پاکستان میں کارکنوں کے روز و شب

کراچی

رپورٹ : اے ایس گاڈت کراچی

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے ترجمہ عرفان القرآن کی تقریب رونمائی کے سلسلے میں تحریک منہاج القرآن سندھ کے زیراہتمام محترم ڈاکٹر خواجہ محمد اشرف کی سرپرستی میں دو عظیم الشان تقاریب کراچی میں منعقد ہوئیں۔ پہلی تقریب تحریک سندھ کے مرکز دعوت و تربیت جامع مسجد رحمانیہ طارق روڈ پر قائم منہاج القرآن لائبریری میں سابق سینٹر محترم سید قمرالزماں شاہ کی زیرصدارت منعقد ہوئی جس میں 200 سے زائد علماء و مشائخ، دانشور اور قومی شخصیات نے شرکت کی جبکہ دوسری بڑی تقریب مادر علمی جامعہ کراچی کے شعبہ معارف اسلامیہ کے آڈیٹوریم میں شیخ الجامع محترم ڈاکٹر پیر زادہ قاسم رضا صدیقی کی زیرصدارت منعقد ہوئی جس میں بڑی تعداد میں دانشور اور اہل علم و ادب کے علاوہ اساتذہ کرام نے شرکت کی اس کامیاب پروگرام کے انعقاد کے بعد منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے مرکزی ڈپٹی ڈائریکٹر محمد مسعود احمد عثمانی کی خواہش پر محترم ڈاکٹر خواجہ محمد اشرف کی نگرانی میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے ترجمہ قرآن عرفان القرآن کی آڈیو ویڈیو کیسٹ سی ڈیز، آڈیو سی ڈیز، ایم پی 3 پلئیر اور ایم پی 3 سی ڈی تیار کرکے قائد محترم کو اہل کراچی کی جانب سے تحفہ پیش کرنے کا پروگرام طے کیا گیا اور اس سلسلے میں منہاج القرآن یوتھ لیگ سندھ کے سابق صدر ڈاکٹر وسیم الطاف زبیری (یو ایس اے) سابق ناظم ادارہ منہاج القرآن سندھ خضر غفور قریشی (یو کے) شیخ محمد اقبال سرور چیف پیٹرن میڈیا ونگ زاہد لطیف، ممتاز اعوان، زاہد علی راجپوت، راقم اور قاری مظہر حسین عباسی پر مشتمل ٹیم نے طویل غور خوض کے بعد شیخ الاسلام کے ترجمہ قرآن کی ریکارڈنگ کے لئے امام خانہ کعبہ الشیخ عبدالرحمن السدیس کی تلاوت اور ترجمہ کی آواز کے لئے بین الاقوامی شہرت یافتہ نعت خواں و کمپیئر QTV، تحریک منہاج القرآن کے دیرینہ رفیق صاحبزادہ تسلیم احمد صابری کا انتخاب کیا گیا۔ کراچی کے معروف جدید آڈیو اسٹوڈیو (عمر ڈیجیٹل اسٹوڈیو ODS) میں پروجیکٹ ڈائریکٹر زاہد لطیف کی قیادت میں 21 جون کی شام سے کام کا آغاز کیا گیا۔

ماہِ جون میں محترم صاحبزادہ تسلیم احمد صابری کی آواز میں روزانہ کی بنیاد پر ایک پارہ کا ترجمہ ریکارڈ کرنے کا ہدف لیکر ریکارڈنگ شروع کی گئی۔ سٹوڈیو کے انچارج عمر قریشی کے دونوں صاحبزادے اویس قریشی اور عامر قریشی اور عاملین سید عقیل اورنگزیب اور عارف نوری نے اس پروجیکٹ میں دلجمعی خوش اخلاقی و عقیدت مشنری جذبے کے ساتھ منہاج القرآن کے جملہ احباب کی معاونت کی اور یوں زاہد لطیف کی قیادت میں زاہد علی راجپوت، مظہر عباسی، ممتاز اعوان، عبدالرؤف، فضل الرحمن صدیقی نے کام کا آغاز کیا۔

ترجمہ کی ریکارڈنگ کے ساتھ آڈیو کیسٹ اور آڈیو ویڈیو سی ڈیز کے لئے ایڈیٹنگ کا کام بھی جاری رہا۔ تقریباً ڈھائی ماہ کے قلیل عرصہ میں 11 ستمبر بروز منگل صبح صادق کے وقت ترجمہ اور آڈیو Editing کا کام نعرہ تکبیر، نعرہ رسالت اور درود شریف پر اختتام ہوا۔ دوران ریکارڈنگ نامور علماء، مفتی عامر، مفتی نعیم، عالمگیر شہرت یافتہ نعت خاں طاہر قادری، فرحان قادری، ڈاکٹر نثار معرفانی، فرقان قادری، افضل نوشاہی، میلاد مصطفیٰ، احمد رحمانی، رضوان قادری، عمران شیخ عطاری اور الحاج خورشید احمد (مرحوم) نے شرکت کی اور اس عظیم منصوبے کے آغاز پر مسرت کا آغاز کیا۔ دوران ریکارڈنگ منصوبہ کی کامیابی کے لئے جاوید پی پی اور آصف پی پی نے بھی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ اس کے علاوہ ARY نیٹ ورک کے چیف ایگزیکٹو حاجی عبدالرؤف، QTV کے ڈائریکٹر خلیل ملت خلیل احمد وارثی کے ہمراہ خصوصی طور پر شریک ہوئے۔

رمضان المبارک میں QTV پر روزانہ شیخ الاسلام کا ترجمہ قرآن عرفان القرآن نشر ہونے لگا اور لوگوں میں بے حد قبولیت کو حاصل کیا۔ رمضان المبارک میں دوران اعتکاف مرکزی ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی کے ہمراہ مسعود احمد عثمانی نے اپنی ٹیم کے اراکین زاہد لطیف و زاہد علی راجپوت کے ہمراہ اعتکاف گاہ میں قائد محترم کو جب ترجمہ قرآن عرفان القرآن کی آڈیو ویڈیو سی ڈی، ایم پی تھری، آڈیو سی ڈی کے علاوہ ایم پی تھری پلئیر ڈیوائس پر مکمل عرفان القرآن پیش کیا تو قائد محترم نے انتہائی خوشی کا اظہار کیا اور پوری ٹیم کو اعتکاف میں اسٹیج پر بلاکر خصوصی شفقت کے ساتھ گراں قدر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ مرکز پر گزشتہ سال سے اس اہم ترین پروجیکٹ پر غوروخوض کیا جارہا تھا کہ ترجمہ قرآن عرفان القرآن کو ریکارڈ کرایا جائے پاکستان و دیگر ممالک سے کئی قراء حضرات نے عرفان القرآن کے ترجمہ کے لئے اپنی تلاوت اور کئی احباب نے ترجمہ اپنی آواز میں کرنے کی خواہش کا اظہار کیا، مرکز ابھی کوئی حتمی فیصلہ نہیں کر پایا تھا۔ کراچی کے ان ہونہار تحریکی سپوتوں نے خاموشی سے مرکز سے لاکھوں روپے کے اس پروجیکٹ کے لئے ایک روپیہ لئے بغیر عرفان القرآن کو ریکارڈنگ کی ہر شکل میں مجھے پیش کردیا ہے۔ اس اہم ترین فریضہ کی ادائیگی پر میں ڈاکٹر وسیم الطاف زبیری، خضر غفور قادری، مسعود احمد عثمانی، زاہد لطیف، زاہد علی راجپوت، عبدالصمد گاڈت، ممتاز اعوان، قاری مظہر حسین عباسی، سندھ کے اہم رہنما متحرک قائد خواجہ محمد اشرف جن کی نگرانی میں یہ کام ہوا اور اقبال سرور ان سب کو صمیم قلب سے مبارکباد دیتا ہوں۔

منہاج القرآن سیکرٹریٹ کراچی کا قیام

(رپورٹ : قیصر اقبال قادری)

تحریک منہاج القرآن کراچی کی تنظیم کو عرصہ دراز سے اس چیز کا شدت سے احساس ہورہا تھا کہ اس کا اپنا ایک Presentable سیکرٹریٹ ہو جو کہ بیک وقت تحریک منہاج القرآن کی تمام تر بنیادی ضروریات (بشمول وسیع و کشادہ کمرے، حتی الوسع فورمز اور بالخصوص ویمن کے لئے علیحدہ دفتر، پروگرامز منعقدکرنے کے لئے جگہ، مرکز سے آنے والے مہمانوں کے لئے قیام کی جگہ اور بالخصوص شیخ الاسلام کے لئے سیکورٹی کے ساتھ قیام و رہائش کا مناسب انتظام، سیل سینٹر اور ریکارڈنگ روم جیسی کئی سہولیات کو) پورا کرنے کا اہل ہو اور ساتھ ہی ساتھ عوام الناس کی رسائی بھی ہو اور کشادہ سڑک پر واقع ہو۔

درجہ بالا تمام شرائط و تقاضوں کو سامنے رکھتے ہوئے کافی عرصہ سے اجلاسات بلائے جارہے تھے اور اسی سلسلے میں ایگزیکٹو کونسل کا ایک فل ہاؤس اجلاس بلایا گیا جس کی صدارت محترم قاضی زاہد حسین نے کی اورنگران تحریک کراچی پروفیسر نعیم انور نعمانی نے خصوصی شرکت کی۔ اس اجلاس میں جملہ تقاضوں کو سامنے رکھ کر اس کام کو نظم سے سرانجام دینے کے لئے ایک کمیٹی تشکیل دی گئی جس کے سربراہ کی ذمہ داری (راقم امیر تحریک کراچی) کے پاس جبکہ ممبران کے طور پر سید محمد ظفر اقبال، محمود میمن، آصف پی پی، اطہر جاوید صدیقی، صغیر احمد، عصمت اللہ نیازی کو شامل کرکے جلد از جلد اس کام کو مکمل کرنے کی ذمہ داری لگائی گئی۔ تقریباً تین، چار ماہ تک شب و روز دورہ جات کئے گئے۔ دریں اثناء تحریک کے دیرینہ ساتھی محترم ظہیر قادری کے ذریعے ایک جگہ کے بارے میں علم ہوا۔ اس جگہ کے لئے بھی نگران تحریک کراچی اور ڈویژنل ٹیم کو بلا کر وزٹ کروایا گیا اس بات پر ٹیم کا اتفاق ہوا کہ یہ جگہ ہماری تقریباً تمام تر ضروریات کو پورا کرسکتی ہے۔

بالآخر سینئر رہنماؤں محترم قاضی زاہد حسین، محترم ڈاکٹر ایس ایم ضمیر، محترم ڈاکٹر خواجہ محمد اشرف، محترم نعیم انور نعمانی، محترم مسعود عثمانی سمیت دیگر تحریکی لوگوں نے اس جگہ کو بے حد پسند کیا۔ بعد ازاں مرکزی ناظم اعلیٰ محترم ڈاکٹر رحیق احمد عباسی کو کراچی وزٹ پر اس جگہ کا دورہ کروایا گیا جس پر انہوں نے بھی اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے منظوری دی۔ اس مرکز کی خریداری میں مرکزی تنظیم تحریک منہاج القرآن کا خصوصی تعاون اور کراچی کے عہدیداران و کارکنان اور خاص طور پر ویمن لیگ کا کردار ناصرف قابل ستائش ہے بلکہ اس کو تحریک کراچی کسی صورت بھلا نہیں سکتی کہ ان ہی کی کاوشوں سے اس مرکز کو خریدنے کے لئے 80 لاکھ کی خطیر رقم کا انتظام ممکن ہوا اور اس طرح یہ کام بالآخر 22 نومبر 2007ء بروز جمعرات مکمل ہوا اور یہ جگہ

Bunglow No. AS-9, Row No 3, National Cement Co-Operative Housing Society, Block 10-B, Gulshan-e-Iqbal, Karachi.

منہاج القرآن سیکرٹریٹ کراچی کے لئے حاصل کی گئی۔

سرحد : رپورٹ : سید امجد علی شاہ

مرکزی نائب ناظم تنظیمات محترم عبدالرسول سندھو نے گذشتہ ماہ سرحد کی مختلف تحصیلات پشاور، کوہاٹ اور نوشہرہ کا وزٹ کیا انہوں نے پشاور میں وفد کے ہمراہ تحریک منہاج القرآن کی سابقہ نامور شخصیات سے ملاقاتوں کا سلسلہ شروع کیا اور باضابطہ طور پر بحالی رفاقت مہم کا آغاز کیا۔ محترم عبدالرسول سندھو کے ساتھ وفد میں شامل راقم (صوبائی ناظم ویلفیئر)، صوفی عبداللطیف (نائب امیر تحریک سرحد)، سید امداد علی شاہ (سابقہ صوبائی ناظم سرحد) نے سب سے پہلے جسٹس ہائیکورٹ محترم شہزاد اکبر سے ملاقات کی۔ محترم شہزاد اکبر 1990ء میں پاکستان عوامی تحریک کے جنرل سیکرٹری (سرحد) تھے۔ اس موقع پر محترم شہزاد اکبر (جسٹس ہائیکورٹ) نے تحریک منہاج القرآن کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے تحریک کے شانہ بشانہ چلنے کا یقین دلایا۔

دوسری اہم ملاقات محترم عبدالعزیز شیراز چیف ایگزیکٹو شیراز انڈسٹری سے ہوئی، محترم شیراز 85 - 1984 میں شیخ الاسلام کے دروس قرآن کا اہتمام کرتے تھے مگر پچھلے کئی سالوں سے ذاتی مصروفیات کی بناء پر تحریکی سرگرمیوں سے لاتعلق تھے۔ جب ان سے ملاقات ہوئی تو انہوں نے شیخ الاسلام کے ساتھ ماضی کی خوشگوار یادوں کا محبت بھرے انداز سے تذکرہ کیا اور تاحیات رفاقت لیتے ہوئے دوبارہ سرگرم عمل ہونے کا یقین دلایا۔

تیسری ملاقات محترم سعید بٹ ایڈووکیٹ ہائیکورٹ سے ہوئی انہوں نے وفد کا پرتپاک استقبال کیا۔ محترم سعید بٹ بھی سابقہ جنرل سیکرٹری (پاکستان عوامی تحریک سرحد) تھے۔ انہوں نے بھی تحریک کے پلیٹ فارم سے دوبارہ متحرک اور فعال ہونے کی یقین دہانی کروائی۔ اس طرح وفد نے بحالی رفاقت مہم کا آغاز جس انداز سے کیا اس کے اثرات پورے سرحد پر مرتب ہوں گے اور تحریک منہاج القرآن اپنے تعلیمی، فلاحی، منصوبہ جات اور سرگرمیوں کے ذریعے صوبہ سرحد کے لوگوں کو بھی شعور و آگہی کی روشنی دینے کی بھرپور جدوجہد جاری رکھے گی۔

کوہاٹ

رپورٹ : محمد تنویر چشتی

تحریک منہاج القرآن کوہاٹ کی ایگزیکٹو کونسل کا اجلاس محترم عبدالرسول سندھو (مرکزی نائب ناظم تنظیمات) کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ جس میں سہ ماہی کارکردگی رپورٹ کا جائزہ اور بحالی رفاقت مہم کا آغاز اور کارکن سازی کا سال منانے کے لائحہ عمل پر غور کیا گیا۔ محترم محمدانور خان (صدر تحریک کوہاٹ) نے سہ ماہی کارکردگی رپورٹ پیش کی جس پر اطمینان کا اظہار کیا گیا انہوں نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ ہم نے ایک وفد تشکیل دیا جس نے DPO, DCO اور ڈی آئی جی سے ملاقات کی۔ ان تمام احباب نے تحریک اور شیخ الاسلام کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اپنے جذبات کا اظہار کیا۔ محترم عبدالرسول سندھو نے محترم محمد انور خاں قادری (صدر تحریک کوہاٹ) اور ان کی تمام ٹیم کو مبارکباد پیش کی۔

نوشہرہ : تحریک منہاج القرآن کی ایگزیکٹو کونسل کا اجلاس محترم عبدالرسول سندھو مرکزی نائب ناظم تنظیمات کی زیرصدارت ہوا۔ محترم خواجہ محمد اشرف (صدر تحریک نوشہرہ) نے سہ ماہی کارکردگی رپورٹ پیش کی۔ نوشہرہ کی میلاد کمیٹیوں کے مختلف وفود بھی اس میٹنگ میں شریک تھے۔ جن کا میٹنگ میں خیر مقدم کیا گیا۔ نوشہرہ میں پانچ CD ایکسچینج کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔ جن کو مربوط کرنے کی حکمت عملی محترم نائب ناظم تنظیمات نے واضح کی۔ اجلاس میں غیر فعال رفقاء کو دوبارہ فعال کرنے کی حکمت عملی پر بھی غور کیا گیا۔ میلاد کمیٹیوں کے وفود کو مرکز وزٹ کی دعوت دی گئی جو انہوں نے قبول کی۔

بلوچستان

گذشتہ ماہ بختیار آباد ڈومکی تحصیل لہڑی ضلع سبی بلوچستان میں مقام مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کانفرنس بسلسلہ یوم تاسیس MSM بڑے جوش جذبے سے منائی گئی جس میں MSM کے مرکزی صدر محترم محمد شعیب مغل اور مرکزی نائب صدر MSM محترم ظہیر عباس گجر نے شرکت کی۔ کانفرنس کے آغاز سے پہلے محترم محمد شعیب مغل نے محترم میاں روشن علی صوبائی صدر MSM بلوچستان کی زیر صدارت پروفیسرز، اساتذہ اور طلبہ سے خصوصی میٹنگ کی اس کے علاوہ درگاہ عالیہ کاملیہ درگاہ کٹبار شریف کا دورہ کیا۔ مقام مصطفیٰ کانفرنس کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ بعد ازاں میاں غلام محی الدین، میاں فیض احمد اور ظہیر عباس گجر نے خطابات کئے۔ بعد ازاں محترم محمد شعیب مغل نے مقام مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کانفرنس بسلسلہ یوم تاسیس MSM پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا مقصد صرف اور صرف مصطفوی انقلاب ہے آج کے دور میں صرف تحریک منہاج القرآن ہے جو دنیا کے تمام چیلنجز کا مقابلہ کرسکتی ہے۔ اس موقع پر انہوں نے بلوچستان کی چار یونیورسٹیز کی لائبریریوں کے لئے کتابوں کا اعلان کیا۔ صوبائی صدر MSM بلوچستان میاں روشن علی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ علم کا تقاضا عمل ہے، علم اور عمل لازم و ملزوم ہے۔ ہمارا مشن علم ہے۔ عشق رسول، محب وطن اور غیور قوم بنانا ہمارا مقصد ہے۔ تعلیمی اداروں سے سیاست، فرقہ واریت اور دہشت گردی کا خاتمہ ہماری ترجیحات ہیں۔ آخر میں مہمان نعت خوان شہزاد برادران نے نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پیش کی۔ بعد ازاں محترم محمد شعیب مغل نے جیکب آباد میں محترم فیض محمد کھوسہ سے میٹنگ کی جس میں تحریک کے حوالے سے تبادلہ خیال ہوا۔

جھنگ

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمدطاہرالقادری کے والد گرامی ڈاکٹر فریدالدین قادری کے 33 ویں سالانہ عرس مبارک کی شاندار تقریب ان کے مزار پر انوار کے سائے میں منعقد ہوئی۔ عرس مبارک کی صدارت سجادہ نشیں الحاج صبغت اللہ قادری نے کی جبکہ منہاج نعت کونسل، میاں سرور صدیق، عنصر علی ظہوری، ملک غلام حیدر اور دوسرے مقامی نعت خواں حضرات نے بارگاہ رسالت مآب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں عقیدت کے پھول نچھاور کئے۔ تقریب میں سیاسی، سماجی، مذہبی، معاشرتی شخصیات کے علاوہ بھاری تعداد میں معزز شہریوں نے شرکت کی۔ خصوصی خطاب محترم علامہ رانا محمد ادریس قادری نے کیا۔ لاہور مرکز سے آئے ہوئے مرکزی قائدین نے بھی خصوصی طور پر شرکت کی۔ آخر میں سجادہ نشین جناب حاجی صبغت اللہ قادری نے خصوصی دعا کرائی۔

ملتان

تحریک منہاج القرآن کی مرکزی نظامت تربیت کے زیراہتمام ملتان میں منہاج العمل پر عملدرآمد کے سلسلے کا پہلا اخلاقی و روحانی تربیتی کیمپ منعقد ہوا۔ کیمپ کی صدارت امیر تحریک منہاج القرآن صوبہ پنجاب احمد نواز انجم نے فرمائی۔ کیمپ میں ملتان کی ضلعی تنظیم، ٹاؤن کے عہدیداران اور جنوبی پنجاب کی تحصیلوں کے صدور و ناظمین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ کیمپ کے شرکاء سے امیر پنجاب محترم احمد نواز انجم اور مرکزی سینئر نائب ناظم تربیت علامہ غلام مرتضیٰ علوی، نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نظامت تربیت نے تحریک کے جملہ وابستگان کی انفرادی سطح پر تربیت کے منہاج العمل پرعملدرآمد کروانے کافیصلہ کیا ہے۔ ’’منہاج العمل‘‘ سے بہتر انفرادی اصلاح کا کوئی لائحہ عمل نہیںہے۔ شیخ الاسلام کے عطا کردہ منہاج العمل پرعمل کے آغاز سے کارکن سازی کا سفر تیز ہوگا، رفقاء کو لائحہ عمل میسر آئے گا اور عہدیداران کی اخلاقی و روحانی سطح بلند ہوگی۔ ہماری منزل مصطفوی انقلاب ہے اور ہمارا ہتھیار اوراسلحہ صرف کردارکی دولت ہے۔ شرکاء میں منہاج العمل کی کاپیاں تقسیم کی گئیں۔ کیمپ میں صوبائی ناظمین قمر عباس اور رشید چشتی، ناظم تحریک منہاج القرآن ملتان چوہدری مشتاق سندھو، امیر تحریک عبدالحمید بٹ، نائب امیر پروفیسر محمد جاوید اختر، صدر PAT میجر محمد اقبال اور دیگر قائدین نے شرکت کی۔ اس موقع پر شیخ محمد اعظم فیض کوملتان میں ناظم تربیت کی ذمہ داریاں قبول کرنے پرمبارکباد پیش کی گئی۔

تعزیت

گذشتہ ماہ منہاج القرآن یوتھ لیگ کے سابق مرکزی صدر عبدالجبار کاشمیری (گوجرانوالہ) کی والدہ ماجدہ، محترم چوہدری ذوالفقار (فرینکفرٹ جرمنی)، محترم شیر محمد (سعودی عرب)، محترم چوہدری ظفر (ڈنمارک) کے بھائی چوہدری محمد شفیع، محترم تاج گوندل (سعودی عرب) کی والدہ محترمہ، محترم محمد مالک انقلابی (آزاد کشمیر) کے والد گرامی، محترم حافظ محمد طارق (پتوکی) کے بڑے بھائی محترم محمد عاشق بنک ڈکیتی میں قتل ہوگئے، محترم ملک محمد اکبر جوئیہ (سرگودھا) کی والدہ، محترم محمد اشفاق (چنیوٹ) کے والد، محترم مقبول حسین قادری (ہارون آباد) کی دادی جان، محترم اصغر شاہین (بہاولپور) کے تایا جان، چوہدری رشید احمد (حویلی لکھا) کی والدہ اور محترم حافظ محمد نواز (حویلی لکھا) قضائے الہٰی سے انتقال فرماگئے ہیں۔ انا للہ وانا الیہ راجعون۔

اللہ تعالیٰ مرحومین کی بخشش و مغفرت فرمائے اور لواحقین کو یہ صدمہ ہمت اور صبر سے برداشت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین