ہزارہ ڈویژن (سرحد)

(رپورٹ : غلام سرور قادری)

تحریک منہاج القرآن ہزارہ ڈویژن کا اجلاس محترم شیخ زاہد فیاض نائب ناظم اعلیٰ کی زیر صدارت پریس کلب ایبٹ آباد میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایبٹ آباد، ہری پوری، حویلیاں، مانسہرہ، بالا کوٹ اور اوگی کے تحصیلی عہدیداران نے شرکت کی۔ اجلاس میں محترم عبدالرسول سندھو مرکزی نائب ناظم تنظیمات نے سال 08-2007 کی تجزیاتی رپورٹ پیش کی اور سال 09-2008 میں اگلے اہداف کے حصول کے لیے لائحہ عمل پر بریفنگ دی۔

محترم ضیاء الرحمن خان (صوبائی ناظم سرحد) نے ورکنگ پلان 09-2008 کے اہداف ہزارہ ڈویژن کے بارے اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ہزارہ ڈویژن کے لئے یہ سعادت کی بات ہے کہ شیخ الاسلام نے ہزارہ ڈویژن کو بارہ ماڈل سٹیز میں شامل کیا لہذا ہمیں رات دن مرکز کی طرف سے دیئے گئے اہداف کے حصول کے لئے وقف کرنا چاہئیں۔ محترم شیخ زاہد فیاض (نائب ناظم اعلیٰ) نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ مرکزی نظامت تنظیمات کو مبارکباد پیش کرتا ہوں کہ انہوں نے بروقت سال 08-2007 کی تجزیاتی رپورٹ تمام عہدیداران ہزارہ ڈویژن کے سامنے پیش کی۔ آئندہ برس کے اہداف کے حصول کے لئے ہمیں رات دن محنت کرنا ہوگی تاکہ ہم اپنی سرگرمیوں اور مرکزی پروگرامز کو بھرپور کامیاب بنا سکیں۔ اس موقع پر انہوں نے محترم عبدالرسول سندھو، محترم ضیاء الرحمن اور محترم سید امجد علی شاہ کو کامیاب اجلاس کے انعقاد پر مبارکباد پیش کی۔

آزاد کشمیر

(رپورٹ : محمد امتیاز احمد)

تحریک منہاج القرآن پاکستان کی مجلس شوریٰ کے اجلاس میں پاکستان کے مختلف شہروں میں 50 کنونشن منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ جس میں میر پور ماڈل سٹی کو اس مقصد کے لئے منتخب کیا گیا۔ اس کنونشن میں اس علاقے کی معزز شخصیات و عوام الناس نے تحریک منہاج القرآن میں شمولیت کا اعلان کیا۔ رفاقت سازی مہم کے دوران محمد امتیاز احمد صدر تحریک میر پور اور تحریکی راہنماؤں جناب حاجی محمد اقبال، جناب مظہر حسین قادری اور جناب محمد لطیف غوث نے مختلف علاقہ جات کا دورہ کیا اور اس مہم کا کامیاب بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔ مہم کے اختتام پر رفاقت کنونشن 2008ء کے نام سے ایک پروگرام ندیم میرج ہال میرپور میں منعقد کیا گیا۔ جس میں ہر شعبہ زندگی کے افراد نے شرکت کی۔ اس تقریب میں رفاقت سازی مہم میں اہم کردار ادا کرنے والے احباب کے لئے شیلڈز اور اسناد کا اعلان کیا گیا۔

جناب قاری ممتاز احمد نے تلاوت کلام پاک اور محترم خادم حسین نے نعت کی سعادت حاصل کی۔ اس کنونشن کے مہمان خصوصی محترم ڈاکٹر رحیق احمد عباسی ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن پاکستان تھے اور صدارت جناب سردار منصور احمد خان نے کی۔ رفاقت کنونشن کے بارے میں مختصر تفصیل محمد امتیاز احمد صدر تحریک میر پور نے پیش کی۔ منہاج القرآن ویمن لیگ میر پور کی صدر محترمہ شمیم سعید نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی خدمات کا مختصر خاکہ پیش کیا۔ جن اہم شخصیات نے تحریک میں شمولیت کا اعلان کیا اور کنونشن میں اظہار خیال کیا ان میں محترم جناب علامہ محمد شفیق الرحمن خطیب جامع مسجد مرکزی عید گاہ میر پور، جناب راجہ محمد شبیر سماجی شخصیت بندرال کالونی میرپور، چوہدری محمد رمضان وائس چیئرمین مرکزی میلاد کمیٹی میر پور، مرزا وجاہت بیگ سیکرٹری جنرل آزاد کشمیر پرائیویٹ سکولز اینڈ کالجز ایسویسی ایشن، میاں سلطان محمود ایڈووکیٹ سپریم کورٹ آزاد کشمیر اور پروفیسر علی احمد ملہی سرپرست اعلیٰ کرسینٹ ماڈل کالج میر پور شامل ہیں۔ ان تمام شخصیات نے تحریک اور قائد تحریک کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔ کنونشن میں لاہور سے آئے ہوئے مہمانان گرامی جناب ڈاکٹر طاہر حمید تنولی ڈائریکٹر اقبال اکیڈمی لاہور، ڈاکٹر علی اکبر الازہری مدیر اعلیٰ ماہنامہ منہاج القرآن اور جناب عبدالرسول سندھو نائب ناظم تنظیمات نے خطاب کیا اور نئے شامل ہونے والے تمام ساتھیوں کو خوش آمدید کہا۔ ناظم کشمیر محترم پروفیسر رشید احمد صدیقی نے کنونشن میں خصوصی شرکت فرمائی اور تحصیلی تنظیمات میں اسناد تقسیم فرمائی۔

رفاقت کنونشن کے مہمان خصوصی جناب ڈاکٹر رحیق احمد عباسی ناظن اعلیٰ تحریک منہاج القرآن پاکستان نے خطاب فرماتے ہوئے تمام نئے شامل ہونے والے خواتین و حضرات کو تحریک منہاج القرآن کی رفاقت اختیار کرنے پر مبارکباد پیش کی اور فرمایا یہ رفاقت معمولی رفاقت نہیں ہے۔ یہ ایک ولی کامل کی سنگت ہے۔ یہ دنیا اور آخرت دونوں میں ان شاء اللہ کام آئے گی۔ شیخ الاسلام جیسی روحانی، انقلابی اور علمی شخصیت عالم اسلام کے لئے سرمایہ ہے۔ اس لئے یہ رفاقت اختیار کرنے پر اللہ کا شکر ادا کرنا چاہئے۔ اس موقع پر میاں سلطان محمود ایڈووکیٹ کو آزاد کشمیر داد رسی سیل کا سربراہ مقرر فرمایا۔

صدر مجلس جناب سردار منصور احمد خان نے خطبہ صدارت پیش کیا اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے روحانی مقام پر گفتگو فرمائی اور ان کی زندگی کے چند روحانی واقعات بیان فرمائے۔

جناب ناظم اعلیٰ نے محمد مصطفی مدنی، صوفی محمد خورشید یمنی، ابرار حسین کیانی اور ناظمہ ویمن لیگ میر پور محترمہ کبریٰ نثار کو رفاقت سازی مہم میں نمایاں کردار ادا کرنے پر خصوصی شیلڈز دی گئیں۔ قاضی سرفراز احمد عباسی کی پرسوز دعا کے ساتھ رفاقت اپنے اختتام کو پہنچا۔

منہاج القرآن علماء کونسل کے زیر اہتمام علماء و مشائخ کنونشن

رپورٹ : میر محمد آصف اکبر۔ ناظم علماء کونسل پنجاب

گذشتہ ماہ منہاج القرآن علماء کونسل کے زیر اہتمام لاہور پریس کلب میں عظیم الشان علماء و مشائخ کنونشن منعقد ہوا جس میں جید و نامور علماء و مشائخ نے تحریک میں شمولیت کا اعلان کیا۔ کنونشن کی صدارت مرکزی امیر تحریک محترم صاحبزادہ مسکین فیض الرحمن درانی نے کی جبکہ محترم مفتی عبدالقیوم خان ہزاروی اور مرکزی نائب ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض نے خصوصی شرکت کی۔ محترم علامہ محمد شہزاد مجددی سرپرست اعلیٰ دار الاخلاص، محترم علامہ ڈاکٹر عارف حسین نعیمی ناظم اعلیٰ جامعہ نعیمیہ للبنات لاہور، شیخ الحدیث محترم مولانا حافظ محمد اکبر ناظم اعلیٰ جامعہ صدیقیہ و سابق ممبر سپریم کونسل جمعیت علماء پاکستان نورانی، پیر طریقت محترم سید غلام جیلانی شاہ سجادہ نشین شاہ پور کانجراں۔ پیر طریقت محترم سید غلام حسین شاہ سجادہ نشین واڑہ گجراں لاہور، محترم علامہ محمد حنیف جلالپوری جلالپور جٹاں گجرات، محترم علامہ غلام اصغر شاکر ناظم اعلیٰ جامعہ غوثیہ رضویہ گلبرگ، محترم علامہ سید فرحت حسین شاہ مرکزی ناظم علماء کونسل، محترم علامہ الحاج امداد اللہ قادری صدر علماء کونسل پنجاب نے خطاب فرمائے۔ مرکزی امیر تحریک محترم صاحبزادہ مسکین فیض الرحمن درانی نے تفرقہ بازی، لادینیت اور بدعقیدگی کے خاتمے نیز لادین قوتوں کی سرکوبی کے لئے صاحب درد علماء کرام و مشائخ عظام کے اتحاد و اتفاق کی ضرورت پر زور دیا۔

محترم علامہ محمد شہزاد مجددی نے کہا کہ شیخ الاسلام کی علمی قابلیت کو اپنوں کے علاوہ بیگانے بھی تسلیم کرتے ہیں۔ جدید دور میں اٹھنے والے فتنوں بالخصوص انکار حدیث کے فتنہ کی سرکوبی انتہائی ضروری ہے اور اس سلسلے میں تحریک منہاج القرآن نہایت اہم کردار ادا کر رہی ہے۔

علامہ ڈاکٹر عارف حسین نعیمی نے کہا کہ خدا اس قوم کی حالت نہیں بدلتا جو خود اپنی حالت بدلنے کے لئے فکر مند اور کوشاں نہ ہو۔ عوام اور علماء اہلسنت پر اللہ تعالیٰ کا بہت بڑا احسان ہے کہ اس نے ہمیں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری جیسی علمی تحقیقی ہستی عطا فرمائی ہے جو امت کے عقائد کی صحیح تعلیم و تربیت میں بے مثل کردار ادا کر رہی ہے یقینا منہاج القرآن عقائد کی پختگی اور قوم کی درست راہنمائی کا مظبوط قلعہ ہے۔

شیخ الحدیث حافظ محمد اکبر نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کا بہت بڑا احسان ہے کہ اس نے ہمیں اس طرح کی علمی تحقیقی ہستی عطا کی جو اس بدعقیدگی کے دور میں اصلاح عقائد امت کے لئے عالمی سطح پر بے مثال خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ اب اس سے بڑی غنیمت علماء اہلسنت کے پاس اور کوئی نہیں کہ وہ ان کے دست و بازو بن کر اتحاد امت کا مظاہرہ کریں۔

محترم پیر سید غلام جیلانی شاہ سجادہ نشین شاہ پور کانجراں، محترم علامہ مخدوم شفیق احمد اور محترم علامہ محمد حنیف جلالپوری نے کہا کہ موجودہ دور میں صیہونی، سامراجی اور لادینی طبقات سے نبرد آزما ہونے کے لئے علماء و مشائخ کو تاریخی کردار ادا کرنا ہوگا۔

شیخ الفقہ محترم مفتی عبدالقیوم خان ہزاروی نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن کا مرکز آپ علماء کرام کا اپنا مرکز ہے آپ کی آسانی اور مشکلات کے خاتمہ کے لئے تحریک منہاج القرآن نے ہر موضوع اور مسئلہ پر علمی تحقیقی کام کرکے بدعقیدہ قوتوں کا جینا حرام کر دیا ہے۔ آپ بھی علم اور تحقیق کو اپنا اسلحہ بناکر میدان عمل میں اتریں اس وقت امت کو لادینیت اور بدعقیدگی سے بچانا بہت بڑا چیلنج ہے۔

مرکزی ناظم سید فرحت حسین شاہ نے منہاج القرآن علماء کونسل کے پلیٹ فارم سے جدید دور کے علمی، فکری، سماجی اور معاشرتی مسائل کے حل کے لئے علماء کی مشاورتی کونسل کے قیام کا اعلان کیا کہ یہ کونسل علامہ محمد شہزاد مجددی، علامہ الحاج امداد اللہ قادری، علامہ ڈاکٹر عارف حسین نعیمی، علامہ محمد اصغر شاکر، علامہ محمد حبیب قادری، علامہ میر محمد آصف اکبر، علامہ تبسم بشیر اویسی پر مشتمل ہو گی اور جلد ہی دیگر جید علماء کرام کو اس میں شمولیت کی دعوت دی جائے گی۔ صدر علماء کونسل پنجاب الحاج امدادللہ قادری نے کہا کہ منہاج القرآن علماء کونسل علماء و مشائخ کو دعوت دیتی ہے کہ وہ ذاتی انتشار و افتراق کو ختم کر کے اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کریں اور دین اسلام کے خلاف اٹھنے والے جدید فتنوں کی سرکوبی کے لئے عملاً میدان میں اتریں۔ اس وقت اہلسنت میں کثیر تنظیمات موجود ہیں لیکن عملاً کسی کا وجود نہیں اور نہ ہی کوئی قد آور علمی شخصیت موجود ہے اس لئے علماء و مشائخ تحریک منہاج القرآن کی اس عالمگیر تحریک میں شامل ہوکر شیخ الاسلام جیسی برگزیدہ علمی، تحقیقی، تحریکی، روحانی ہستی کی ہمہ جہت خدمات سے استفادہ کرتے ہوئے اتحاد کی فضا پیدا کریں۔ تحریک منہاج القرآن کے دروازے اہلسنت کے ہر فرد کے لئے کھلے ہیں۔