گلدستہ (دہی کے فوائد۔۔۔ سکن الرجی سے نجات)

مرتبہ: ماریہ عروج

دہی کے فوائد

  1. دہی کھانے سے بھوک کی شدد میں کمی آجاتی ہے۔
  2. دہی کولیسٹرول کم کرتا ہے وزن کم کرتا ہے۔
  3. دہی مدافعتی نظام کو بہتر بناتا ہے۔
  4. دہی میں کیلشیم، پروٹین اور وٹامن بی ہوتا ہے۔
  5. دہی دودھ سے 20فیصد زیادہ پروٹین فراہم کرتا ہے۔
  6. دہی کو اینٹی بائیوٹک کا ذخیرہ بھی کہا جاتا ہے۔

معدے کی تیزابیت دورکرنے کا حل

روزانہ چھلکے سمیت ایک سیب کھائیں۔ پودینہ کی ایک ٹہنی کو ایک لیٹر پانی میں ابال لیں اور دن میں تین مرتبہ یہ پانی پینے سے معدے کی تیزابیت دور ہوجائے گی۔ معدے کی تیزابیت دور کرنے کے لیے ادرک اور پپیتا خوراک میں شامل کریں تو یہ معدے کی درد دور کرنے میں موثر ہے۔ پیپر منٹ یا عام چائے بنائیں اور اس میں لیموں کا رس یا شہد شامل کر کے پئیں۔ اس سے معدے کی گرانی دور ہوتی ہے۔

سکن الرجی سے نجات حاصل کرنے کے طریقے

اکثر الرجی کو جلد کا ایک عام سا مسئلہ سمجھا جاتا ہے۔ اس مسئلے کے متعدد سبب ہوسکتے ہیں جیسے قوت مدافعت کی خرابی، ادویات کا استعمال اور انفیکشنز کا ہونا، جلد کی الرجی مختلف اشکال میں ہوسکتی ہے جیسے کہ خارش، خشک جلد اور جلد پھٹنا وغیرہ، اگرچہ اس سب کے لیے ادویہ اور مرہم موجود ہیں لیکن جلد کے ان مسائل سے نجات پانے کے لیے گھریلو ٹوٹکوں پر انحصار بھی کیا جاسکتا ہے۔ چند ایسے ٹوٹکے جو جلد کی الرجی سے محفوظ رکھ سکتے ہیں۔

  1. ایک لیموں لیجئے اور اس کا رس کھجلی والی جگہ پر ملیں اور خشک ہونے دیں۔
  2. تلسی کے پتے سے الرجی والے سکن کو دھونے سے راحت ملتی ہے۔
  3. پودینہ کے پتے کھجلی اور خراش کی جگہ پر لگانے سے راحت ملے گی۔
  4. پھلوں کے چھلکے بھی جلد کی الرجی میں بہت موثر ہوتے ہیں۔ کیلے یا تربوز کے چھلکے کو خارش سے متاثرہ جگہ پر ملنے سے راحت ملتی ہے۔ ایلوویرا بھی جلد کی الرجی کا بہترین علاج ہے۔

گھریلو ٹوٹکے:

چاولوں کی رنگت نکھرنا:

چاولوں کو ابالنا ہو یا اس میں سے پانی نکالنا ہو اس میں چند قطرے لیموں کے ڈال دیں چاول کی رنگت نکھر جائے گی اور دانے الگ الگ ہوجائیں گے۔

اچھے پکوڑے:

پکوڑے بناتے وقت اگر تھوڑا سا لہسن پیس کر بیسن میں ڈال دیں تو ذائقہ بھی اچھا ہوجائے گا اور بھاری پن بھی نہیں رہے گا۔

مونگروں کی کڑواہٹ:

مونگرے چھیل کر انہیں نمک لگاکر ایک گھنٹے تک پڑا رہنے دیں، پھر انہیں اچھی طرح دھولیں تو ان کی کڑواہٹ دور ہوجاتی ہے۔

چٹخے ہوئے چینی کے برتن:

چینی کے بہت سے برتن ایسے ہوتے ہیں جو کہ یا تو بہت قیمتی ہوتے ہیں یا پھر بہت نایاب ہوتے ہیں۔ چھوٹی سی غلطی سے ان کے چٹخنے پر بہت دکھ ہوتا ہے۔ لیکن انہیں دوبارہ کسی حد تک اصل شکل میں لانے کا ایک ٹوٹکہ یہ ہے کہ ایک برتن میں دودھ ڈال کر اس میں چٹخا ہوا برتن ہلکی آنچ پر آدھا گھنٹہ کے لیے پکنے دیں، برتن میں دودھ اتنا ہو کہ چٹخا ہوا حصہ اس میں ڈوب جائے۔ دودھ میں موجود پروٹین سے چٹخے ہوئے نشان کافی حد تک ختم ہوجائیں گے۔

دیسی گھی سے بدبو دور کرنا:

بعض دفعہ دیسی گھی سے کھٹی لسی وغیرہ کی بدبو آتی ہے اس کو دور کرنے کے لیے تقریباً ایک کلو گھی میں دو کھانے کے چمچ خشک آٹا ڈال کر پکائیں پھر چھان کر استعمال کریں تو کسی بھی قسم کی بدبو دور ہوجائے گی۔

کڑی اور پکوڑہ

اجزائے:

دہی آدھا کلو، چھاچھ آدھا لیٹر، بیسن دو سو پچاس گرام، ہلدی ایک چائے کا چمچ، نمک ایک چائے کا چمچ، کٹی لال مرچ ایک کھانے کا چمچ، میتھی دانہ ایک کھانے کا چمچ۔

تڑکہ لگانے کے اجزائے:

لہسن کے جوئے چھ عدد، گول مرچ چھ عدد، کڑی پتے چھ عدد، زیرہ ایک چائے کا چمچ

پکوڑے بنانے کے لیے اجزائے:

بیسن دو سو پچاس گرام، کٹی پیاز ایک عدد، پسی لال مرچ ایک چائے کا چمچ، نمک آدھا چائے کا چمچ، تیل حسب ضرورت

تیار کرنے کی ترکیب:

آدھا کپ تیل گرم کرکے ایک چائے کا چمچ میتھی دانہ ڈال دیں۔ جب خوشبو آنے لگے تو اس میں ایک کھانے کا چمچ کٹی لال مرچ ایک چائے کا چمچ ہلدی اور ایک چائے کا چمچ نمک ڈال کر بھونیں پھر آدھا لیٹر چھاچھ اور دو سو پچاس گرام بیسن اچھی طرح پھینٹ لیں اور اس میں ڈال دیں۔ 1 کپ پانی شامل کریں اور دھیمی آنچ پر پکائیں حتی کہ گاڑھی ہوجائے۔ اب پکوڑے بنانے کے لیے دو سو پچاس گرام بیسن، ایک چائے کا چمچ زیرہ، ایک چائے کا چمچ پسی لال مرچ، آدھا چائے کا چمچ نمک اور ایک عدد کٹی پیاز کے پکوڑے بناکر تیل میں تل لیں۔ جب کڑی پک جائے تو اس میں بنائے ہوئے پکوڑے ڈالیں۔ آخر میں آدھا کپ تیل گرم کرکے چھ عدد لہسن کے جوئے چھ عدد گول مرچ، ایک چائے کا چمچ زیرہ چھ عدد کڑی پتوں کو فرائی کریں اور کڑی پر ڈال دیں۔ گرما گرم ہی کھانے کے لیے پیش کریں۔