مرتبہ: ادیبہ شہزادی

جنتی مسلمان کی علامت

سیدنا انس بن مالک رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ ایک مرتبہ ہم لوگ نبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی خدمت میں بیٹھے ہوئے تھے۔ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا: ابھی تمہارے پاس ایک جنتی شخص نمودار ہوگا چنانچہ ایک انصاری صحابی اس حالت میں تشریف لاتے ہیں کہ وضو کا پانی ان کی داڑھی سے ٹپک رہا تھا اور انہوں نے اپنے جوتے اپنے بائیں ہاتھ میں اٹھا رکھے تھے۔ دوسرے دن بھی آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے یہی بات کی اور پھر وہی صحابی نمودار ہوئے جو گذشتہ دن نمودار ہوئے تھے اور آج بھی پہلے کی طرح جوتے ہاتھ میں اٹھائے ہوئے تھے تیسرے دن بھی آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے وہی بات دہرائی اور اس بار وہی صحابی اسی حالت میں نمودار ہوئے۔

جب نبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اٹھ کر چل دیئے تو سیدنا عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہ ان انصاری صحابی کے پیچھے لگ گئے اور عرض کیا کہ والد سے میرا کچھ اختلاف ہوگیا ہے اور تین دن تک ان سے جدا رہنے کی میں نے قسم کھالی ہے۔ لہذا اگر آپ مناسب سمجھیں تو اس مدت تک اپنے یہاں رہنے کی مجھے اجازت مرحمت فرمائیں۔

سیدنا عبداللہ کا بیان ہے کہ میں نے تین رات ان کے یہاں گزاری لیکن دیکھا کہ وہ رات میں کوئی عبادت نہیں کرتے البتہ رات میں جب بھی ان کی نیند ٹوٹتی ہے یا کروٹ بدلتے تو اللہ کا ذکر کرتے اور اس کی بڑائی بیان کرتے ہیں جہاں تک کہ وہ فجر کے لیے بیدار ہوتے اور میرے دل میں ان کا کوئی عمل بھی بڑا معلوم نہ ہوا۔

تو میں نے کہا: اے اللہ کے بندے! میں نے نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے سنا کہ تین دن لگاتار آپ کے بارے میں فرمارہے تھے: ابھی تمہارے پاس ایک جنتی شخص نمودار ہوگا اور اس تینوں دن آپ ہی تشریف لائے۔ تو میں نے ارادہ کیا کہ آپ کے پاس رہ کر آپ کا عمل دیکھوں تاکہ میں ویسا ہی عمل کرسکوں لیکن میں دیکھ رہا ہوں آپ نے کوئی زیادہ عمل نہیں کرتے پھر کیا وجہ ہے کہ آپ اس مقام کو پہنچے جس کی بنیاد پر اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے یہ بات کی ہے؟

فرمایا: عمل تو وہی ہے جو تم نے دیکھا البتہ ایک بات ضرور ہے کہ میرے دل میں نہ تو کسی مسلمان کے لیے دھوکا کا جذبہ ہے اور نہ ہی اللہ کی دی ہوئی بھلائی اور نعمت پر ان سے حسد کرتا ہوں۔ سیدنا عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہ نے کہا: بس یہی چیز ہے جو آپ کو اس مقام پر لے آئی اور یہی وہ خصلت ہے جس کو اپنانے کی ہم میں طاقت نہیں۔

(مسند احمد: 3: 166)

لیموں کیل مہاسوں کے خاتمہ اور دہی ہاضمے کے لیے مفید ہے

جلد کو خوبصورت اور شاداب رکھنے کے لیے صرف کریموں، لوشن کی ضرورت نہیں بلکہ ایسی غذائیں بھی ہیں جو حسن و جمال میں خوبصورتی کا باعث بنتی ہیں۔ ذیل میں ایسی پانچ غذائوں کا تذکرہ کیا گیا ہے۔ جن کا استعمال چہرہ کو خوبصورت و شاداب بناتا ہے۔

1۔ شملہ مرچ

شملہ مرچ میں وٹامن سی اور فولاد کی بڑی مقدار شامل ہوتی ہے جو چہرے سے جھریوں کو ختم کرنے میں مدد دیتی ہے۔ خاص طور پر آنکھوں کے قریب پڑی جھریاں آہستہ آہستہ ختم ہوجاتی ہیں کیونکہ اس میں وٹامن بی2 شامل ہوتا ہے۔ لہذا یہ بے چینی و افسردگی کو بھی دور کرتی ہے۔ اسے کھانے سے دل کی بیماریوں میں بھی کمی آتی ہے۔

2۔ ڈارک چاکلیٹ

چاکلیٹ کے استعمال سے جلد چمکدار اور جوان رہتی ہے۔ ڈارک چاکلیٹ چہرے سے دھوپ کی تمازت کو روکتی ہے۔ اس کے علاوہ یہ ذہنی دبائو کو روکتی ہے۔ جس سے چہرے پر جھریاں کم پڑتی ہیں۔ چہر کھلا کھلا لگتا ہے۔ ڈارک چاکلیٹ سے دل کی صحت میں اضافہ ہوتا ہے اور تھکن سے انسان محفوظ رہتا ہے۔

3۔ لیموں

لیموں وٹامن سی کا خزانہ ہے اسی لیے یہ چہرے سے سیاہ دھبے، مہاسے اور کیل ختم کرنے میں مدد دیتا ہے اور جلدی بیماریوں کو بھی دور کرتا ہے۔ وٹامن سی کی ایک خصوصیت یہ ہے کہ یہ قوت مدافعت میں اضافہ کرتا ہے اور بہت سی بیماریوں کو روکتا ہے۔ لیموں خاص طور پر وائرس کے ذریعے ہونے والے انفیکشن کو ختم کرنے اور سانس کے مرض کی شدت کو کم کرنے میں انتہائی فائدہ مند ثابت ہوتا ہے۔

4۔ دہی

دہی خلیوں کی مرمت کرتا ہے اور اسے جلا بخشتا ہے۔ وقت سے پہلے آنے والے بڑھاپے کو چہرے پر عیاں ہونے سے روکتا ہے۔ وہ افراد جو اپنی جلد کو شگفتہ، ملائم اور شاداب رکھنا چاہتے ہیں، معالج انہیں دہی کا ماسک لگانے کا مشورہ دیتے ہیں۔ دہی کو پابندی سے کھانے سے ہاضمے کا نظام درست رہتا ہے کیونکہ اس میں صحت مند اجزاء کی بڑی تعداد شامل ہوتی ہے۔

5۔ انڈا

انڈے میں وٹامن ڈی ہوتی ہے جو انسانی جلد کو کیل مہاسوں ریشز اور خشکی سے بچاتی ہے۔ اس کے علاوہ انڈا قوت مدافعت میں بھی اضافہ کرتا ہے۔ انڈا موتیا سے بچاتا ہے اس کے علاوہ انڈا توانائی میں اضافہ کرتا ہے۔۔ اس میں موجود پروٹین ہڈیوں اور عضلات کے لیے بے حد ضروری ہے۔

چکن کارن سوپ

اجزا

  • چکن بون لیس 100گرام
  • انڈا (پھینٹا ہوا) ایک عدد
  • کارن فلور چار کھانے کے چمچ
  • نمک حسب ذائقہ
  • کالی مرچ (پسی ہوئی) ایک چوتھائی کھانے کا چمچ
  • سفید مرچ( پسی ہوئی) ایک چوتھائی کھانے کا چمچ
  • چکن یخنی تین کپ
  • ہری پیاز ایک عدد
  • مکئی دانے (ابلے ہوئے) ایک کپ

ترکیب

تین کپ یخنی میں بون لیس چکن، پیاز اور گاجر شامل کرکے 10 سے 15 منٹ کے لیے پکائیں تاکہ چکن ریشہ ریشہ ہوجائے۔ اب اس میں سے سبزیاں نکالیں پھر نمک مکئی دانے، کالی مرچ، سفید مرچ، سویا ساس اور سرکہ شامل کردیں۔ آدھا کپ پانی میں کارن فلور کو اچھی طرح گھول کر سوپ میں شامل کریں اور مسلسل چمچ ہلائیں اس کے بعد انڈے کو اچھی طرح پھینٹ کر پکتے ہوئے سوپ میں ڈال کر مسلسل چمچ ہلاتے رہیں اور دھیمی آنچ پر مزید دو منٹ پکائیں اور گرما گرم سوپ تیار ہے۔