے کہ یہاں پر دین اور دنیا کے حوالے سے عظیم انسانی خدمات انجام دی جارہی ہیں۔

سردار عتیق احمد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے غریب بچیوں کی رخصتی کیلئے عظیم بندوبست کیا جس پر مبارکباد کے مستحق ہیں۔ انہوں نے مسکراتے ہوئے کہا ڈاکٹر محمد طاہرالقادری سے گزارش ہے کہ وہ سیاسی فتنوں کی رخصتی کا بھی کوئی انتظام کریں۔ 19 کروڑ عوام کے ناک میں دم آچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انسانی خدمت کے حوالے سے ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی عالمگیر خدمات پر ہمیں فخر ہے۔

تقریب میں بیگم عابدہ حسین نے ہر سال ایک غریب بچی کی شادی کے اخراجات اٹھانے کا اعلان کیا اور کہا کہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری انسانیت کی خدمت کررہے ہیں۔ آزاد کشمیر اسمبلی کے رکن غلام محی الدین دیوان نے کہا کہ ادارہ منہاج القرآن علم، تحقیق کے ساتھ ساتھ دکھی انسانیت کے دکھوں کا مداوا بھی کررہا ہے۔ اس فکر اور سوچ کو عام کرنے کی ضرورت ہے۔

ڈائریکٹر منہاج ویلفیئر پاکستان سید امجد علی شاہ نے پاکستان میں منہاج ویلفیئر پراجیکٹس کے بارے میں تفصیل سے بتایا اور کہا کہ منہاج ویلفیئر نے اب تک 104 شادیوں کی اجتماعی تقاریب منعقد کی جن میں 1200 جوڑوں کو جہیز سمیت ان کے تمام اخراجات اٹھائے۔ انہوں نے بتایا کہ ادارہ آغوش کے تحت لاہور کے بعد سیالکوٹ اور کراچی میں بھی ادارہ کام شرو ع کر دے گا اور 5 سو بچوں کی کفالت کی جائیگی۔ انہوں نے منہاج ویلفیئر سوسائٹی کے زیر اہتمام سکولوں میں ڈیڑھ لاکھ بچوں کی تعلیم و تربیت کے حوالے سے بھی تفصیل سے آگاہ کیا۔

منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن یورپ کے ایم ڈی داؤد مشہدی نے دنیا کے جنگ زدہ اور قدرتی آفات سے متاثرہ ممالک میں منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کی طرف سے فلاحی کاموں کی مکمل بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ منہاج ویلفیئر نے افریقہ، کینیا، ہیٹی سمیت دنیا کے کئی پسماندہ ممالک میں بھی کام کر رہی ہے، جہاں کوئی ڈونیشن نہیں ملتا بلکہ وہاں صرف خرچ کیا جاتا ہے۔

تقریب کا باقاعدہ اختتام اجتماعی خطبہ نکاح اور دعائے خیر سے ہوا، جس کے بعد شرکاء اور باراتیوں کے لیے پرتکلف کھانے کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔

 آئرلینڈ

منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈبلن آئرلینڈ کے زیراہتمام استقبال ربیع الاول محفل میلاد علامہ عدیل کی رہائش گاہ پر منعقد ہوئی، جس میں کارکنان و عشاقان مصطفیٰ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ منہاج القرآن یوتھ ونگ کے سابق صدر سعید رحمن نے پروگرام کی صدارت کی جبکہ منہاج القرآن آئرلینڈ کے رہنماء ڈاکٹر مدثر ثاقب اور ڈاکٹر محمد گلزار مہمان خصوصی تھے۔محفل کا باقاعدہ آغاز قاری تنویر حسین نے تلاوت قرآن مجید سے کیا۔ چوہدری محمد عارف، ڈاکٹر محمد گلزار، فرقان اسلم اور حافظ تنویر نے آقا علیہ السلام کی بارہ میں گلہائے عقیدت پیش کیے۔ اس موقع پر وسیم بٹ نے پروگرام کی نقابت کے فرائض انجام دیئے۔

منہاج القرآن انٹرنیشنل آئرلینڈ کے امیر علامہ محمد عدیل نے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم منانا سنت انبیاء ہے۔ منہاج القرآن آئرلینڈ کے سینئر رہنما حضرت پیر غلام دستگیر نے پروگرام میں اختتامی دعا کرائی، جس کے بعد ضیافت میلاد کا بھی اہتمام تھا۔ پروگرام کے کامیاب انعقاد میں سعید رحمٰن، ڈاکٹر محمد مدثر ثاقب، ڈاکٹر محمد گلزار، عقیل باجوہ، معید حامد، رضوان احمد نور، حافظ محمد سعید، مرزا رضوان بیگ، آصف رضا، حافظ نعمان درانی، چوہدری محمد عارف، حافظ محمد تنویر اور پرویز ملک نے اہم کردار ادا کیا۔

ڈنمارک: منہاج ویمن لیگ کے زیراہتمام محفل میلادالنبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا انعقاد

رپورٹ: ڈاکٹر شبانہ احمد

کوپن ہیگن: منہاج القرآن ویمن لیگ ڈنمارک کے زیراہتمام 3 دسمبر 2016ء کو منہاج القرآن اسلامک سینٹر ویلبی میں محفلِ میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا انعقاد کیا گیا جس میں خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ محفل کا آغاز تلاوتِ قرآنِ پاک سے ہوا جس کی سعادت میمونہ رحمٰن نے حاصل کی۔ شبانہ احمد نے حمد باری تعالیٰ پیش کی، جبکہ کوکب اپل، مریم ارشاد اور وحیدہ ملک نے آقائے کائنات صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں عقیدت کے پھول نچھاور کیے۔ نقابت کے فرائض شازیہ رانا نے احسن انداز میں سرانجام دئیے۔

علامہ ادریس جاوید الازہری نے محفل سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تخلیق تمام کائنات و مخلوقات کی تخلیق سے پہلے ہوئی مگر آپ کو مبعوث بعد میں کیا گیا۔ انہوں نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی عظمت کو بیان کرتے ہوئے کہا کہ اللہ پاک نے تمام انبیاء کو قرآن پاک میں ان کے ناموں کے ساتھ مخاطب کیا مگر حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو جب مخاطب کیا تو آپ کے صفاتی ناموں سے بلایا۔ ناظمہ دعوت و تربیت نفیس فاطمہ نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے منہاج القرآن کے بنیادی اغراض و مقاصد اور نوجوان نسل کو درپیش مسائل کا ذکر کرتے ہوئے حاضرین کو منہاج القرآن کی لائف ممبر شپ لینے کی دعوت دی۔ انہوں نے کہا کہ اس پْرفتن دور میں منہاج القرآن انٹرنیشنل ایک نعمت ہے جو ویران دلوں کو محبت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے آباد کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ انہوں نے خواتین کو ماہانہ حلقات درود میں شرکت کرنے اور اپنے بچوں کو منہاج القرآن میں تعلیم حاصل کرنے کی دعوت بھی دی۔ محفل کے اختتام پر نفیس فاطمہ نے دعا کروائی اور مہمانوں کی تواضع ضیافت میلاد سے کی گئی۔

مبارکباد: یوم تاسیس منہاج القرآن ویمن لیگ

منہاج القرآن ویمن لیگ کے 28 ویں یوم تاسیس کے موقع پر ویمن لیگ کی مرکزی ٹیم اور ان کی وساطت سے تمام اندرون و بیرون ملک تنظیمات کو مبارکباد پیش کرتے ہیں اور اللہ رب العزت سے دعا گو ہیں کہ ویمن لیگ کی کاوشوں کو عظیم کامیابی سے ہمکنار فرمائے۔ شیخ الاسلام اور مادر تحریک کی سرپرستی میں مصطفوی انقلاب کا سویرا جلد طلوع فرمائے۔ (منجانب: ادارہ دختران اسلام)