رپورٹ اجلاس مرکزی مجلس شوریٰ تحریک منہاج القرآن

تحریک منہاج القرآن کی مرکزی مجلس شوریٰ کا اجلاس مورخہ 17 - 16 مئی 2009 کو مرکزی سیکرٹریٹ پر منعقد ہوا جس کی صدارت مرکزی امیر تحریک محترم مسکین فیض الرحمان درانی نے کی۔ ناظم اعلیٰ محترم ڈاکٹر رحیق احمد عباسی، سینئر نائب ناظم اعلیٰ محترم شیخ زاہد فیاض، امیر تحریک پنجاب محترم احمد نواز انجم، جملہ نائب ناظمین اعلیٰ، ناظمین، سربراہان شعبہ جات اور ملک بھر سے تشریف لائے ہوئے ممبران مجلس شوریٰ نے شرکت کی۔

ناظم اعلیٰ محترم ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے ابتدائی بریفنگ دیتے ہوئے اجلاس کی غرض و غایت کو بیان کیا اور گذشتہ اجلاس میں کئے گئے فیصلہ جات کا جائزہ لیتے ہوئے اعتکاف 2009 کیلئے کو ٹہ کا تعین اور 2009ء کی بجائے 2010ء میں سالانہ اجتماع کے حوالے سے شرکاء کو آگاہ کیا۔

٭ کارکردگی رپورٹس : بعد ازاں محترم احمد نواز انجم (امیر تحریک پنجاب) نے گزشتہ دس ماہ کی تحریک اور جملہ فورمز کی کارکردگی رپورٹ ہاؤس کے سامنے پیش کی۔ اس کارکردگی رپورٹ اور گزشتہ اجلاس میں ہونے والے درج ذیل فیصلہ جات پر ہاؤ س کو آراء کی دعوت دی گئی۔

1۔ مؤثر افراد تک دعوت پہنچانا۔
2۔ یونین کونسل سطح پر تنظیم سازی اور حلقہ درود کا قیام

ان دو نکات پر اراکین شوریٰ نے اپنی آراء دیں جن کی روشنی میں درج ذیل فیصلہ جات کیے گئے۔

1۔ مرکزی نظامت دعوت فوری طور پر تحریک کا تعارفی لٹریچر اردو زبان اور باقی علاقائی زبانوں (پشتو، سندھی اور بلوچی) اور انگلش میں تیار کر کے تنظیمات کو فراہم کرے۔
2۔ دروس قرآن کے ثمرات کو سمیٹنے، اسے اصلاح احوال کے لئے ایک موثر ذریعہ بنانے اور اس کے انتظام و انصرام کو مزید بہتر بنانے کے لئے تنظیمات کو Involve کیا جائے۔
3۔ حلقہ ہائے درود کے موثر انداز میں فروغ کے لئے تفصیلی پلان تیار کیا جائے جس کو اگلے سال ورکنگ پلان میں شامل کیا جائے گا۔

٭ Vision 2012 : ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے Vision 2012 شوریٰ کے سامنے پیش کیا اور ضروری نکات کی وضاحت کی جس کے مطابق ایک سال کے اہداف کے بجائے تین سالہ اہداف مقرر کر کے اپنی تحریکی سرگرمیوں کو منظم کیا جائے۔ ان 3 سالوں کی ترجیحات درج ذیل ہیں :

1۔ یوتھ، موومنٹ، ویمن لیگ اور علماء کونسل کے کام کو زیادہ فروغ دینا۔
2۔ افراد ی قوت میں غیر معمولی اضافہ
3۔ تنظیمی نیٹ ورک میں توسیع اور استحکام
4۔ مربوط تربیتی نظام کا اجراء
5۔ تحریک کے تحت چلنے والے تعلیمی، فلاحی اور دیگر ادارہ جات کی کارکردگی اور معیار کو بہتر بنانا اور مزید ادارہ جات کا قیام
6۔ موثر شخصیات کی مشن میں شمولیت کے لیے خصوصی اقدامات
7۔ مشن کی پروجیکشن اور جدید ٹیکنالوجی کا استعمال

٭ ممبر شپ، تنظیم سازی اور دفاتر کا قیام : ان ترجیحات کے پیش نظر تحریک کے جملہ فورمز آئندہ 3 سالوں میں تحریک کے پیغام کے فروغ کے لئے ممبر شپ کی تعداد میں اضافہ، یونین کونسل کی سطح تک دفاتر اور تنظیم سازی کے دائرہ کار کو فروغ دیں گے۔ اس سلسلے میں ہر فورم کو الگ الگ ضلع، تحصیل وائز اہداف بھی دیئے گئے۔

٭ تربیت : آئندہ تین سالوں میں تربیت کو پہلی ترجیحات میں شامل رکھا جائے گا۔ رفقاء، کارکنان اور ذمہ داران کی علمی صلاحیت میں اضافہ، عملی صلاحیت میں اضافہ اور تحریکی و فکری صلاحیت میں اضافے کے حوالے سے اقدامات کئے جائیں گے۔ نیزآئندہ تین سالوں میں تربیتی نظام کی تشکیل کیلئے درج ذیل امور کو شامل رکھا جائے گا۔

i۔ تربیت کی مختلف سطحیں اور درجات بنائے جائیں گے جن سے گزار کر ہم کسی بھی فرد کو اس سطح کا تربیت یافتہ فرد کہہ سکتے ہیں۔
ii۔ ہر سطح اور درجہ کی تربیت کیلئے باقاعدہ ایک نصاب تیار کیا جائے گا اور اس نصاب کی تکمیل کے بعد ہی کسی فرد کو اس سطح کا تربیت یافتہ کہا جائے گا۔
iii۔ زیر تربیت افراد کی عملی تربیت کا اہتمام کیا جائے گا، اس کے تحت لوگو ں کوعملی مشقیں اور فیلڈ ورک کروایا جائے گا۔
iv۔ ہر سطح کی تربیت کو باقاعدہ اور تسلسل کے ساتھ برقرار رکھا جائے گا۔
v۔ تربیت کے معیار کو بلند کیا جائے گا۔
vi۔ مرکز پر ایک عد د تربیتی اکیڈمی کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔
vii۔ زیادہ سے زیادہ تربیتی کیمپس کو تحصیلی سطح پر کیا جائے گا اور اس سلسلہ میں ذیلی سطح کے تمام ناظمینِ تربیت کو بطور ٹرینر تیار کیا جائے گا۔

٭ مسلسل جاری رہنے والی سرگرمیاں : تین سالوں میں درج ذیل سرگرمیاں بھی پورے نظم کے ساتھ جاری و ساری رہیں گی اور تمام فورمز اپنے دیئے گئے اہداف کے مطابق ان کی تعداد و معیار کو بھی بڑھائیں گے۔

i- دروس قرآن (نظامتِدعوت)
ii- حلقات درود (نظامتِ دعوت / ویمن لیگ)
iii- عرفان القرآن کورسز (نظامتِ دعوت)
iv- پروجیکٹرز
v- سی ڈی ایکسچینج / لائبریری (دعوت)
vi- ایمبولینس سروس (MWF)
vii- ڈسپنسریز (MWF)
viii- میڈیکل کیمپ (MWF)
ix- اجتماعی شادیاں (MWF)
 x- ٹیوشن سنٹرز (سمر کیمپ) MSM
xi- کتاب میلے (MSM)
xii- سپورٹس میلے (MYL)
xiii- ہیلتھ کلب (MYL)
xiv- بلڈ ڈونیشن سوسائٹیز (MYL)
xv- مصالحتی کونسلز کا قیام (MWF)
xvi- محافل ذکر و نعت (TMQ)
xvii- دروس احادیث (علماء کونسل)
xviii- مثالی مساجد کا قیام (علماء کونسل)
xix- عرفان القرآن سنٹرز (MWL)
xx- حلقات عرفان القرآن (MWL)

٭ مہمات : آئندہ 3 سالوں میں درج ذیل پروگرامز کو مہم کی صورت میں لانچ کیا جائے گا۔

1۔ میلاد مہم 2۔ اعتکاف مہم 3۔ قائد ڈے 4۔ سالانہ اجتماع

٭ موثر شخصیات کو دعوت : آئندہ 3 سالوں میں موثر افراد جن میں ڈاکٹرز، انجینئر ز، پروفیسرز، سیاستدان، میڈیا / کالم نویس، آرمی (فوج)، بیورو کریسی، ججز، علماء کرام، IT۔ پروفیشنلرز، یونین لیڈرز، بزنس مین، صنعتکار، ادیب / شاعر، پولیس آفیسرز اور وکلاء شامل ہیں۔ ان کو باقاعدہ دعوت دی جائے گی اور مصطفوی مشن کے دھارے میں شامل کیا جائے گا۔

٭ منہاج ایجوکیشن سوسائٹی : آئندہ 3 سالوں کے دوران ایجوکیشن سوسائٹی کے زیر اہتمام درج ذیل امور پر خصوصی توجہ مرکوز کی جائے گی۔

1۔ نئے انگلش میڈیم سکولز کا آغاز کیا جائے گا۔
2۔ پہلے سے موجود سکولز کے معیار کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔
3۔ ایسے 23 اسلامک سنٹرز کا قیام عمل میں لایا جائے گا جن میں سکولز، دفتر، لائبریری، تحفیظ القرآن، ڈسپنسری، ایمبولینس سروس، ٹیوشن سنٹر، دستکاری سکول اور کمیونٹی سنٹر قائم ہو۔ یہ سنٹرز پرائمری سے ایم اے تک کی ڈگری کی تعلیم کے فروغ کے لئے کردار ادا کریں گے۔
4۔ MES کے پرنسپلز اور ٹیچرز کی تربیت کا خصوصی انتظام کیا جائے گا۔

٭ نئے شعبہ جات : آئندہ درج ذیل شعبہ جات کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔

1) بچوں کی اسلامی تربیت کا شعبہ : بچوں کی اسلامی تربیت کے کام کا آغاز کیا جائے گا۔ اس مقصد کے لیے ایک الگ شعبہ قائم کیا جائے گا۔
2) کسانوں کا شعبہ : کسانوں کی زرعی راہنمائی کے لئے کام کیا جائے گا۔
3) ڈسکشن فورمز : اپنے لوگوں کی موازنہ کی صلاحیت میں اضافہ کے ڈسکشن فورمز بنائے جائیں گے۔
4) اساتذہ کا فورم : تحریکی اساتذہ کو منظم کیا جائے گا۔

بریفنگ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے مجلسِ شوریٰ کے اجلاس میں ٹیلی فونک گفتگو کرتے ہوئے درج ذیل امور کے بارے ہدایات فرمائیں۔

1۔ شیخ الاسلام نے تفصیلی بریفنگ تین سالہ Vision 2012 کے ٹارگٹ اور اہداف کی ضرورت و اہمیت بیان کرتے ہوئے اس پر شوریٰ میں مشاورت کرنے کی ہدایت فرمائی۔
2۔ تربیت کے نظام کی اہمیت بیان کرتے ہوئے سب سے پہلے قائدین اور ذمہ داران کی تربیت پر زور دیا اور پھر بالترتیب کارکنان، رفقاء اور وابستگان کی تربیت پر زور دیا۔
3۔ تربیت کا عمل شروع کرنے سے self assesmentکے نظام کی تفصیلات بیان کی جس کے مطابق ہر سطح پر جملہ ذمہ داران کی assesment کیلئے Performa تیار کیا جائے اور ذمہ داران جمعہ یا پیر کے دن وضو کرکے دو نفل پڑھیں، ایک رکوع ترجمہ کے ساتھ قرآن مجید کی تلاوت کریں اور پھر قرآن مجید کو سامنے رکھ کر اس کو گواہ بنا کر assesment فارم پر کریں اور پھر مرکزی عہدیداران مرکز پر موجود ایک بند باکس اور باقی عہدیداران تحصیلی دفتر میں موجود بند باکس میں ڈال دیں۔
4۔ ان پروفارمہ جات کی summary کسی غیر جانبدار اور عادل طبیعت کے حامل تحریکی سینئر فرد سے بنوائی جائے یہ سمری تربیت کی ضروریات کا تعین کرے گی۔
5۔ ان ضروریاتِ تربیت کو سامنے رکھتے ہوئے تربیتی نظام قائم کیا جائے۔
6۔ ہر کوئی اپنے پر فارمہ کی کاپی سامنے رکھے اور خود اپنی شخصیت کے کمزور گوشوں کو بہتر بنانے کی کوشش کرے۔
7۔ جو خرابیاں نظر آتی ہیں وہ امراض نہیں ہوتی بلکہ علامات ہوتی ہیں، اصل بیماری اور خرابی کی تشخیص کریں گے توعلاج شروع کیا سکے گا۔

شوریٰ کے اجلاس کے دوسرے روز اوپن ڈسکشن کے اختتام پر ورکنگ پلان کے مختلف نکات پر باری باری رائے لی گئی اور کثرت رائے سے شوریٰ نے مجوزہ خاکہ کی منظوری دی۔ تین سالہ ورکنگ پلان کے اہداف اور تنقیدی تفصیلات کو حتمی شکل دیکر بعد ازاں تنظیمات کو روانہ کردیا جائے گا۔

٭ اعتکاف کا فارمولہ : ہاؤس کے سامنے اعتکاف 2009 کا فارمولہ پیش کیا گیا چونکہ اس سال سے اعتکاف صرف اعتکاف گاہ کی گنجائش کے مطابق ہی رکھا جائے گا اس پر مشاورت کے ساتھ ہاؤس نے درج ذیل فارمولے کی منظوری دی۔

1 تنظیمی عہدیداران 30 فیصد
2 مؤثر شخصیات 10 فیصد
3 مرکز اور انتظامیہ 10 فیصد
4 عامتہ الناس بذریعہ قرہ اندازی 25 فیصد
5 یوتھ لیگ 15 فیصد
6 ایم ایس ایم 10 فیصد

سالانہ اجتماع :

تحریک کے سالانہ اجتماع کی تاریخوں کا تعین پر مشاورت کی گئی۔ جس کے نتیجے میں بروز جمعہ، ہفتہ اور اتور بمطابق 18/17/16اکتوبر 2010 طے کی گئی۔ (17 اکتوبر کو تحریک کا 30 واں یوم تاسیس بھی ہوگا )