منہاج یونیورسٹی بی اے کے نتائج کا اعلان

منہاج یونیورسٹی کو چارٹر ملنے کے بعد بی اے کے پہلے امتحانات کے نتائج کا اعلان
تقریب میں صوبائی وزیر تعلیم محترم میاں عمران مسعود کی خصوصی شرکت

منہاج یونیورسٹی کو چارٹر ملنے کے بعد 2007 میں ہونے والے بی اے کے پہلے امتحانات کے نتائج کا اعلان کر دیا گیا۔ اس حوالے سے یونیورسٹی کے اولڈ کیمپس ماڈل ٹاؤن میں انتہائی پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس کی صدارت وائس چانسلر منہاج یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد نذیر رومانی نے کی جبکہ صوبائی وزیر تعلیم میاں عمران مسعود مہمان خصوصی تھے۔ یونیورسٹی کے ڈپٹی رجسٹرار جی ایم ملک نے بی اے کا رزلٹ اناؤنس کرتے ہوئے بتایا کہ چارٹر ملنے کے بعد منہاج یونیورسٹی کے گرایجوایشن امتحانات کا نتیجہ 67فیصد رہا۔ منہاج کالجز فار ویمن لاہور کی رابعہ حنیف نے 578 نمبر لے کر پہلی، منہاج کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز کے حافظ شکیل احمد نے 577 نمبر لے کر دوسری پوزیشن اور منہاج کالج فار ویمن لاہور کی زھرہ اقبال نے 572 نمبر لے کر تیسری پوزیشن حاصل کی۔ انہوں نے کہا کہ اندرون ملک منہاج یونیورسٹی کے ذیلی 8 کالجز اور 572 سکولز شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی تعلیمی میدان میں عظیم خدمات کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر ڈاکٹر محمد نذیر رومانی نے کہا کہ منہاج یونیورسٹی کو چارٹر ملنے کے فوراً بعد گرایجوایشن کی کلاسز کا آغاز کر دیا گیا تھا اور دو سال بعد B.A کے نتائج کا اعلان بھی کردیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کا رزلٹ 67فیصد ہے جو اس بات کا ثبوت ہے کہ ہمارے اساتذہ انتہائی قابل ہیں۔ ہماری کامیابی کا راز یہ ہے کہ ہم نے معیار تعلیم پر کبھی سمجھوتہ نہیں کیا۔ دو سال کے اندر ہم نے ڈگری پروگرام بھی شروع کر دیئے تھے۔ جن میں سائنس، کامرس، کمرشل اور سوشل سائنسز کے مضامین شامل ہیں۔

صوبائی وزیر تعلیم میاں عمران مسعود نے خطاب کرتے ہوئے کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی تعلیم کیلئے خدمات گرانقدر ہیں اور پوری دنیا میں منہاج القرآن کے تعلیمی ادارے اسلام اور ملک کیلئے تاریخی کردار ادا کر رہے ہیں۔ ڈاکٹر طاہرالقادری میں تعلیمی خدمات وطن عزیز کا اثاثہ ہیں۔ اس لیے منہاج یونیورسٹی کو کسی سفارش کے تحت نہیں بلکہ میرٹ پر چارٹر ملا ہے۔ حکومت پنجاب صوبے میں تعلیم کا فروغ چاہتی ہے اور منہاج یونیورسٹی جیسے اچھے تعلیمی ادارے تعلیم کے فروغ میں حکومت کا ہاتھ بٹار ہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی نے نتائج کے حوالے سے جو فول پروف انتظامات کئے گئے ان کو دیکھ کر دلی اطمینان ہوا ہے۔ ہائر ایجوکیشن کمیشن منہاج یونیورسٹی جیسے اعلیٰ تعلیمی اداروں کو فنڈز دے۔ حکومت پنجاب عنقریب اساتذہ کی تنخواہوں میں بھی معقول اضافہ کرے گی۔

تحریک منہاج القرآن کے ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے تعلیم کے فروغ کے لئے جو خواب دیکھا وہ منہاج یونیورسٹی کے صورت میں موجود ہے۔ کسی بھی NGO کی طرف سے بنائی جانے والی یہ پاکستان کی واحد یونیورسٹی ہے جو عالمی سطح پر اپنی شناخت رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ الحمد اللہ ہمارا معیار تعلیم ایسا ہے کہ یہاں کا گریجوایٹ دیگر یونیورسٹیوں کے ماسٹر ڈگری سے بھی بہتر قابلیت رکھتا ہے۔

تقریب کے اختتام پر صوبائی وزیر نے پوزیشن ہولڈزطلباء و طالبات میں انعامات تقسیم کئے۔ منہاج یونیورسٹی کے بے اے کے امتحانات کے نتائج یونیورسٹی کی ویب سائٹ www.mul.edu.pk پر آن لائن بھی موجود ہے۔