گلدستہ: کھجور کے فوائد اور طریقہ استعمال

مرتبہ: حافظہ سحر عنبرین

کھجور کے فوائد اور طریقہ استعمال:

کھجور ایک قسم کا پھل ہے۔ دنیا کی سب سے اعلٰی کھجور عجوہ (کھجور) ہے حضور اکرم ﷺ نے تمام درختوں میں سے اس درخت کو مسلمان کہا ہے کیونکہ صابر، شاکر اور اللہ کی طرف سے برکت والا ہے۔ قرآن مجید اوردیگر مقدس کتابوں میں جابجا کھجور کا ذکر ملتا ہے۔ نبی کریم ﷺ نے فرمایا کہ جس گھر میں کھجوریں نہ ہوں وہ گھر ایسا ہے کہ جیسے اس میں کھانا نہ ہو طبی تحقیق کے مطابق کھجور ایک ایسی منفرد اور مکمل خوراک ہے جس میں ہمارے جسم کے تمام ضروری غذائی اجزاء وافر مقدار میں پائے جاتے ہیں۔ رمضان المبارک میں افطار کے وقت کھجور کا استعمال اس کی افادیت کا منہ بولتا ثبوت ہے چونکہ دن بھر روزہ رکھنے کے بعد توانائی کم ہوجاتی ہے اس لیے افطاری ایسی مکمل اور زود ہضم غذا سے کرنے کی ضرورت ہوتی ہے جو زیادہ سے زیادہ طاقت و توانائی فراہم کرسکے اور کھجور یہ تمام مقاصد فوراً پورا کردینے کی اہلیت رکھتی ہے۔

کھجور کے طبی فوائد:

  • شدید گرمی کے عالم میں توانائی فوری طور پر بحال کرنا ہو تو کھجور اس کے لیے اکسیر کا درجہ رکھتی ہے۔
  • پیٹ کے کیڑے مارنے کے لیے نہار منہ اس کا استعمال مفید ہے۔
  • تازہ پکی ہوئی کھجور کا مسلسل استعمال نکسیر خون کثرت سے آنے والی بیماری میں فائدہ مند ہے۔ یہ کیفیت غدودوں کی خرابی جھلیوں کی سوزش، غذائی کمی اور خون میں فولاد کی کمی وغیرہ سے پیدا ہوسکتی ہے۔ کھجور ان میں سے ہر ایک کا مکمل علاج ہے۔
  • دل کے دورے میں کھجور کو گٹھلی سمیت کوٹ کر دینا جان بچانے کا باعث ہوتا ہے چونکہ دل کا دورہ شریانوں میں رکاوٹ سے پیدا ہوتا ہے۔ اس لیے شریانوں میں رکاوٹ کے باعث پیدا ہونے والی تمام بیماریوں میں کھجور کی گٹھلی تریاق کا اثر رکھتی ہے۔
  • چونکہ کھجور رافع قولنج اور جھلیوں سے سوزش کو دور کرنے کے لیے مسکن اثرات رکھتی ہے اس لیے دمہ خواہ وہ امراض تنفس سے ہو یا دل کی وجہ سے اسے دفع کرتی ہے۔کھجور کا مسلسل استعمال اور اس کی پسی ہوئی گٹھلیاں دل کے بڑھ جانے میں مفید ہیں۔ یہی نسخہ کالاموتیا کے مریضوں کے لیے بھی فائدہ مند ہے۔
  • جلی ہوئی کھجور زخموں سے خون بہنے کو روکتی ہے اور زخم جلدی بھرتی ہے خشک کھجور کو جلا کر راکھ بناکر بوقت ضرورت استعمال میں لایا جاتا ہے۔

کھجور کھانے میں احتیاطیں:

  • کھجور کے ساتھ منقہ یا کشمش نہیں کھانا چاہیے نہ ہی اسے انگور کیساتھ استعمال کریں۔
  • نیم پختہ کھجور کو پرانی کھجور کیساتھ ملا کر مت کھائیں۔
  • کھجور کا ایک وقت میں زیادہ استعمال ٹھیک نہیں۔ زیادہ سے زیادہ سات آٹھ دانے کافی ہیں وہ بھی اس صورت میں جب کہ کھانے والا حال ہی میں بیماری سے نہ اٹھا ہو۔
  • جس کی آنکھیں دکھتی ہوں اس کے لیے کھجوریں کھانا مناسب نہیں۔کھجور کیساتھ اگر تربوز کھایا جائے تو اس کی گرمی تربوز کی ٹھنڈک سے زائل ہوجاتی ہے۔
  • کھجور کیساتھ مکھن استعمال کرنا سنت نبوی ﷺ ہے۔
  • جو خواتین دبلے پن کا شکار ہوں وہ تازہ پکی ہوئی کھجوریں اور کھیرے کھائیں بہت جلد اپنے جسم میں نمایاں تبدیلی محسوس کریں گی۔
  • کھجور کیساتھ انار کا پانی معدہ کی سوزش میں مفید ہے۔

نہاری:

اجزاء:

بونگ کا گوشت (2/1کلو)، کالی الائچی (8 عدد)، ادرک لہسن (1 کھانے کا چمچہ)، سوکھا ادرک (4کھانے کے چمچے)، نمک (1کھانے کا چمچہ)، لال مرچ (ایک کھانے کا چمچہ)، سونف (3کھانے کے چمچے)، ہلدی (1چائے کا چمچہ)، گرم مصالحہ (ایک کھانے کا چمچہ)، پیاز(ایک عدد)، آٹا (4کھانے کے چمچے)، آئل (ایک کپ)، گرین چلی (8عدد)، ہرا دھنیا گارنش (کے لئے)

ترکیب:

گوشت کو اُبال لیں۔ آئل میں پیاز ڈال کر فرائی کریں۔ ساتھ ہی ادرک، لہسن، لال مرچ ڈال کر فرائی کریں پھر نمک ،ہلدی ڈال کر گوشت ڈال لیں اور اچھی طرح بھونیں۔ جب گوشت بھن جائے تو اس میں پانی شامل کر دیں اور ململ کے کپڑے میں ادرک کا پائوڈر، کالی الائچی اور سونف ڈال کر کپڑے کو باندھ لیں اور اب یہ پوٹلی نہاری میں ڈال دیں۔40منٹ ہلکی آنچ پر پکنے دیں۔پھر باریک کٹے ادرک، ہری مرچ، اور گرم مصالحہ ڈال کر 5منٹ پکا لیں۔ آٹے کو توے پر بھون کر پانی میں گھول لیں اور نہاری میں ملا لیں۔گاڑھا ہونے پر اتار لیں اور کلچے کے ساتھ پیش کریں۔

قیمتی باتیں:

  • پست ارادے کامیابی میں رکاوٹ بنتے ہیں۔
  • خامیوں کا احساس کامیابی کی کنجی ہے۔
  • کمزور موقعوں کی تلاش میں رہتے ہیں باہمت انسان خود مواقع پیدا کرتے ہیں۔
  • برا دوست کوئلے کی مانند ہے، گرم ہو تو جلائے گا، ٹھنڈا ہو گا تو ہاتھ کالا کرے گا۔
  • علم کے بغیر انسان اللہ کو نہیں پہچان سکتا۔
  • اللہ کی راہ بظاہر کانٹوں سے بھری ہے مگر درحقیقت اطیمنان اور سکون کی دولت سے بھری پڑی ہے۔
  • اچھا انسان وہ ہے جو کسی کا دیا ہوا دکھ تو بھلا دے مگر کسی کی دی ہوئی محبت کبھی نہ بھلائے۔
  • سائل کو کچھ نہ دے سکو تونرم لفظ اور مسکراہٹ ضرور دو.
  • امانت والے کی امانت واپس کرو
  • اللہ تعالی سے قبولیت کے یقین کے ساتھ دعامانگو
  • جب اللہ تعالی مال دے تواللہ کی نعمت کا اثرآپ پردیکھا جانا چاہیئے
  • تمہارے پاس جب کسی قوم کا عزت والا آئے تواس کی عزت واحترام کرو
  • جب اللہ تعالی کسی گھروالوں سے بھلائی چاہتا ہے توان میں نرمی پیدا کردیتا ہے
  • جب کسی سے براسلوک کربیٹھو توپھراچھا سلوک کرو
  • جب اللہ تعالی کی طرف سے تمہیں بغیرطمع ولالچ اورمانگے رزق ملے تولے لو
  • جب تمہیں اپنی نیکی اچھی لگے اوربرائی بری محسوس ہوتوآپ مومن ہیں