نظامت تربیت تحریک منہاج القرآن کے زیر اہتمام ماڈل سٹیز میں تربیتی کیمپس کا انعقاد

رپورٹ : سید شاہد حسین کاظمی

مرکزی نظامت تربیت تحریک منہاج القرآن کے زیر اہتمام 12 ماڈل سٹیزمیں تربیتی کیمپس کا انعقاد کیا گیا۔ ان کیمپس کو کامیاب بنانے کے لئے مرکزی سطح پر 2 گروپ تشکیل دئیے گئے جنہوں نے ان کیمپس میں شریک کارکنان و عہدیدارانِ تحریک کو مختلف موضوعات پر لیکچرز دئیے۔ مرکزی قائدین پر مشتمل پہلا گروپ محترم ڈاکٹر رحیق احمد عباسی، محترم سردار منصور احمد خان، محترم غلام مرتضیٰ علوی اورمحترم قمر جاوید ملک پر مشتمل تھا جبکہ دوسرے گروپ میں محترم شیخ زاہد فیاض، محترم احمد نواز انجم، محترم ڈاکٹر تنویر اعظم سندھو اورمحترم میاں عبدالقادر قادری شامل تھے۔ یہ تربیتی کیمپس

٭ گوجرانوالہ ٭ ہزارہ ڈویژن ٭ سیالکوٹ ٭ میرپور ٭ لاہور ٭ جہلم ٭ کراچی

٭ راولپنڈی + اسلام آباد ٭ نواب شاہ (اندرون سندھ) ٭ فیصل آباد ٭ سرگودھا ٭ ملتان

میں منعقد ہوئے۔ ان تربیتی کیمپس میں دونوں گروپس کے باہمی اشتراک اور پلاننگ کے مطابق درج ذیل موضوعات پر مرکزی قائدین نے لیکچرز دیئے۔ جن کی تفصیل درج ذیل ہے :

  • کیمپ کے اغراض و مقاصد (محترم غلام مرتضیٰ علوی + محترم ڈاکٹر تنویر اعظم سندھو)
  • موثر طبقے تک دعوت کے فروغ کی اہمیت و طریقہ کار (محترم سردار منصور احمد خان + محترم ڈاکٹر تنویر اعظم سندھو)
  • UC لیول تک تنظیم سازی کی اہمیت (بذریعہ ویڈیو خطاب شیخ الاسلام) (محترم قمر جاوید ملک + محترم میاں عبدالقادر)
  • UC لیول تک تنظیم سازی کیسے کریں؟ (محترم احمد نواز انجم + محترم سردار منصور احمد خان)
  • بریفنگ منہاج العمل (محترم غلام مرتضیٰ علوی / قمر جاوید ملک + محترم ڈاکٹر تنویر اعظم سندھو)
  • منزل انقلاب اور عصر حاضر کی حکمت عملی (ویڈیو بریفنگ حضور شیخ الاسلام)
  • نشست سوال و جواب (مرکزی قائدین)
  • تنظیمی استحکام کی ضرورت و اہمیت، آئندہ ٹارگٹس (محترم ڈاکٹر رحیق احمد عباسی + محترم شیخ زاہد فیاض)

ان پروگرامز کی تفصیل درج ذیل ہے :

٭ میرپور (رپورٹ : حافظ احسان الحق) : تحریک منہاج القرآن کی مرکزی نظامت تربیت کے زیر اہتمام ماڈل سٹی میرپور آزاد کشمیر میں تحریک کے تمام فورمز منہاج القرآن ویمن لیگ، منہاج القرآن علماء کونسل، یوتھ لیگ، مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے تمام عہدیداران اور رفقاء کا تربیتی کیمپ منہاج ماڈل سکول میرپور میں منعقد ہوا۔ صدر تحریک میر پور محمد امتیاز، ناظم تحریک حافظ احسان الحق، محترم ابرار سرور شاہ، ناظم ویلفیئر محمد لطیف غوث، محمد اکرام اظہر، محمد الیاس ملنگی، مظہر حسین قادری، قاضی محمد عارف، طلبہ منہاج ماڈل سکول میرپور، قائدین کشمیر محمد ظفر اقبال طاہر ناظم کشمیر، پروفیسر رشید احمد صدیقی نائب امیر کشمیر اور خالد محمود انجم نائب ناظم کشمیر نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ مہمانان گرامی کو خوش آمدید کہا۔ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے شرکاء کیمپ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تنظیمی استحکام کی دو سمتیں ہوتی ہیں ایک عمودی اور دوسری افقی۔ تحریک منہاج القرآن کو دونوں سمتوں میں استحکام حاصل ہے۔ مرکزی سطح پر 25 نظامتیں کام کر رہی ہیں جبکہ نچلی سطح پر یونٹ اور سیکٹر لیول تک تنظیمات موجود ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ تحریک منہاج القرآن اس وقت دنیا کی انتہائی منظم اور مستحکم تحریک تسلیم کی جاتی ہے۔۔۔ ڈاکٹر تنویر اعظم سندھو نے کہا کہ مصطفوی مشن کے پیغام کو موثر طبقات تک پہنچانے کے لئے آقا علیہ الصلوۃ والسلام کی سیرت طیبہ کی روشنی میں حکمت عملی وضع کرنے کی ضرورت ہے۔ زندگی کے ہر طبقہ تک تحریک کا پیغام پہنچانا ہوگا تاکہ گنبد خضریٰ کی طرف رواں دواں یہ قافلہ جلد از جلد اپنی منزل حاصل کرسکے۔۔۔ میاں عبدالقادر قادری نے کہا کہ حلقہ ہائے درود شریف اور عرفان القرآن کورس کے ذریعے محبت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا پیغام گھر گھر پہنچانے اور عشق مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شمع فروزاں کرنے کے لئے ہر گلی اور محلے میں یہ چراغ روشن کرنے ہوں گے۔۔۔ محترم علامہ غلام مرتضی علوی نے کہا کہ شیخ الاسلام نے کارکنان و وابستگانِ تحریک کی علمی، فکری، روحانی اور اخلاقی تربیت کے لئے جو منہاج العمل دیا ہے اس پر عمل کر کے ہی ہم مصطفوی مشن کی منزل کو حاصل کر سکتے ہیں۔۔۔ محترم قمر جاوید ملک نے کہا کہ نظامت تربیت نے وابستگان تحریک کی عملی تربیت کے لئے جامع منصوبہ بندی کے تحت دنیا بھر مین مربوط تربیتی نظام ترتیب دیا ہے جس پر عمل درآمد سے ان شاء اللہ بہت جلد مصطفوی مشن کی منزل حاصل کرنے کا خواب شرمندہ تعبیر ہو گا۔۔۔ ناظم تحریک میرپور محترم احسان الحق نے معزز مہمانان گرامی اور شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور اس تربیتی کیمپ کے انعقاد کو مصطفوی مشن کے حصول کے لئے اہم سنگ میل قرار دیا۔ اس کیمپ میں میرپور، بھمبر، اسلام گڑھ، منگلا، چیچیاں، پنڈی سبھروال، ڈڈیال اور کوٹلی سے کثیر تعداد میںرفقاء نے شرکت کی۔

٭ نواب شاہ (اندرون سندھ) : مرکزی نظامت تربیت کے زیر اہتمام نواب شاہ سندھ میں ایک روزہ تربیتی کیمپ منعقد ہوا۔ اس تربیتی کیمپ میں اندرون سندھ تحریک منہاج القرآن کی 14 تحصیلی تنظیمات کے عہدیداران نے شرکت کی۔ کیمپ کی کاروائی کا آغاز حافظ محمد کاشف (صدر تحریک منہاج القرآن ماتلی) کی تلاوت سے ہوا، نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سعادت آصف علی نے حاصل کی۔ آنے والے شرکاء کے اعزاز میں کلمات استقبالیہ (مرکزی نائب ناظم تنظیمات برائے سندھ) محترم حفیظ اللہ بلوچ نے پیش کئے۔ مرکزی قائدین نے شیڈول کے مطابق محتلف موضوعات پر اظہار خیال فرمایا۔ محترم محمد ندیم نقشبندی (ناظم تحریک سندھ) نے کیمپ کے انعقاد پر نواب شاہ کے جملہ عہدیداران اور خصوصاً ڈاکٹر محمد کاشف صاحب کو مبارکباد پیش کی۔ کیمپ کی دوسری نشست میں نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد محترم ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے مختلف ڈویژن سے تشریف لانے والے عہدیداران سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ اس تربیتی کیمپ میں سکھر، لاڑکانہ، دھامرہ، میرو خان، بھان سیداں آباد، سہون شریف، میر پور خاص، میر واہ، ڈگری، ماتلی، دنبالو، کھپرو، سانگھڑ، شہداد پور، حیدر آباد، مورو، بھریا، نوشہرو فیروز اور دیگر تحصیلوں سے کثیر تعداد میں عہدیداران نے شرکت کی۔ کیمپ کی میزبانی کے فرائض جناب ڈاکٹر محمد کاشف صاحب نے سرانجام دیئے۔

ناظم اعلیٰ محترم ڈاکٹر رحیق احمد عباسی کی سربراہی میں مرکزی قائدین کے وفد نے اندرون سندھ میں متعدد مشائخ اور پیران عظام سے ملاقاتیں کی اور حضور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا پیغام پہنچایا۔ اس سلسلہ میں سکرن ضلع نواب شاہ میں درگاہ پیر ذکری میں پیر سید منیر احمد ذکری مدظلہ العالی سے پہلی ملاقات کی۔ اس ملاقات کا اہتمام جناب پیر مخدوم ندیم ہاشمی نے کیا تھا۔ مرکزی قائدین کے ہمراہ اس وفد میں مقامی رہنماؤں پیر مخدوم ندیم ہاشمی صاحب گھمبنٹ شریف، محترم حفیظ اللہ بلوچ مرکزی نائب ناظم تنظیمات، محمد ندیم نقشبندی ناظم تحریک اندرون سندھ، محترم ریاض محمود نقشبندی، ڈاکٹر کاشف محمود صدر تحریک منہاج القرآن نواب شاہ، پروفیسر صبغۃ اللہ صاحب آستانہ عالیہ رانی پور شریف اور نواب شاہ کے دیگر تحریکی احباب شامل تھے۔ پیر سید منیر احمد ذکری صاحب کو حضور شیخ الاسلام کا ترجمہ عرفان القرآن اور حدیث کی کتاب المنہاج السوی پیش کی گئی۔ پیر صاحب نے فرمایا کہ منہاج القرآن ہمارا گھر ہے۔ تبلیغ دین کا فریضہ ہمارا ہے۔ ہم تحریک منہاج القرآن کی عظیم اور عالمگیر خدمات کا اعتراف کرتے ہیں اور حضور شیخ الاسلام اور منہاج القرآن کے لئے دعا گو ہیں۔ بعد ازاں محترم ڈاکٹر محمد کاشف صدر تحریک منہاج القرآن نے مرکزی قائدین کو عشائیہ دیا۔ اس موقع پر پیپلز میڈیکل کالج PMC کے سینئرز ڈاکٹر صاحبان سے بھی ملاقات کا اہتمام کیا گیا تھا۔ پیپلز میڈیکل کالج کے پروفیسر جناب شمس الدین شیخ ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹ میڈیسنز PMC نواب شاہ، ڈاکٹر سلیم فیض اسسٹنٹ پروفیسر PMC، ڈاکٹر آصف رضا بروئی اسسٹنٹ پروفیسر PMC نواب شاہ نے اس عشائیہ میں خصوصی شرکت کی اور شیخ الاسلام کی ہمہ جہتی خدمات پر گفتگو کرتے ہوئے اس کی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کیا۔

٭ کراچی : گذشتہ ماہ نومبر میں مرکزی نظامت تربیت کے زیر اہتمام کراچی میں ایک روزہ تربیتی کیمپ منعقد ہوا۔ اس تربیتی کیمپ میں کراچی بھر سے 20 ٹاؤنز سے تحریک منہاج القرآن کی تنظیمات نے شرکت کی۔ شرکاء میں سے ایک بڑی تعداد منہاج القرآن ویمن لیگ کی بھی تھی۔ شیڈول کے مطابق مرکزی قائدین نے مختلف موضوعات پر اظہار خیال کیا۔ اس کے بعد ناظم تحریک کراچی محترم لطافت محمود نے تمام شرکاء اور مہمانان گرامی کا شکریہ ادا کیا اور کراچی کی ڈویژنل تنظیم کی کارکردگی رپورٹ پیش کی۔ محترم قیصر اقبال قادری نائب امیر تحریک نے شرکاء کو حلقہ ہائے درود کے قیام سے متعلق ہدایات دیں۔ کیمپ کا اختتام محترم پروفیسر نعیم انور نعمانی کی دعا پر ہوا۔ یہ تربیتی کیمپ منہاج القرآن اسلامک سنٹر بن قاسم ٹاؤن میں منعقد ہوا۔ کیمپ میں محترم حاجی محمد اقبال امیر تحریک منہاج القرآن کراچی، محترم سید محمد ظفر اقبال نائب امیر کراچی، محترم قیصر اقبال قادری نائب امیر کراچی، محترم علامہ عطا محمد فہیم ناظم تربیت کراچی، صدر پاکستان عوامی تحریک کراچی محترم ڈاکٹر ضمیر اور دیگر ڈویژنل عہدیداران، تمام ٹاؤنز کے عہدیداران اور تمام فورمز منہاج القرآن یوتھ لیگ، مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ، منہاج القرآن ویمن لیگ اور علماء کونسل کے 300 سے زائد عہدیداران نے شرکت کی۔