اٹلی (مرتب : محمد وسیم افضل قادری )

رپورٹ : ظہیر احمد انجم، وقاص ارشد بٹ :

منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن اٹلی کے پلیٹ فارم سے اٹلی کے شہر کارپی میں آنے والے شدید زلزلہ اور اس سے متاثر ہونے والے خاندانوں کے لئے منہاج خیمہ بستی قائم کی گئی جس میں چار سو افراد کی رہائش کا انتظام کیا گیا۔ 20 اور 29 مئی 2012ء کو اٹلی کے ضلع مودنہ اور فرارا میں 5.9 اور 6.0 زلزلہ آیا۔ جس میں 19000 افراد بے گھر ہو گئے۔ ان دونوں اضلاع میں منہاج القرآن ساؤتھ اٹلی کی علاقائی تنظیمات چیتو اور کارپی موجود ہیں، بلکہ اٹلی میں منہاج القرآن کا سب سے بڑا مرکز بھی کارپی میں ہی ہے۔ منہاج القرآن کے رفقاء، کارکنان اور وابستگان تقریبا تین دن تک گھروں سے باہر گاڑیوں، سپورٹس سنٹرز اور عارضی کیمپوں میں رہائش پذیر رہے اس دوران کارپی مرکز کو بھی نقصان پہنچا۔ بے گھر ہونے والوں میں دیگر کمیونٹیز کے علاوہ پاکستانیوں کی بڑی تعداد شامل تھی جس میں کم و بیش منہاج القرآن کی 100 فیملیز اور متعدد کارکنا ن متاثر ہوئے۔ اس آفت کے وقت اور پریشانی کے عالم میں منہاج القرآن کی علاقائی تنظیم ریجوایملیا مودنہ نے مرکزی تنظیم کی مشاورت و معاونت سے منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام نہ صرف اپنے لوگوں کی امداد کے انتظام و انصرام کئے بلکہ اس کو دیگر افراد تک پہنچانے کا بھی منصوبہ بنایا۔ آریزو، میچراتا، بلزانو اور میلان (نارتھ اٹلی) کی علاقائی تنظیموں نے منہاج خیمہ بستی کے حوالہ سے بھر پور مدد کی۔ زلزلہ سے پیدا ہونے والی ہنگامی صورتحال کے پیش نظر اٹلی کی جملہ تنظیمات کا ہنگامی اجلاس طلب کیا اور باہمی مشاورت کے بعد خیمہ بستی کے قیام کا فیصلہ کیا گیا۔ منہاج القرآن انٹرنیشنل اٹلی اور منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے تعاون سے قائم کی گئی اس خیمہ بستی میں اٹالین، گانا، روس، تیونس، مراکش، نائجیریا، الجزائر، انڈین اور پاکستانی متاثرہ فیملیز کو ٹھرایا گیا۔ منہاج ٰخیمہ بستی کا قیام منہاج القرآن کلچرل سنٹر کے قریب کیا گیا۔ منہاج خیمہ بستی کے قیام کے بعد مسلم کمیونٹی کے علاوہ اٹالین گورنمنٹ اور آفیشلز نے بھی منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے اس اقدام کو سراہا۔ ریڈ کراس کارپی کی ڈائریکٹر نے اپنی ٹیم کے ہمراہ خیمہ بستی کا دورہ کیا اور ہر خیمہ میں جا کر وہاں مقیم فیملیز سے سہولیات کے بارے میں دریافت کیا اور منہاج خیمہ بستی کو ایک خوبصورت شہر کا نام دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس شہر میں اس سے خوبصورت کوئی بھی خیمہ بستی نہیں ہے۔ پاکستانی قونصلیٹ میلان کے ویلفیئر اتاشی کے کونسلر فاروق حید ر نے بھی منہاج خیمہ بستی کا دورہ کیا اور منہاج ویلفیئر فائونڈیشن کی جانب سے مہیا کی جانے والی سہولیات پر ستائش کا اظہار کیا اور مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ بے شک منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن رفاہ عامہ کے لئے اپنی صلاحیتوں کو بروئے کا ر لا رہی ہے اور مجھے یہ دیکھ کر خوشی ہوئی کہ منہاج خیمہ بستی میں صرف مسلمان یا پاکستانی ہی نہیں بلکہ ہر مذہب، رنگ اور نسل سے تعلق رکھنے والے بھی مقیم ہیں اور یہ خدمت انسانیت کی اعلیٰ مثال ہے۔ دریں اثناء انٹرنیشنل میڈیا کے نمائندوں نے بھی منہاج خیمہ بستی کا دورہ کیا اور بستی میں مقیم خاندانوں سے انٹرویو کیا اور ان سے بستی میں دی جانے والی سہولیات کے بارے میں پوچھا۔ میڈیا کے نمائندوں نے منہاج ویلفیئر فاؤنڈیش کی جانب سے دی جانے والی سہولیات اور منہاج خیمہ بستی کی تعریف کی اور مبارکباد بھی پیش کی۔ اس موقع پر منہاج یورپین کونسل اور منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن یورپ کے احباب بھی مسلسل رابطہ میں رہے۔ ملکی ناظم کے ذریعہ پاکستان ایمبیسی کی سفیر تہمینہ جنجوعہ، کونسلر جنرل طارق ضمیر، ویلفیئر کونسلر فاروق حیدر، ریڈ کراس کے نمائندوں اور بلدیہ کے ذمہ داران بھی گاہے بگاہے منہاج خیمہ بستی کا دورہ کرتے رہے۔

کویت (رپورٹ : محمد جعفر صمدانی)

منہاج پیس اینڈ انٹی گریشن کویت کے صدر محمد جعفر صمدانی اور جنرل سیکرٹری مسٹر ایم ایچ قریشی پر مشتمل وفد نے گذشتہ ماہ کویت میں تعینات امریکہ کے سفیر سے ملاقات کی اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی دہشت گردی کے خلاف لکھی گئی عظیم کتاب فتوی پیش کی۔ MPIC کویت کاوفد سفارت خانہ پہنچا تو امریکہ کے سفارتخانہ کے پولیٹیکل آفیسر کرس آنڈینو اور نہال حسن نے استقبال کیا۔ اس موقع پر منہاج پیس اینڈ انٹی گریشن کویت کے وفد نے امریکہ کے سفیر MR. Mathew H Tueuer سے بھی ملاقات کی۔ اس میٹنگ میں افغان امور کے ماہرمسٹر مخائیل (Mr. Michael J Adler) (فرسٹ سیکرٹری) بھی موجود تھے۔ وفد نے امریکن سفیر اور شرکاء کو شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی شخصیت کا جامع تعارف کرایا اور ان کی طرف سے عالمی سطح پر قیام امن کے لئے کیے جانے والے عملی اقدامات کا ذکر کیا۔

جاپان (اعجاز رمضان کیانی)

منہاج القرآن انٹرنیشنل جاپان کے زیر اہتمام منہاج القرآن اباراکی کین کے مرکز المصطفیٰ پر یوم سیدنا صدیق اکبر رضی اللہ عنہ کانفرنس پوری شان وشوکت سے منائی گئی۔ پروگرام کی صدارت NPO کے صدرصالح محمد افغانی نے کی جبکہ محمد انعام الحق ( صدر MPIC جاپان ) نے نقابت کے فرائض سرانجام دیئے۔ محمد سکندر اور محمد رفیع چیبا کین سے خصوصی طور پر تشریف لائے۔ پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جبکہ محمد فیصل ملک، عون شاہد ایڈووکیٹ اور محمد وقاص نے آقائے دو جہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں گلہائے عقیدت پیش کئے۔ منہاج القرآن اسلامک سنٹر اباراکی کین کے ڈائریکٹر علامہ محمد شکیل ثانی نے شان و عظمت سیدنا صدیق اکبر رضی اللہ عنہ کے موضوع پر خصوصی خطاب کیا۔

فن لینڈ (سید عدنان علی)

منہاج القرآن انٹرنیشنل (لندن) برطانیہ کے ڈائریکٹر علامہ محمد صادق قریشی منہاج القرآن فن لینڈ کی تنظیم کی دعوت پر تین روزہ دورہ فن لینڈ کیا۔ فن لینڈ کے دارالحکومت ہیلسنکی پہنچنے پر منہاج القرآن فن لینڈ کے صدر اعجاز اختر قادری، نائب صدرجنید حسین، ناظم سید عدنان علی، ناظم دعوت سید عبدالباسط اور دیگر تنظیمی احباب نے ان کا استقبال کیا۔ اس دورہ کے دوران آپ کی درج ذیل مصروفیات رہیں۔

  1. پاکستانی فنش اسلامک سنٹر بیلسنکی میں جمعہ کا خطاب۔
  2. سید عدنان علی کے گھر میں منہاج القرآن کے ممبران کے اعزاز میں دیئے گئے عشائیہ میں شرکت اور شرکاء سے گفتگو۔
  3. ہیلسنکی اور ایسپو شہروں کا وزٹ
  4. ایسپو میں منعقدہ فیملی ایونٹ میں خصوصی شرکت اور شرکاء کے ساتھ سوال وجواب کی نشست۔
  5. فن لینڈ کے دارالحکومت ہیلسنکی میں عظیم الشان مرکزی محفل میلاد میں شرکت۔

اس محفل میلاد میں تلاوت قرآن کی سعادت ڈاکٹر سمیع نے حاصل کی جبکہ منہاج القرآن فن لینڈ کے صدر اعجاز اختر قادری نے استقبالیہ کلمات پیش کئے۔ آخر میں محترم علامہ محمد صادق قریشی نے محبت مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے فروغ میں تحریک منہاج القرآن کے کردار پر خصوصی خطاب کیا۔

(رپورٹ : مفتی سہیل بشیر تحریک منہاج االقرآن پشاور)

مجاہد اسلام سلطان العارفین حضرت سید شاہ قبول اولیاء رحمتہ اللہ علیہ کا مزار اقدس خیبر پختونخواہ کے دارالمقام پشاور میں مرجع خاص و عام ہے۔ آج سے تقریباً تین سو سال قبل آپ مراکش کے شہر تینجا سے موسم بہار میں برصغیر پاک و ہند کے مشہور شہر پشاور تشریف لائے تھے لہذا ہر سال موسم بہار شروع ہوتے ہی اہل پشاور آپ کی آمد کی خوشی میں ایک شاندار تین روزہ جشن مناتے ہیں۔ جس میں نہ صرف خیبر پختونخواہ بلکہ ملک عزیز کے دیگر صوبوں سے بھی معتقدین کثیر تعداد میں شرکت کرتے ہیں۔ امسال درگاہ عالیہ کے سجادہ نشین پیر طریقت حضرت آغہ یحییٰ زاہد گیلانی کی خصوصی دعوت پر مرکزی امیر تحریک منہاج القران نے بطور مہمان خصوصی جشن کی تقریبات میں شرکت کی۔ اس دورہ کے دوران آپ کی مصروفیات کا اجمالی خاکہ درج ذیل ہے :

1۔ درگاہ عالیہ کے سجادہ نشین کی خصوصی دعوت پر معززین شہر خاص کر پشاور یونیورسٹی اور متعلقہ کالجوں کے پروفیسروں اور وکلاء کی ایک کثیر تعداد نے محترم امیر تحریک کے ساتھ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری اور اشاعت اسلام کے عالمی پروگرام کے بارے میں سوال و جواب کی ایک خصوصی نشست کی۔

2۔ تحریک منہاج القرآن پشاور کے زیر اہتمام ’’عرفان القرآن کورس‘‘ اور ’’آئیں دین سیکھیں‘‘ میں تقسیم اسناد و انعامات کی تقریب منعقد ہوئی۔ دونوں کورس درگاہ عالیہ کے حجرہ مبارک میں کچھ عرصہ پہلے شروع کرائے گئے تھے۔ مرکزی نظام تربیت کے محترم قاری حافظ محمد حسنین فریدی سکالر کالج آف شریعہ منہاج القران نے بہت محنت سے ان کورسز کی تکمیل کی۔ اہل پشاور کی ایک بہت بڑی تعداد خاص کر اہل سادات کے صاحبزادگان نے استفادہ کیا۔ اس تقریب میں درگاہ عالیہ کے سجادہ نشین نے اپنی زیر نگرانی دونوں کورس مستقل طور پر چلانے کا اعلان کیا۔ بعد ازاں فروغ دین کے اس شاندار کام کو دیکھ کر پشاور کے سادات خاندان کے دیگر سجادہ نشینوں نے بھی اپنی اپنی درگاہوں پر ان مفید دینی کورسز کے چلانے کی استدعا کی۔ جس پر محترم امیر تحریک منہاج القران انٹرنیشنل نے سادات پشاور کے اس جذبہ کو سراہا اور پشاور تنظیم کے قائدین کو اس ضمن میں خصوصی انتظامات کرنے کی ہدایات دیں۔

تقریب میں محترم امیر تحریک نے درگاہ عالیہ کی لائبریری کے لیے حضرت شیخ الاسلام مد ظلہ‘ کی منفرد کتابوں کا ایک سیٹ محترم سجادہ نشین کو پیش کیا اور کورسز میں نمایاں اعزاز حاصل کرنے والوں کو بھی حضرت شیخ الاسلام کی کتابیں تحفہ میں پیش کیں۔ اس موقع پر شان اولیاء کے موضوع پر محترم مرکزی امیر تحریک اور علماء کونسل کوہاٹ کے صدر حافظ عبد الجلیل کے خطابات کو سامعین کی ایک بہت بڑی تعداد نے ذوق و شوق سے سنا۔ درگاہ عالیہ کے سجادہ نشین نے تحریک اور قائد تحریک کی عالمی دینی خدمات کے بارے میں تفصیل سے گفتگو فرمائی۔

3۔ محترم مرکزی امیر تحریک خاص طور پر پشاور پریس کلب تشریف لے گئے اور محترم ناصر حسین نو منتخب جنرل سیکرٹری کو تحریک کی جانب سے مبارکباد دی اور مقامی صحافی احباب سے خطاب فرمایا۔

4۔ محترم مرکزی امیر تحریک نے اپنے سہ روزہ دورہ پشاور میں آخری روز ادرہ البصیرہ اسلام آباد کے زیراہتمام منعقد ہونے والی’’ انٹرنیشل وحدت امت کانفرنس‘‘ میں شرکت فرمائی اور اپنے بصیرت افروز خطاب سے شرکاء کو محظوظ کیا۔ کانفرنس کے چیف آرگنائزر ڈاکٹر ثاقب اکبر نے خوبصورت الفاظ میں محترم مرکزی امیر تحریک کے پر اثر خطاب کو سراہا اور سر پرست اعلیٰ تحریک منہاج القران کی عالمی خدمات پر روشنی ڈالی، کانفرنس میں یورپ اور ایشیا کے نامور سکالرز کے علاوہ پاکستان کی تمام دینی اور سیاسی جماعتوں کے سربراہان بھی کانفرنس میں موجود تھے۔

5۔ تحریک منہاج القران ویمن لیگ کے زیر اہتمام ایک عظیم الشان محفل میلاد کا انعقاد کیا گیا۔ جس کی صدارت درگاہ عالیہ کے سجادہ نشین کی اہلیہ محترمہ نے کی اور مہمان خصوصی مرکزی امیر تحریک کی اہلیہ محترمہ تھیں۔ ویمن لیگ پشاور کی صدر صاحبہ نے خواتین کی ایک کثیر تعداد کو اس شاندار محفل میلاد کے ذریعے تحریک منہاج القران کے مشن کا پیغام پہنچایا۔

6۔ محترم مرکزی امیر تحریک نے اپنے دورہ پشاور میں تنظیم کے موجودہ مقامی راہنماؤں کے علاوہ تحریک کے پرانے ساتھیوں سے بھر پور ملاقاتیں کیں اور ان کو حضرت شیخ الاسلام کا سلام پیش کیا۔ محترم مرکزی امیر تحریک نے سابق صوبائی صدر تحریک منہاج القران محترم ضیا اکبر سیٹھی سے اُن کے بھائی سابق وفاقی وزیر محترم یونس الہی سیٹھی کی تعزیت کی اور ان کو حضرت شیخ الاسلام مد ظلہ‘ کا پیغام تعزیت پیش کیا۔

بعد ازاں پشاور سے واپسی پر مرکزی امیر تحریک نے درگاہ عالیہ مانکی شریف کے سجادہ نشین پیر طریقت حضرت سید روح الامین صاحب کی عیادت کی اور ان کو حضرت شیخ الاسلام کا پیغام دیا۔ جس پر حضرت پیر صاحب نے شکریہ ادا کیا۔

تحریک منہاج القرآن پنجاب

رپورٹ : سید توقیر الحسن گیلانی ناظم TMQ پنجاب

تحریک منہاج القرآن پنجاب کی ایگزیکٹو کونسل کا ماہانہ اجلاس محترم احمد نواز انجم صاحب امیر پنجاب کی زیر صدارت مرکز پر منعقد ہوا۔ تمام صوبائی عہدیداران نے اپنی زیر نگرانی تحصیلات کی کارکردگی رپورٹس محترم امیر پنجاب کو پیش کیں۔

موصولہ رپورٹس کی روشنی میں محترم قاضی نصیر احمد ضلعی امیر جہلم نمایاں کارکردگی کے ساتھ صوبائی تنظیم میں سرفہرست رہے اور MAN OF THE MONTH کا اعزاز حاصل کیا۔

تحصیلی تنظیمات میں PP-53 جڑانوالہ نمایاں کارکردگی کے ساتھ پنجاب بھر میں سر فہرست رہی اور TEHSIL OF THE MONTH کا اعزاز حاصل کیا۔ پورے ہاؤس کی طرف سے محترم قاضی نصیر احمد اور PP-53 جڑانوالہ تنطیم کو مبارکباد پیش کی گئی۔

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی ماہ نومبر 2012ء میں پاکستان آمد کے حوالے سے محترم امیر پنجاب نے ششماہی ورکنگ پلان (جون تا نومبر 2012) کی تفصیلی بریفنگ دی اور اس ضمن میں تنظیمات کو ورکنگ پلان دیا گیا۔

اجلاس میں محترم امیر پنجاب نے ماہ رمضان المبارک میں ہونے والے پانچ روزہ دروس قرآن کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ اس سال منڈی بہاؤالدین، نارنگ منڈی، گوجرہ، عزیز بھٹی ٹاؤن لاہور، چکوال، اوکاڑہ، میانچنوں، بورے والا، احمد پور سیال، خانیوال، لودھراں، جہانیاں، ملتان، لیہ، سمبڑیال، گوجرانوالہ، مریدکے، واہگہ ٹاؤن لاہور، مونگی بنگلہ ٹوبہ اور چیچہ وطنی میں پانچ روزہ دروس قرآن منعقد ہوں گے۔