گلدستہ: پپیتا کے فوائد، شوگر کنٹرول کرنے والی غذائیں

مرتبہ: ماریہ عروج

منقبت بحضور حضرت علی علیہ السلام

نجف کا راستہ ہے اور میں ہوں
یہ دل برداشتہ ہے اور میں ہوں

ہے دل میں آرزوؤں کا سمندر
طلب بے ساختہ ہے اور میں ہوں

دعا لفظوں کے پیچ و خم میں غلطاں
حواس باختہ ہے اور میں ہوں

مقدر آگیا لے کے کہاں پہ
فلک کا راستہ ہے اور میں ہوں

پکارا جس کو سب نے ہر قدم پر
اسی کا واسطہ ہے اور میں ہوں

(ڈاکٹر فرخ سہیل)

اقوال

  1. روح کی تازگی پانچ چیزوں میں پوشیدہ ہے عبادت، ذکر، احسان اور خوش خلقی۔
  2. انسانیت سے محبت ہو تو امن کی طرف سفر آسان اور سہل ہوجاتا ہے۔
  3. عقل وہ ہے کہ جس سے کسی کو زک نہ پہنچے۔
  4. جنون کا صحیح استعمال نئے ابواب رقم کرتا ہے۔
  5. جہالت غصہ ہے علم مسکراہٹ۔

پپیتا کے حیرت انگیز فوائد

پپیتے کا پھل خوبصورتی میں اضافہ کرتا ہے۔ اس میں وٹامن سی، سیب سے اڑتالیس گنا زیادہ ہے۔ اس کو فرشتوں کا پھل بھی کہا جاتا ہے جو ہاضمے کی بہتری کے علاوہ توانائی و صحت کا سامان مہیا کرتا ہے۔ جلد پر لیپ کرنے سے مردہ خلیات بڑی عمدگی سے دور کیے جاسکتے ہیں۔ اس سے کیل اور داغ دھبے دور ہوتے ہیں اور جلد میں نکھار پیدا ہوتا ہے۔

کھردری جلد سے نجات کے لیے دو چھوٹے چمچ پکے پپیتے کا گودا اس میں ایک چھوٹا چمچ شہد ملاکر چہرے اور گردن پر لیپ کرکے پندہ منٹ کے بعد دھولیں اور موئسچرائزر لگائیں۔ اگر آنکھوں کے اطراف کی جلد پھول گئی ہو تو آنکھیں بند کرکے پپیتے کے قتلے پھولی ہوئی جگہ پر رکھ کر پانچ منٹ بعد گرم پانی سے دھولیں۔

شوگر کنٹرول کرنے والی غذائیں

ذیابیطس ایک ایسا مرض ہے جیسے ادویات سے زیادہ صحت بخش غذا سے کنٹرول کیا جاسکتا ہے۔ درج ذیل غذائیں شوگر کو کم کرنے میں معاون ثابت ہوتی ہیں۔

  • بادام: بادام کا متواتر استعمال جسم میں گلوکوز کی سطح کو کنٹرول کرتا ہے۔
  • سبزیاں: سبزیوں میں پالک، سلاد کے پتے، بروکول جیسی سبزیوں میں کاربوریٹس کی مقدار کم ہوتی ہے۔ ان سبزیوں کا استعمال ذیابیطس ہونے کا خطرہ 14 فیصد کم کرتا ہے۔
  • مچھلی: مچھلی بلڈ اور شوگر کو معمول کی سطح پر رکھنے کے ساتھ جسمانی سوجن کو بھی ختم کرتی ہے اور دل کی بیماریوں سے بھی نجات دلاتی ہے۔ اس لیے ذیابیطس کے مریض کو ہفتے میں دو مرتبہ مچھلی کا استعمال کرنا چاہئے کیونکہ یہ گردوں کی بیماری کے خلاف بھی تحفظ فراہم کرتی ہے۔
  • شکر قندی: حالیہ تحقیق کے مطابق شکر قندی انسولین کے خلاف قوت مدافعت پیدا کرتی ہے اور بلڈ شوگر کی سطح کو مستحکم رکھتی ہے۔ دل کی بیماریوں سے بچاتی ہے۔
  • دلیا: شوگر کے مریضوں کے لیے دلیا بہترین ناشتہ ہے۔ جو معدے میں موجود گلوکوز کو جذب کرکے شوگر کی سطح کو کنٹرول کرتا ہے۔

پیٹ کی چربی کو کم کرنے کا طریقہ

پیٹ کی چربی کو کم کرنے کے لیے سیب کے سرکے کو نیم گرم پانی میں استعمال کرتے ہیں۔ اس میں موجود تیزابی خاصیت کی وجہ سے کھانے کے مضر ذرات فوری پگھلنا شروع ہوجاتے ہیں جس سے نظام انہظام بہتر طور پر کام کرتا ہے اور خون میں شوگر کی مقدار کنٹرول رہتی ہے۔ تحقیق کے مطابق وزن کم ہونے سے بہت سی بیماریاں دور ہوتی ہیں۔

طریقہ استعمال

نیم گرم پانی میں 2 چمچ سرکہ شامل کرکے پئیں ترشی کو ختم کرنے کے لیے اس میں شہد بھی شامل کیا جاسکتا ہے۔ یہ مشروب دن میں ناشتہ سے 2 گھنٹے پہلے اور رات کے کھانے سے قبل کیا جاسکتا ہے۔

پھٹکڑی کی افادیت

  1. پھٹکڑی کو پانی صاف کرنے اور جراثیم سے بچاؤ کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ جھریوں سے نجات کے لیے پھٹکڑی کے ایک چھوٹے سے ٹکڑے کو گیلا کرکے آہستہ آہستہ چہرے پر رگڑیں بعد ازاں عرق گلاب سے چہرہ دھولیں۔ اس کے بعد موسچرائرز کریں۔ آہستہ آہستہ جھریاں ختم ہوجائیں گی۔
  2. سر میں خشکی کی صورت میں شیمپو کے ساتھ ایک چٹکی پھٹکڑی اور نمک شامل کرکے سر دھولیں خشکی ختم ہوجائے گی۔
  3. پھٹکڑی کو اتنا گرم کریں کہ وہ پگھل کر فوم بن جائے ٹھنڈا ہونے پر اس میں ناریل کا تیل ملاکر پھٹی ہوئی ایڑیوں پر لگائیں تو ایڑیاں ٹھیک ہوجائیں گی۔
  4. جن افراد کو پسینہ زیادہ آتا ہے ان کو چاہئے کہ نہاتے وقت پانی کی بالٹی میں پھٹکڑی ڈال کے اس سے پانی سے نہانے سے پسینہ نہیں آئے گا۔
  5. پھٹکڑی جلاکر راکھ بناکر اس میں انڈے کی سفیدی ملاکر مساج کرنے سے ہر قسم کی خارش میں آرام ملتا ہے۔
  6. ایک ماشہ پھٹکڑی کا پاؤڈر صبح و شام ایک گلاس نیم گرم پانی کے ساتھ کھانے سے کھانسی دور ہوتی ہے اور دمہ کی شکایت بھی دور ہوجاتی ہے۔
  7. ایک ماشہ پھٹکڑی کو پاؤ بھر گرم پانی میں کھول کر دن میں دو بار زخموں کو دھونے سے زخم ٹھیک ہوجاتے ہیں۔

شاہی کوفتے

اجزاء: گائے کا قیمہ (آدھا کلو)، ادرک لہسن پیسٹ (ایک کھانے کا چمچ)، لال مرچ پاؤڈر (ایک کھانے کا چمچ)، کاجو (ایک چائے کا چمچ)، بادام (ایک چائے کا چمچ)، مونگ پھلی (ایک چائے کا چمچ)، کھوپرا (ایک کھانے کا چمچ۔ پسا ہوا)، بھنے چنے (ایک کھانے کا چمچ)، دہی (آدھا کپ)، پیاز (ایک عدد)، ہلدی پاؤڈر (ایک چائے کا چمچ)، دھنیا پاؤڈر (ایک چائے کا چمچ)، نمک حسب ذائقہ، تیل حسب ضرورت

ترکیب: سوس پین میں تیل گرم کرکے پیاز ڈال کر فرائی کریں۔ نمک، ادرک، لہسن پیسٹ، لال مرچ پاؤڈر، ہلدی پاؤڈر اور دھنیا پاؤڈر ڈال کر بھونیں اور دہی شامل کرکے گریوی بنالیں، پیالے میں قیمہ، بھنے چنے، خشخاش، کھوپرا ، مونگ پھلی، کاجو، نمک اور بادام شامل کریں اور مکس کرکے کوفتہ بنالیں۔ فرائی پین میں تیل گرم کرکے ہلکا سا فرائی کرے گریوی میں شامل کرلیں۔ سرونگ ڈش میں نکال کر سرو کریں۔