آپ کی صحت: صحت مند غذا تندرستی کی ضمانت ہے

ویشاء وحید

اچاری کریلے

کریلے آدھا کلو، پیاز ایک کپ، تیل آدھا کپ، املی تین سے چار ٹکڑے، ادرک لہسن کا پیسٹ ایک چائے کا چمچ، ایک چائے کا چمچ لال مرچ پسی ہوئی، ہلدی آدھا چائے کا چمچ، نمک ایک چائے کا چمچ، دہی آدھا کپ، چینی ایک چائے کا چمچ، اچاری مصالحہ کے لیے سفید زیرہ ایک چائے کا چمچ، کلونجی ایک چائے کا چمچ، سوکھی میتھی آدھا چائے کا چمچ، سوکھا دھنیا دو چائے کا چمچ، سونف ایک چائے کا چمچ۔

ترکیب:

اچاری مصالحہ کے لیے توے پر سفید زیرہ، کلونجی، سوکھی میتھی، سوکھا دھنیا اور سونف کو بھونیں اور باریک پیس لیں

کریلے کے لیے: کریلوں کو چھیلیں اور ان کے بیج نکال دیں اب ان پر نمک لگا کر ایک گھنٹہ کے لیے چھوڑ دیں پھر اچھی طرح دھولیں اس کے بعد کریلوں کو پانی میں املی کے ساتھ پانچ منٹ کے لیے ابالیں۔ اب تیل گرم کرکے اس میں پیاز کو لائٹ گولڈن کریں اور نکال لیں پھر اس میں ادرک، لہسن کا پیسٹ، پسی لال مرچ، ہلدی، نمک اور دہی شامل کرکے کریلے فرائی کرلیں، ساتھ ہی تلی پیاز، چینی اور بھنا پسا مصالحہ ڈال دیں اس کے بعد ڈھک کر درمیانی آنچ پر پکائیں یہاں تک کہ وہ تیار ہوجائیں۔

مونگ پھلی کے فوائد

  1. مونگ پھلی غذائیت سے بھرپور ہوتی ہے۔
  2. مونگ پھلی چکنائی سے بھرپور ہوتی ہے۔
  3. مونگ پھلی کینسر کے خطرات کو دور بھگاتی ہے۔
  4. مونگ پھلی ہڈیوں اور دانتوں کو مضبوط بناتی ہے۔
  5. مونگ پھلی معدے اور پھیپھڑوں کو طاقت بخشتی ہے۔

چکن میکرونی

اجزاء:

بون لیس چکن: 1/2 کلوگرام، تیل: حسب ضرورت، ادرک (پیسٹ): 2سے 3کھانے کے چمچ، لہسن (پیسٹ): 2 سے 3کھانے کے چمچ، سبز مرچیں (پیسٹ): 3سے 4 کھانے کے چمچ، ٹماٹر (پیسٹ): 1 کلوگرام، نمک: حسب ضرورت، سرخ مرچ:ڈیڑھ چائے کاچمچ، گرم مصالحہ: ڈیڑھ چائے کا چمچ، چلی ساس: آدھا کپ، سویا ساس:1/4 کپ، سرکہ: آدھا کپ، میکرونیز: 1پیکٹ، مٹر: 1 کپ، گاجریں: 1 کپ، شملہ مرچ (کیوبز میں): آدھا کپ، بند گوبھی (باریک کٹی ہوئی): 1 کپ

ترکیب:

  1. چکن میں ادرک، لہسن، سبز مرچیں، چلی ساس، سویا ساس اور سرکہ ڈال کر ایک گھنٹے کے لیے رکھ دیں۔
  2. ایک گھنٹے کے بعد اس چکن کو کڑاہی میں ڈال کر اس کا پانی خشک کریں جب پانی خشک ہوجائے تو آئل، نمک، سرخ مرچ اور ٹماٹر پیسٹ ڈال کر بھونیں۔
  3. اس کے بعد اس میں مٹر ڈالیں، جب مٹر گل جائیں تو گاجریں اور گرم مصالحہ ڈال کر چار سے پانچ منٹ کے لیے پکائیں۔ پھر شملہ مرچ اور کالی مرچ ڈال کر دو سے تین منٹ کے لیے دم دے دیں۔ دھیان رکھنا ہے کہ سبزیاں زیادہ نہ گل جائیں اور نہ ہی رنگت خراب ہو۔
  4. پھر اس میں ابلی ہوئی میکرونیز ڈال کر مکس کریں۔ میکرونیز ڈالنے کے بعد بند گوبھی ڈال کر دو یا تین منٹ کے لیے رکھ دیں۔
  5. مزیدار میکرونیز تیار ہیں۔ کیچپ یا مایونیز کے ساتھ پیش کریں۔

منہ کے چھالوں اور زبان کے دانوں کا علاج

یہ بہت عام بیماری ہے جو معدے کی گرمی کی وجہ سے پیدا ہوتی ہے اس کی وجہ سے مریض کو کھانے پینے میں بہت تکلیف ہوتی ہے۔ اگر یہ بیماری ایک بار ہوجائے تو بار بار لوٹ آتی ہے۔ اس بیماری کے لیے انتہائی سستا اور آسان نسخہ درج ذیل ہے:

کالا نمک اور پھٹکری پیس لیں اور شیشی میں ڈال کر رکھ لیں۔ صبح اور رات کو سونے سے پہلے ٹوتھ برش کرنے کے بعد دانتوں پر لگائیں۔ ان شاء اللہ صرف ایک ہی دن میں اس موذی بیماری سے جان چھوٹ جائے گی۔ اگر کچھ کسر باقی رہے تو چند دن مزید استعمال کریں۔