خصوصی رپورٹ

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے اندرون و بیرون ممالک سالگرہ کی تقاریب منعقد کی گئیں۔ چند مرکزی تقریبات کی رپورٹ پیش خدمت ہے:

منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیر اہتمام قائد ڈے تقریب

منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیر اہتمام مورخہ 19 فروری کو منزل قادریہ میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی 69 ویں سالگرہ کا بعنوان ’’علم، تحقیق اور تجدید کا عہد بے مثال‘‘ کے نام سے اہتمام کیا گیا جس میں محترمہ فضہ حسین قادری نے خصوصی ٹائم دیا۔ اس تقریب میں ویمن لیگ کی سینئر قائدات نے شرکت کی جس میں محترمہ شاہدہ مغل، محترمہ عائشہ شبیر، محترمہ فریدہ سجاد، محترمہ شمیم خان، محترمہ ڈاکٹر فوزیہ سلطانہ نے شرکت کی۔ کمپیئرنگ کے فرائض محترمہ ادیبہ شہزادی اور محترمہ عائشہ مبشر نے ادا کئے۔

پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام مجید اور نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے کیا گیا جس کی سعادت گرلز کالج کی بچیوں نے حاصل کی۔ بعد ازاں محترمہ فرح ناز صدر وین لیگ نے معزز مہمانانِ گرامی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے 19 فروری کے دن کو منانے کے مقصد پر روشنی ڈالی کہ 19 فروری ایک عظیم دن ہے کہ اس دن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری اس ہست و بود میں تشریف لائے۔ اللہ پاک نے انہیں بے شمار صلاحیتوں سے نوازا ہے اور ان کے دل میں عشق محمدی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا ایسا چراغ روشن کردیا ہے جو نہ صرف خود چمکتا ہے بلکہ اپنی روشنی سے چہار دانگ عالم کو روشن کررہا ہے۔ وہ اپنے علم و عمل کی خیر پوری دنیا کو تقسیم کررہے ہیں۔ وہ اس پرفتن دور میں تن مردہ کو عشق مصطفیؐ کی حرارت سے زندہ کررہے ہیں۔

اس موقع پر محترمہ سکینہ حسین قادری، محترمہ مروہ حسین قادری نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے ترانہ پیش کیا۔

علاوہ ازیں شیخ الاسلام کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے ترانے پیش کیے گئے۔ محترمہ فضہ حسین قادری کے ہمراہ تمام ویمن لیگ نے شیخ الاسلام کی 69 ویں سالگرہ کا کیک کاٹا۔ پروگرام کا اختتام دعا پر ہوا آخر پر مہمانان گرامی کے لیے ضیافت کا اہتمام بھی کیا گیا تھا۔ محترمہ عروۃ الوثقی نے شیخ الاسلام کی ہاتھ سے بنائی ہوئی تصویر فضہ حسین قادری کو پیش کی جس کو انہوں نے بہت سراہا۔

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی 69 ویں سالگرہ پر سالانہ دعائیہ تقریب و محفل سماع

بانی و سرپرست اعلیٰ تحریک منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی 69ویں سالگرہ پر مرکزی سیکرٹریٹ میں دعائیہ تقریب و محفل سماع منعقد ہوئی۔

صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل صاحبزادہ ڈاکٹر حسین محی الدین قادری تھے دیگر مہمانان گرامی میں صوبائی وزیر مذہبی امور صاحبزادہ سعید الحسن شاہ، آستانہ عالیہ دربار بابا صاحب پاکپتن شریف سے دیوان احمد مسعود قادری، بیرسٹر عامر حسن، منہاج یونیورسٹی لاہور کے وائس چانسلر ڈاکٹر ساجد محمود، خرم نواز گنڈاپور اور علماء و مشائخ نے بھی شرکت کی۔

پروگرام کا آغاز تلاوت و محفل نعت سے ہوا۔ بعدازاں معروف نعت خواں الحاج شہباز قمر فریدی، محمد افضل نوشاہی، ہمزہ نوشاہی اور ظہیر بلالی برادران نے شیخ الاسلام کی سالگرہ کی مناسبت سے تحریکی ترانے اور اپنے کلام پیش کیے، جسے حاضرین نے بہت پسند کیا۔

ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور نے تمام معزز مہمانوں کی آمد پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے استقبالیہ پیش کیا جبکہ ڈائریکٹر ایڈمن جواد حامد نے بھی اظہار خیال کیا۔

دعائیہ تقریب میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کینیڈا سے ویڈیو لنک کے ذریعے خصوصی گفتگو کی۔ آپ نے کہا کہ ہر انسان زندگی کے جس عہدے اور ترقی پر بھی پہنچ جائے، درحقیقت وہ ایک کارکن ہوتا ہے۔ ہر کارکن جب تک اپنی زندگی کو محنت و مقصد سے گزاراتا ہے اور حوصلہ و صبر کیساتھ مصائب، پریشانیوں کو برداشت کرتے ہوئے حالات کا مقابلہ کرتا ہے تو یہی اس کی کامیابی کی ضمانت بنتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دن کارکنوں کے لیے پیغام ہے کہ وہ زندگی کے جس مقام پر بھی ہیں، محنت، حوصلہ اور ثابت قدمی کو نہ چھوڑیں۔ یہی کامیابی زندگی گزارنے کا راز ہے۔

محفل سماع میں ملک پاکستان کے معروف درباری قوال الحاج شیر علی، مہر علی اور ہمنواوں نے اپنے مخصوص انداز میں قوالیاں پیش کیں۔

پروگرام کے آخر میں منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ پر کام کرنے والے سٹاف ممبران و قائدین میں بذریعہ قرعہ اندازی 2 عمرے کے ٹکٹ بھی دیئے گئے۔ اس موقع پر بذریعہ قرعہ اندازی فرید ملت ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے انچارج محمد جلیل اور نظامت تربیت سے محمد خلیل حنفی کا نام نکلا۔

تقریب میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی 69 ویں سالگرہ کا کیک کاٹا گیا۔ آخر میں صاحبزادہ دیوان مسعود نے اختتامی دعا کرائی، اس موقع پر انہوں نے شیخ الاسلام کی صحت و سلامتی اور ملک پاکستان کی ترقی و سربلندی کے لیے بھی دعا کی گئی۔

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی 69 ویں سالگرہ پر منہاج یونیورسٹی میں فاونڈرز ڈے تقریب

منہاج یونیورسٹی لاہور میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی 69 ویں سالگرہ انتہائی جوش و خروش کیساتھ منائی گئی۔ اس سلسلہ میں مرکزی تقریب فاونڈرز ڈے کا انعقاد کیا گیا، جس میں ڈپٹی چیئرمین بورڈ آف گورنرز ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے خصوصی شرکت کی۔

تقریب میں خرم نواز گنڈا پور، وائس چانسلر منہاج یونیورسٹی ڈاکٹر ساجد محمود شہزاد، پرو وائس چانسلر ڈاکٹر محمد شاہد سرویا، بریگیڈیئر (ر) اقبال احمد خان، معروف اینکر پرسن اجمل جامی، سابق منیجر پاکستان کرکٹ ٹیم اظہر زیدی، سیکرٹری اطلاعات نوراللہ صدیقی، راجہ زاہد محمود، سید امجد علی شاہ، جی ایم ملک و دیگر رہنماؤں بڑی تعداد میں شرکت کی۔

تقریب میں بانی و سرپرست منہاج یونیورسٹی لاہور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادریکی 69 ویں سالگرہ کے موقع پر اعلیٰ تعلیمی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے 19 طلباء و طالبات کو لاکھوں روپے سے سکالر شپ ایوارڈ دئیے گئے اور یونیورسٹی کے ٹیچنگ اور کلیریکل سٹاف میں سے 3 خوش نصیبوں کو قرعہ اندازی کے ذریعے عمرہ کے ٹکٹ بھی دئیے گئے۔

ڈاکٹر حسین محی الدین نے اپنے خطاب میں کہا کہ پختہ یقین اورمصمم ارادہ انسان کو منزل تک پہنچاتا ہے۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری ہمیشہ کہتے ہیں زندگی میں کامیابی یا ناکامی کی کوئی اہمیت نہیں ہونی چاہیے، اصل اہمیت مسلسل جدوجہد کی ہے، جو شخص بھی نیک نیتی کے ساتھ مقاصد کے حصول کیلئے جدوجہد جاری رکھتا ہے اسے 100 فیصد نتائج ملیں یا نہ ملیں وہ کامیاب و کامران شخص ہے، کامیابی کا لالچ اور ناکامی کا خوف انسان کو کمزور کر دیتا ہے۔

فاؤنڈرز ڈے کی تقریب میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی 69 ویں سالگرہ کا کیک کاٹا گیا اور ان کی درازی عمر کے لئے خصوصی دعا کی گئی۔ سالگرہ کے موقع پرڈیپارٹمنٹ آف ماس کمیونیکیشن کی جانب سے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی زندگی کے حوالے سے ایک ڈاکومینٹری بھی دکھائی گئی جسے حاضرین نے خوب سراہا۔