[ ماہنامہ دختران اسلام ] [ سہ ماہي العلماء ]      

   سرورق
   ہمارے بارے
   تازہ شمارہ
   سابقہ شمارے
   مجلس ادارت
   تازہ ترین سرگرمیاں
   خریداری
   تبصرہ و تجاويز
   ہمارا رابطہ



Google
ماہنامہ منہاج القرآن > مارچ 2008 ء > القرآن : جشن میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم
ماہنامہ منہاج القرآن : مارچ 2008 ء
> ماہنامہ منہاج القرآن > مارچ 2008 ء > القرآن : جشن میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم

القرآن : جشن میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری

شرعی، تاریخی، ثقافتی اور تربیتی پہلوؤں کا ایک جائزہ

میلادِ مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی صبح اَوّلیں سے اب تک چودہ صدیوں سے زیادہ کا عرصہ بیت چکا ہے لیکن آج بھی جب اس عظیم ترین ہستی کے پردۂ عالم پر ظہور کا دن آتا ہے تو مسلمانانِ عالم میں مسرت کی لہر دوڑ جاتی ہے۔ ماہِ ربیع الاول کا یہ مقدس دن اتنی صدیاں گزر جانے کے بعد بھی نویدِ جشن لے کر طلوع ہوتا ہے اور مسلمانوں کا سوادِ اعظم اس روزِ سعید کو بڑھ چڑھ کر مناتا ہے۔

ذیل میں ہم جشنِ میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے مختلف پہلوؤں پر ایک اِجمالی نظر ڈالیں گے تاکہ عمرانی تناظر میں اس کا کوئی گوشہ ہماری نظروں سے اوجھل نہ رہے :

  1. شرعی پہلو (Shariah aspect)
  2. تاریخی پہلو (Historical aspect)
  3. ثقافتی پہلو (Cultural aspect)
  4. تربیتی پہلو (Instructional aspect)
  5. دعوتی و تبلیغی پہلو (Dawah aspect)
  6. ذوقی و حبی پہلو (Motivational aspect)
  7. رُوحانی و توسّلی پہلو (Spriritual aspect)

1۔ شرعی پہلو (Shariah aspect)

جشنِ میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم منانے کے شرعی پہلو کو ہم درج ذیل تناظر میں صحیح طور سمجھ سکتے ہیں :

(1) نعمتِ الہٰیہ کی تذکیر

اللہ تبارک و تعالیٰ نے سابقہ امتوں کے احوال اور ان پر اپنی نعمتوں کا خصوصی تذکرہ کیا ہے اور حکم فرمایا ہے کہ ان احوال و واقعات اور احسانات خداوندی کو یاد بھی کیا کرو تاکہ اس تذکیر سے تمہیں نعمت کی قدر دانی کا احساس رہے۔ ارشاد فرمایا گیا :

وَلَقَدْ أَرْسَلْنَا مُوسَى بِآيَاتِنَا أَنْ أَخْرِجْ قَوْمَكَ مِنَ الظُّلُمَاتِ إِلَى النُّورِ وَذَكِّرْهُمْ بِأَيَّامِ اللّهِ إِنَّ فِي ذَلِكَ لَآيَاتٍ لِّكُلِّ صَبَّارٍ شَكُورٍO

(ابراهيم، 14 : 5)

’’اور بے شک ہم نے موسیٰ (علیہ السلام) کو اپنی نشانیوں کے ساتھ بھیجا کہ (اے موسیٰ!) تم اپنی قوم کو اندھیروں سے نکال کر نور کی طرف لے جاؤ اور انہیں اﷲ کے دنوں کی یاد دلاؤ (جو ان پر اور پہلی اُمتوں پر آچکے تھے)، بے شک اس میں ہر زیادہ صبر کرنے والے (اور) خوب شکر بجا لانے والے کے لیے نشانیاں ہیںo‘‘

حضرت اُبی بن کعب رضی اللہ عنہ اس آیت کی تفسیر میں روایت کرتے ہیں کہ اُنہوں نے حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو فرماتے ہوئے سنا :

بينا موسی عليه السلام فی قومه يذکرهم بأيام اﷲ، وأيام اﷲ بلاؤه ونعماؤه.

(قرطبی، الجامع لأحکام القرآن، 9 : 342)

’’جب کہ ہم میں موسیٰ علیہ السلام اپنی قوم کو اللہ کے دنوں کی یاد دلاتے تھے۔ اور اللہ کے دنوں سے مراد (اس کی طرف سے) مصائب اور نعمتوں کے اترنے کے دن ہیں۔‘‘

مفسرین کرام نے وَذَکِّرْہُمْ بِاَیَّامِ اﷲِ کی تفسیر کے ذیل میں حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہ کا قول نقل کرتے ہوئے کہا کہ اِس سے مراد ہے :

بنعم اﷲ عليهم.

’’اُن پر اللہ کی نعمتوں کا اُترنا۔‘‘

(قرطبی، الجامع لأحکام القرآن، 9 : 341)

حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہ کے نام وَر تابعی شاگرد مجاہد اس آیت کی تفسیر ان الفاظ میں کرتے ہیں :

بالنعم التی أنعم بها عليهم : أنجاهم من آل فرعون وفلق لهم البحر وظلّل عليهم الغمام وأنزل عليهم المن والسلوی.

(طبری، جامع البيان فی تفسير القرآن، 13 : 184)

’’اللہ کی ان نعمتوں کو یاد کرنا جو اس نے ان پر نازل کیں : اس نے ان کو آلِ فرعون سے نجات دی، ان کے لیے سمندر کو پھاڑا، ان کے اوپر بادلوں کا سایہ کیا اور ان پر من و سلوی اتارا۔‘‘

یہ آیت اتارنے کا مقصد یہ تھا کہ بنی اسرائیل اﷲ کے دنوں کی یاد منائیں تاکہ ان کی آئندہ نسلیں بھی ان دنوں کی یاد مناتی رہیں اور انہیں معلوم ہو کہ ان اَیام میں اللہ تعالیٰ نے انہیں کیسی کیسی نعمتوں سے نوازا تھا : انہیں فرعون کی سختیوں سے نجات دی گئی، فرعون کو غرقِ نیل کرکے انہیں اس میں سے صحیح سلامت نکالا گیا، اُن پر سخت دھوپ میں بادلوں کا سایہ کیا گیا حتی کہ ان کی خوراک کا بھی آسمانی بندوبست کیا گیا اور وہ من و سلویٰ سے نوازے گئے۔ اتنی کثیر نعمتوں سے مالا مال کرنے کے بعد ان کویاد دلایا جا رہا ہے کہ مرورِ اَیام سے وہ دن جب بھی لوٹ کر آئے تو ان پر لازم ہے کہ اُس دن ملنے والی نعمتیں یاد کرکے اپنے رب کا شکر بجا لائیں اور خوب عبادت کریں۔

(2) یومِ نزولِ مائدہ کو بہ طورِ عید منانا

قرآن حکیم میں اللہ تعالیٰ نے فرمایا :

قَالَ عِيسَى ابْنُ مَرْيَمَ اللَّهُمَّ رَبَّنَا أَنزِلْ عَلَيْنَا مَآئِدَةً مِّنَ السَّمَاءِ تَكُونُ لَنَا عِيداً لِّأَوَّلِنَا وَآخِرِنَا وَآيَةً مِّنكَ وَارْزُقْنَا وَأَنتَ خَيْرُ الرَّازِقِينَO

(المائدة، 5 : 114)

’’عیسیٰ بن مریم نے عرض کیا : اے اﷲ! اے ہمارے رب! ہم پر آسمان سے خوانِ (نعمت) نازل فرما دے کہ (اس کے اترنے کا دن) ہمارے لیے عید ہو جائے، ہمارے اگلوں کے لیے (بھی) اور ہمارے پچھلوں کے لیے (بھی)، اور (وہ خوان) تیری طرف سے نشانی ہو، اور ہمیں رزق عطا کر اور تو سب سے بہتر رزق دینے والا ہےo‘‘

ابن جریر طبری رحمۃ اللہ علیہ نے جامع البیان فی تفسیر القرآن میں اس آیت کی تفسیر میں قولِ صحیح نقل کرتے ہوئے کہا کہ اِس دعا کا معنی یہ ہے کہ نزولِ خواں کا دن ہمارے لیے عید ہو جائے، اس دن ہم اسی طرح نماز پڑھیں گے جیسے لوگ عید کے دن نمازِ شکرانہ ادا کرتے ہیں۔

(طبری، جامع البیان فی تفسیر القرآن، 7 : 177)

اِس سے واضح ہوتا ہے کہ حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی مراد یہ تھی کہ وہ نزولِ مائدہ کا دن بہ طورِ عید منائیں، اس کی تعظیم و تکریم کریں، اﷲ کی عبادت کریں اور شکر بجا لائیں۔ اِس سے یہ اَمر بھی مترشح ہوا کہ جس دن اﷲ تعالیٰ کی کوئی خاص رحمت نازل ہوتی ہے، اس دن شکر الٰہی کے ساتھ اِظہارِ مسرت کرنا، عبادت بجا لانا اور اس دن کو عید کی طرح منانا طریقہ صالحین اور اہل اﷲ کا شیوہ رہا ہے۔ امام الانبیاء، محسنِ انسانیت حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی اس دنیائے آب و گل میں تشریف آوری کا دن خدائے بزرگ و برتر کی عظیم ترین نعمت اور رحمت کے نزول کا دن ہے، کیوں کہ اسے خود اﷲ نے نعمت قرار دیا ہے۔ اس لیے حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت مبارکہ کے دن عید منانا، شکر اِلٰہی بجا لانا اور اظہارِ مسرت و شادمانی کرنا انتہائی مستحسن و محمود عمل ہے، اور یہ ہمیشہ سے مقبولانِ الٰہی کا طریقہ رہا ہے۔

2۔ تاریخی پہلو (Historical aspect)

سلاطینِ اسلام بھی سرکاری سطح پر جشنِ میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا انعقاد کرتے رہے ہیں۔ اس میں سب سے نمایاں نام ابو سعید المظفر (م 630ھ) کا ہے جو سلطان صلاح الدین ایوبی (532۔ 589ھ) کے بہنوئی تھے۔ ان کے تفصیلی اَحوال شیخ ابو الخطاب ابن دحیہ کلبی (544۔ 633ھ) نے اپنی کتاب ’’التنویر فی مولد البشیر النذیر‘‘ میں رقم کیے ہیں۔ مزید برآں شیخ ابو مظفر یوسف (م 654ھ)۔ جو سبطِ ابن جوزی کے نام سے معروف ہیں نے اپنی کتاب ’’مرآۃ الزمان فی تاریخ الاعیان‘‘ میں سلطان کے حوالہ سے جشنِ میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے شاہی اِہتمام کی تفصیلات و جزئیات نقل کی ہیں۔ (مزید تفصیلات ’’میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ‘‘ از شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری)

تاریخی تناظر میں دیکھا جائے تو نعمتوں پر شکر بجا لانے کا حکم صرف اُمتِ محمدیہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ہی کو نہیں بلکہ سابقہ اُمتوں کو بھی دیا جاتا رہا۔ قرآن حکیم میں بنی اسرائیل کی طرف رُوئے خطاب کرکے ارشاد فرمایا گیا :

يَا بَنِي إِسْرَآئِيلَ اذْكُرُواْ نِعْمَتِيَ الَّتِي أَنْعَمْتُ عَلَيْكُمْ وَأَنِّي فَضَّلْتُكُمْ عَلَى الْعَالَمِينَO

(البقرة، 2 : 47)

’’اے اولادِ یعقوب! میرے وہ انعام یاد کرو جو میں نے تم پر کیے اور یہ کہ میں نے تمہیں (اس زمانے میں) سب لوگوں پر فضیلت دیo‘‘

2۔ قرآن حکیم میں حضرت زکریا علیہ السلام کو حضرت یحییٰ علیہ السلام کی ولادت کی بشارت کا تذکرہ ان الفاظ میں کیا گیا ہے :

يَا زَكَرِيَّا إِنَّا نُبَشِّرُكَ بِغُلاَمٍ اسْمُهُ يَحْيَى لَمْ نَجْعَل لَّهُ مِن قَبْلُ سَمِيًّاO

(مريم، 19 : 7)

’’(ارشاد ہوا : ) اے زکریا! بے شک ہم تمہیں ایک لڑکے کی خوش خبری سناتے ہیں جس کا نام یحییٰ (علیہ السلام) ہوگا ہم نے اس سے پہلے اس کا کوئی ہم نام نہیں بنایاo‘‘

3۔ حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی ولادت مبارکہ کا ذکر قرآن مجید میں اس طرح کیا گیا ہے :

إِذْ قَالَتِ الْمَلآئِكَةُ يَا مَرْيَمُ إِنَّ اللّهَ يُبَشِّرُكِ بِكَلِمَةٍ مِّنْهُ اسْمُهُ الْمَسِيحُ عِيسَى ابْنُ مَرْيَمَ وَجِيهًا فِي الدُّنْيَا وَالْآخِرَةِ وَمِنَ الْمُقَرَّبِينَO

(آل عمران، 3 : 45)

’’جب فرشتوں نے کہا : اے مریم! بے شک اﷲ تمہیں اپنے پاس سے ایک کلمہ (خاص) کی بشارت دیتا ہے جس کا نام مسیح عیسیٰ بن مریم ہوگا، وہ دنیا اور آخرت (دونوں) میں قدر و منزلت والا ہوگا اور اﷲ کے خاص قربت یافتہ بندوں میں سے ہو گاo‘‘

تاریخ کے آئینے میں سابقہ اور موجودہ اَقوام کے حالاتِ زندگی کا جائزہ لیا جائے تو یہ بات ایک ناقابلِ تردید حقیقت نظر آتی ہے کہ ہر دور کے لوگ اپنے مشاہیر کے اَیام بڑی دھوم دھام سے ایک جشن کی صورت میں مناتے چلے آئے ہیں۔ آج بھی اقوامِ عالم اپنے قومی و روحانی پیشواؤں اور بانیانِ مملکت کا یومِ ولادت سرکاری سطح پر مناتی ہیں۔ پاکستان میں بھی ہر سال 23 مارچ، 14 اگست، 9 نومبر اور 25 دسمبر کے دن بالترتیب یومِ جمہوریہ پاکستان، یومِ آزادی، یومِ اِقبال اور یوم قائد اعظم کے طور پر منائے جاتے ہیں۔ علیٰ ھذا القیاس عرب اور دیگر اَقوامِ عالم اپنے بادشاہوں اور قومی سطح کے رہنماؤں کی یاد ہر سال باقاعدگی سے مناتی ہیں، بلکہ عرب ممالک میں تو حکمرانوں کی تاج پوشی کا دن العید الوطنی کے نام سے معروف ہے۔

حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا یوم ولادت باسعادت بھی ایک ایسا ہی عظیم دن ہے جس پر اِظہارِ تشکر اور اِظہارِ مسرت ہوتا آرہا ہے اور اسے یوم عید کے طور پر منانے کی روایت قائم ہے، اور اس کی اصل قرآن و حدیث میں موجود ہے۔ اس پر اعتراض کی وجوہات کا تعلق حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذاتِ اَقدس کے حوالہ سے بعض لوگوں کی مخصوص قلبی کیفیت سے ہے، ورنہ ان خوشیوں کی تقریبات پر کوئی اِعتراض سراسر بلاجواز ہے۔ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پوری دنیائے انسانیت کے لیے ایک ایسا انقلاب لے کر آئے جس کی عالم گیریت اور آفاقیت پر کبھی دو آراء نہیں ہو سکتیں۔ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے پیروکاروں نے اپنے عظیم ہادی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی غیر فانی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر انسانی تہذیب و تمدن کے ایسے مینار روشن کیے اور ہمہ گیر معاشی و معاشرتی ترقی کی وہ مثالیں قائم کیں جس کی نظیر پوری تاریخِ عالم پیش نہیں کر سکتی۔ اِس لیے اُمتِ مسلمہ پر بہ درجۂ اَولیٰ لازم ہے کہ وہ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا میلاد مبارک منانے میں اَقوامِ عالم میں کسی سے پیچھے نہ رہیں بلکہ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت باسعادت کا عظیم ترین دن اس طرح منائیں کہ اقبال رحمۃ اللہ علیہ کے اس شعر کی تفسیر عملی طور پر نظر آنے لگے :

قوتِ عشق سے ہر پست کو بالا کر دے
دہر میں اِسمِ محمد سے اُجالا کر دے

(اِقبال، کلیات (اُردو)، بالِ جبریل : 207)

3۔ ثقافتی پہلو (Cultural aspect)

زمانۂ قدیم سے لے کر آج تک حیاتِ انسانی کے تمام شعبوں میں طرزِ بود و باش، معاشرتی میل جول اور خوشی و غم کے جذبات و اِحساسات کے پیرایۂ اِظہار کے اَطوار بدلتے چلے آرہے ہیں۔ ہر قوم کی اپنی ثقافت ہوتی ہے جو اس قوم کی پہچان ہوتی ہے۔ ہر قوم خوشی کا اظہار زمانے کے تقاضوں کو مدّ نظر رکھتے ہوئے اپنی ثقافت کے مطابق کرتی چلی آئی ہے اور مرورِ زمانہ کے ساتھ ساتھ ہر قوم کے رسوم و رواج اور ثقافت میں تغیر آتا رہا ہے۔ یہی صورتِ حال فرزندانِ اِسلام کی رہی ہے۔ قرونِ اُولیٰ میں اس دور کے تقاضوں کے مطابق رسوم و رواج مزاجاً سادہ تھے، لہٰذا ان کے خوشی منانے کے طریقے بھی سادہ ہوتے تھے۔ مگر جیسے جیسے زمانے میں تبدیلیاں رُونما ہوتی چلی گئیں اسی طرح ان کی ثقافت بھی تبدیل ہوتی رہی۔ پہلے سادگی کا عنصر نمایاں تھا اور ثقافتی اظہار خاموشی سے کیا جاتا تھا مگر موجودہ دور میں اِظہارِ ثقافت کی شکلیں زیادہ سے زیادہ نمود و نمائش کا رُخ اختیار کر گئی ہیں۔ اگر ہم اس تغیر کی وجوہات کا تجزیہ کریں تو شہری آبادیوں میں بے پناہ اِضافہ، تفریحی تقریبات کی اَشد ضرورت، انسانی زندگی میں الیکٹرانک میڈیا کا مرکزی کردار، جدید ایجادات، وسائل اور زندگی کی ہر طرح کی تقریبات کے عمومی حجم میں بے پناہ اضافہ کا رُجحان عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم جیسی بھرپور تقریبات کی magnificence اور large scale celebrations کے نمایاں اَسباب ہیں۔

اِن حقائق کے ہماری عملی زندگی پر بھرپور اِطلاق کی ایک مثال ہر سال منائی جانے والی ’’بسنت‘‘ ہے جسے حکومتی سطح پر منعقد ہونے والے ’’جشنِ بہاراں‘‘ کی تقریبات کا حصہ بنا دیا گیا ہے، اور اِس بابت عدالتِ عالیہ و عدالتِ عظمیٰ کے اَحکامات بھی نظر انداز کر دیے جاتے ہیں۔ اس کی تیاریاں ہفتوں پہلے شروع ہو جاتی ہیں، اربوں روپے کی پتنگیں اور ڈور بکتی ہے۔ کروڑوں روپے روشنیوں اور طرح طرح کے کھانوں کے انتظامات پر صرف کیے جاتے ہیں۔ صرف بسنت منانے کے لیے دنیا کے ہر کونے سے لوگ ہر سال لاہور آتے ہیں، کسی ایئر لائن پر سیٹ ملتی ہے، نہ ٹرین یا فلائنگ کوچز پر بکنگ ہوتی ہے۔ ’’بسنت‘‘ کی تقریبات کا جتنا پھیلاؤ ہے اتنے ہی اس کے اندر عیوب و خبائث پنہاں ہیں۔ سب سے نمایاں معصوم جانوں کا وہ نقصان ہے جو دھاتی ڈور یا چھتوں سے گر کر مرنے سے ہوتا ہے۔ اِس کے علاوہ اَربوں روپے کا ضیاع ہوتا ہے اور مرد و زن کی مخلوط محافل میں بے حیائی، فحاشی اور لچر پن کا طوفانِ بدتمیزی الگ بپا کیا جاتا ہے۔ اور اِن تمام خرافات و لغویات کو کلچر و ثقافت کا نام دیا جاتا ہے۔ إِنَّا لِلّهِ وَإِنَّـا إِلَيْهِ رَاجِعُونَ۔

اِسی کلچر کی دوسری مثال کی تفصیلات ہر سال یکم جنوری کے موقع پر اَخبارات میں چھپنے والی باتصویر رپورٹس سے حاصل کی جا سکتی ہیں۔ نیا عیسوی سال آنے پر Happy New Year کا تہوار قہر اِلٰہی کو دعوت دیتے ہوئے منایا جاتا ہے۔ تیسری مثال 14 فروری کو منایا جانے والا Valentine Day ہے، جسے پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا کے ذریعے ’’یومِ عشق‘‘ کا نام دے کر نسلِ نو کو مغربی تہذیب کی پیروی کی طرف راغب کرتے ہوئے ہماری اِسلامی و مشرقی اَقدار کی پامالی کا سامان بہم پہنچایا جاتا ہے، اُنہیں بے حیائی کی تعلیم دی جاتی ہے اور مخلوط محافل کا اِہتمام کیا جاتا ہے۔ مملکتِ خداداد پاکستان کی حکومت، قانون نافذ کرنے والے اِدارے اِس سیل بلا کا کیا سدباب کرتے ہیں؟

اِن دگرگوں حالات میں حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی میلاد کے موقع پر رُوحانی محافل کا اہتمام ایک ایسا عمل ہے جو ہمارے قومی دھارے کو فروغِ ہدایت کی راہ پر ڈھالنے کا ایک مؤثر ذریعہ بن سکتا ہے، اور ان تقریبات کی تعلیمات اور برکات کی وجہ سے ہم ’’بسنت کلچر‘‘ ’’Happy New Year کلچر‘‘ اور ’’Valentine Day کلچر‘‘ جیسی لعنتوں سے محفوظ ہو جائیں گے۔ اَفسوس اِس بات کا ہے کہ اگر حق پر مبنی ایک عقیدے کو مذہبی علوم سے بے خبر عوام کے سامنے مطعون کر کے پیش کیا جائے گا تو عامۃ الناس دین کے بارے میں واضح نظریات کے سرمائے سے محروم ہو جائیں گے، جس کا نتیجہ بے راہ روی اور بسنت کلچر ہی ہے۔ لہٰذا ہمیں چاہیے کہ ہم ہر پہلو سے اِسلام کا مطالعہ کرتے ہوئے حکمت و ضرورت کے پیشِ نظر اُس کی تعلیمات کا اِطلاق و اِنطباق درست سمت میں کریں۔ تاریخِ اِسلام کا مطالعہ کریں تو واضح ہوتا ہے کہ ہجرتِ مدینہ، میثاقِ مدینہ، یومِ غزوہء بدر، یومِ فتحِ مکہ اور یومِ نزول قرآن اپنی جگہ بڑی اَہمیت کے حامل ہیں۔ ان اَیام نے تاریخ کے دھاروں کا رخ بدل ڈالا لیکن اس کے باوجود قرونِ اُولیٰ کے مسلمانوں نے ان مہتم بالشان واقعات اور عظیم ایام کو منانے کا کوئی اہتمام نہ فرمایا۔ وجہ یہ تھی کہ اُس دور کا یہ رواج اور کلچر نہیں تھا مگر موجودہ دور اپنے جلو میں نئے ثقافتی اور تہذیبی تقاضے لے کر آیا ہے۔ موجودہ عصری تہذیبی و ثقافتی پس منظر میں ہم نہ صرف ان ایام کو شان و شوکت سے مناتے ہیں بلکہ ان کے علاوہ دورِ جدید کے تقاضوں کے مطابق اور بہت سے تہواروں کو منانے کا اہتمام بھی پُرمسرت اَنداز سے کیا جاتا ہے، جیسے یومِ پاکستان، یومِ آزادی، یومِ دفاع، یومِ بانی پاکستان، مزدوروں کا عالمی دن، خواتین کا عالمی دن وغیرہ۔

خلافتِ عثمانیہ میں حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت کے دن اِکیس (21) توپوں کی سلامی دی جاتی تھی۔ اِسی طرح مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ اور بلادِ یمن و شام میں میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم انتہائی تزک و احتشام سے منایا جاتا تھا۔ (مزید تفصیلات کے لئے ’’میلادالنبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم از شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری)

آج بھی عرب دنیا میں جب کوئی تخت نشین ہوتا ہے تو بڑی گرم جوشی سے اس کی تاج پوشی کا دن منایا جاتا ہے، یہی نہیں بلکہ ہر سال تخت نشینی کی رسم کے ساتھ بادشاہ کو تحائف سے نوازا جاتا ہے، توپوں کی سلامی دی جاتی ہے، مٹھائیاں تقسیم کی جاتیں ہیں اور ملک بھر میں عید کا سا سماں ہوتا ہے۔ پوری مغربی دنیا 25 دسمبر کو بطور عید (کرسمس ڈے) مناتی ہے لیکن وہ اس کی تیاریاں کئی ماہ قبل شروع کردیتے ہیں۔ ان کی دکانیں، گھر، بازار اور درخت کرسمس کی آمد کی نشان دہی کر رہے ہوتے ہیں۔ ان چار مہینوں (ستمبر تا دسمبر) میں امریکہ اور یورپ کی دنیا کا جوش و خروش دیدنی ہوتا ہے۔ لہٰذا جب حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی ولادت کی خوشیاں عیسائی دنیا بڑے کرّ و فرسے مناتی ہے، تو جس ہستی کی وساطت اور رِسالت کے تصدق سے سے عیسیٰ علیہ السلام اور دیگر تمام انبیاء کو نبوت و رِسالت ملی، اور جن کی بعثت کے لیے جد الانبیاء سیدنا ابراہیم علیہ السلام نے دعا فرمائی، اُن کا یومِ وِلادت اُمت مسلمہ کیوں نہ منائے!

آج حالات کے تقاضے یکسر بدل چکے ہیں، یوم آزادی اور دیگر اہم ایام کا منایا جانا ہماری ثقافتی زندگی کا جزو لاینفک بن چکا ہے؛ لہٰذا اسلامی ثقافت کی سب سے بڑی علامت (symbol) یعنی یومِ میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو کیسے نظر انداز کیا جاسکتا ہے! حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے محبت اصلِ ایمان ہے اور آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تعلیمات و اُسوہ پر عمل کے ساتھ ساتھ اِس محبت کا مؤثر ترین اِظہار جشنِ میلاد منا کر ہی کیا جاسکتا ہے۔ یہ بڑی ستم ظریفی اور نا انصافی ہوگی کہ آج کے مسلمان حکمران اپنی تخت نشینی کا دن پورے جوش و خروش سے منائیں اور اس پر کسی حلقے کی طرف سے بدعت و شرک کا فتویٰ نہ لگے اور اسے ثقافت کے نام پر جائز سمجھا جائے، لیکن جب تاجدارِ کائنات صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادتِ مبارکہ کا دن منایا جائے تو فتویٰ فروشوں کی زبانیں اور قلم حرکت میں آ کر بدعت و شرک کے فتوے اگلنا شروع کر دیں۔

4۔ تربیتی پہلو (Instructional aspect)

آج کے دور میں اِس اَمر کی ضرورت پہلے سے کہیں زیادہ ہے کہ ہم اپنی اولاد کو حُبِ رسولِ اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تعلیم دیں اور ان کی تربیت اس نہج پر کریں کہ ان میں آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے یک گونہ حبی و قلبی تعلق پختہ سے پختہ تر ہوتا چلا جائے۔ ان کے اندر یہ تعلق پیدا کرنے کے لیے میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم منانے کی ترغیب مؤثر ترین ذریعہ ہے۔ اس ضمن میں ہماری رہنمائی ایک حدیث مبارکہ سے ہوتی ہے جس میں اولاد کو حُبِ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تعلیم دینے کی تلقین ان الفاظ میں فرمائی گئی ہے :

أدبوا أولادکم علی ثلاث خصال : حبّ نبيکم، وحبّ أهل بيته، وقراءة القرآن.

( سيوطی، الجامع الصغير فی أحاديث البشير النذير، 1 : 25، رقم : 311)

’’اپنی اولاد کو تین خصلتیں سکھاؤ : اپنے نبی کی محبت، نبی کے اہلِ بیت کی محبت اور (کثرت کے ساتھ) تلاوتِ قرآن۔‘‘

فی زمانہ اولاد کو حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی محبت سکھانے کا اس سے مؤثر اور نتیجہ خیز طریقہ اور کوئی نہیں کہ جب وہ شعور و آگہی کی عمر کو پہنچیں تو انہیں حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا میلاد منانے کی ترغیب دی جائے۔ زیادہ سے زیادہ ایسی محافل کا انعقاد کیا جائے جن میں تذکارِ سیرت و رِسالت ہوں، نعتیں پڑھی جائیں اور ایک خاص اہتمام کے ساتھ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ذکر کی مجالس بپا کی جائیں تاکہ بچوں میں اَوائلِ عمری ہی سے حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ساتھ یک گونہ ذہنی و جذباتی وابستگی پختہ تر ہوتی چلی جائے۔ چین میں جب کمیونسٹ انقلاب آیا تو ماؤزے تنگ (1893۔ 1976ء) کی تقریروں کے کیسٹ بچوں کے پیدا ہوتے ہی ان کے کانوں میں سنائے جاتے تھے، یہ عمل سال ہا سال جاری رکھا جاتا۔ اِنقلابِ روس کے دور میں بھی مدتوں نوجوان نسل کو لینن (1870۔ 1924ء) کے نام اور کام سے آشنا کیا جاتا رہا۔ انقلابِ ایران کی جدوجہد میں خمینی (1902۔ 1989ء) کی انقلابی تقریروں کی کیسٹیں بچوں کے کانوں میں سنائی جاتی رہیں۔ اس کا مقصد یہ تھا کہ بچے اس ماحول میں پرورش پائیں اور باشعور ہونے تک ایک خاص پیغام ان کے ذہنوں میں راسخ ہو جائے۔

والدین کی بنیادی ذمہ داری

مسلمان ہونے کے ناطے اور بہ حیثیت والدین ہماری یہ بنیادی ذمہ داری ہے کہ ایمان کی دولت اپنی اگلی نسلوں کو منتقل کرتے رہیں۔ اگر ہم ایک لمحہ کے لیے پیچھے مڑ کر دیکھیں تو ہم پر آشکار ہوگا کہ ہمارے ماں باپ نے ایمان کی عظیم دولت نہایت امانت و دیانت سے ہمیں منتقل کی۔ اب یہ ہماری ذمہ داری بنتی ہے کہ ایمان اور حُبِ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی یہ وراثت اپنی اولاد میں منتقل کر دیں تاکہ محبت کا یہ پیغام اگلی نسلوں تک پہنچتا رہے اور اس طرح چراغ سے چراغ جلنے کا عمل جاری رہے۔ اگر ہم اس فریضہ سے سبک دوش نہ ہو سکے تو روزِ حساب اس کوتاہی اور غفلت شعاری کے بارے میں ہم سے ضرور پوچھا جائے گا۔

دنیا کی موجودہ صورتِ حال اور ثقافتی یلغار سے اپنے آپ کو بچانے اور ایمان کی دولت محفوظ کرنے کے لیے حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تعلیمات پر عمل کرنا اور آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سیرتِ طیبہ کی پیروی کرنا اَز بس ضروری ہے۔ ہمیں چاہیے کہ ہم شعوری طور پر یہ کوشش کریں کہ سینوں میں حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی محبت کی شمع روشن رہے، اور ہم اگلی نسلوں کو محبتِ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی لازوال دولت منتقل کر سکیں۔ منتقلی کا یہ عمل کسی نہ کسی شکل میں سال بھر جاری رہتا ہے اور حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تعلیمات کا ذکر ہوتا رہتا ہے، قرآن مجید کے دروس ہوتے ہیں، حدیث شریف کا بیان بھی ہوتا ہے۔ مگر سال کے بارہ مہینوں میں ربیع الاول ایک خاص مہینہ ہے جس میں سب سے بڑھ کر حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے محبت و عشق کا پیغام دینے کی ضرورت ہے۔ اس مہینے میں حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی محبت کے ترانے الاپے جاتے ہیں، آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت مبارکہ کی بات ہوتی ہے، آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا بچپن یاد کیا جاتا ہے اور سیرت الرسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ترویج کے لیے خصوصی خطابات ہوتے ہیں۔ لہٰذا اگلی نسلوں کو حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی محبت کی تعلیم دینے کا اس سے مؤثر اور سنہری موقع کوئی نہیں کہ انہیں آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا میلاد منانے کی زیادہ سے زیادہ ترغیب دی جائے۔ ماہِ ربیع الاول میں بالخصوص اور سال کے دیگر مہینوں میں بالعموم ایسی محافلِ منعقد کی جائیں جن میں تذکارِ سیرت اور نعت خوانی کا خاص اِہتمام ہو، تاکہ نئی نسل کے قلب و روح میں حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ساتھ ذہنی و قلبی وابستگی اور جذباتی تعلق کو فروغ ملے۔

5۔ دعوتی و تبلیغی پہلو (Dawah aspect)

جشنِ میلاد کے مختلف پہلوؤں میں دعوتی و تبلیغی پہلو بھی بڑی اہمیت کا حامل ہے۔ جب ماہ ربیع الاول آتا ہے تو کثرت سے ایسی تقریبات منعقد ہوتی ہیں جن میں مختلف مشرب و مسلک رکھنے والے لوگوں کو شرکت کی دعوتِ عام دی جاتی ہے۔ مساجد میں محافلِ میلاد ایک اجتماع کی صورت اختیار کر لیتی ہیں۔ سرکاری اور غیر سرکاری سطح پر مختلف تقریبات منعقد ہوتی ہیں جن میں کثرت سے حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے واقعاتِ سیرت اور آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے اَوصافِ حمیدہ کے تعلیماتی پہلو بیان کیے جاتے ہیں، درود و سلام کے نذرانے اور گلہائے نعت آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے حضور پیش کیے جاتے ہیں۔ سیرت کے بیان میں حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے اَخلاقِ حسنہ کے مختلف گوشے اُجاگر کیے جاتے ہیں اور اِطاعت و اِتباعِ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر زور دیا جاتا ہے جس سے لوگوں میں محبت و اخوت اور یگانگت کے جذبات فروغ پاتے ہیں۔

یہ بدیہی حقیقت ہے کہ میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے اجتماعات دعوت اِلی اﷲ اور کلمہ حق کی سربلندی کے لیے ایک بہت بڑا وسیلہ اور انتہائی مؤثر ذریعہ ہیں۔ حکمت و دانش کا تقاضا ہے کہ یہ سنہری موقع ہرگز ضائع نہ کیا جائے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ مبلغین اور علمائے کرام محافلِ میلاد کے پلیٹ فارم سے مصطفوی اخلاق و آداب اور سیرت طیبہ کی روشنی میں معاملات و عبادات کا درس دیں۔ میلاد کے اس مقدس مہینے میں ایسی محافل کا انعقاد جن کے ذریعے لوگوں کو سیرتِ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی طرف راغب کیا جائے اور ان کے شعور کو بیدار کیا جائے دوسرے مہینوں کے مقابلے میں یقینًا بہتر اور زیادہ نتیجہ خیز ہے۔ محافلِ میلاد میں حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سیرتِ مطہرہ کے باب میں آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے شمائل و فضائل اور ان پہلوؤں پر زیادہ زور دیا جاتا ہے جن سے حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے محبت اور اتباع کے جذبات فروغ پائیں اور آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تعلیمات لوگوں کے دلوں میں گھر کر جائیں۔

6۔ ذوقی و حبّی پہلو (Motivational aspect)

ہر شے کی دو جہات ہوتی ہیں :

  1. ظاہری جہت
  2. باطنی جہت

کسی چیز کا نظر آنے والا پہلو اُس کی ظاہری جہت کہلاتا ہے جب کہ باطنی جہت کسی چیز کا وہ پہلو ہے جو ہر کس و ناکس کو نظر نہیں آتا بلکہ مخفی ہونے کی بنا پر ہمارے حواس اس کا ادراک نہیں کرسکتے۔ یہ مجرب اَمر ہے کہ جو چیز جس قدر مخفی، غیر مرئی اور غیر محسوس ہوگی وہ اُسی قدر لطیف اور زیادہ قدر و قیمت کی حامل ہوگی۔ روز مرہ زندگی میں سے اس کی مثال یوں سمجھی جاسکتی ہے کہ آپ دوقسم کے سیب لیں : ایک عام ضخیم سیب اور دوسرا سرخ پتلا سیب۔ پہلی قسم میں سوائے نفسِ سیب کے کوئی ذائقہ ملے گا نہ خوشبو، جب کہ دوسری قسم کا سیب جسے عرف عام میں ’’گولڈن سیب‘‘ کہا جاتا ہے اس میں حلاوت، ذائقہ اور خوشبو اس درجہ ہوگی کہ آپ دیر تک اُس کا ذائقہ اور حلاوت محسوس کرتے رہیں گے۔ آپ نے موازنہ کیا کہ دونوں میں کیا فرق ہے؟ بظاہر دونوں اپنی ہیئت اور شکل میں یکساں نظر آتے ہیں لیکن دونوں کے اندر موجود گودے میں مخفی حلاوت اور خوشبو۔ جو نظروں سے اوجھل ہے۔ نے ان کی قدر و قیمت میں بہت فرق پیدا کر دیا۔ بقول سعدی شیرازی رحمۃ اللہ علیہ :

ہرچہ بقامت کہتر بقیمت بہتر

کے مصداق جو چیز نظر آتی ہے وہ اس کی ضخامت ہے اور وہ اتنی قیمتی نہیں ہوتی جتنی کہ وہ چیز جو نگاہوں سے مخفی ہو یعنی لذت، حلاوت اور خوشبو۔ گویا اس کا خول اس دکھائی نہ دینے والی چیز پر پڑا ہے، جس کی اَہمیت اُس کے حجم اور ضخامت کے مقابلے میں بہ درجہا زیادہ ہے۔

اسی طرح جب ہم حصارِ دین میں داخل ہو کر ایمان کی طرف بڑھتے ہیں اور حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات سے ہماری نسبت اور ہمارا تعلق متحقق ہو جاتا ہے۔ اس تعلق اور نسبت کی بھی دو جہات ہیں : اس میں بھی ایک جہت ظاہری ہے اور دوسری باطنی ہے۔

اَعمال کی روح محبتِ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ہے

وہ تمام اَعمالِ صالحہ اور اِطاعات و عبادات جو ہم حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی اِتباع اور آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی نسبتِ مبارکہ کی پیروی میں ادا کرتے ہیں اَعمال کی ظاہری شکل ہے۔ یہ سب کچھ جو بادی النظر میں دکھائی دیتا ہے دراَصل وجودِ اَعمال ہے جس میں ایک حقیقی رُوح کار فرما ہے جو ان کو درجۂ قبولیت تک پہنچاتی ہے، اور وہ نظر نہ آنے والی لطیف حقیقت محبتِ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ہے۔

1۔ حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ارشاد فرمایا :

لا يؤمن أحدکم حتي أکون أحب إليه من والده وولده والناس أجمعين.

( بخاري، الصحيح، کتاب الإيمان، باب حب الرسول صلی الله عليه وآله وسلم من الإيمان، 1 : 14، رقم : 15)

’’تم میں سے کوئی شخص مومن ہو ہی نہیں سکتا جب تک کہ میں اسے اس کے ماں باپ، اس کی اولاد اور سب لوگوں سے زیادہ محبوب نہ ہو جاؤں۔‘‘

اس حدیثِ مبارکہ سے یہ حقیقت واضح ہوگئی کہ ہمارے اَعمال میں محبتِ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم روح کا درجہ رکھتی ہے، اگر یہ مفقود ہو تو روح سے عاری اَعمال بے اَجر، بے ثمر اور بے کار ہو کر رہ جاتے ہیں۔ اﷲ رب العزت کے نزدیک ان کی حیثیت پرِکاہ کے برابر بھی نہیں رہتی۔ اِس لحاظ سے محافلِ میلاد محبتِ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے اِحیاء کا مؤثر ترین ذریعہ ہیں۔ ان محافل و مجالس میں نعت اور صلوٰۃ و سلام کا جو اہتمام کیا جاتا ہے اس کے پیچھے کار فرما محرک یہی جذبہ ہوتا ہے کہ اصلِ ایماں محبتِ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ماند پڑ جانے والی حرارت کو پھر سے شعلہ بنایا جائے اور حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی محبت کا چراغ پھر سے مومنوں کے دلوں میں روشن کیا جائے۔ آج کے دورِ فتن میں ہمارے ایمان کو ہر جہت سے خطرات لاحق ہیں اور طاغوتی یلغار کئی محاذوں پر سرگرم عمل ہے۔ آج ایمان کی حفاطت کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ ہم شعوری کوشش کے ذریعے حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی محبت اپنی اولادوں کو منتقل کریں۔ منتقلی کا یہ عمل جو سال کے گیارہ مہینے تعلیماتِ نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور دروسِ قرآن کی شکل میں جاری رہتا ہے اس سلسلے کو ربیع الاول کے ماہِ مبارک میں خصوصی توجہ سے مہمیز کر کے آگے بڑھائیں تاکہ عشقِ مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا نقش ہمارے قلوب پر ’’کالنقش فی الحجر‘‘ کی طرح ثبت ہو جائے۔

7۔ رُوحانی و توسّلی پہلو (Spiritual aspect)

واقعاتِ میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سماعت سے روحانیت کو فروغ ملتا ہے۔ محافل و مجالسِ میلاد سے اِنسان کی روحانی اَقدار تقویت پاتی ہیں۔ اس لیے ان تقریبات میں یہ بات خصوصیت کے ساتھ پیش نظر رہے کہ ماہِ ربیع الاول کی سعید ساعتوں میں حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے زیادہ سے زیادہ روحانی فیوضات سے بہرہ ور ہونے کی شعوری کوشش کی جائے اور مشکل مہماتی اُمور میں حضور نبی رحمت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا وسیلہ اختیار کیا جائے، تاہم اگر اس موقع پر میلاد منانے کے قابلِ اعتراض پہلوؤں پر سخت گرفت نہ کی جائے اور انہیں برقرار رہنے دیا جائے تو ہم یقینا میلاد کے فیوض و برکات سے محروم رہیں گے۔ لہٰذا ضرورت اِس اَمر کی ہے کہ جشنِ میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم مناتے ہوئے طہارت و نفاست اور پاکیزگی کا کما حقہ خیال رکھا جائے۔ اِس حوالہ سے یہ اَمر دل و دماغ میں مستحضر رہنا چاہیے کہ جشنِ میلاد کے موقع پر محافل کے اِنعقاد، صدقہ و خیرات اور قربانی و ایثار کے پیچھے صرف اﷲ تعالی اور اس کے حبیب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی رضا و خوش نودی کے حصول کا جذبہ کارفرما ہو۔ احادیث مبارکہ میں ہے کہ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی خدمت میں درود و سلام اور اُمتیوں کے نیک و بد اَعمال بھی پیش کیے جاتے ہیں۔ صالح اَعمال پر سرکارِ دو جہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم خوشی کا اظہار فرماتے ہیں اور بدی و گناہ کی باتوں پر ناراضگی اور اَفسوس کا اِظہار کرتے ہیں۔ ہم جو میلاد کی خوشیاں مناتے ہیں وہ بھی حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے سامنے پیش کی جاتی ہیں۔ اگر محافلِ میلاد کی تقریبات صدق و اخلاص پر مبنی ہوں تو وہ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں پذیرائی اور مسرت کا باعث بنتی ہیں اور اﷲ تعالی بھی اپنے حبیب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی محبت کی خاطر کی جانے والی کوششوں کو شرفِ قبولیت سے نوازتا ہے۔

( بزار، البحر الزخار (المسند)، 5 : 308، 309، رقم : 1925)

اخلاصِ عمل کے باب میں شاہ ولی اﷲ محدث دہلوی (1114۔ 1174ھ) نے اپنے والد گرامی شاہ عبدالرحیم (1054۔ 1131ھ) کے معمول کے بارے میں جو لکھا ہے وہ ہمارے لیے چشم کشا ہے۔ وہ فرماتے ہیں کہ اُن کے والد ہر سال حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے میلاد کے موقع پر کھانے کا اہتمام کرتے تھے، لیکن ایک سال (بوجہ عسرت شاندار) کھانے کا اہتمام نہ کر سکے، تو کچھ بھنے ہوئے چنے لے کر میلاد کی خوشی میں لوگوں میں تقسیم کر دیے۔ رات کو اُنہوں نے خواب میں دیکھا کہ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے سامنے وہی چنے رکھے ہوئے ہیں اور آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم خوش و خرم تشریف فرما ہیں۔

(شاه ولی اﷲ، در الثمين فی مبشرات النبی الأمين صلی الله عليه وآله وسلم : 40)

لہٰذا ہمیں جشنِ میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم مناتے ہوئے اخلاص و للہیت کو مد نظر رکھنا چاہیے اور ہر اُس عمل سے بچنا چاہیے جو آقائے دو جہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی دل آزاری کا باعث بنے۔

^^ اوپر چليں ^^

^^ فہرست ^^

 << پچھلا صفحہ <<

>> اگلا صفحہ >>


This page was published on May 2, 2008



کاپی رائٹ © 1980 - 2017 ، منہاج انٹرنیٹ بیورو، جملہ حقوق محفوظ ہیں۔
Web Developed By: Minhaj Internet Bureau