منہاج القرآن انٹرنیشنل لندن کے زیر اہتمام بین المذاہب مکالمہ

رپورٹ : آفتاب بیگ

گذشتہ ماہ منہاج القرآن انٹرنیشنل لندن کے زیر اہتمام بین المذاہب مکالمے کا اہتمام کیا گیا۔ منہاج القرآن رمفورڈ روڈ لندن میں مسلم، عیسائی، ہندو، سکھ، یہودی نمائندوں کے علاوہ مقامی این جی اوز اور کمیونٹی کے سوشل گروپ کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس کے پہلے مرحلہ میں تمام شرکاء کو سوالنامہ دیا گیا جس میں ایک دوسرے کو سمجھنے اور تعلقات کو بہتر بنانے کے بارے میں تجاویز لی گئیں بعد ازاں اسی بنیاد پر کھلا مباحثہ ہوا جس میں دلچسپ تجاویز اور اظہار خیال سامنے آیا۔ تمام شرکاء نے اس اہم موضوع پر منہاج القرآن انٹرنیشنل لندن کو ان کی اعلیٰ کوشش پر خراج تحسین پیش کیا۔

اجلاس سے منہاج القرآن لندن کے مرکزی امیر محترم علامہ محمد صادق قریشی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بنیادی طور پر تمام مذاہب نے امن و آشتی کا پیغام دیا ہے اور انسانیت کے خلاف جنگی اقدام خواہ وہ دنیا کے کسی بھی حصے میں ناقابل قبول ہیں۔ موجودہ دور میں دنیا بھر میں بدامنی کی جو لہر دوڑ رہی ہے اس کا قلع قمع کرنا وقت کی اشد ضرورت ہے۔ دین اسلام کی بنیاد ہی سلامتی اور امن ہے جو لوگ اس بنیادی اصول کو نظر انداز کرتے ہیں دراصل وہ اسلام کی تعلیمات کے خلاف چل رہی ہیں انہیں اپنی سمت کو درست کرنا ہوگا تاہم دیگر مذاہب کے انتہا پسند طبقوں کو بھی سیاسی یا معاشی سطح سے اٹھ کر انسانی بنیادوں پر اپنی اپنی خارجہ پالیسیوں کی سمت کا تعین کرنا ہوگا۔ ایک دوسرے کے مذاہب کو جاننے اور پرکھنے کا اہتمام ہونا چاہئے تاکہ نوجوان نسل کو مذاہب کے بارے میں بہتر معلومات حاصل ہوسکیں۔

اس موقع پر عیسائی مذہب کے نمائندہ فادر پیٹرک نے کہا کہ ہمیں خوف کے ماحول سے نکل کر اپنے آس پاس کے ماحول میں امن اور بھائی چارہ کی فضا کو قائم کرنے کے لئے کھل کر میدان عمل میں آنا ہوگا۔

ہیکنی کونسل کے راہنما مسٹر شون نے کہا کہ ہمیں مذہب کے دائروں میں رہتے ہوئے ایسے میدان میں مشترکہ حکمت عملی تشکیل دینی ہوگی جو ہر طبقہ فکر کو ایک دوسرے کے قریب لائے اس سلسلہ میں انہوں نے بین المذاہب اداروں اور ان سے منسلک نوجوانوں کے درمیان کھیلوں کے مقابلوں کو فروغ دینے کی تجویز پیش کی۔ آخر میں لندن کے صدر اشتیاق احمد قادری نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔

منہاج القرآن یوتھ لیگ کے 20 ویں یوم تاسیس کی عظیم الشان تقریب

منہاج القرآن یوتھ لیگ کے 20ویں یوم تاسیس کے موقع پر مورخہ 30 نومبر 2008ء ایوان اقبال کمپلیکس لاہور میں آل پاکستان یوتھ سیمینار منہاج القرآن یوتھ لیگ اور اقبال اکیڈمی پاکستان کے زیراہتمام "اسلام تیرا دیس ہے تو مصطفوی ہے " کے عنوان سے منعقد ہوا۔

سیمینار کی صدارت مرکزی صدر منہاج القرآن یوتھ لیگ محترم بلال مصطفوی نے کی جبکہ مہمان خصوصی ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن محترم ڈاکٹر رحیق احمد عباسی تھے۔ تحریک منہاج القرآن کے مرکزی قائدین اور یوتھ لیگ و MSM کے قائدین معزز مہمانان کے طور پر پروگرام میں شریک تھے۔

سیمینار کا باقاعدہ آغاز منہاج القرآن یو تھ لیگ کے معروف قاری محترم کاشف چشتی کی تلاوت قرآن پاک سے ہوا جبکہ ملک کے معروف ثناء خوان رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم محترم شہزاد حنیف مدنی نے نعت شریف پیش کرنے کی سعادت حاصل کی۔ کمپیئرنگ کے فرائض محترم اشتیاق حنیف مغل نے سرانجام دیے۔ منہاج القرآن یوتھ لیگ کے سینئر نائب صدر محترم منصور بلال علوی نے استقبالیہ کلمات میں منہاج القرآن یوتھ لیگ کی 20 سالہ خدمات کا اجمالی خاکہ پیش کیا۔

سیمینار میں منہاج القرآن یوتھ لیگ صوبہ پنجاب کی نمائندگی کرتے ہوئے میاں کاشف محمود (ممبر یوتھ کیبنٹ)، سندھی اور بلوچی میں صوبہ سندھ اور بلوچستان کی نمائندگی کرتے ہوئے محترم حفیظ اللہ بلوچ، صوبہ سرحد اور آزاد کشمیر کی نمائندگی کرتے ہوئے محترم ضیاالرحمن خان نے اپنے اپنے خطاب میں پنجاب، سندھ، بلوچستان، سرحد اور آزاد کشمیر میں منہاج القرآن یوتھ لیگ کے نوجوانوں کی فلاح و بہبود اور ملکی تعمیر و ترقی کے لیے دی جانے والی خدمات کی رپورٹ پیش کی۔

بعد ازاں سیکرٹری جنرل منہاج القرآن یوتھ لیگ محترم چوہدری ظہیر عباس گجر نے گذشتہ سال کی اعلیٰ خدمات کے اعتراف میں 11 مثالی تنظیمات، 4 مثالی ناظمین اور 4 مثالی کارکنان کے لیے حسن کارکردگی شیلڈز اور مصطفوی تمغوں کا اعلان کیا۔ ان مثالی تنظیمات میں لاہور، فیصل آباد، سرگودھا، گوجرانوالہ، راولپنڈی، اسلام آباد، سیالکوٹ، بہاولپور، شیخوپورہ، ہزارہ اور کراچی کی تنظیمات شامل ہیں۔ جبکہ 4 مثالی ناظمین میں محترم سہیل عباسی (ناظم یوتھ راولپنڈی)، محترم عمران بھٹی ( ناظم یوتھ لاہور)، محترم میاں کاشف محمود (ناظم یوتھ فیصل آباد) اور محترم ملک امجد محمود چاند (ناظم یوتھ سیالکوٹ) اور 4 مثالی کارکنان میں محترم منظور رحمانی ( بہترین میڈیا کوریج)، محترم بلال علی قادری (ویب سائیٹ ڈیزائنگ)، محترم میاں ماجد حیات (فنانشل مینجمنٹ) اور (موبائل ملٹی میڈیا) میں بہترین کارکردگی پر مصطفوی میڈلز دئیے گئے۔

تقسیم انعامات کے بعد منہاج القرآن یوتھ لیگ کے مرکزی صدر محترم بلال مصطفوی نے اپنے خطاب میں کہا کہ شیخ الاسلام نے نوجوانوں کے لیے پرامن پلیٹ فارم منہاج القرآن یوتھ لیگ کا قیام کر کے نوجوانوں پر بہت بڑا احسان کیا ہے جس سے منسلک نوجوان امن رواداری اور تشکیل کردار کا کام کررہے ہیں۔ عالمی سطح پر امن کے داعین یاد رکھیں کہ پاکستان کے نوجوان پرامن ہیں رواداری اور برادشت کے کلچر کے تحت جیو اور جینے دو کے اصول پر امن اور اصلاح معاشرہ کا کام کر رہے ہیں۔ ہمارے نوجوان حصول علم اور فروغ علم کے لیے مصروف عمل ہیں، ہمیں آج کے دن یہ عزم کرنا ہوگا کہ ہم اصلاح معاشرہ اور ملکی ترقی کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں گے۔

تقریب کے آخر پر مہمان خصوصی ناظم اعلیٰ منہاج القرآن انٹرنیشنل محترم ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے خطاب کرتے ہوئے منہاج القرآن یوتھ لیگ کے 20ویں یوم تاسیس کے موقع پر تمام قائدین و کارکنان کو مبارک باد دی۔ انہوں نے کہا کہ منہاج القرآن یوتھ لیگ کے نوجوانوں کی اصلاح اور تعمیر وطن کے حوالے سے خدمات کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہیں ان شاء اللہ پرعزم نوجوان معاشرے میں مثبت تبدیلی اور فروغ علم وامن کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔

تقریب کے آخر پر رضی بینڈ نے کلام اقبال پیش کیا اور یوتھ ترانے کی گونج میں کیک کاٹا گیا۔ پروگرام کا اختتام دعائے خیر سے ہوا۔