بالمیک مندر نیلا گنبد (لاہور) کے صحن میں محفل میلاد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم

تحریک منہاج القرآن کی ڈائریکٹوریٹ آف انٹرفیتھ ریلیشنز کے زیراہتمام بالمیک مندر نیلا گنبد (لاہور) کے صحن میں عظیم الشان محفل میلاد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم منعقد ہوئی۔ اس محفل کے دوران مندر کے در و دیوار نعتوں اور درود و سلام سے گونجتے رہے۔ محسن انسانیت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت باسعادت کا کیک کاٹا گیا۔ معروف نعت خوانوں نے نعت رسول مقبول کے نذرانے پیش کئے۔ نماز عصر باجماعت مندر کے احاطے میں ادا کی گئی۔

تارا چند، لبھا بھگت اورشمس گل نے مشہور زمانہ نعت ’’شاہ مدینہ یثرب کے والی سارے نبی تیرے در کے سوالی‘‘ پڑھ کر حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں اپنی عقیدت کا اظہار کیا۔ محفل میں پنڈت بھگت لال، مسیحی رہنماء پادری چمن سردار، سہیل احمد رضا، پیر سید علی رضا، جی ایم ملک، قاضی فیض الاسلام، حافظ غلام فرید، علامہ محمد حسین آزاد، سید عثمان نوری، سید حسین نقوی، ڈائریکٹر آئی سی آر ناصر سہیل، حفیظ اللہ جاوید، ڈاکٹر اقبال نور اور دیگر مسیحی، ہندو اور مسلم رہنماؤں نے شرکت کی۔

پنڈت بھگت لال نے گفتگو کا آغاز آقائے دوجہاں کی بارگاہ میں نعت پڑھ کر کیا۔ انہوں نے کہا کہ صرف مسلمانوں کا محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر اجارہ نہیں ہے۔ ، محسن انسانیت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پوری انسانیت کیلئے رحمت بن کر آئے اور اس رحمت سے ہندو اور دیگر مذاہب کے پیروکار بھی حصہ لے رہے ہیں۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری اسلام کا پیغام محبت و سلامتی عام کر رہے ہیں۔ اسلامی دنیا کے اس عظیم سکالر نے ہم تک حقیقی اسلامی تعلیمات پہنچائی ہیں جس میں نفرت، انتہا پسندی اور تشدد کا نہیں سلامتی، امن اور مذاہب کے احترام کا پیغام ہے۔ شیخ الاسلام نے ویمبلے کانفرنس لندن میں 12 ہزار افراد کے اجتماع میں 6 مذاہب کے رہنماؤں اور پیروکاروں کو ایک چھت تلے جمع کر کے ہمارے دل جیت لئے ہیں۔ منہاج القرآن کی کاوشوں کا نتیجہ ہے کہ آج ہم نے مندر میں میلاد مصطفیٰ کرانے کی سعادت حاصل کی ہے۔ ہم پاکستانی ہیں اور محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے میلاد کی خوشیوں میں اپنے مسلمان بھائیوں کے ساتھ شریک ہیں۔

نائب ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن جی ایم ملک نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مندر میں میلاد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا ہونا اس بات کا ثبوت ہے کہ اسلام کے دامن میں غیر مسلموں کو مکمل تحفظ اور آزادی حاصل ہے۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی کاوشوں کے ثمرات بیرونی دنیا سمیت وطن عزیز میں بھی ہر جگہ نظر آتے ہیں۔ مکالمہ کا دروازہ کھول کر ہی دنیا کو دائمی امن دیا جا سکتا ہے۔

تحریک منہاج القرآن کی انٹرفیتھ ریلیشنز کے ڈائریکٹر سہیل احمد رضا نے کہا کہ اسلام کا پیغام محبت آج بالمیک مندر کے ذریعے پوری دنیا تک پہنچا ہے۔ پنڈت بھگت لال نے محفل میلاد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم منعقد کر کے بین المذاہب رواداری کی جو مثال قائم کی ہے ہم اسکی دل سے قدر کرتے ہیں۔ منہاج القرآن کی فکر حضور کی محبت اور اسلام کے پیغام محبت اور سلامتی پر استوار ہے۔ اسی کی بدولت آج بالمیک مندر نیلا گنبد لاہور میں بین المذاہب روادری کی عظیم مثال رقم کی گئی ہے۔ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی انسانیت کو امن دینے کی موثر فکری و عملی کاوشوں کا نتیجہ ہے کہ آج ملک کی ہندو برادری کو بھی اپنے مندر میں میلاد مصطفیٰ منانے کا اعتماد ملا ہے۔ اسلام نفرتوں کو ختم کر کے سلامتی اور امن کے رویوں کو فروغ دیتا ہے اور منہاج القرآن اسلام کی حقیقی تعلیمات کو دنیا میں عام کرنے کا احسن فریضہ ذمہ داری سے ادا کر رہا ہے۔

٭٭٭٭٭

تحریک منہاج القرآن کراچی کے زیراہتمام 8 ویں سالانہ میلاد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کانفرنس منعقد ہوئی۔ جس میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کینیڈا سے ویڈیو کانفرنس کے ذریعے براہ راست خصوصی خطاب کیا۔

کانفرنس کی صدارت حضرت پیر ڈاکٹر سید مہدی رضا شاہ سبزواری (سجادہ نشین درگاہ عالیہ حضرت قلندر لعل شہباز سہون شریف، سندھ) نے کی جبکہ حضرت پیر شفیع محمد مشوری (سجادہ نشین درگاہ عالیہ مشوری شریف)، سید سرور چشتی (سجادہ نشین درگاہ عالیہ اجمیر شریف)، شیخ زاہد فیاض (مرکزی سینئر نائب ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن) اور حاجی عبدالرؤف (چیئرمین اے آر وائی گروپ) مہمان خصوصی تھے۔ ان کے علاوہ پروگرام میں آغا مرتضیٰ پویا (مرکزی ممبر سپریم کونسل تحریک منہاج القرآن)، ڈاکٹر الحاج خواجہ محمد اشرف (سرپرست تحریک منہاج القرآن سندھ)، ڈاکٹر نعیم انور نعمانی، سید محمد ظفر اقبال، مخدوم ندیم احمد ہاشمی اور علامہ عباس کمیلی بھی معزز مہمانوں میں شامل تھے۔

تحریک منہاج القرآن کراچی کے قائدین نائب امیر تحریک قیصر اقبال قادری، ناظم تحریک راؤ کامران محمود، اشرف قیصر ایڈووکیٹ اور منہاج القرآن کراچی کے دیگر قائدین، منہاج القرآن ویمن لیگ، منہاج القرآن یوتھ لیگ اور مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے عہدیداران بھی کانفرنس میں شریک تھے۔ میلاد کانفرنس میں سندھ بھر سے علماء و مشائخ اور خواتین و حضرات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ جس میں سندھ بھر سے عشاقان مصطفیٰ کی کثیر تعداد بھی شامل تھی۔

کانفرنس کی مکمل کارروائی ARY QTV اور Minhaj TV کے ذریعے براہ راست نشر کی گئی جس سے دنیا بھر کے ناظرین اس کانفرنس میں شریک رہے۔ پروگرام کا باقاعدہ آغاز شب 10 بجے تلاوت قرآن پاک سے ہوا، قاری غلام حسن نے تلاوت قرآن کا شرف حاصل کیا جبکہ محمد صابر نے حمد پیش کی۔ اس کے بعد نعت خوانی کے سلسلہ میں ذوالفقار علی حسینی، سید رفاقت علی، نور برادران ماجد نور اور ساجد نور نے اپنے مخصوص انداز میں حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ہدیہ عقیدت پیش کیا۔

پروگرام میں اجمیر شریف کے سجادہ نشین حضرت سید سرور چشتی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ منہاج القرآن سے محبت ان کے عقیدے کا حصہ ہے کیونکہ منہاج القرآن اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری محبت مصطفیٰ صلی اللہ علی وآلہ وسلم کو نگر نگر عام کر رہے ہیں۔ یہ پیغام عشق رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شان ہے کہ ہم بھی اس محفل میں شریک ہیں۔ وہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی کامیابی و کامرانی کے لیے دعاگو ہیں۔ پروگرام میں نائب امیر تحریک کراچی قیصر اقبال قادری نے نقابت کی جبکہ ناظم تحریک کراچی راؤ کامران محمود نے اظہار تشکر پیش کیا۔

میلاد کانفرنس میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری شب ساڑھے 12 بجے کینیڈا سے بذریعہ ویڈیو کانفرنس براہ راست مخاطب ہوئے۔ شیخ الاسلام نے آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ولادت و نسب اور شان و حسب کو قرآن و سنت کی روشنی میں واضح کیا۔

٭٭٭٭٭