حمد باری تعالیٰ و نعت رسول مقبول صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم

حمد باری تعالیٰ

مرے کریم! دو عالم کا کار ساز ہے تو
نیاز مند ہوں میں اور بے نیاز ہے تو

تری جناب میں آیا ہوں یا دلِ مغموم
الہٰی! اپنے کرم سے نہ کیجیو محروم

نہ مجھ کو دیکھ یارب! نہ میری خطائیں دیکھ
بھری ہیں جو تری رحمت میں وہ عطائیں دیکھ

خبر ہر ایک کی تو اے بے نیاز لیتا ہے
بھلوں سے پہلے بُروں کو نواز دیتا ہے

کبھی پھرے نہیں مایوس ہو کے غم والے
ترے کرم کے تصدق مرے کرم والے

سبھوں کی سنتا ہے، میری بھی التجا سن لے
لرزے ہونٹوں سے مانگی ہوئی دعا سن لے

(احمد سہارنپوری)

نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم

اگر مجھ پر تری چشم کرم اک بار ہوجائے
مری کشتی شہا طوفان غم سے پار ہوجائے

قیامت کا وہ دن بھی ایک روزِ عید ٹھہرے گا
سرِ محشر اگر سرکار کا دیدار ہوجائے

درِ آقا بہرِ التجا اتنا ہی کافی ہے
کرم سرکار ہوجائے کرم سرکار ہوجائے

ترے الطاف کے آگے کوئی مشکل نہیں شاہا
حضوری کا شرف حاصل اگر ہر بار ہوجائے

کبھی دامن ادب کا ہاتھ سے مت چھوڑنا اے دل!
کہیں ایسا نہ ہو سارا سفر بیکار ہوجائے

نبی کے نام سے ہی قطب ہوں گی مشکلیں آساں
اگر منزل کہیں کوئی ذرا دشوار ہوجائے

(خواجہ غلام قطب الدین فریدی)