ہدایات برائے قومی انتخابات 2008ء

شوریٰ / فیڈرل کونسل کے اجلاس منعقد مورخہ 10، 11 فروری 2007ء میں آمدہ قومی انتخابات 2008ء سے متعلق تحریکی / پارٹی پالیسی کی تشکیل کیلئے اراکین شوریٰ / فیڈرل کونسل کی سفارشات کی توثیق سنٹرل ورکنگ کونسل کے اجلاس منعقدہ مورخہ 27 مارچ 2007ء نے کر دی تھی۔ درج ذیل قرارداد جنرل کونسل کے اجلاس منعقدہ مورخہ 2007-11-25 میں پیش کی گئی جسکی جنرل کونسل نے منظوری دی اور بانی و سرپرست اعلیٰ تحریک / پارٹی چیئرمین محترم المقام شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری مدظلہ العالی نے توثیق فرمائی۔

"پارٹی کی جنرل کونسل کے فیصلہ کے مطابق پاکستان عوامی تحریک عام اِنتخابات 2008ء سے لاتعلقی اور علیحدگی کا اِعلان کرتی ہے یعنی پاکستان عوامی تحریک بحیثیت جماعت جنرل الیکشن 2008ء میں اپنے اُمیدوار نامزد نہیں کرے گی۔ پاکستان عوامی تحریک کسی اِنتخابی اِتحاد کا حصہ نہیں بنے گی، اسی لئے اُس کی تنظیمات اور جملہ کارکنان کسی اُمیدوار یا پارٹی کی حمایت کے لئے اجتماعی طور پر الیکشن عمل کا حصہ نہیں بنیں گے"

علاوہ ازیں سنٹرل کوآرڈینیشن کونسل نے تحریک / پارٹی اور اسکے کارکنان و عہدیداران کیلئے طے شدہ الیکشن پالیسی کے مطابق ہدایات کی منظوری دی ہے لہذا درج بالا فیصلے کی روشنی میں تحریک منہاج القرآن اس کے جملہ فورمز، عہدیداران اور پاکستان عوامی تحریک کے مرکز سے لیکر یونٹ ہر سطح کے عہدیداران پر لازم ہے کہ درج ذیل ضابطہ / پالیسی پر مکمل عمل درآمد کو یقینی بنائیں۔ اس فیصلے کے پیش نظر جملہ تنظیمات، عہدیداران و کارکنان کیلئے درج ذیل ضابطہ و ہدایات جاری کی جاتی ہیں:

  • کسی بھی سطح پر اجتماعی حیثیت میں کسی امیدوار کی اعلانیہ حمایت نہیں کی جائے گی۔
  • کسی بھی عہدیداران کو اس بات کی اجازت نہیں کہ وہ کسی جماعت یا امیدوار کی حمایت کا اعلان کرسکے ایسا کرنے والے کو فوری طور پر اسکی ذمہ داری سے الگ کر دیا جائے گا۔
  • کسی بھی عہدیدار یاتنظیم کو کسی امیدوار یا جماعت کے حق میں بیان دینے، بینر لگوانے اور اس کی انتخانی مہم میں اعلانیہ شرکت کی اجازت نہیں ہو گی۔
  • اگر کسی حلقہ میں کوئی ایسا امیدوار تنظیم سے رابطہ کرے جو تحریک کے مقاصد کے فروغ کیلئے ممدومعاون ثابت ہوتا ہو اور تحصیل کی تنظیم اس کو اجتماعی ووٹ دینے کا فیصلہ کرنے پر متفق ہو تو وہ اس کی اجازت PAT کی سنٹرل کوآرڈنیشن کونسل سے حاصل کرنے کی پابند ہو گی۔
  • اجتماعی حمایت کی صورت میں بھی صرف غیر اعلانیہ طور پر وابستگان و رفقاء انفرادی حیثیت میں اُس اُمیدوار کوووٹ دیں گے اور اس کے علاوہ کسی قسم کی اضافی مہم Activity، جلسے، جلوس میں شرکت نہیں کی جائے گی اور نہ اس حمایت کا عوامی سطح پر اعلان بذریعہ بیانات، بینرز، پوسٹر وغیرہ کیا جائے گا۔
  • کسی استثنائی صورت درج بالا ضابطہ میں نرمی دینے کا اختیار صرف PAT کی سنٹرل کوآرڈنیشن کونسل کو ہو گا۔
  • اسی طرح مشن و تحریک کے وسیع تر مفاد میں کسی استثنائی صورت میں PAT کی سنٹرل کوآرڈنیشن کونسل کو اختیارحاصل ہو گا کہ کسی بھی حلقہ (قومی و صوبائی) کے بارے کوئی فیصلہ کر سکے جس کی پابندی متعلقہ سطح اور جملہ عہدیداران وکارکنان پر لازم ہوگی۔ البتہ ایسا فیصلہ کر نے سے قبل متعلقہ سطح سے مشاورت ضرور کی جائے گی۔
(انوار اختر ایڈووکیٹ)
سیکرٹری جنرل پاکستان عوامی تحریک
(ڈاکٹر رحیق احمد عباسی)
 ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن