[ ماہنامہ دختران اسلام ] [ سہ ماہي العلماء ]      

   سرورق
   ہمارے بارے
   تازہ شمارہ
   سابقہ شمارے
   مجلس ادارت
   تازہ ترین سرگرمیاں
   خریداری
   تبصرہ و تجاويز
   ہمارا رابطہ



Google
ماہنامہ منہاج القرآن > جنوری 2017 ء > اجتماعی شادیوں کی تقریبات
ماہنامہ منہاج القرآن : جنوری 2017 ء
> ماہنامہ منہاج القرآن > جنوری 2017 ء > اجتماعی شادیوں کی تقریبات

اجتماعی شادیوں کی تقریبات

منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے زیراہتمام 25 شادیوں کی اجتماعی تقریب 14 دسمبر 2016ء کو مرکزی سیکرٹریٹ کے سامنے گراونڈ میں منعقد ہوئی۔ تقریب میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری مہمان خصوصی تھے۔ چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری، جامعہ الازھر مصر کے نائب صدر پروفیسر ڈاکٹر محمد محمود احمد ہاشم اور جامعہ الازھر مصر کے کالج آف ہائر سٹڈیز کے وائس پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر محمد نصر الدسُوقۃ لبان نے تقریب میں خصوصی طور پر شرکت کی۔ سابق صدر آزاد کشمیر محترم سردار عتیق الرحمن، محترمہ بیگم عابدہ حسین، محترم ابرار الحق، امیر تحریک محترم فیض الرحمن درانی، محترم خرم نواز گنڈاپور، محترم فادر جیمز چنن، محترم غلام محی الدین دیوان، محترم فیاض وڑائچ، محترم حاجی امین قادری، محترم حاجی ارشد جاوید، محترمہ سعدیہ سہیل رانا اور محترمہ آمنہ بخاری بھی معزز مہمانوں میں شامل تھے۔

تقریب میں شریک مسلم جوڑوں کا نکاح محترم سید فرحت حسین شاہ، محترم علامہ عثمان سیالوی، محترم غلام مرتضیٰ علوی اور محترم علامہ محمد حسین آزاد نے پڑھایا جبکہ غیر مسلم جوڑوں کی مذہبی رسومات محترم فادر جیمز چنن نے ادا کیں۔ اس موقع پر منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کی طرف سے ہر دلہن کو زیور، دلہا کو انگوٹھی، جہیز میں ضروریات زندگی پر مشتمل 2 لاکھ روپے مالیت کا سامان اور باراتیوں کو کھانا بھی پیش کیا گیا۔ پروقار تقریب میں بارتیوں سمیت زندگی کے مختلف طبقہ ہائے فکر کی موثر شخصیات نے بھرپور شرکت کی۔ہر دلہن اور دولہا کے ہمراہ ان کے 50 عزیز و اقارب بطور باراتی تقریب میں شریک ہوئے۔

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کی ساری کاوش انسانیت پر مبنی ہے، جس میں مذہب، رنگ و نسل، سیاست کا کوئی فرق روا نہیں رکھا جاتا۔ صرف خدمت انسانیت کے جذبہ کے تحت اقلیتوں کو بھی شادیوں کی اجتماعی تقریب میں شامل کیا جاتا ہے۔ الحمدللہ منہاج القرآن کی 35 سالہ تاریخ میں دنیا کی کسی سرکاری یا غیر سرکاری تنظیم سے ایک پائی بھی فنڈ نہیں لیا۔ اسی لیے ہمارے لہجوں میں بے باکی اور جرأت ہے، خریدے ہوئے ضمیر آواز نہیں نکالتے۔ شادیوں کی اجتماعی تقریب میں شریک تمام جوڑوں کو مبارکباد اور ڈھیروں دعائیں دیتا ہوں۔شاندار انتظامات اور بے مثال انسانی خدمت انجام دینے پر شیخ الاسلام ڈاکٹر طاہر القادری نے مبارکباد دی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جامعہ الازھر مصر کے نائب صدر محترم پروفیسر ڈاکٹر محمد محمود احمد ہاشم نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر طاہرالقادری اور ان کا ادارہ منہاج القرآن پورے عالم اسلام کیلئے باعث فخر ہے۔ مجھے یہ خوشی ہوئی ہے کہ یہاں پر دین اور دنیا کے حوالے سے عظیم انسانی خدمات انجام دی جارہی ہیں۔

محترم سردار عتیق احمد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر طاہرالقادری نے غریب بچیوں کی رخصتی کیلئے عظیم بندوبست کیا جس پر مبارکباد کے مستحق ہیں۔ گزارش ہے کہ وہ سیاسی فتنوں کی رخصتی کا بھی کوئی انتظام کریں، 19کروڑ عوام ان سے تنگ آچکے ہیں۔ انسانی خدمت کے حوالے سے شیخ الاسلام ڈاکٹر طاہرالقادری کی عالمگیر خدمات پر ہمیں فخر ہے۔

تقریب میں محترمہ بیگم عابدہ حسین نے ہر سال ایک غریب بچی کی شادی کے اخراجات اٹھانے کا اعلان کیا اور کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری انسانیت کی خدمت کررہے ہیں۔ آزاد کشمیر اسمبلی کے رکن محترم غلام محی الدین دیوان نے کہا کہ ادارہ منہاج القرآن علم، تحقیق کے ساتھ ساتھ دکھی انسانیت کے دکھوں کا مداوا بھی کررہا ہے۔ اس فکر اور سوچ کو عام کرنے کی ضرورت ہے۔تقریب میں محترم ابرار الحق نے نعتیہ کلام پیش کیا۔

ڈائریکٹر منہاج ویلفیئر پاکستان محترم سید امجد علی شاہ نے پاکستان میں منہاج ویلفیئر پراجیکٹس کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ منہاج ویلفیئر نے اب تک 104 شادیوں کی اجتماعی تقاریب منعقد کیں جن میں 1200 جوڑوں کو جہیز سمیت ضروریات زندگی کی جملہ اشیاء کی فراہمی کے تمام اخراجات برداشت کئے۔ انتہائی غریب اور مستحق جوڑوں کا انتخاب منہاج ویلفیئر کی سلیکشن کمیٹی کے ذریعے کیا جاتا ہے۔ امسال ان اجتماعی شادیوں میں شریک دولہوں اور دلہنوں کا تعلق ڈیرہ اسماعیل خان، لکی مروت، چنیوٹ، وہاڑی، سرگودھا، بہاولنگر، میاں چنوں، مظفر گڑھ، پاک پتن ،حافظ آباد اور ٹوبہ ٹیک سنگھ سے ہے۔ علاوہ ازیں ادارہ آغوش کے تحت لاہور کے بعد سیالکوٹ اور کراچی میں بھی ادارہ کام شروع کر دے گا اور5 سو بچوں کی کفالت کی جائیگی۔ منہاج ویلفیئر فائونڈیشن تعلیم کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کررہی ہے۔

منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن یورپ کے ایم ڈی محترم داؤد مشہدی نے دنیا کے جنگ زدہ اور قدرتی آفات سے متاثرہ ممالک میں منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کی طرف سے فلاحی کاموں کی مکمل بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ منہاج ویلفیئر نے افریقہ، کینیا، ہیٹی سمیت دنیا کے کئی پسماندہ ممالک میں بھی کام کر رہی ہے، جہاں کوئی ڈونیشن نہیں ملتی بلکہ وہاں صرف خرچ کیا جاتا ہے۔

منہاج القرآن کے عہدیدار برطانیہ، فرانس، جرمنی اور ڈنمارک سے تقریب میں شرکت کیلئے خصوصی طور پر آئے۔ تقریب کا باقاعدہ اختتام اجتماعی خطبہ نکاح اور دعائے خیر سے ہوا، جس کے بعد شرکاء اور باراتیوں کے لیے پرتکلف کھانے کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔

فیصل آباد: منہاج ویلفیئر فاونڈیشن کے زیراہتمام 25 جوڑوں کی شادیوں کی اجتماعی تقریب

4 دسمبر 2016ء کو منہاج القرآن اسلامک سنٹر گلفشاں کالونی فیصل آباد میں منعقد ہوئی۔ اس پروقار تقریب کے مہمان خصوصی مرکزی ڈائریکٹر منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن سید امجد علی شاہ تھے جبکہ صدارت تحریک منہاج القرآن فیصل آباد کے ضلعی امیر سید ہدایت رسول شاہ قادری نے کی۔ علامہ شاہدلطیف، حاجی محمد امین القادری، چودھری بشارت جسپال، رانا رب نواز انجم، میاں کاشف محمود، رانا طاہر سلیم خاں، شیخ اعجاز احمد، ندیم چوہدری، حاجی محمد سلیم قادری، حاجی محمد اشرف قادری، ملک سرفراز قادری، میاں عبدالقادر، عمیرحنیف، منیرشہباز، زین العابدین، غلام محمد قادری کے علاوہ دیگر ممتاز سیاسی، مذہبی اور سماجی شخصیات معزز مہمانوں میں شامل تھیں۔

منہاج ویلفیئر فاونڈیشن کی طرف سے ہر دلہن کو ڈیڑھ لاکھ روپے سے زائد مالیت کا جہیز دیا گیا۔ اس سامان میں گھریلو ضروریات کی تمام اشیاء شامل تھیں۔ علاوہ ازیں ہر دلہن کو سونے کا کوکا اور ہر دلہا کو گھڑی کا تحفہ بھی دیاگیا۔ تقریب میں 1000 مہمانوں کو پرتکلف کھانا دیا گیا ہے۔

مرکزی ڈائریکٹر منہاج ویلفیئر فاونڈیشن سید امجد علی شاہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ صرف ماہ ربیع الاول میں منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن 62 شادیاں کروانے جا رہی ہے جس میں 25 فیصل آباد، 25 شادیاں لاہور اور 12 شادیاں گجرات میں ہوئیں۔ فرسودہ رسم و رواج اور غربت میں جکڑے معاشرے میں بیٹی کے ہاتھ پیلے کرنا غریب کے لیے ناممکن ہوتا جا رہا ہے ان حالات میں ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی سرپرستی میں چلنے والی منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن ملک کے دیگر شہروں میں علاقائی سطح پر پورا سال اجتماعی شادیوں کی تقاریب کا اہتمام کرتی ہے۔ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن دکھی انسانیت کی خدمت کیلئے بے سہارا اور یتیم بچوں کے منصوبے آغوش اور تھر جیسے علاقوں میں صاف پانی کی فراہمی کے منصوبے سمیت دیگر فلاحی اور تعلیمی منصوبوں پر کام کر رہی ہے۔

تقریب سے محترم علامہ شاہد لطیف، محترم حاجی محمد امین القادری، محترم بشارت جسپال، محترم سید ہدایت رسول شاہ قادری اور دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی ہمہ جہتی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔

^^ اوپر چليں ^^

^^ فہرست ^^

 << پچھلا صفحہ <<

>> اگلا صفحہ >>




کاپی رائٹ © 1980 - 2017 ، منہاج انٹرنیٹ بیورو، جملہ حقوق محفوظ ہیں۔
Web Developed By: Minhaj Internet Bureau