اداریہ: تحریک منہاج القرآن کا 41 واں یوم تاسیس

چیف ایڈیٹر: دختران اسلام

تحریک منہاج القرآن کا 41 واں یو م تاسیس 17 اکتوبر 2021ء کو منایا جارہا ہے۔ الحمداللہ تحریک منہاج القرآن نے اپنے قیام کے 40 سالوں میں دین اور انسانیت کی خدمت کے ساتھ ساتھ زندگی کے ہر شعبہ میں اپنا کردار ادا کیا ہے۔ تحریک منہاج القرآن کے مقاصد و اہداف میں دعوت و تبلیغِ دین، اصلاح احوال امت، تجدید و احیائے دین، ترویج و اقامت اسلام، اتحاد امت، بین المذاہب رواداری کا فروغ سرفہرست ہیں۔ تاہم تحریک منہاج القرآن کو جو چیز نمایاں مقام عطا کرتی ہے وہ بچوں کی تعلیم و تربیت اور قرآن سنت کی روشنی میں ویمن ایمپاورمنٹ ہے۔

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے تحریک منہاج القرآن کی بنیاد رکھنے کے ساتھ ہی خواتین کی تعلیم و تربیت اور ان کی ایمپاورمنٹ کے لئے منہاج القرآن ویمن لیگ کا الگ سے ایک فورم قائم کیا۔ شیخ الاسلام کا ویژن ہے کہ تعلیم وہ واحد ہتھیار ہے جس کے ذریعے انسان پر اخلاقی، روحانی ترقی اور خوشحالی کے دروازے کھلتے ہیں اور انسان حقوق و فرائض کی ادائیگی کے ضمن میں اپنی ذمہ داریاں انجام دینے کے قا بل ہوتا ہے۔ شیخ الاسلام کے نزدیک ویمن امپاورمنٹ کا حقیقی تصور خواتین کو علم کے زیور سے آراستہ کرنا ہے۔ اس مقصد کے لئے انہوں نے منہاج ویمن کالج برائے خواتین کی بنیاد رکھی۔ آج یہ کالج ہزاروں خواتین کو معیاری تعلیم فراہم کررہا ہے۔ منہاج القرآن دنیا کی واحد تحریک ہے جس کا اوڑھنا بچھونا علم، امن اور تحقیق ہے۔ تربیت کے بغیر علم کی مثال بغیر روح کے جسم والی ہے۔ جس طرح جسم کی حرارت اس کی روح ہے، اسی طرح علم کی روح تربیت ہے۔ تحریک منہاج القرآن نے فروغ علم کے ساتھ ساتھ تربیت پر بہت توجہ دی ہے تاکہ ڈگری حاصل کرنے کے بعد انسان انسانیت کے لئے نفع بخش بن سکے۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی تعلیمات ہیں کہ علم دنیا کمانے کے لئے نہیں بلکہ انسانیت کو نفع پہنچانے اور آخرت کمانے کے لئے ہے۔ انہوں نے جب اپنے اطراف میں دیکھا کہ بڑے بڑے تعلیمی ادارے اور یونیورسٹیاں تعلیم تو دے رہی ہیں مگر تربیت کا عنصر عنقا ہے اور امت محمدیہ بتدریج تبلیغِ دین سے کٹتی چلی جارہی ہے اور معاشرے میں لا قانونیت اور خلاف دین افعال کا گراف بڑھتا چلا جارہا ہے اور ایک ایسی نسل پروان چڑھ رہی ہے جسے قرآنی مقصدِ حیات سے لاتعلق رکھا جارہا ہے۔ شیخ الاسلام نے اس المیہ کی فقط نشاندہی نہیں کی بلکہ اپنا عملی کردار ادا کرتے ہوئے منہاج القرآن کے تعلیمی اداروں کو تربیت کے نور سے روشن کیا۔ الحمداللہ آج 40 سال کے بعد یہ بات فخر سے کہی جا سکتی ہے کہ منہاج ایجوکیشن سوسائٹی کے پرائمری یا مڈل سکول ہوں یا منہاج ویمن کالج ہو، کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز ہو یا نظام المدارس پاکستان ہو، منہاج یونیورسٹی لاہور ہو یا لارل سکولز ہومز کی چین ہو ہر جگہ تعلیم کے ساتھ تربیت ہم آہنگ نظر آئے گی اور اسی تعلیم و تربیت کے حسین امتزاج کے باعث والدین منہاج القرآن کے زیر انتظام چلنے والے تعلیمی اداروں میں اپنے بچوں کو تعلیم دلوانا پسند کرتے ہیں۔ اس وقت منہاج القرآن کے ہر سطح کے تعلیمی ادارں میں ڈیڑھ لاکھ سے زائد بچے تعلیم حاصل کررہے ہیں۔

منہاج القرآن کے تعلیمی اداروں میں بین الاقوامی معیار کی تعلیم کے ساتھ ساتھ ہر عمر کے افراد کی روحانی و اخلاقی تربیت کا اہتمام بھی موجود ہے۔ روحانی و اخلاقی تربیت کے حوالے سے منہاج القرآن کا شہر اعتکاف اور گوشہ درود پوری دنیا میں مشہور ہے۔اس کے علاوہ ویمن لیگ کے زیر اہتمام ملک گیر سیرت النبی ﷺ اور سیدہ کائنات کانفرنسز روحانی، فکری تربیت کا ایک بہت بڑا ذریعہ ہیں۔ اس کے علاوہ خواتین میں عقائد صحیحہ کی ترویج کے لیے الہدایہ کیمپس کا بھی بہت بڑا کردار ہے۔ یہ کیمپس برطانیہ اور یورپ میں بڑی کامیابی کے ساتھ خدمت دین انجام دے رہے ہیں۔ جب ہر عمر کے افراد کی تربیت کا دعویٰ کیاجاتا ہے تو اس میں بچے بھی شریک ہیں۔ان کی تعلیم و تربیت کا ایک جامع نظام وضع کیا گیا ہے جو سالہا سال اپنے شیڈول کے مطابق جاری و ساری رہتا ہے۔ دعا ہے اللہ رب العزت شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کو صحت و تندرستی کے ساتھ ہمارے سروں پر سلامت رکھے اور منہاج القرآن کو تاقیامت قائم و دائم رکھے۔