گلدستہ: نیکی کرنے والا نیکی کا صلہ ضرور پاتا ہے

مرتبہ: حافظہ سحر عنبرین

اقوال زریں:

اللہ تعالیٰ نے اشیاء کی حقیقت کا علم تم سے چھپا لیا ہے، اس لیئے کوئی چیز تمہیں اچھی لگے یا نہ لگے، اس کے خلاف نہ کہو۔ (شیخ عبد القادر جیلانی)

دین کی اصل عقل، عقل کی اصل علم اور علم کی اصل صبر ہے، لہذا صبر کا دامن ہاتھ سے کبھی نہ چھوڑو۔

(شیخ عبد القادر جیلانی)

  • کوئی شخص روزی اپنی لیاقت اور طاقت سے نہیں حاصل کرتا۔ اللہ سب کا رازق ہے۔
  • بڑے بڑے متکبروں اور سرکشوں کو بھی خدا کے سامنے جھکے بغیر چارہ نہیں۔
  • خداوند تعالٰی متحمل بھی ہے اور رحیم و کریم بھی۔ وہ گناہ گاروں کو توبہ کے لئے مہلت دیتا ہے۔ توبہ کرنے والوں کو دامن رحمت میں ڈھانپ لیتاہے۔
  • جب تو خدا سے مغفرت و عطا کا طالب ہے تو جن لوگوں کی امیدیں تیری ذات سے وابستہ ہیں تو انہیں بھی محروم و مایوس نہ کر۔
  • جیسا سلوک تو مخلوق خدا سے کرے گا ویسا ہی سلوک خدا تیرے ساتھ کرے گا۔
  • حقیقی بڑا تو وہ ہے جو اپنے ہر چھوٹے کو پہچانتا ہو اور اس کی ضروریات کا خیال رکھتا ہو۔
  • جس مظلوم کو بادشاہ سے انصاف نہ مل سکے اسے خدا انصاف دلاتا ہے
  • آخرت میں نیکیوں کے مطابق مرتبے ملتے ہیں اس لئے نیکی کرو۔
  • جو شخص کوشش اور عمل میں کوتاہی کرتاہے پیچھے رہنا اس کا مقدر ہے۔
  • مصیبت میں حوصلہ نہیں ہارنا چاہئے۔ ہمت سے اس کامقابلہ کرنا چاہئے۔ ہمت طاقت سے زیادہ کام کرتی ہے۔
  • احساس کیا ہے؟ دوسروں کی تکلیف کو اپنی تکلیف سمجھنا۔
  • منصف اور عادل کو اللہ اپنے عرش کے نیچے سایہ دے گا۔
  • آدمی وہ ہے جس کی ذات سے دوسروں کو فائدہ پہنچے ورنہ پتھر ہے۔
  • نیکی کرنے والا نیکی کا صلہ ضرور پاتا ہے۔
  • نیک نیت کی وجہ سے کام نیک اور بری نیت کی بدولت برا ہوجاتاہے۔
  • مظلوم کی تکلیف تو چند ساعت کی ہوتی ہے مگر ظالم ابدی مصیبت میں مبتلا ہوجاتا ہے۔
  • نصیحت اگرچہ ناخوشگوار ہوتی ہے لیکن اس کا انجام خوشگوار ہوتاہے۔
  • ظالم جب تک ظلم نہیں چھوڑتا اس کے حق میں کوئی دعا قبول نہیں ہوتی۔
  • دنیا بے وفا اور انتہائی ناقابل اعتبار ہے اس سے فائدہ وہی شخص اٹھاتاہے جو اسے مخلوق خدا کی اصلاح اور فلاح میں لگا دیتاہے۔
  • دولت کو صدقہ جاریہ میں لگاؤ آخرت میں کام آئے گی۔

سونف کے فوائد:

سونف کا استعمال عام طور پر کھانوں میں کیا جاتا ہے اس کے ساتھ ساتھ کھانے کے بعد تھوڑی مقدار میں سونف کا استعمال منہ کے اندر ہونے والی بو کو بھی دور کرتا ہے۔ بہت سارے لوگ اس کے استعمال کو ہاضمے کے لیے بھی کرتے ہیں۔ سونف کے مزید استعمال درج ذیل ہیں:

1۔ دوران خون کو بہتر بناتا ہے:

سونف کو چبانے کی صورت میں انسانی تھوک میں نائٹریٹ والے خامروں کے اضافے میں تیزی آتی ہے جو کہ نسان کے دوران خون کو معمول پر رکھتا ہے۔ اس لیے بلند فشار خون کے مریض اگر اپنے کھانے کے بعد تھوڑی مقدار میں سونف کو چبانے کی عادت اپنائیں تو اس سے دوران خون نارمل رہتا ہے۔

2۔ خون میں کولیسٹرول کی مقدار کو کم کرتا ہے:

سونف کے اندر ایسے فائبر موجود ہوتے ہیں جو کہ کولیسٹرول کو خون میں جذب ہونے میں مدد دیتے ہیں۔ اس سے خون میں کولیسٹرول کی شرح میں کمی واقع ہوتی ہے اور دل کے دورے کے خطرات کم ہو جاتے ہیں ۔

3۔ چہرے کی جلد کی حفاظت کرتی ہے:

سونف کے اندر ایسے وٹامن موجود ہوتے ہیں جو کہ خون میں جذب ہو کر خون میں سے زہریلے مادوں کو خارج ہونے میں مدد دیتے ہیں۔ جس سے خون صاف ہوتا ہے اور جلد پر چمک آتی ہے اس سے انسان اپنی عمر سے کم نظر آتا ہے۔ اس کے علاوہ یہ انسان کے اندر موجود ہارمون کے نظام کو بھی بہتر بناتا ہے جس سے جلد پر نکل آنے والے کیل مہاسوں کا بھی خاتمہ ہوتا ہے۔

4۔ بینائی کو بہتر بناتی ہے:

سونف کے اندر وٹامن اے کی بڑی مقدار موجود ہوتی ہے جو کہ آنکھوں کے لیے بہت مفید ہوتی ہے- اس وجہ سے قدیم زمانے سے ہی سونف کا استعمال آنکھوں میں ہونے والے موتیے کو دور کرنے کے لیے بھی کیا جاتا تھا۔ اس کے ساتھ ساتھ یہ بینائی کو بھی بہتر بناتی ہے۔

شاہی قلفہ

اجزاء

دودھ چھ کپ، چینی تین چوتھائی کپ، کارن فلور چار کھانے کے چمچ، کھویا دو سو پچاس گرام، زعفران آدھا چائے کا چمچ، کیوڑا ایک کھانے کا چمچ، (ہری الائچی آدھا چائے کا چمچ (پسی ہوئی، کنڈینسڈ ملک چار کھانے کے چمچ، کریم ایک پیکٹ

(بادام اور پستے آدھا کپ (سلائس، :ربڑی کے لئے دودھ ڈیڑھ کپ، کارن فلور ایک کھانے کا چمچ، زعفران چند قطرے، کیوڑا چند قطرے، کنڈینسڈ ملک چار کھانے کے چمچ، (بادام اور پستے گارنش کے لیے (کٹے ہوئے۔

ترکیب

ربڑی کے لیے: ڈیرھ کپ دودھ کو پکائیں۔

پھر اس میں کارن فلور شامل کرکے مکسچر گاڑھا کر لیں۔اب اسے نکال کر ٹھنڈا کریں اور اس میں چند قطرے زعفران، کیوڑا اور کنڈینسڈ ملک ڈال کر مکس کریں اور بادام اور پستے کے ساتھ گارنش کرلیں۔ قلفہ کے لیے: چھ کپ دودھ اور چینی کو پندرہ منٹ کے لیے پکائیں۔ پھر کارن فلور کو ایک چوتھائی کپ دودھ میں مکس کرکے اُبلے دودھ میں ڈال کر اتنا پکائیں کہ وہ گاڑھا ہو جائے۔ اب اس میں کھویا شامل کرکے چولہے سے اُتار لیں۔ پھر اسے ٹھنڈا کرکے اس میں زعفران، کیوڑا، ہری الائچی، کنڈینسڈ ملک اور کریم ڈال کر مکس کریں۔

اب اس مکسچر کو گریس کیے ہوئے لوف ٹِن میں ڈال کر ڈھکیں اور فریزر میں سیٹ ہونے کے لیے رکھ دیں۔ پھر اسے نکال کر سلائسز میں کاٹیں اور تیار کی ہوئی ربڑی کے ساتھ سرو کریں۔