منہاج القرآن ویمن لیگ مرکزی ٹیم کے تاثرات

محترمہ فرح ناز (صدرویمن لیگ)

منہاج القرآن ویمن لیگ کا 33 سالہ سفر دعوت دین، عزم و استقامت کی روشن مثال ہے۔ میں منہاج القرآن ویمن لیگ کے 33ویں یوم تاسیس پر تحریک سے وابستہ تمام عہدیداران، خصوصاً ویمن لیگ کی جملہ تنظیمات کو خصوصی مبارکباد پیش کرتی ہوں جو تین دہائیوں کے اس سفر میں ویمن لیگ کی تنظیمی اور فکری مضبوطی کے لیے اپنی بہترین صلاحیتوں کو بروئے کار لاتی رہیں جن کی انتھک کاوشوں سے حضور شیخ الاسلام اور تحریک منہاج القرآن کی غلبہ دین حق، اصلاح احوال امت اور ترویج و اقامت دین کی فکر چہار دانگ عالم میں پھیل چکی ہے اور لاکھوں خواتین تحریک کے پلیٹ فارم سے وابستہ ہوکر تربیت حاصل کررہی ہیں۔ دعا گو ہوں اللہ رب العزت منہاج القرآن ویمن لیگ کی جملہ تنظیمات اسی محنت اور استقامت سے دین کی سربلندی کے لیے کوشاں رہیں۔

محترمہ سدرہ کرامت (ناظمہ ویمن لیگ)

منہاج القرآن ویمن لیگ کا سفر جو 5 جنوری 1988ء کو شروع ہوا تھا آج نہایت کامیابی و کامرانی کے ساتھ تاحال جاری و ساری ہے۔ منہاج القرآن ویمن لیگ کی تمام ذمہ داران اس شاندار کامیابی میں برابر کی شریک ہیں کہ ان کی شبانہ روز کاوشوں اور جہد مسلسل سے منہاج القرآن ویمن لیگ ایک تناور درخت بن چکا ہے۔ یہ واحد اصلاح احوال امت اور خدمت دین کی تحریک ہے جس میں ہر طبقے سے تعلق رکھنے والی خواتین شامل ہیں اور خدمت دین کے کام کو نئی نسلوں میں منتقل کرنے میں اہم کردار ادا کررہی ہیں۔

محترمہ عائشہ مبشر (نائب ناظمہ ویمن لیگ)

منہاج القرآن ویمن لیگ اس دور جدید میں تنوع، وسعت، ہمہ جہتی کی وہ صبح نور ہے جو ہر دن نئے عزم نئے ارادے اور لازاوال جوش کے ساتھ طلوع ہوتی ہے۔ اپنے عظیم قائد حضور سیدی شیخ الاسلام کی ردائے تجدید دین اوڑھے، احیائے دیں کے لوازم سے لیس، اقامت دین کیلئے علم حق بلند کرتے ہوئے نعرہ ایثار و وفا کی گونج میں چہار دانگ عالم کو اپنے خونِ جگر سے سینچ رہی ہیں۔ منہاج القرآن ویمن لیگ کے اس 33 ویں یوم تاسیس پر میں اپنے عہد رفاقت کی تجدید کرتے ہوئے اپنی آنے والی نسلوں کو اس مشن کیلئے وقف کرنے کاعزم کرتی ہوں۔

محترمہ ام حبیبہ اسماعیل (نائب ناظمہ ویمن لیگ)

منہاج القرآن ویمن لیگ دور جدید میں خواتین کا نمائندہ فورم ہے جو دنیا بھر میں خواتین کی علمی، فکری و روحانی آبیاری کررہا ہے۔ کوئی بھی معاشرہ خواتین کو تعلیم و تربیت فراہم کیے بغیر ترقی نہیں کرسکتا۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے اسی مقصد کے تحت اس فورم کو قائم کیا۔ ایک عورت گھر کو جنت بناسکتی ہے تو وہی عورت معاشرے کو سنوارنے میں کلیدی کردار ادا کرسکتی ہے۔ آپ نے عورت کو مرد کے شانہ بشانہ اسلام کے دائرہ کار میں رہتے ہوئے کام کرنے کا موقع دیا۔ آج ویمن لیگ کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ انہوں نے ہزارہا خواتین کو شیخ الاسلام کے علمی، روحانی اور تجدیدی کارناموں سے روشناس کروایا ہے۔ آج ویمن لیگ جس مقام پر کھڑی ہے کہ اس کا پیغام ہر خطے تک پہنچ چکا ہے اور لاکھوں خواتین مشن کے ساتھ وابستہ ہوکر دین مبین کی خدمت کا فریضہ سرانجام دے رہی ہیں۔

محترمہ انیلہ الیاس (نائب ناظمہ ویمن لیگ)

ویمن لیگ کی سابقہ اور موجودہ مرکزی قیادت اور فیلڈ کے تمام عہدیداران اور کارکنان خراج تحسین کی مستحق ہیں جنہوں نے دین کی سرفرازی کے سلسلہ میں بے پناہ قربانیاں دیں اور اپنی بلند ہمت اور پرعزم ارادوں سے ہر طرح کے حالات کا بہادری سے مقابلہ کرکے ثابت کردیا کہ آزمائش اور مصیبتیں انہیں راہ حق سے نہیں ہٹا سکتیں۔ اللہ منہاج القرآن ویمن لیگ کی جملہ تنظیمات کو اس مشن میں ہمیشہ سرخروئی اور کامیابی عطا فرمائے اور تادم آخر اپنے قائد شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی رفاقت میں مصطفوی مشن کی جدوجہد کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین

محترمہ فاطمہ سعید (زونل ناظمہ خیبرپختونخواہ)

حضور سیدی شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے عصر حاضرمیں خواتین کو ان کے حقیقی مقام سے روشناس کروانے کے لیے 5 جنوری 1988کو منہاج القرآن ویمن لیگ کی بنیاد رکھی۔ منہاج القرآن ویمن لیگ نے یوسی لیول تک خواتینِ معاشرہ میں شعور کی بیداری اور مقصدیت کے لیے زون وائز سٹرکچر قائم کیا۔ باقی تما م زونز کی طرح خیبر پختونخواہ میں خواتین کی اصلاح کیلیے ضلع سے لے کر یوسی تک تنظیمات بنائی گئیں۔ جنہوں نے خیبر پختونخواہ کے قدامت پسند اور روایت پسند معاشرے میں خواتین کی اصلاح کا بیڑہ اٹھایا اور تعلیم و تربیت اور ویلفئیر کے مختلف پراجیکٹس کے ذریعے خواتین کو ان کے فرضِ منصبی سے روشناس کروایا۔ آج منہاج القرآن ویمن لیگ خیبر پختونخواہ میں اپنا تشخص اور مقام رکھتی ہے ہم مرکزی ویمن لیگ کی جانب سے ویمن لیگ خیبر پختونخواہ کی باہمت، پرعزم اور بلند حوصلہ خواتین کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور دعا گو ہیں اللہ رب العزت ہم سب کو صدق، اخلاص، حیا اور وفا کے ساتھ مشن مصطفوی ﷺ  سے وابستہ رکھے اور خدمت دین کے اس عظیم مشن میں ہمیں استقامت عطا فرمائے۔ آمین بجاہ سید المرسلین ﷺ

محترمہ ادیبہ شہزادی (زونل ناظمہ جنوبی پنجاب)

منہاج القرآن ویمن لیگ جس طرح تحریک منہاج القرآن کا اہم فورم ہے اسی طرح ویمن لیگ کے سٹرکچر میں آنے والے زونز ویمن لیگ کی ترقی اور مشن کے پیغام کو عام کرنے میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔

ویمن لیگ کے باقی تمام زونز کی طرح جنوبی پنجاب بھی بے حد اہمیت کا حامل ہے۔ جنوبی پنجاب کو ٹوٹل 3 ڈویژن 19 اضلاع اور 60 تحصیلات پی پی حلقہ جات میں تقسیم کیا گیا ہے۔ ان علاقہ جات میں ویمن لیگ کی ذمہ داران مشکل حالات ہونے کے باوجود دن رات مصطفوی مشن کی خدمت میں مصروف عمل ہیں اور خواتین کی ذہنی سطح کے مطابق دعوتی و تربیتی سرگرمیاں منعقد کرواتی ہیں اور مرکز کی جانب سے ملنے والے تمام اہداف کی تکمیل کو یقینی بناتی ہیں۔ جنوبی پنجاب جیسے پسماندہ علاقوں میں منہاج القرآن ویمن لیگ کی ان عظیم بہنوں نے خواتین کو خدمت دین کی ایک منفرد اور عظیم راہ پر گامزن کرکے ایک معیار متعین کردیا ہے۔ علاوہ ازیں مرکزی پروگرامز میں بھی ویمن لیگ جنوبی پنجاب سے نہ صرف ذمہ داران خود شریک ہوتی ہیں بلکہ نئے لوگوں کو متعارف کرواکر مرکز کے پروگرامز کا حصہ بناتی ہیں جو کہ یقینا مشن کے وسیع تر مفاد کے پیش نظر افرادی قوت میں اضافہ کا بہترین ذریعہ ہیں۔ ہم مرکزی منہاج القرآن ویمن لیگ کی جانب سے مصطفوی مشن کی ان عظیم سپاہیات کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ دعا ہے کہ اللہ رب العزت جملہ دارات ویمن لیگ کو ان فرائض منصبی کو ادا کرنے کی ہمت اور توفیق عطا فرمائے۔ آمین

محترمہ ارشاد اقبال (زونل ناظمہ شمالی پنجاب)

فلاحی و سماجی سرگرمیوں میں ویمن لیگ کسی بھی کام میں پیچھے نہیں رہی بلکہ ہر میدان میں ویمن لیگ کی کارکردگی نمایاں نظر آتی ہے۔ جہد مسلسل کے 33 ویں یوم تاسیس کے موقع پرمنہاج ویمن لیگ کی مائیں، بہنیں، بیٹیاں خصوصی مبارکباد کی مستحق ہیں۔ جو ہر حال میں سیدہ فاطمہ سلام اللہ علیہا کی کنیزیں اور سیدہ زینب سلام اللہ علیہا کی باندیاں بن کر مشن رسول ﷺ کا پیغام وفکر حسین علیہ السلام  لیکر ملک ملک، شہرشہر، قریہ قریہ صدائے زینب لگا رہی ہیں۔ 

الحمد للہ شمالی پنجاب کی جملہ تنظیمات انتھک محنت سے مرکزسے دئیے گئے اہداف حاصل کرنے میں ہمیشہ صف اول میں کھڑی نظر آتی ہیں۔ دعا ہے اللہ رب العزت سے کہ ہمیں آقا ﷺ  کے دین چاکری میں زندگی کی آخری سانس تک استقامت عطافرمائے۔ اللہ تعالیٰ منہاج القرآن ویمن لیگ کی جملہ ممبران سیدہ زینب سلام اللہ علیہا کی حقیقی باندیوں کوسیدہ فاطمہ سلام اللہ علیہا کی چادر تطہیر کا سایہ عطا فرمائے آمین بجاہ سید المرسلین

محترمہ رافعہ عروج (زونل ناظمہ سینٹرل پنجابA)

منہاج القرآن ویمن لیگ کے 33 ویں یوم تاسیس پر ویمن لیگ کی تمام بہنوں کو تہہ دل سے مبارک باد پیش کرتی ہوں۔ بے شک اس مشن عظیم کی رہنمائی میں ہماری زندگیوں کو جو نصب العین میسر ہے اس کے تحت ہم اپنی اور امت مسلمہ کی بہتری کے لیے ہمہ وقت کوشاں رہتی ہیں۔ آج دنیا منہاج القرآن ویمن لیگ کو منظم و مربوط انداز میں مزید کامیابیوں کی منازل طے کرتے ہوئے دیکھ رہی ہے۔ اللہ پاک کی بارگاہ میں دعا ہے کہ بے مثال ترقیوں کا یہ سلسلہ ہمیشہ جاری رہے۔ آمین بجاہ سیدالنبی الامین۔

محترمہ عذرا اکبر (زونل ناظمہ کشمیر)

تحریک منہاج القرآن کا فیض زندگی کا سرمایہ ہے۔ میں دختران اسلام کی وساطت سے اپنی بہنوں کو پیغام دینا چاہتی ہوں کہ اپنی صلاحیتوں، وقت اور مال کو دین اسلام کے لیے وقف کردیں۔ منہاج القرآن ویمن لیگ کشمیر زون کی بہنیں سخت موسم اور دشوار گزار راستوں کے باوجود جس طرح دین کی خدمت کے لیے کوشاں رہتی ہیں میں انہیں خصوصی مبارکباد پیش کرتی ہوں اور دعا گوں ہو کہ یہی صراط مستقیم ہے اسی میں ہماری فلاح و کامیابی مضمر ہے۔ اللہ تعالیٰ استقامت کے ساتھ اس مشن سے وابستہ رکھے اور اس کے ثمرات سمیٹنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین

محترمہ فوزیہ جنید (زونل ناظمہ کراچی)

منہاج القرآن ویمن لیگ کی بیٹیاں اور پوری قوم کی بیٹیوں کے لیے رول ماڈل ہیں اس کا کریڈٹ اس معلم اور ریفارمر کو جاتا ہے جسے دنیا شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے نام سے جانتی ہے۔ انہوں نے خواتین کی تعلیم و تربیت کے حوالے سے وہ کرار ادا کیا ہے جو ماں باپ بھی نہیں کرپاتے کیونکہ تعلیم ویمن امپاورمنٹ کی پہلی سیڑھی ہے۔ منہاج القرآن کے سینکڑوں تعلیمی ادارے خواتین کی معیاری تعلیم و تربیت کا اہتمام کررہے ہیں۔ اس تربیت کے نتیجہ میں منہاج القرآن ویمن لیگ کو یہ امتیاز حاصل ہے کہ انہوں نے پوری دنیا میں خواتین میں بیداری شعور کے حوالے سے گراں قدر خدمات سرانجام دیں۔ لہذا ویمن لیگ کی کارکردگی سنہری حروف میں لکھنے کے قابل ہے۔