عدنان جاوید کی یاد میں تعزیتی ریفرینس

کامیابیوں کا سفر آسان نہیں ہوتا۔ اس کے لیے عزم و ہمت، بلند ارادوں اور شب و روز کی محنت کے ساتھ ساتھ خون جگر بھی دینا پڑتا ہے مگر کچھ لوگ اسی سفر میں اپنے عمل، اصولوں اور اعلیٰ اقدار سے ایسی مثالیں قائم کرتے ہیں کہ انہیں دیکھ کر انسان حیرت زدہ ہوجاتا ہے۔ ان کے دل کی دھڑکن ہی زندگی کی علامت نہیں پیدا کرتی بلکہ ان کا عزم ذرہ کو آفتاب بناکر کامیابی کا سفر مکمل کرتا ہے لیکن منزل پاکر وہ آرام سے بیٹھ نہیں جاتے نئی منزلوں کی جستجو ہمیشہ ان کی راہنما ہوتی ہے۔

یہی وجہ ہے مخلص، ایماندار، دیانتدار، پرعزم اور باہمت افراد تحریکوں کی پہچان اور اثاثہ ہوتے ہیں۔ ایسے افراد کی مخلصانہ کاوش سے تحریکیں اپنے نصب العین کے حصول میں کامیاب و کامران ہوتی ہیں اور یہی وہ لوگ ہوتے ہیں جن کی مثبت سوچ اور جہد مسلسل سے معاشرہ میں مثبت تبدیلیاں اور روایات جنم لیتی ہیں۔ تحریک منہاج القرآن کے مرکز پر خدمات سرانجام دینے والی شخصیت محترم عدنان جاوید (ڈائریکٹر فنانس) درج بالا خوبیوں کے مالک تھے جو مورخہ 30 جون 2019ء کو اس دارِ فانی سے رخصت ہوگئے، (انا للہ وانا الیہ راجعون)۔ مرحوم عدنان جاوید کی اخلاصِ محنت سے عبارت مختصر زندگی قابلِ رشک تھی اور اس اعتبار سے بھی قابل رشک ہے کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے ان کے لیے جو تاریخی توصیفی کلمات ادا کئے وہ بلاشبہ ان کی شبانہ روز محنت اور مشن سے محبت اور وابستگی پر شاندار خراج تحسین ہیں۔

محترم عدنان جاوید کے ایصال ثواب کے لیے اندرون و بیرون ملک تمام تنظیمات کی طرف سے قرآن خوانی کا اہتمام کیا گیا۔ منہاج القرآن ویمن لیگ کی جملہ تنظیمات نے بھی ان کے ایصال ثواب کے لیے قرآن خوانی کی تقاریب منعقد کیں اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ عدنان جاوید کے درجات بلند کرے ان کی قبر کو جنت کے باغات میں ایک باغ بنائے اور ان کے اہل خانہ کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی توفیق دے۔

آخر میں سب دعا گو ہیں کہ اللہ تعالیٰ ہمیں عدنان جاوید کی طرح مشن سے وابستہ رہنے اور محنت کرنے کی توفیق دے تاکہ ہم بھی اپنے قائد کی والہانہ محبت اور توصیف کے مستحق ٹھہر سکیں۔

منجانب: منہاج القرآن ویمن لیگ و دختران اسلام