فلپائن: بین المذاہب رواداری ورکشاپ۔ ڈائریکٹر انٹرفیتھ ریلیشنز MQI کی شرکت

21 ستمبر2015ء کو فلپائن کے دارالحکومت منیلا کے معروف جزیرہ Zamboanga ہارمنی ویلج میں 10 روزہ بین المذاہب رواداری ورکشاپ منعقد ہوئی، جس میں اٹلی، پاکستان، جرمنی، آسٹریا، بنکاک اور ملائیشیا کے علاوہ فلپائن منیلا اور Zamboanga کے انٹرفیتھ راہنماؤں نے شرکت کی۔ پاکستان سے منہاج القرآن انٹرنیشنل انٹرفیتھ ریلیشنزکے ڈائریکٹر محترم سہیل احمد رضا کو بھی شرکت کی دعوت دی گئی۔ سربراہ سلسلہ ڈائیلاگ موومنٹ

Fr. Sebastiano D Ambra نے ڈائریکٹر انٹرفیتھ ریلیشنز سہیل احمد رضا کا ایئرپورٹ پر شاندار استقبال کیا۔

اس ورکشاپ میں مختلف نوعیت کی سرگرمیوں کا اہتمام کیا گیا تھا۔ عالمی سطح پر مسلم اور مسیحی تعلقات کو فروغ دینا اس کا خاص موضوع تھا۔ ڈائریکٹر انٹرفیتھ ریلیشنز محترم سہیل احمد رضا نے دس روزہ پروگرام میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی عالمی سطح پر مذاہب عالم کے مابین دوستی کے فروغ، باہمی ثقافتی تصادم کو روکنے کے لیے عملی اقدامات اور عالم انسانیت کو باہمی رواداری، حسن سلوک، برداشت، امن بقائے باہمی، قیام امن اور دہشت گردی و انتہاپسندی کے خاتمے کے لیے کی جانے والی کاوشوں پر مختلف تعلیمی اداروں میںاظہار خیال کیا۔ خاص طور پر دہشت گردی کے خاتمے کے لیے امن نصاب کو اپنے تعارف کا خاص حصہ بنایا اور مختلف معروف شخصیات کو شیخ الاسلام کا دہشت گردی کے خلاف تاریخی فتویٰ بھی تحفہ میں پیش کیا۔

ڈائریکٹر انٹرفیتھ نے فلپائن کے مختلف تعلیمی اداروں کے وزٹ کئے اور وہاں کے مسلمان راہنماؤں کے علاوہ مسیحی راہنماؤں سے بھی تبادلہ خیال کیا اور خاص طور پر فلپائن میں بسنے والے مسلمان خاندانوں کے افراد سے ملاقات کی اور انہیں شیخ الاسلام کی عالمی سطح پر قیام امن کیلیے خدمات، انسانیت کی عظمت و وقار کے فروغ اور خواتین کے حقوق کو اجاگر کرنے کے لیے جدوجہد اور ان کی سیکڑوں تصانیف اور مختلف کانفرنسز سے بھی متعارف کرایا۔ اس موقع پر مختلف قائدین مذاہب نے شیخ الاسلام کی عالمی سطح پر خدمات کو کھلے دل سے شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا اور فلپائن تشریف لانے کی خواہش کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری کی فلاسفی اور نظریات عالمی امن کے قیام میں بنیادی کردار ادا کر سکتے ہیں۔ ہم ان کی آئیڈیالوجی کو اپنی سرزمین میں فروغ دینے کی کوشش کریں گے تاکہ عالم انسانیت کو ہر طرح کی دہشت گردی اور انتہا پسندی، نفرت اور تعصبات سے پاک کیا جائے۔