اداریہ: منہاج القرآن ویمن لیگ کا 33 واں یوم تاسیس

چیف ایڈیٹر

اللہ کا کروڑہا شکر ہے کہ منہاج القرآن ویمن لیگ نے اپنی تشکیل کی تین دہائیاں مکمل کر لی ہیں اور عجز و انکساری اور مسرت کے احساس کے ساتھ اپنا 33واں یوم تاسیس منارہی ہے، گزرے ہوئے 33سال کی یہ تاریخ جہاں کامیابیوں کے قابل فخر ابواب پر مشتمل ہے وہاںراہ حق کے اس سفر میں بہت سارے نشیب و فراز بھی آئے جنہیں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی سرپرستی، تربیت اور عملی فکری رہنمائی میں منہاج القرآن ویمن لیگ سے وابستہ قوم کی بیٹیوں نے بڑے باوقار انداز میں عبور کیا اور سرخرو ہوئیں، حضور شیخ اسلام دامت برکاتہم العالیہ نے آج سے 40 سال قبل ادارہ منہاج القرآن کے نام سے تحریک منہاج القرآن کی بنیاد رکھی تو اس وقت سے ہی اس تحریک کے بنیادی مقاصد کا تعین کر دیا گیا تھا، ان میں دعوت و تبلیغ دین، اصلاحِ احوال امت، تجدید و احیائے اسلام اور ترویج و اقامت دین سرفہرست تھے، ان مقاصد کے حصول کی جدوجہد کو مصطفوی انقلاب کا عنوان دیا گیا، تحریک منہاج القرآن کی بنیادیں رکھنے کے چھ سال کے مختصر عرصہ کے بعد منہاج القرآن ویمن لیگ کی بنیاد رکھ دی گئی، الحمداللہ تحریک منہاج القرآن کے مقاصد کے حصول کے لئے منہاج القرآن ویمن لیگ نے جو خدمت دین انجام دی اس کی پذیرائی شیخ الاسلام سے لے کر تحریک کے ہر ذمہ دار اور عہدیدار نے کی جو ویمن لیگ کی ذمہ داران اور کارکنان کے لئے ایک ایسا اعزاز ہے جس پر جتنا بھی فخر کیا جائے وہ کم ہے، شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے ملت اسلامیہ کی نشاۃ ثانیہ اور حیائے اسلام کے عالمگیر مقصد کے حصول کی جدوجہد میں خواتین کو خصوصی حیثیت اور مقام دیا اور اسلامی تہذیب کی درخشندہ روایات کوزندہ کرنے کے لئے فکری و نظریاتی اور علمی و عملی جدوجہد میں خواتین کو شریک کار بنانے کے لئے 5 جنوری 1988کو منہاج القرآن ویمن لیگ کی بنیاد رکھی، منہاج القرآن ویمن لیگ کو عالم اسلام کی تنظیمی نیٹ ورک کے اعتبار سے خواتین کی سب سے بڑی نمائندہ اصلاحی تحریک ثابت کیا جو دنیا کے 30 سے زائد ممالک میں اپنا موثر وجود رکھتی ہے، سماجی اصلاح کا فریضہ ہو یا محبت الٰہی کا حصول منہاج القرآن ویمن لیگ نے ہر سطح پر خود کو منوایا ہے اور منہاج القرآن ویمن لیگ کے پلیٹ فارم سے تعلیم و تربیت پانے والی ہزاروں، لاکھوں خواتین مثالی اسلامی معاشرہ اور خاندان کو تشکیل دینے میں اپنا فعال اسلامی کردار ادا کررہی ہیں، 33ویں یوم تاسیس کے موقع پر تحدیث نعمت کے طور پر کہہ رہی ہیں کہ منہاج القرآن ویمن لیگ اپنے قیام کے بام عروج پر ہے اور اصلاح احوال اور سماجی زندگی کے ہر شعبہ میں اپنا فعال کردار ادا کررہی ہے، منہاج القرآن ویمن لیگ نے دعوت و تربیت کے مختلف شعبہ جات کے تحت جن میں ایم ایس ایم سسٹرز، ایگرز، عرفان الہدایہ، وائس، دختران اسلام، سوشل میڈیا، منہاجین فورمز کے ذریعے ہر طبقہ فکر کی خواتین کو فکری، عملی، تعلیمی، تربیتی،اخلاقی رہنمائی مہیا کی ہے، عرفان الہدایہ کے ذریعے خواتین اور بچوں کو قرآن سے محبت کرنا سکھایا، ایگرز کے ذریعے بچوں کی اخلاقی، دینی تربیت کی، ایم ایس ایم سسٹرزکے ذریعے طالبات کو اسلام کی قدیم و جدید اقدار سے ہم آہنگ کیا، سوشل میڈیا کے ذریعے مشن اور انسانیت کی خدمت کو ایک نئے اسلوب کے ساتھ پیش کیا، دختران اسلام کے ذریعے منہاج القرآن اور شیخ اسلام کی فکر کی اشاعت کی اور اس تجدیدی فکر کو گھروں کی دہلیز تک پہنچایا۔ یوم تاسیس کے اس تاریخی موقع پر منہاج القرآن ویمن لیگ کی ہر سطح کی عہدیداران، ذمہ داران، کارکنان، رفقیان، وابستگان، نمائندگان کو صدق دل سے مبارکباد پیش کی جاتی ہے۔