منہاج مصالحتی کونسل کو اوسلو حکومت کی طرف سے اوسلو ایوارڈ 2008 ء

اوسلو کی مقامی حکومت کی طرف سے ہر سال اوسلو کی ایک تنظیم کو سالانہ ایوارڈ ’’Oxlo Prize‘‘ کے نام سے دیا جاتا ہے، یہ انعام اس تنظیم کو دیا جاتا ہے جس نے گراں قدر سماجی و معاشرتی خدمات انجام دی ہوں۔ اس ایوارڈ کے علاوہ تنظیم کو 50000 کراؤن کا چیک بھی دیا جاتا ہے تاکہ فلاحی خدمات انجام دینے والوں کی حوصلہ افزائی ہو سکے۔ اوسلو حکومت نے منہاج مصالحتی کونسل کی خدمات کو سراہتے ہوئے 2008ء کا ایوارڈ منہاج مصالحتی کونسل کو دینے کا اعلان کیا ہے۔ منہاج القرآن انٹرنیشنل ناروے کی ذیلی تنظیم ’’منہاج مصالحتی کونسل‘‘ واحد اسلامی و مذہبی تنظیم ہے جس کو اس ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔

جیوری کے فیصلے کے مطابق منہا ج مصالحتی کونسل ناروے نے بچوں اور نوجوانوں کے علاوہ عام پبلک کے لیے بھی بے شمار خدمات انجام دی ہیں۔ جیوری کے فیصلے کے مطابق منہاج مصالحتی کونسل ناروے نے جن تعمیری بنیادوں پر کام کیا، ان میں کسی بھی مسئلے کا قبل از وقت تدارک بروقت معلومات پہنچا کر کرنا، عوام کو مفید مشورے اور آراء دینا، اپنے حلقہ احباب میں لوگوں کو فلاحی کام کرنے کے لیے ترغیب دینا اور آمادہ کرنا، لوگوں کے مسائل میں ثالثی کا کردار ادا کرنا اور مسائل کا بہترین حل پیش کرنا، نوجوان بچوں اور بچیوں کے لیے اصلاحی ورکشاپس کا انعقاد شامل ہیں۔ الغرض منہاج مصالحتی کونسل نے سرکاری و غیر سرکاری اداروں کے ساتھ مل کر اور ایک دوسرے کا دست و بازو بن کر معاشرے کی خدمت کی ہے۔

جیوری کے مطابق منہاج مصالحتی کونسل ناروے مختلف مذاہب کے درمیان ایک پْل کی حثیت رکھتی ہے اور منہاج مصالحتی کونسل ناروے نے اقلیت اور اکثریت کے درمیان نہ ٹوٹنے والا رشتہ قائم کر دیا ہے۔ اس ضمن میں ایک پروقار تقریب سٹی کونسل کے ہال میں منعقد کی گئی جس میں اوسلو کے مئیر Fabian Stang نے منہاج مصالحتی کونسل کے صدر اعجاز احمد وڑائچ کو "اوسلو ایوارڈ اور پچاس ہزار" کا چیک دیا۔ تقریب میں اوسلو کی نمائندہ شخصیات اور عوام الناس کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے Fabian Stang نے کہا کہ منہاج مصالحتی کونسل ناروے نے گراں قدر خدمات انجام دی ہیں۔ آج کے دور میں جو کام منہاج القرآن مصالحتی کونسل ادا کر رہی ہے یہی وقت کی ضرورت ہے اور ضرورت اس امر کی ہے کہ اور لوگ بھی فلاحی و سماجی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔

منہاج مصالحتی کونسل کے صدر اعجاز احمد ورائچ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم آئندہ بھی اسی جذبے کے ساتھ انسانیت کی خدمت کے لئے شب وروز اپنی کاوشیں جاری رکھیں گے۔