آپ کی صحت: ہاضمہ کی بہتری اور کمر درد سے نجات کی ورزشیں

ویشاء وحید

قرآن و حدیث میں جسمانی و روحانی علاج کرنے کی ترغیب دی گئی ہے۔ ضرورت صرف اس بات کی ہے کہ اللہ پر یقین کامل رکھیے کہ شفا صرف اللہ تعالیٰ ہی دے سکتے ہیں۔ علاج تو صرف ایک بہانہ ہوا کرتا ہے۔ اسی کے ساتھ ساتھ تندرست و توانا رہنے کے لیے ورزش بہت ضروری ہے۔ یہ انسان کی جسمانی قوت پر بڑا خوشگوار اثر ڈالتی ہے۔ ورزش سے دوران خون مناسب حد تک تیز ہوجاتا ہے۔ ورزش سے نہ صرف سارے جسم میں بلکہ دماغ میں بھی خون پوری طرح گردش کرتا ہے اور دماغ بھی نشوونما پاتا ہے۔ ایسی ہی کچھ آسان ورزشیں درج بتائی گئی ہیں جو روزانہ کے معمول میں بآسانی شامل کرسکتے ہیں۔

1۔ ہاضمہ کو بہتر کرنے کے لیے:

سیدھا کھڑے ہوکر دونوں پاؤں تقریباً ایک فٹ کھول دیں بازو اوپر اٹھائیں اور پھر نیچے جھکتے ہوئے ہاتھوں سے پاؤں کے درمیان زمین کو چھوئیں۔ گھٹنوں میں خم نہ آنے دیں پھر اوپر اٹھتے ہوئے پہلی حالت میں آجائیں۔ روزانہ یہ ورزش 10مرتبہ کریں۔

2۔ پنڈلیوں کی رگوں اور کمر کی تکالیف کو دورکرنے کیلئے ورزش:

سیدھا کھڑے ہوجائیں۔ پاؤں ملے ہوں بازو پہلو کے ساتھ ہوں۔ دائیں گھٹنا کو اوپر کرکے دونوں ہاتھوں سے گھٹنا کو پکڑ کر پیٹ کی طرف کھینچیں۔ اس دوران جسم سیدھا رہے۔ یہ ٹانگ نیچے رکھنے کے بعد اسی طرح بائیں گھٹنا کو اوپر اٹھایئے اور پیٹ کی طرف کھینچیں۔ اس طرح یہ ورزش روزانہ 10 بار کریں۔

3۔ چہرہ کی جھریوں کے لیے:

چہرے کی ان ورزشوں کو اس ترتیب سے کریں جس ترتیب سے دی گئی ہیں آہستہ آہستہ چہرہ کی تازگی بحال ہوتی رہے گی۔

دونوں ہتھیلیاں ٹھوڑی کے دونوں طرف رکھ کر دباتے ہوئے اوپر لے جایئے۔ یہاں تک کہ دونوں آنکھوں کے کناروں تک ہتھیلیاں پہنچ جائیں۔ یہ کم از کم 10 بار کریں۔

دونوں ہاتھوں کی چھنگلیاں پانی سے دھوکر منہ میں ڈالیے۔ ان انگلیوں سے دونوں باچھوں کو کھینچئے اور ڈھیلا چھوڑیئے۔ اس سے باچھوں کے عضلات مضبوط ہوجاتے ہیں اور اس طرح وہ عمر کے ساتھ نہیں لٹکیں۔ اس کو بھی 10 بار کریں۔

پہلے انگلیوں سے دونوں کنپٹیوں کا مساج کریں۔ پھر ہتھیلیوں کو چہرہ پر آنکھوں کے کونوں پر رکھئے اور یہاں سے دبا کر دونوں کنپٹیوں کے اوپر سے گزار کر سر کی پچھلی طرف پہنچائیں۔ اس طرح آنکھوں کے کونے پر جھریاں صاف ہوجائیں گی۔

4۔ بیٹھ کر کرنے والی ورزشیں:

یہ ورزشیں آپ کے لیے ممکن ہو تو روزانہ صبح کے وقت کریں اور 40,40 مرتبہ دہرائیں۔

دونوں ہاتھوں کو سر کے اوپر لے جائیں اور تالی بجائیں پھر واپس لائیں۔

گردن دائیں طرف زیادہ سے زیادہ موڑیں جس طرح نماز میں سلام پھیرتے ہیں۔پھر چند سیکنڈ اسی حالت میں رہیں اس کے بعد اسی طرح بائیں طرف یہ ورزش کریں۔

گردن کو دائیں طرف سے بائیں طرف دائرہ کی شکل میں گھمائیں۔ اس کے بعد بائیں طرف سے دائیں طرف۔

گردن کو زیادہ سے زیادہ پیچھے لے جائیں پھر آگے سینہ کی طرف لائیں اس طرح کہ ٹھوڑی سینہ سے لگ جائے۔

دونوں پیر آگے کی طرف بچھا کر دائیں ٹانگ اوپر کی طرف زیادہ سے زیادہ اٹھائیں پھر بائیں ٹانگ۔

5۔ لیٹ کر کرنے والی ورزشیں:

ہر ورزش شروع میں 10 مرتبہ کریں۔ جسمانی اعضا پر پہلے تناؤ (contraction) ڈالیئے پھر ان کو ڈھیلا (Relaxation) چھوڑ دیجئے اور گہرے گہرے سانس لیجئے۔

پھر ٹانگ کو اوپر کی طرف اٹھایئے اور چند سیکنڈ رک کر واپس فرش پر اصلی حالت میں لے آیئے۔

دونوں ہاتھوں کو سینہ پر گزار کر بغلوں میں رکھ لیجئے پھر سر اور شانوں کو 6 انچ اٹھایئے اور شانوں کو دائیں طرف موڑیئے جتنا زیادہ سے زیادہ موڑ سکتے ہیں اور اسی طرح بعد میں بائیں طرف موڑیئے اور پھر سر فرش پر رکھ لیجئے۔

دونوں مٹھیوں کو بند کریں اور پھر کھول لیں۔ بازار میں اسپرنگ والا چھوٹا ڈنبل ملتا ہے۔ اس سے زیادہ بہتر طریقہ پر ہاتھوں کی انگلیوں کی ورزش ہوتی ہے۔ 2 ڈنبل سے دونوں ہاتھوں کی ایک ساتھ ورزش کریں۔

پہلے دائیں کروٹ لیٹ کر سر اور شانہ کو زیادہ سے زیادہ اوپر اٹھایئے۔ چند سیکند اس حالت میں رہیے اس کے بعد سر اور شانہ کو واپس زمین پر اپنی اصلی حالت میں لے آئے پھر بائیں کروٹ لیٹ کر پہلی ورزش کریں۔

سیدھا لیٹیں اور پھر دونوں ہاتھوں اور دونوں پیروں کو سینہ کے اوپر کی طرف لایئے دونوں ہاتھوں کی انگلیوں سے دونوں پیروں کی انگلیوں کو چھونے کی کوشش کریں۔ اس طرح کہ گردن اور شانہ زمین سے اوپر ہوجائے اور اسی طرح ٹانگیں بھی زمین سے اوپر ہوجائے۔ یہ دونوں پیٹ کے اوپر ملائیں شروع میں انگلیاں آپس میں نہ مل سکیں گی لیکن کچھ دنوں بعد کامیابی ہوجائے گی۔

انسان کو چاہیے باقاعدگی سے روزانہ ورزش کریں اور متوازن غذا کھائیں تاکہ ہمیشہ صحت مند رہیں۔ علاج تدابیر کے علاوہ روزانہ ورزش کو زندگی کا ایک لازمی حصہ بنالیں۔ اس سے آپ کے پٹھے اور جھوڑ مضبوط رہیں گے اور آپ بڑی عمر میں ہڈیوں کی کمزوری یا بوسیدگی سے محفوظ رہیں گے۔