ڈاکٹر نوشابہ حمید عزم و استقامت کا پیکر تھیں

گذشتہ ماہ 21 جون 2021ء کو تحریک منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی رہنما ڈاکٹر نوشابہ حمید قضائے الہٰی سے اس دار فانی سے کوچ فرماگئیں۔ انا للہ وانا الیہ راجعون

ان کے وفات کے دکھ و کرب کو ساری تحریک محسوس کررہی ہے۔ ان کا کردار ہر اعتبار سے مثالی تھا۔ مرحومہ نے اپنی زندگی کے شب و روزاصلاح احوال امت اور خدمت دین کے لیے وقف کررکھے تھے۔ وہ محبت، پیار اور شفقت کی پیکر تھیں۔ بڑی ملنسار اور خوش اخلاق تھیں۔ ویمن لیگ کی ہر محاذ پر حوصلہ افزائی فرماتیں۔ ان کی کمی تحریک منہاج القرآن بالخصوص ویمن لیگ ہمیشہ محسوس کرتی رہے گی۔

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا محترمہ نوشابہ حمید کے انتقال پر اظہار افسوس

قائد تحریک منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی رہنما ڈاکٹر نوشابہ حمید کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ مرحومہ منہاج القرآن کی دیرینہ رفیقہ تھیں جنہوں نے کم و بیش چالیس سالہ تحریکی زندگی میں مشن کی عظیم خدمت کی۔ ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی اور دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کی بخشش فرمائے، لواحقین کو صبر جمیل دے۔

محترمہ رفعت جبیں قادری کا اظہار تعزیت

سرپرست منہاج القرآن ویمن لیگ محترمہ رفعت جبیں قادری نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر نوشابہ حمید منہاج القرآن ویمن لیگ کی بانی ارکان اور مصطفوی مشن کا اہم سرمایہ تھیں۔ آپ 80ء کی دہائی میں سمن آباد میں تحریک سے منسلک ہوئیں اور منہاج القرآن ویمن لیگ لاہور کی پہلی کنوینئر بعد ازاں پہلی صدر کی ذمہ داری پر فائز ہوئیں اور لاہور کے دور دراز علاقوں کے وزٹ کرکے سینکڑوں خواتین تک تبلیغ کا فریضہ ادا کیا اور ہر سطح پر مالی قربانیوں میں صف اول میں شامل رہیں۔ آپ نے اپنی چالیس سالہ زندگی میں مشن کی عظیم خدمت کی اور ہر محاذ پر استقامت کے ساتھ ڈٹی رہیں۔ اللہ پاک ان کے درجات بلند فرمائے اور انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔ آمین

چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری، محترم ڈاکٹر حسین محی الدین قادری، ممبر سپریم کونسل منہاج القرآن محترمہ ڈاکٹر غزالہ حسن قادری، محترمہ فضہ حسین قادری، خرم نواز گنڈا پور، بریگیڈیئر (ر) اقبال احمد خان، رفیق نجم، جی ایم ملک، نوراللہ صدیقی، حافظ غلام فرید، اشتیاق حنیف مغل، مظہر علوی، عرفان یوسف، فرح ناز صاحبہ، سدرہ کرامت صاحبہ اور منہاج القرآن ویمن لیگ کی جملہ مرکزی سینئر عہدیداران سمیت تحریک منہاج القرآن ویمن لیگ اور پاکستان کے مرکزی صوبائی، ضلعی قائدین نے ڈاکٹر نوشابہ حمید کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے سوگوار خاندان کے صبر جمیل اور ڈاکٹر نوشابہ حمید کی بخشش و مغفرت اور بلندی درجات کے لیے دعا کی۔ مرحومہ کی نماز جنازہ صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے پڑھائی۔ نماز جنازہ جامع شیخ الاسلام ماڈل ٹائون میں ادا کی گئی۔

اللہ اور اس کے رسولa ہر لمحہ ان کے درجات میں بلندی کے سلسلہ کو جاری رکھیں۔ ان کو صدیقین، شہداء اور مومنین کی صف میں رکھے۔ آمین