یوم شہداء اور اسلام آباد دھرنے کے موقع پر شہید ہونے والے شہدائے انقلاب

10 اگست یوم شہداء پر شرکت کے لئے آنے والے اور30، 31 اگست کی درمیانی شب اسلام آباد میں انقلاب دھرنے پر ریاستی جبرو بربریت کے نتیجہ میں درج ذیل احباب شہید ہوئے:

  1. محمد عزیز قادری شہید(مٹھی، میر پور سندھ)
  2. گلفام بھٹی شہید (پسرور، سیالکوٹ)
  3. رفیع اللہ شہید (دریا خان، بھکر)
  4. عبدالمجید شہید (بھکر)
  5. میاں محمد اسلم بھٹی نمبردار شہید (پنڈی بھٹیاں)
  6. محمد یونس شہید (دیپالپور)
  7. ملک محمد افضل شہید (گوجرانوالہ)
  8. ظہور احمد شہید (سوہاوہ، جہلم)
  9. شکیلہ بی بی شہیدہ (گوجرانوالہ)
  10. حمیرا امانت شہیدہ (گوجرانوالہ)

ان تمام افراد نے اپنی زندگیاں 18کروڑ غریب لوگوں کو خوشیاں فراہم کرنے کے عظیم مشن کی خاطر قربان کردیں۔ قائد انقلاب ڈاکٹر محمد طاہرالقادری اور جملہ مرکزی قائدین نے ان کارکنان کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ قائد انقلاب نے ان شہداء کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے فرمایا:

یہ شہداء ہماری تحریک اور پوری قوم کا نہ صرف فخر ہیں بلکہ ہمارے انقلاب کے ماتھے کا جھومر ہیں۔ میں ان شہداء کی شہادت پر یہ نہیں کہوں گا کہ میں ان کے لواحقین کے غم میں برابر کا شریک ہوں بلکہ یہ کہوں گا کہ آخرت میں اور جنت میں ان شہداء کو آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم، انبیاء، شہداء، صدیقین،  صالحین اور اولیاء کی جو رفاقت و معیت نصیب ہوئی ہے، اس عظیم مرتبے پر ان شہداء کے لواحقین مبارکباد کے مستحق ہیں۔ موت برحق ہے ہر ایک نے اپنے مقررہ وقت پر اس دنیا سے کوچ کرجانا ہے۔ مگر یہ اپنا اپنا نصیب ہے کہ کس کی موت کس طرح واقع ہوتی ہے۔

جس دھج سے کوئی مقتل کو گیا وہ شان سلامت رہتی ہے

کوئی بیمار ہوکر گیا، کوئی سیلاب میں اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھا، کوئی حالت ضعیفی میں رخصت ہوگیا مگر کتنے خوش نصیب ہیں وہ لوگ جو اس ملک، مصطفوی انقلاب اور کروڑوں غریبوں کی عزت اور جان و مال بچانے کے لئے قربان ہوگئے۔ ان کی موت جیسی کوئی موت نہیں ہے۔ لاکھوں، کروڑوں زندگیاں بھی ان کا نعم البدل نہیں ہوسکتیں۔ ان شہداء کی پوری فیملی، ان کے والدین، بیوگان، بچوں، بہن بھائیوں، اعزہ و اقارب اور ان علاقوں کے تمام عمائدین کو مبارک باد دیتا ہوں کہ اللہ پاک نے یہ فخر ان علاقوں کا مقدر کردیا۔ ان شہداء کا خون شہادت رائیگاں نہیں جائے گا۔ ان شاء اللہ ان کی شہادت کے خون سے انقلاب آئے گا اور کروڑوں چہروں پر خوشیاں آئیں گی اور اس انقلاب کے نتیجہ میں جتنے لوگوں کے گھر سنوریں گے ان شاء اللہ اس کا اجرو ثواب ہمیشہ ان شہداء کو تاقیامت ملتا رہے گا۔ ہم ان شاء اللہ زندگی کے ہر موڑ پر ان شہداء کی فیملی کے ساتھ ہوں گے اور انہیں کسی حوالے سے کوئی بھی کمی محسوس نہیں ہونے دیں گے۔ اللہ تعالیٰ ان شہدائے انقلاب کے درجات کو بلند کرے اور ان کے لواحقین کو اس عظیم قربانی کا صلہ دنیا و آخرت میں عطا فرمائے۔ دعا ہے کہ مصطفوی مشن کے ہر کارکن کو اسی طرح اپنا تن من دھن آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی امت کے لئے قربان کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین بجاہ سیدالمرسلین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم