مرتبہ: ادیبہ شہزادی

اقوال زریں

بابا فرید گنج شکر رحمۃ اللہ علیہ نے فرمایا:

  • جو خدا کی بندگی کرتا ہے دنیا اس کی خدمت میں لگی رہتی ہے اور جو دنیا کی بندگی کرتا ہے۔ مصیبت میں گرفتار ہوجاتا ہے۔
  • آپ نے فرمایا: خوف خدا کے عدل سے ہے اور رجاء اس کے فضل سے ہے۔ پس اس کے دربار میں عزیز ترین آدمی وہ ہے جس میں یہ دونوں چیزیں موجود ہوں۔
  • انسان کو علم اس لیے حاصل کرنا چاہئے کہ مخلوقِ خدا کو اس سے فائدہ پہنچائے۔
  • ہمیشہ چھوٹی چھوٹی غلطیوں سے بچنے کی کوشش کریں کیونکہ انسان پہاڑوں سے نہیں بلکہ چھوٹے چھوٹے پتھروں سے ٹھوکر کھاتا ہے۔
  • ہمیشہ زندگی اس طرح بسر کرو کہ دیکھنے والا تمہارے اُوپر افسوس کے بجائے تمہارے صبر پر رشک کرے۔
  • غلطی ماننے اور گناہ چھوڑنے میں کبھی دیر مت کرو کیونکہ سفر جتنا طویل ہوتا ہے واپسی اتنی ہی دشوار ہوتی ہے۔
  • جس طرح چھوٹے چھوٹے سوراخ بند کمرے میں سورج طلوع ہونے کا پتہ دیتے ہیں۔ اسی طرح چھوٹی چھوٹی باتیں انسان کا کردار نمایاں کرتی ہیں۔
  • دوسروں کا برا چاہنے والا کبھی بھی خوش نہیں رہ سکتا۔
  • شک ایسی بیماری ہے جو انسان کا سکون تباہ کردیتی ہے۔
  • اعتبار اور پیار دو ایسے پرندے ہیں جن میں سے ایک اڑ جائے تو دوسرا خود ہی اڑ جاتا ہے۔
  • کسی انسان کی نرمی کو اس کی کمزور نہ سمجھو کیونکہ پانی سے نرم کوئی چیز نہیں لیکن اس کی طاقت چٹانوں کو بھی ریزہ ریزہ کردیتی ہے۔

(حفصہ بی بی ۔ ایبٹ آباد)

ڈپریشن دور کرنے کے پانچ طریقے

کسی بھی مشکل معاشی و معاشرتی حالات کی وجہ سے یا پھر اچانک نقصان کی صورت میں ڈپریشن ہوجانا فطری بات ہے لیکن انسان کو اپنی قوت ارادی سے ڈپریشن پر قابو پانا ہوتا ہے۔ ذیل میں اس کے طریقے بیان کئے جارہے ہیں۔

  1. بلاوجہ جاگنا ختم کرنا: اگرچہ شدید ڈپریشن میں میں نیند لینا تھوڑا مشکل ہوتا ہے مگر پھر بھی بروقت سونے کی عادت اپنائیں۔ مطلب یہ ہے نیند مکمل ہونی چاہئے۔ تمام کاموں کو ایک طرف رکھ کر رات کو لازمی نیند لیں اور روزانہ کی بنیاد پر اس کی عادت کو اپنائیں۔
  2. کھانا کھانے سے نہ بھاگیں: مثبت سوچوں کو اجاگر کرنے اور صحت مند ذہن رکھنے کے لیے مناسب کھانا بہت ضروری ہے۔ بھوک نہ بھی ہو لیکن اپنی روٹین کے مطابق کھانا ضرور کھانا چاہئے۔ اسی سے جسم میں توانائی آتی ہے۔ خاص کر ناشتہ انسانی صحت کے لیے نہایت اہم ہے۔ اس لیے صحت مند رہنے کے لیے وقت پر غذا کھائیں۔
  3. مثبت طرز فکر اپنائیں: لاتعداد فضول سوچوں کو اپنے ذہن میں جگہ نہ دیں اس کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ وضو کرکے خضوع و خشوع سے نماز ادا کی جائے۔ ادائیگی نماز کے بعد عاجزی و انکساری سے آنسو بہا کر اپنے گناہوں پر شرمسار ہوکر دعا کی جائے۔ اس عمل سے ڈپریشن میں تیزی سے کمی واقع ہوتی ہے۔ تلاوت قرآن اس طرح سے کی جائے کہ آپ اللہ سے ہمکلام ہیں۔ ذکر خفی کیا جائے کیونکہ ذکر الہٰی سے دلوں کو سکون ملتا ہے۔ کثرت سے درود و سلام پڑھا جائے جو تمام مشکلات کا حل ہے۔
  4. مسئلہ کا حل تلاش کریں: جس بات نے آپ کو پریشان کیا ہے اس کو بار بار سوچنے کی بجائے اس کا حل تلاش کریں۔ اپنے اچھے دوستوں سے مشورہ یا مدد مانگنے سے مت ہچکچائیں کیونکہ معاشرہ ایک دوسروں سے تعاون سے چلتا ہے۔ سوچ بچار کرتے ہوئے تمام متوقع حل کو مد نظر رکھیں پھر مناسب حل پر عمل کریں۔ ڈپریشن کا بہترین حل ’’عمل‘‘ کرنا ہے نہ کہ پریشانی کو بار بار سوچنا ہے۔

ٹوتھ پیسٹ کے ان گنت فوائد

ٹوتھ پیسٹ جسے صرف دانتوں کی صفائی کے لیے ہی قابل استعمال سمجھا جاتا ہے مگر دانت چمکانے کے ساتھ ساتھ اس کے کئی فوائد بھی ہیں جیسے چاندی اور سلور سے بنی تمام اشیاء کو ٹوتھ پیسٹ لگاکر پالش کرنے اور بعد میں پانی سے دھوکر خشک کرنے سے چمک آجاتی ہے۔ کارکی ہیڈ لائٹ اور دیواروں پر لگے داغ صاف کرنے کے لیے ٹوتھ پیسٹ کا استعمال بہتر ہے۔ لکڑی سے بنی چیزیں فرنیچر وغیرہ پر پانی کے داغ اس سے صاف ہوجاتے ہیں۔ چمڑے پر لگے سیاہی کے داغ، بال رنگنے کے بعد جلد پر جو داغ پڑ جاتے ہیں انہیں ٹوتھ پیسٹ سے صاف کیا جاسکتا ہے۔ جلے اور کیڑے کے کاٹنے کی جگہ پر ٹوتھ پیسٹ 2سے 3 مرتبہ لگانے سے درد میں افاقہ ہوجاتا ہے۔ کیل مہاسوں پر رات کو سونے سے پہلے تھوڑی سی ٹوتھ پیسٹ لگائیں مثبت نتائج حاصل ہوں گے۔ استری پر لگے داغ دھبے دور کرنے کے لیے تھوڑی سی ٹوتھ پیسٹ لگاکر صاف کریں تو استری نئی جیسی چمکنے لگے گی۔ ٹیلی فون پر پڑی لائنیں دور کرنے کے لیے ٹوتھ پیسٹ لگاکر نرم کپڑے سے ملیں تو لائنیں ختم ہوجائیں گی۔ لیدر سے بنے جوتے پیسٹ سے صاف ہوجاتے ہیں۔ کارپٹ پر لگے داغ دھبے ختم کرنے کے لیے ٹوتھ پیسٹ کا استعمال کریں۔ ہاتھوں سے لہسن اور پیاز کی بو ختم کرنے کے لیے ٹوتھ پیسٹ لگاکر پانی سے دھولیں بو ختم ہوجائے گی۔

آلو پیاز اور ٹماٹر کی سبزی

تیاری کا مکمل وقت 10 منٹ

پکانے کا وقت 25منٹ

اجزاء:

آلو (آدھا کلو) ٹماٹر (ایک پاؤ)

پیاز (ایک پاؤ) تیل (تین کھانے کے چمچ)

لال مرچ کٹی ہوئی (حسب ذائقہ)

سفید زیرہ ثابت (ایک کھانے کا چمچ)

نمک (حسب ذائقہ)

تیار کرنے کی ترکیب

  • آلو چھیل کر کاٹ لیں ٹماٹر کے گول قتلے کاٹ لیں پیاز کے بھی گول لچھے کاٹ لیں۔
  • بڑے فرائی پین میں تیل گرم کرلیں اب اس میں زیرہ ڈال کر جب زیرہ براؤن ہوجائے پیاز پھیلادیں۔
  • اب اس پر آلو ڈال دیں آخر میں اس پر ٹماٹر کی تہ لگائیں۔
  • اب لال مرچ اور نمک چھڑک دیں ہلکا سا پانی ڈال دیں اور ڈھک کر آلو گلنے تک پکائیں۔
  • اوپر سے ہرا دھنیا چھڑک دیں۔ اسے روٹی، پراٹھے یا پوری کے ساتھ کھائیں۔