گلدستہ: اعتدال، صبر اور علم کی طاقت

مرتبہ: ماریہ عروج

وقت کی قدر کیجئے:

جنہوں نے وقت کی قدر نہیں کی وہ دنیا میں رسوا ہوئے اور آخرت میں ہوں گے۔ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا:

’’نعمتیں ایسی ہیں جس میں اکثر لوگ غفلت کا شکار ہیں صحت اور خالی وقت۔‘‘

(بخاری، 2375، رقم 6049)

عبداللہ بن عمرؓ کہتے تھے جب تم شام کرو تو صبح کا انتظار مت کرنا اور جب صبح کرو تو شام کا انتظار مت کرنا، اپنی صحت و تندرستی کو بیماری سے پہلے غنیمت جانو اور اپنی زندگی کو موت سے پہلے۔

(حاکم المستدرک، 4: 341، رقم: 7846)

علم کی طاقت:

کولمبس جس نے امریکہ دریافت کیا وہ ایک جہاز ران کا بیٹھا تھا اسے ستاروں کی چال کا بخوبی علم تھا کیونکہ اس علم پر جہاز رانی موقوف ہے۔

ایک دن کولمبس کو خیال آیا کہ سمندر کا دوسرا کنارا بھی دیکھنا چاہئے چنانچہ شاہی دربار کی امداد سے دو جہاز لے کر بحری سفر پر روانہ ہوا اور ستاروں کی راہ نمائی سے امریکہ پہنچا۔ اس وقت امریکہ کے لوگ جنگلی جانوروں کی طرف سے تھے۔ کولمبس نے ان پر حکومت جمانی چاہی تو انہوں نے مقابلہ کیا۔ کولمبس کے ساتھی تعداد میں کم تھے اور لڑائی پر پورے نہ اتر سکتے تھے۔ آخر سوچتے سوچتے اس کو یاد آیا کہ کل سورج گرہن ہوگا۔ اس خیال کے آتے ہی اس نے وحشیوں کے سردار کو بلاکر کہا اگر تم ہماری فرمانبرداری نہ کرو گے تو میں سورج کو حکم دوں گا وہ تمہیں جلاکر راکھ کردے گا۔ اس وقت تو وحشی چپکے سنتے رہے مگر دوسرے دن جب سورج کو گرہن لگنا شروع ہوا تو وہ بہت گھبرائے، غرض کولمبس کو جادوگر اور کراماتی بزرگ سمجھ کر اس کے پاس حاضر ہوئے اور اطاعت قبول کرلی۔ علم میں کتنی طاقت ہے کہ جو کام بہت بڑی فوج نہ کرسکتی تھی وہ علم کے ایک نکتے نے ذرا سی دیر میں کردیا۔

سپیشل تکہ مصالحہ:

ثابت کالی مرچ ایک چائے کا چمچ، سفید زیرہ ایک کھانے کا چمچ، ثابت دھنیا ایک کھانے کا چمچ، خشخاش ایک چائے کا چمچ، دار چینی انچ کا ٹکڑا، لونگ چھ سے سات عدد، ہری الائچی پانچ سے چھ عدد، بڑی الائچی تین عدد، ثابت لال مرچ پانچ سے چھ عدد، جائفل ایک عدد، جاوتری دو عدد، نمک ایک چائے کا چمچ، گوشت گلانے والا پاؤڈر دو کھانے کے چمچ

ترکیب:

گوشت گلانے والا پاؤڈر اور نمک کے سوا سب مصالحے توے پر بھون لیں۔ پھر مصالحہ پیسنے والے بلینڈر میں ڈال کر پیس لیں۔ گوشت گلانے والا پاؤڈر اور نمک پسے مصالحے میں مکس کر لیں۔اور کسی بوتل میں ڈال لیں۔یہ مقدار ایک کلو گوشت کیلئے ہے۔ زیادہ بنا کر رکھنا ہو تو مقدار زیادہ کریں ائیر ٹائٹ جار میں رکھیں۔