اداریہ: منہاج القرآن ویمن لیگ عالم اسلام کی سب سے بڑی خواتین کی نمائندہ تحریک

عورت سوسائٹی کا ایک اہم رکن ہے جس کے تعلیمی،تربیتی،عائلی،خانگی فعال کردار کے بغیر مثالی معاشرہ کی تعمیر و تشکیل ناممکن ہے۔ عورت نسلوں کی محافظ اور معاشرہ ساز ہے۔ عورت کا علم اور فہم وتدبر اس کے کردار کی صورت میں جب عمل کے قالب میں ڈھلتا ہے تو قوموں کا کردار اور وقار نمو پاتا ہے۔ عورت ہی اجتماعی و انفرادی ترقی کی ضامن اور زوال کا موجب ہے۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری دامت برکاتہم العالیہ نے جب عالم اسلام کی ممتاز اور جدید تحریک منہاج القرآن کی بنیاد رکھی تو اس میں خواتین کی تعلیم و تربیت اور کردار کے ویژن کو نمایاں جگہ دی کیونکہ شیخ الاسلام اس امر سے بخوبی آگاہ تھے کہ خواتین کوان کا جائز مقام دئیے بغیر دعوت و تبلیغ کا عظیم مشن موثریت سے محروم رہے گا۔ کتاب و سنت کی انہی تعلیمات اور فکر کے تحت شیخ الاسلام نے ملت اسلامیہ کی نشاۃ ثانیہ اور احیائے اسلام کے عالمگیر اہداف کے حصول کے لئے مشن کی عظیم جدوجہد میں خواتین کو خصوصی حیثیت دی۔ شیخ الاسلام دامت برکاتہم العالیہ نے اسلامی تہذیب کی درخشندہ روایت کے احیاء کے لئے 5 جنوری 1988ء کو منہاج القرآن ویمن لیگ کی بنیاد رکھی۔ منہاج ویمن لیگ، منہاج القرآن انٹرنیشنل کا ایک ذیلی فورم ہے۔ جس کا منشور تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی خواتین کی دینی، معاشرتی اور اخلاقی بنیادوں پر تربیت کرنا ہے۔ تربیت کے ساتھ ساتھ عصرِحاضر کے تقاضوں کے مطابق علم وہنر، تحقیق و مطالعہ اور خوداعتمادی سے ہمکنار کر کے عورت کو معاشرے کا موثر اورمعتبر حصہ بنانا اس کے منشور میں شامل ہے۔ ویمن لیگ اس عزم کے ساتھ مصروف عمل ہے کہ ہر عورت چاہے وہ خاتونِ خانہ ہو یا کسی اور پیشے سے منسلک ہو، اسے اسلام کی بنیادی تعلیمات سے لیکر فہم قرآن وحدیث اور جملہ انفرادی، خاندانی، سماجی و معاشرتی حقوق وفرائض سے آگاہ کر کے معاشرے میں اپنا موثر کردار اور مقام حاصل کرنے کے قابل بنانا ہے۔ منہاج القرآن ویمن لیگ کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ اس نے تعلیم و تربیت اور معاشرتی اصلاح میں اپنا متحرک کردار ادا کیا اور پوری دنیا میں اسلام کے بنیادی عقائد اور اقدار کے فروغ اور تحفظ کے ساتھ ساتھ خواتین میں بیداری شعور کے حوالے سے گرانقدر خدمات سر انجام دی ہیں۔ الحمد للہ تین دہائیوں میں منہاج القرآن ویمن لیگ نے اپنے شاندار تنظیمی وتحریکی کردار اور فکری و نظریاتی جدوجہد سے منہاج القرآن ویمن لیگ کو عالم اسلام کی تنظیمی نیٹ ورک کے اعتبار سے خواتین کی سب سے بڑی نمائندہ اصلاحی تحریک ثابت کیا جو دنیا کے 30 سے زائد ممالک میں اپنا موثر وجود رکھتی ہے۔ اندرون و بیرون ملک ویمن لیگ کا پھیلا ہوا وسیع نیٹ ورک بہترین علمی،فکری ذہنی اور عملی صلاحیتوں کے ساتھ ایک روشن مستقبل کی طرف بڑھ رہا ہے یہ اصلاحی اور خدمت دین سے متعلق اپنے نیٹ ورک کے اعتبار سے خواتین کا واحد نمائندہ فورم ہے جس میں ہر طبقے سے خواتین شامل ہو کراپنا اصلاحی و دینی کردار بخوشی ادا کرتی ہیں۔ منہاج القرآن ویمن لیگ نے پاکستان جیسے روایت پسند معاشرے میں خدمت دین کو ایک نئے رنگ آہنگ اور اسلوب کے ساتھ ہر گھر تک پہنچایا ہے۔ کانفرنسز، علمی و تحقیقی منصوبہ جات اور اصلاحی سرگرمیوں کے ذریعے ملک بھر میں خواتین کا ایک وسیع حلقہ قائم کیا ہے۔ اصلاح احوال و معاشرہ اور احیائے دین کے جن عظیم مقاصد کے حصول کیلئے منہاج القرآن ویمن لیگ کی بنیاد رکھی گئی وہ الحمد للہ حاصل ہوئے ہیں منہاج ویمن لیگ کے اصلاح احوال کے ضمن میں انجام دئیے گئے کردار کے سوسائٹی پر انتہائی مثبت اثرات مرتب ہوئے ہیں۔ آج خواتین پاکستان کے طول و عرض میں اسلام کی پرامن فکر اور مصطفوی تعلیمات کا پرچم لے کر جارہی ہیں اور ہر جگہ ان خواتین کو والہانہ استقبال کیا جاتا ہے اور یہ مصطفوی قافلہ دن بدن بڑھتا چلاجارہا ہے۔ منہاج القرآن ویمن لیگ نے شیخ الاسلام کی لاتفرقوا کی فکر کے ساتھ دعوت دینِ حق کے پیغام کو خاص و عام تک پہنچایا ہے جس کی وجہ سے بے حد پذیرائی مل رہی ہے۔ منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی ٹیم کی جانب سے جملہ تنظیمات اور عہدیداران کو 34 واں یوم تاسیس مبارک۔