اداریہ: منہاج القرآن ویمن لیگ کا 31 واں یوم تاسیس

چیف ایڈیٹر

منہاج القرآن ویمن لیگ اپنا 31 واں یوم تاسیس منارہی ہے، منہاج القرآن ویمن لیگ کی بنیاد 5 جنوری 1988ء کو شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے محترمہ بیگم رفعت جبیں کی سرپرستی میں رکھی جس کا مقصد تعلق باللہ، ربط رسالت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم، رجوع الی القرآن کے ذریعے مسلم خواتین کی فکری، روحانی، اخلاقی اور عملی تربیت کے ساتھ ساتھ ویمن امپاورمنٹ کے لیے عالمگیر کردار ادا کرنا تھا، مسلم خواتین کی نمائندہ تنظیم کے طور پر منہاج القرآن ویمن لیگ نے قابل قدر خدمات انجام دی ہیں اور بلامبالغہ منہاج القرآن ویمن لیگ عالم اسلام کی ایک منظم و مربوط تنظیم ہے جو تحریک منہاج القرآن کے ایک ذیلی فورم کے طور پر اپنا اصلاحی، تعلیمی، تربیتی کردار ادا کررہی ہے، منہاج القرآن ویمن لیگ نے اپنے اصلاحی کردار کی ابتداء حلقہ عرفان القرآن سے کی، ملک بھر میں قرآنی تعلیم و تربیت کیلئے معلمات تیار کی گئیں جنہوں نے طے شدہ نصاب کے ذریعے خواتین کو قرآن مجید کے معانی و معارف سے آگاہی کے لیے ملک گیر تربیتی لیکچرز منعقد کیے اور خواتین میں قرآنی علوم کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا۔ منہاج القرآن ویمن لیگ نے قائد تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے زیر سایہ اپنے قیام کے 31 سالوں میں انسانیت کو درپیش مسائل کے حل کیلئے اسلامی فکر کی روشنی میں اجتہادی کاوشوں میں شریک رہی اور دنیا بھر میں دروس قرآن کے ذریعے رجوع الی القرآن کے پیغام کو پھیلایا، قرآنی فلسفہ پر مبنی انقلابی جدوجہد اور نشاۃ ثانیہ کے لیے ٹھوس نظریاتی، فکری بنیادیں مہیا کیں، منہاج القرآن ویمن لیگ نے منہاج القرآن کے دعوتی، تعلیمی اور تربیتی پروگرام کو آگے بڑھانے کے لیے بے مثال دینی خدمت انجام دی، محافل میلاد کے کلچر کو فروغ دینا ہو یا حرمین شریفین کے بعد دنیا کے سب سے بڑے اعتکاف کا اہتمام ہو ہر جگہ ویمن لیگ نمایاں نظر آتی ہے، منہاج القرآن ویمن لیگ کے کردار کی وجہ سے خواتین کی دینی، تربیتی پروگراموں اور محافل میں شرکت میں روز بروز اضافہ ہورہا ہے جو اصلاح احوال کے ضمن میں ایک حوصلہ افزا خدمت ہے۔

تحریک منہاج القرآن الحمدللہ دنیا کی وہ واحد اصلاحی، تربیتی، دینی تحریک ہے جس کا دائرہ کار محض نماز، روزہ اور عبادات تک محدود نہیں بلکہ تعلیم و تحقیق اور خدمت خلق کے شعبہ جات میں بھی منہاج القرآن ایک مسلمہ عالمی شناخت رکھتی ہے، علم و تحقیق اور خدمت خلق کے شعبہ جات میں بھی منہاج القرآن ویمن لیگ پیش پیش ہے، ایگرز کے نام سے بچوں کی تربیت کی قومی، دینی خدمت ہو یا وائس کے پلیٹ فارم سے ویمن امپاورمنٹ کے اہداف، منہاج القرآن ویمن لیگ اپنا قابل تقلید سفر جاری رکھے ہوئے ہے۔منہاج القرآن انٹرنیشنل کی طرف سے خواتین کی دینی و دنیاوی تعلیم و تربیت کیلئے بھی متعدد بے مثال ادارے قائم کیے گئے ہیں جن میں منہاج گرلز کالج اور کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز قابل ذکر ہیں ۔منہاج القرآن کے دعوتی، تعلیمی اور تربیتی پروگرامز کے تحت منہاج القرآن ویمن لیگ نے منہاج گرلز کالج کے پلیٹ فارم سے ای لرننگ پروگرام بھی شروع کررکھا ہے، اس پروگرام کے تحت امریکا، برطانیہ، یورپ، کینیڈا کے مسلم خاندانوں کے بچوں اور بچیوں کو کوالیفائیڈ خواتین سکالرز کے ذریعے آن لائن قرآن و سنت کی تعلیم مہیا بھی کی جاتی ہے، منہاج القرآن ویمن لیگ محض خوش کن نعروں کے ساتھ قومی و ملکی منظر نامے پر موجود نہیں بلکہ یہ ایک ایسا فورم ہے جو عمل پر یقین رکھتا ہے۔ حال ہی میں میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے مقدس مہینے میں منہاج القرآن ویمن لیگ نے ملک بھر میں 3 ہزار سیرت النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کانفرنسز منعقد کر کے سیرت النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے فروغ کے ضمن میں ایک قابل فخر روایت قائم کی ہے، سیرت النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ان کانفرنسز میں ڈیڑھ لاکھ سے زائد خواتین نے شرکت کی۔ 31ویں یوم تاسیس کے موقع پر منہاج القرآن کی مرکزی قیادت نے اپنے پیغامات کے ذریعے منہاج القرآن ویمن لیگ کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا ہے جو خواتین کے لیے حوصلہ کا باعث ہے۔دلی دعا ہے کہ اللہ رب العزت منہاج القرآن ویمن لیگ سے وابستہ خواتین کو خدمتِ دین کے حوالے سے اور زیادہ جرأت اور توانائی دے۔