عالمی یوتھ ڈے کے موقع پر سیمینار

رپورٹ: چوہدری عتیق الرحمن

منہاج القرآن لیگ کے زیراہتمام 12 اگست کو عالمی یوتھ ڈے کے موقع پر ایمبیسڈر ہوٹل لاہور میں ’’نوجوان امن چاہتے ہیں‘‘ Youth Want Peace کے عنوان سے سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ پروگرام کی صدارت مرکزی صدر منہاج القرآن یوتھ لیگ محترم بلال مصطفوی نے کی۔ ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن انٹرنیشنل محترم ڈاکٹر رحیق احمد عباسی، مسٹر برائن ڈی ہنٹ پرنسپل آفیسر امریکن قونصلیٹ لاہور، محترم ساجد محمود بھٹی مرکزی ناظم یوتھ، ڈائریکٹر فارن آفیئرز محترم جی ایم ملک نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا۔ جس کی سعادت محترم حافظ محمد وسیم سیکرٹری دعوت لاہور یوتھ نے حاصل کی۔ کمپیئرنگ محترم عمران بھٹی ناظم یوتھ لاہور نے کی۔ تلاوت کے بعد بارگاہ مصطفوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں محترم کاشف چشتی نے ہدیہ عقیدت پیش کیا۔

اس موقع پر ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن محترم ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ منہاج القرآن یوتھ لیگ مبارک باد کی مستحق ہے کہ انہوں نے عالمی یوتھ ڈے کے موقع پر Youth Want Peace کے عنوان سے سیمینار کا انعقاد کیا۔ یہ خوبصورت خوشنما دنیا ہم سب کا اجتماعی گھر ہے جس میں ہم سب رہ رہے ہیں۔ اس کے حسن کی حفاظت اس گھر میں رہنے والے تمام افراد کی ذمہ داری ہے اس وقت جو چیز دنیا کے امن کو تباہ کررہی ہے اس میں دہشت گردی سب سے بڑا عنصر ہے۔ دنیا میں بدامنی دن بدن بڑھ رہی ہے نوجوان نسل سب سے زیادہ اس سے متاثرہے۔ دنیا میں امن قائم کرنے کے لئے لازمی ہے کہ ہم پیار، محبت اور رواداری کے رویوں کو فروغ دیں۔ عالمی رہنماء اپنے بیانات دیتے ہوئے احتیاط کریں کیونکہ اچھے و برے الفاظ ماحول اور تعلقات پر اثر انداز ہوتے ہیں۔ ہم امریکی صدارتی امیدواروں کے بیانات کی مذمت کرتے ہیں، ان کے ان غیر ذمہ دارانہ بیانات سے مسلمانوں کی دل آزاری ہوئی۔ ایسے بیانات سے گریز کرنا چاہئے۔ یوتھ لیگ نوجوانوں کی اصلاح کے لئے کوشاں ہے۔ قائد تحریک شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی تعلیمات کے مطابق رواداری اور برداشت کے ذریعے ہی امن کو فروغ دیا جاسکتا ہے۔ دہشت گردی کا کوئی مذہب نہیں ہے لہذا دہشت گردی کو کسی مذہب کے ساتھ جوڑنا غیر مناسب ہے۔ بدقسمتی سے دنیا میں مسلمانوں اور اسلام کو سمجھا نہیں جاسکا اور ان دونوں کے بارے میں غلط سوچ اور تصورات قائم کئے گئے ہیں۔ اسلام اور مسلمانوں کے بارے اس غلط سوچ کا ازالہ کرنے کے لئے ضروری ہے کہ مغربی دنیا، مسلمانوں کے ساتھ مراسم بڑھائے اور گفت و شنید کے دروازے کھولے۔ دہشت گردی کی اصل وجوہات معاشی بدحالی، استحصال، غربت، سیاسی غلامی اور ناخواندگی ہے۔ عالمی برادری کو ان وجوہات کے خاتمے کے لئے بھی مشترکہ لائحہ عمل طے کرکے اس پر عمل درآمد کرنا چاہئے۔

پرنسپل آفیسر امریکن قونصلیٹ برائن ڈی ہنٹ نے خطاب کرتے ہوئے کہا منہاج القرآن یوتھ لیگ کو مبارک باد دیتا ہوں کہ انہوں نے اس اہم دن انتہائی اہم موضوع ’’نسل نو امن چاہتی ہے‘‘ کا اہتمام کیا۔ آج پوری دنیا دہشتگردی کی لپیٹ میں ہے۔ دنیا میں امن قائم کرنے کے لئے نوجوانوں کے معاشی و معاشرتی مسائل حل کرناہوں گے۔ ملک میں جمہوریت ہو، ادارے مضبوط ہوں، قانون کی بالا دستی ہو، تب ہی امن قائم ہوگا۔ عالمی سطح پر امن کے قیام کے لئے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری اور منہاج القرآن یوتھ لیگ کی خدمات قابل تحسین ہیں۔ امن کے قیام کی کوشش کو کامیاب کرنے کے لئے ہر سطح پر عدم مساوات اور طبقاتی تقسیم کو ختم کرنا ہوگا۔ مذاہب کی صحیح تعلیمات کو سمجھنا ہوگا۔ اسلام ایک پرامن مذہب ہے اس لئے دہشت گردی کو کسی مذہب بالخصوص اسلام کے ساتھ نتھی کرنا درست عمل نہیں ہے۔ مسلمانوں کی اکثریت امن اور محبت دوست ہے اور امن کے لئے کام کررہی ہے۔

ناظم یوتھ محترم ساجد محمود بھٹی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کا موضوع ایک اہم اور حساس موضوع ہے کیونکہ امن اور یوتھ ایک دوسرے سے جدا نہیں ہیں۔ آج کے دور میں بدامنی کا شکار اور مضطرب و پریشان بھی نوجوان نسل ہے اور دہشت گردی کے لئے استعمال بھی نوجوان ہی کو کیا جارہا ہے۔ لہذا آج کا نوجوان امن کا متلاشی ہے۔ پوری دنیا اس وقت دہشت گردی کی لپیٹ میں ہے اور بڑے پیمانے پر امن کے قیام کی کوشش بھی ہورہی ہے۔ دنیا میں امن کا خواب اس وقت تک مکمل نہیں ہوسکتا جب تک دہشت گردی کی کوئی واضح تعریف نہیں ہوتی، انسانوں اور معاشروں کی محرومیوں کا خاتمہ نہیں کردیا جاتا اور دنیا بھر میں جمہوریت اور جمہوری رویے ہر سطح پر پروان نہیں چڑھتے۔ جمہوری رویے برداشت، تحمل، پیار و محبت، عدل وانصاف، مساوات، آزادی رائے و تحریر، احترام انسانیت، عوامی رائے کا احترام، جیو اور جینے دو، سوچ اور نظریہ کی آزادی اور احترام، اپنے تصورات اور نظریات کو دوسروں پر مسلط کرنے سے گریز اور بنیادی انسانی حقوق کی آزادی اور احترام کا نام ہے۔ اگر یہ سوچ ہر ملک، ادارے اور شخص میں پیدا ہوجائے تو ہر طرف امن قائم ہوسکتا ہے۔

محترم بلال مصطفوی (صدر یوتھ لیگ) نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج دنیا کا ہر پانچواں نوجوان غربت کی نچلی سطح پر زندگی گزار رہا ہے۔ پاکستان کی کل آبادی کا 23 فیصد نوجوان ہیں۔ آج کی نوجوان نسل امن چاہتی ہے اس وقت نوجوان نسل اپنے کامیاب مستقبل کے لئے بقائے باہمی کے اصولوں پر مشتمل خوشگوار اور پرامن معاشرے کی تشکیل کا خواب دیکھ رہی ہے۔ منہاج القرآن یوتھ لیگ نوجوانوں کی اصلاح اور امن کے قیام کے لئے کوشاں ہے۔

پاکستان ہاکی ٹیم کے سابق کپتان محمد ثقلین نے کہا منہاج القرآن یوتھ لیگ مبارکباد کی مستحق ہے کہ انہوں نے یوتھ سیمینار کا انعقاد کیا۔ عالمی سطح پر اسلام کے صحیح پیغام کو پہنچانے کے لئے منہاج القرآن کا کردار قابل تحسین ہے۔

اس سیمینار سے محترمہ سمیرا رفاقت، محترم چوہدری ظہیر عباس گجر اور محترم اشتیاق حنیف مغل مرکزی نائب صدر منہاج القرآن یوتھ لیگ نے بھی خطاب کیا۔