ماہنامہ دختران اسلام کا تعارف

نازیہ عبدالستار

عورت کسی بھی معاشرہ کا مرکزی کردار ہے جس کی اہمیت سے کوئی انکار نہیں کرسکتا کیونکہ روئے زمین پر نوع انسان کی بقاء کا سفر تنہا ایک صنف سے طے نہیں ہوسکتا۔ دنیا کے مشکل اور کٹھن ترین سفر کو کامیابی سے عبور کرنے کے لیے اللہ رب العزت نے مرد کے ساتھ عورت کو تخلیق فرمایا اور پورے معاشرہ میں امن کی فضا کو قائم رکھنے میں صالح عورت کا اہم کردار ہے۔ گو آج کسی بھی جگہ ترقی اور اچھائی نظر آتی ہے۔ اگر تاریخ کا جائزہ لیں تو ہر سو عورت کے اہم کارنامے نظر آتے ہیں۔ جس میں ایک کامل اسوہ حضرت خدیجۃ الکبریٰ رضی اللہ عنہا کا نظر آتا ہے کہ جنہوں نے ہر مشکل مرحلہ میں حضور علیہ السلام کی معاونت فرمائی۔ سیدہ فاطمہ الزہرہ رضی اللہ عنہا نے امت کو حسن و حسین رضی اللہ عنہما سے نوازا۔ سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا نے پورے مدینہ شہر کو علم کے نور سے منور فرمایا۔ اللہ رب العزت نے سب سے بڑھ کر جنت ایک ماں کے قدموں تلے رکھی کیونکہ ایک ماں اپنی اچھی تربیت سے پوری دنیا کو سنوار سکتی ہے۔ مگر پچھلی چند دہائیوں میں عورت کے تقدس کو پامال کرنے کی کوئی کسر نہیں چھوڑی گئی۔ جس سے اس کی اخلاقی قدریں تباہ ہوکر رہ گئی ہیں۔ اسی پروپیگنڈا کو روکنے کے لیے منہاج القرآن ویمن لیگ کے پلیٹ فارم سے ماہنامہ دختران اسلام کا اجراء جنوری 1992ء میں کیا گیا جس کا اولین مقصد خواتین کو ان کے مقام سے روشناس کروانا۔ ان میں شعور بیدار کرنا کہ وہ معاشرہ کا سرگرم رکن ہیں۔ اس کے ساتھ اسلامی تعلیمات سے بہرہ ور کرنا، عقیدہ کی اصلاح کرنا تاکہ پرامن معاشرہ وجود میں آسکے۔

دختران اسلام کی ضرورت و اہمیت

کسی بھی چیز کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ اس سے کتنے لوگ مستفید ہورہے ہیں۔ کتنے لوگوں کی زندگیوں کو انقلاب آشنا کررہا ہے۔ اس مجلہ کی خصوصیت یہ ہے کہ اپنے قارئین کو سیر حاصل تربیتی کورس دیتا ہے جس میں دنیا کی اصلاح کے ساتھ اخروی اصلاح کا سامان بھی ہوتا ہے۔ اس کی اہمیت کا اندازہ اس سے بھی ہوتا ہے اس کی سرکولیشن تقریباً 10 ہزار ہے۔ اندرون و بیرون ممالک میں اس کے قارئین ہیں جس کا بنیادی مقصد اسلام کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرکے پیش کرنا۔ عورت کو بے راہ روی کی حدود سے نکال کر متوازن زندگی گزارنے کے قابل بنا۔

اغراض و مقاصد

  1. عصر حاضر میں خواتین کو اسلامی تعلیمات سے روشناس کروانا۔
  2. خواتین کو اسلامی تہذیب و ثقافت پر ابھارنا۔
  3. ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی فکری و تعلیمی کام کو عام کرنا۔
  4. مصطفوی مشن کو پوری دنیا میں عام کرنا۔
  5. خواتین کو غلبہ دین حق کی سربلندی کے لیے تیار کرنا۔
  6. طالبات کی عصری تقاضوں کے مطابق فکری، اخلاقی، روحانی، سماجی اور معاشرتی تنظیمی تربیت کرنا۔
  7. خواتین کو مغربی یلغار سے بچانا اور اسلامی روایات کا امین و پاسبان بنانا۔
  8. خواتین میں وطن کی محبت کو اجاگر کرنا۔

ماہنامہ دختران اسلام کا انتظامی ڈھانچہ

ماہنامہ دختران اسلام میں گاہے بگاہے بہت سے ممبران نے اپنی خدمات سرانجام دیں لیکن موجود انتظامی ڈھانچہ درج ذیل ہے:

  1. ایڈیٹوریل بورڈ
  2. مجلس مشاورت
  3. رائٹر فورم

اس رسالہ کو شائع ہوتے ہوئے 26 سال مکمل ہوچکے ہیں۔ اس سے لاتعداد قارئین مستفید ہورہے ہیں جو ان کو فکری، مذہبی، روحانی، اخلاقی تربیت کا سامان مہیا کررہا ہے۔ اس رسالہ کے ذریعے تحریک منہاج القرآن کا پیغام دنیا کے کونے کونے میں پہنچ رہا ہے۔