چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کا دورۂ ساؤتھ افریقہ

گذشتہ ماہ اپریل2017ء محترم ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے ساؤتھ افریقہ کا تنظیمی و دعوتی دورہ کیا۔ اس دورہ کے دوران انہوں نے متعدد پروگرامز اور کانفرنسز میں شرکت کی اور وہاں کی نمائندہ سیاسی و سماجی اور حکومتی شخصیات، اسکارلز علماء و مشائخ سے ملاقاتیں کیں۔ اس دورہ کے ابتدائی پروگرامز کی رپورٹ نذرِ قارئین ہے، بقیہ پروگرامز کی رپورٹس ماہ جولائی 2017ء کے شمارہ میں شائع کی جائیں گی۔

1۔ استقبالیہ:

محترم ڈاکٹرحسن محی الدین قادری کی ساؤتھ افریقہ آمد پر پرٹیوریا لذیذہ ریسٹورنٹ میں شانداراستقبالیہ کا اہتمام کیا گیا۔ تلاوت قرآن مجید اور نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سعادت قاری شوکت علی نے حاصل کی۔ اس کے بعد منہاج القرآن یوتھ لیگ کے رہنما بلال جاوید نے منہاج القرآن انٹرنیشنل اور شیخ الاسلام ڈاکٹرمحمد طاہر القادری کی خدمات کا تعارف پیش کیا۔

اس استقبالیہ تقریب میں ساؤتھ افریقہ میں ہائی کمشنر آف اسلامی جمہوریہ پاکستان محترم نجم الثاقب نے خصوصی شرکت کی اور پروگرام میں آمد پر محترم ڈاکٹرحسن محی الدین قادری کا استقبال کیا۔ اس استقبالیہ پروگرام میں صدر پاکستان ایسوسی ایشن ساؤتھ افریقہ راجہ فخرحیات ، صدرپریٹوریا سیکٹر ناصرخاں ، بزنس کمیونٹی ، ڈاکٹرز اور پروفیسرزسمیت منہاج القرآن اور پاکستان عوامی تحریک ساؤتھ افریقہ کے قائدین اور کارکنان نے شرکت کی۔

محترم ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے اپنے خصوصی خطاب میں علم کی اہمیت اور منہاج القرآن کی امن عالم کے لئے عالمگیر خدمات سے حاضرین کو آگاہ کیا اور دہشت گردی کے خلاف شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی گرانقدر اور بے مثال عملی خدمات پر روشنی ڈالی۔ اس موقع پر انہوں نے ہائی کمشنر پاکستان جناب نجم الثاقب کو دہشت گردی پر مبسوط فتوٰی بطورگفٹ پیش کیا۔

پاکستان کے ہائی کمشنر محترم نجم الثاقب نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر حسن محی الدین قادری اور آپ احباب بہت خوش قسمت ہیں جو اسلام کے فروغ کے لئے کوشاں ہیں۔ محترم ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کے والد گرامی ڈاکٹرمحمد طاہر القادری دنیا کی وہ عظیم ہستی ہیں جو میرے اور آپ کے پیارے نبی حضرت محمد مصطفی صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ساتھ محبت کے پیغام اور اسلام کے حقیقی تشخص کو عملی صورت میں دْنیا کے کونے کونے میں پیش کررہے ہیں۔ پروگرام کے اختتام پر چیئرمین سپریم کونسل MQI نے مقامی میڈیا سے پریس کانفرنس کی۔

2۔ امن کانفرنس (ساؤتھ افریقہ):

17اپریل 2017 کو جوہانسبرگ میں منہا ج القرآن انٹرنیشنل ساؤتھ افریقہ کے زیر اہتمام ’’اسلام امن اور محبت کا دین ہے‘‘ کے موضوع پر ایک عظیم الشان امن کانفرنس منعقد ہوئی جس میں محترم ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے خصوصی شرکت کی۔

قاری شوکت علی مصطفوی نے تلاوت جبکہ نعت رسول مقبول  صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سعادت قاری عبدالرزاق اینڈ منہاج نعت کونسل جوہانسبرگ نے حاصل کی۔ نور محمد نے سٹیج سیکر ٹری کے فرائض سرانجام دیے۔ اس عظیم الشان امن کانفرنس میں مختلف شعبہ ہاے زندگی سے تعلق رکھنے والے احباب بالخصوص علما ومشائخ، ڈاکٹرز ، وکلا ، تاجر، طلبا ، اور خواتین و حضرات نے شرکت کی۔ اخلاق رانا آصف( صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل جوہانسبرگ)، علامہ طاہر رفیق کوآرڈینیٹر ساوتھ افریقہ اور محمد عتیق صدر پاکستان ایسوسی ایشن جوہا نسبرگ نے مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔ صدر یو تھ لیگ بلال جاوید نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کا تعارف پیش کیا اور تحریک کے تما م شعبوں بالخصو ص علمی مراکز ،ویلفیئرپروجیکٹس اور ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی انسانیت او ر بالخصوص اْمت مسلمہ کیلئے بے مثال اور گرانقدر خدمات پر مبنی ڈاکومنٹری دکھائی گئی جس سے حاضرین بہت متا ثر ہوئے۔

نو مسلم خاتون Monika Monaabجس نے تحریکی کارکنان اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی کُتب اور خطابات کے ذریعے اسلام کی روشنی حاصل کی ، انہوں نے نماز اور اخلاقیات کے حوالے سے خطاب کیا۔ حافظ احمد نے مہمان خصوصی محترم ڈاکٹر حسن محی الدین کو سٹیج پر خطاب کی دعوت دی۔

محترم ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے محبت رسول اور امن کے حوالے سے اپنے خطاب میں حدیث جبرائیل کی روشنی میں ادب و تعظیم رسول صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم کو اْجاگر کرتے ہوئے کہا کہ جہاں رسول اللہ صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم سے محبت ہوگی وہا ں امن کا قیام ہوگا۔ رسول اللہ صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم نے مسلمانوں کو بالخصوص اور انسانیت کو بالعموم امن اور محبت کا پرچار کرنے کا درس دیا۔

اس موقع پر منہاج القرآن کے سفیر اور نائب امیر علامہ محمد صادق قریشی(برطانیہ )نے بھی خطاب کیا۔ اس پروگرام میں لوگوں کی کثیرتعداد نے ممبر شپ حاصل کی۔ پروگرام میں کئی شہروں سے منہاج القرآن کے وفود نے شرکت کی جن میں ڈربن، ہری سمجھ ویلکم، وٹ بنک ہمسرال، زنین وپر وٹوریا قابل ذکر ہیں۔

3۔ شانِ ادب مصطفیٰ صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم کانفرنس (ساؤتھ افریقہ):

منہاج القرآن انٹرنیشنل,Mpumalanga Bushbuckridge جنوبی افریقہ کے زیراہتمام مورخہ 18 اپریل بعد2017 بروز منگل بعداز نماز مغرب مریم کمیونٹی ہال میں عظیم الشان شانِ ادب مصطفی صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ اس عظیم الشان پروگرام میں محترم ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے بطورمہمان خصوصی شرکت کی اور خصوصی خطاب کیا۔علاوہ ازیں نائب امیر منہاج القرآن انٹرنیشنل علامہ صادق قریشی ، کوآرڈینیٹر منہاج القرآن ساؤتھ افریقہ علامہ رفیق نقشبندی، منہاج القرآن Mpumalanga کی تنظیم کے عہدیداران، راجہ جواد افضل، علامہ شہباز قادری، علامہ شبیر علوی، علامہ قاری شوکت علی مصطفوی، پاکستان عوامی تحریک کے صدر مرزاصفدر اقبال، رانا آصف جمیل صدرمنہاج القرآن جوہانسبرگ، صدر عوامی تحریک جوہانسبرگ جاوید اقبال اعوان، علماومشائخ اور دیگر رفقا واراکین نے شرکت کی۔ ذیلی تنظیم کے عہدیداران نے پروگرام کے انعقاد کے لئے انتھک کوشش کی۔ قاری محمد شبیر علوی نے تلاوت جبکہ منہا ج نعت کونسل کے حافظ احمد علی نے نعت رسول مقبول پیش کی۔اس عظیم الشان کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر حسن محی الدین نے شان ادب مصطفیٰaکی اہمیت کو اْجاگر کرتے ہوئے فرمایا کہ تاجدار مدینہ صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم کو نہ صرف انسان بلکہ حیوان (اونٹ، بکریاں اور شجر)بھی جْھک کر سلام پیش کرتے تھے۔ کائنا ت کی ہر شے حضورپاک صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم کا ادب کرتی ہے۔ حضور نبی اکرم صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم نے انسانیت کاادب سکھایا۔ ہمیں ہر انسان سے محبت کرنی چاہیے۔ یہ اسوۂ حسنہ ہے۔ اس پرعمل کیے بغیر آج اسلام کی عظیم قدروں پر پڑی گرد کو دور نہیں کیا جاسکتا۔یہی شیخ الاسلام ڈاکٹرمحمد طاہر القادری اور منہا ج القرآن کا پیغام ہے۔ لوگو! آقا کریم صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم کے اس مشن کے ساتھ جُڑ جاؤ، منہا ج القرآن کے دست بازو بن کر انسانیت کی خدمت کرو، اسی میں عظمت ہے۔

اس موقع پر منہاج القرآن انٹرنیشنل کے سفیراور نائب امیر علامہ محمد صادق قریشی نے بھی خطاب فرماتے ہوئے احیاء و تجدید دین کی اس تحریک کی خدمات اور پوری دنیا میں انسانیت کے حوالے سے کام کرنے کو بیان کیا۔

4۔ محفل سماع اور شانِ اولیا کانفرنس (ساؤتھ افریقہ):

منہاج القرآن انٹرنیشنل جوہانسبرگ جنوبی افریقہ کے زیر اہتمام19اپریل کو جشن غریب نواز رحمتہ اللہ علیہ اور شانِ اولیا کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ تلاوتِ قرآن مجید اور نعت رسول مقبول صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سعادت قاری شوکت علی مصطفوی اوربلال جاوید نے حاصل کی۔ ساؤتھ افریقہ کے معروف قوال سجاد علی سید صابری چشتی وہمنوا نے اپنے مخصوص انداز میں محفل سماع میں نعت ومنقبت اور حضرت خواجہ غریب نوازؒ کی شان میں شاندار کلام پیش کیا۔ اس موقع پر چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹرحسن محی الدین قادری نے شان اولیاء پر خصوصی خطاب فرماتے ہوئے کہا کہ شیخ الاسلام پر اور تحریک منہاج القرآن پر اولیاء کرام کی خصوصی نظر کرم ہے۔ ہمارا مشن مصطفوی مشن ہے۔ ہم نے اپنے اخلاق کو اسوہ حسنہ میں ڈھالنا ہے۔ اْمت مسلمہ کی خدمت کرنی ہے۔ دین متین کی اقامت کیلئے منہاج القرآن تجدیدی تحریک بن چکی ہے۔ ان شا اللہ مصطفوی انقلاب کا سورج جلد طلوع ہوگا۔

5۔ معراج النبی صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم کانفرنس (ساؤتھ افریقہ):

20اپریل 2017بروز جمعرات بعد ازنماز مغرب Welcome City Hall فری اسٹیٹ میں معراج النبی صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم کے موضوع پر عظیم الشان کانفرنس کا انعقاد ہوا۔جس میں محترم ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے خصوصی شرکت کی۔

علامہ قاری مصدق حسین اور منہاج نعت کونسل ویلکم شہر کے رکن محمد ارسل اعوان نے تلاوت و نعت کی سعادت حاصل کی۔سٹیج سیکرٹری کے فرائض امیر تحریک (فری سٹیٹ )علامہ قاری عبدالروف نعیمی نے سر انجام دیے۔ امیر تحریک جوہانسبرگ علامہ قاری شوکت علی مصطفوی نے شیخ الاسلام اور چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کا تعارف پیش کیا۔

استقبالہ کلمات علی احمد تارڑ (صدر MQI بیتھلیھم فری سٹیٹ) نے پیش کئے۔ بشارت علی انجم صدر پاکستان عوامی تحریک نے منہاج القرآن انٹرنیشنل اور پاکستان عوامی تحریک کا تعارف پیش کیا اور اور مہمانان گرامی کو خوش آمدید کہا۔ڈاکٹر یعقوب واحد (رہنما ویلفیئر فاؤنڈیشن ) اور بزنس کمیونٹی کے رہنما ڈاکٹر محمد بلا ل کے علاوہ کئی نامور شخصیات نے شرکت کی۔

محترم ڈاکٹرحسن محی الدین قادری نے معراج النبی صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم سفرِ محبت کے موضوع پرمدلل اور جامع خطاب کیا۔ اس موقع پر آپ نے سائنسی حوالہ سے بھی اس سفر کی اہمیت بیان کی۔

اس موقع پر علامہ صادق قریشی (نائب امیر) نے منہاج القرآن کا تعارف پیش کیا اور لوگوں کو مشن کے ساتھ منسلک ہونے کی دعوت دی جس پر کئی احباب نے ممبرشپ حاصل کی۔

6۔ مرکزی مسجد القدس کیپ ٹاون میں خصوصی خطاب:

21 اپریل بروز جمعتہ المبارک ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کیپ ٹاون کی مرکزی مسجد القدس میں جہاد کی حقیقت قرآن و حدیث کی روشنی میں بیان فرمائی۔ آپ نے اپنے خطاب میں فرمایا کہ جہاد کا معنی کوشش کرنا ہے۔ حضور نبی اکرم صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم نے جہاد بالنفس کو جہاد اکبر کہا اور جنگ میں لڑنا جہاد اصغر فرمایا۔ نفس جو ہمیشہ ہمارے ساتھ رہتا ہے اس کی طرف زیادہ توجہ دینی چاہیے جسے ہم بھول بیٹھے ہیں۔اس لیے ظالم آج اْمتِ مسلمہ کا سر عام دہشت گرد ی اورخودکش حملوں کے ذریعے بے گناہ لوگوں کا خون بہا رہے ہیں، ایسے لوگ دین کا نقصان کر رہے ہیں۔ایسے لوگوں کا تعلق دین سے نہیں ہے بلکہ یہ جہنمی کتے ہیں۔

آپ صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم کے اسوہ پر عمل کرنا،اپنے نفس کو قابو میں رکھنا اور اپنی سیرت و کردار کوسنوارناہی حقیقی جہاد ہے۔

اس موقع پر مولانا ہارون الازہری نے مہمان گرامی کا تعارف پیش کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر حسن محی الدین قادری ایک عظیم تحریک کا حصہ ہیں۔اپنے والد گرامی کے نقش قدم پر چلتے ہوئے احیادین کیلئے دن رات ایک کئے ہوئے ہیں۔

اس موقع پر ڈاکٹرز،انجینئر،وکلا،علما و مشائخ سمیت ہزاروں لوگوں نے آپ کے خطاب کو سماعت کیا اور اسے بے حد سراہا۔

7۔ کیپ ٹاؤن میں مختلف وفود سے ملاقاتیں:

21 اپریل 2017 بروز جمعتہ المبارک نماز مغرب کے بعد کیپ ٹاؤن ساؤتھ افریقہ میں Ryland غوثیہ ہال میں ساؤتھ افریقہ کے علما و مشائخ، تاجر برادری اور لوکل کمیونٹی کے نمائندگان نے چیئرمین سپریم کونسل سے ملاقاتیں کی۔ ابراہیم رسول وزیراعلیٰ پریمیئر کیپ ٹاون نے ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کا استقبال کیا اور بتایا کہ بیس سال قبل شیخ الا سلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری مدظلہ العالی کا ہم نے کیپ ٹاون میں استقبال کیا اورہماری خوش قسمتی ہے کہ آج ان کے لخت جگر کا استقبال کر ر ہے ہیں۔ مولانا ہارون الازہری ،شیخ سعد اللہ خان ، شیخ محمود خطیب اور مختلف شعبہ ہاے زندگی سے تعلق رکھنے و الی شخصیات (وکلا ، ڈاکٹر ز، انجینئر ز ،تاجر ، میڈیا ، ریڈیو کیپ، طلبا اور خواتین حضرات) نے شرکت کی۔

اس موقع پر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے مشن کا تعارف پیش کیا اور مدلل گفتگو فرمائی۔ آپ نے فرمایا کہ جدید تقاضوں کو پورا کرتے ہوئے آج جو تحریک پوری دنیا میں اسلام کے احیا اور تجدید دین کا کام کر رہی ہے اسکا نام منہا ج القر آن ہے۔ اللہ پا ک نے ہم پربڑا احسان کیا ہے کہ شیخ الاسلام مدظلہ العالی کی صورت میں ایک عظیم ہستی عطا فرمائی۔ ہمیں ان کی قدر کرنی چاہیے اور احیاء دین کی عظیم جدوجہد میں ان کا دست و بازو بننا چاہیے۔

جوہانسبرگ ، پریٹوریا، کیپ ٹاؤن کے قریبی علاقوں سے کثیر تعداد میں احباب نے شرکت کی۔ جاوید اقبال، رانا آصف، مدثر حسین، علی، چوہدری سعید، جان عالم، علامہ صادق قریشی، علامہ طاہر رفیق نقشبندی، علامہ شوکت علی مصطفوی، چاند بھائی، جاوید مہر بھی بطور خاص ان ملاقاتوں میں موجود تھے۔

8۔ ٹیبل ماؤنٹین پر محفلِ درودوسلام کا انعقاد:

چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹرحسن محی الدین قادری نے اپنے حالیہ دورہ ساؤتھ افریقہ کے دوران 22اپریل کو کیپ ٹاؤن کے تاریخی وتفریحی مقام ٹیبل ماؤنٹین کا وزٹ کیا۔ اس موقع پر وہاں محفل ِ درودوسلام کا انعقاد بھی کیا گیا۔ منہاج القرآن انٹرنیشنل ساؤتھ افریقہ کے عہدیداران ووابستگان بھی اس موقع پر آپ کے ساتھ موجود تھے۔

9۔ ساؤتھ افریقہ کی سیاسی ومذہبی شخصیات سے ملاقاتیں:

چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل محترم ڈاکٹرحسن محی الدین قادری نے اپنے تنظیمی ودعوتی دورہ ساؤتھ افریقہ کے دوران ساؤتھ افریقہ کی سیاسی، سماجی، دینی اور دیگر اہم شخصیات سے ملاقاتیں کی۔ ساؤتھ افریقہ کے مشہور ومعروف سیاست دان ، سابق پریمیئر ویسٹرن کیپ اور امریکہ کے لئے ساؤتھ افریقہ کے سفیر ابراہیم رسول سے کیپ ٹاؤن میں ملاقات کی۔ اس مو قع پر دوطرفہ اْمور پر تبادلہ خیال ہوا۔ اس کے علاوہ نعت کونسل ساؤتھ افریقہ کے چیئرمین محمود خادم سے بھی ملاقات کی۔ چیئرمین سپریم کونسل نے منہاج القرآن اور ڈاکٹرمحمد طاہر القادری کے عالمگیر مصطفوی مشن کی گرانقدر خدمات اور تعارف سے آگاہ کیا اور شیخ الاسلام کی تحقیقی وعلمی خدمات کے بارے بھی بتایا۔ ابراہیم رسول نے منہاج القرآن اور ڈاکٹرمحمد طاہر القادری کی گرانقدر خدمات کو خراج تحسین پیش کیااور ساؤتھ افریقہ میں مشن کی ترویج واشاعت کیلئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی۔

10۔ علماء و مشائخ اور سکالرز کے ساتھ خصوصی گفتگو:

چیئرمین سپریم کونسل صاحبزادہ ڈاکٹرحسن محی الدین قادری نے 23اپریل کو2017بعد از مغرب کیپ ٹاؤن کے آڈیٹوریم میں علما و سکالرز کے پروگرام میں خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر آپ نے جہاد اور امن کے حوالہ سے مدلل گفتگوفرمائی۔ آپ نے فرمایا کہ جہاد کے معنی ہیں کوشش کرنا اور ہم نے جہاد کے معنی کو غلط استعمال کرتے ہوئے اُسے خودکش دھماکوں کے ساتھ متعلق کردیا ہے۔ سب سے پہلے جہا دبالنفس پھر جہاد بالعلم، جہا د بالعمل اور جہاد بالمال پھر کہیں آخر میں جا کر سیلف ڈیفنس کا نا م جہا د ہے۔ داعش سمیت دیگر نام نہاد جہادی تنظیمیں اسلام دشمن طاقتیں ہیں۔ یہ لوگ ہمارا مذہب اور اس کانا م بگاڑ رہے ہیں۔ یہ کیسا جہاد ہے جس کے ذریعے سکو ل کے بچوں کو ذبح کیا جاتا ہے اور راہ چلتے ہوئے مسافروں کو نشانہ بنا یا جاتا ہے۔شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے جو 700سے زائد صفحات پر دہشتگردوں کے خلاف ایک تاریخی فتویٰ جاری کیا ہے، جسے پوری دنیا میں پذیرائی مل رہی ہے بڑی بڑی یونیورسٹیزنے اس کو نصا ب کے طور پر اپنے سلیبس میں شامل کر لیا ہے۔ تحریک منہا ج القرآن کی یہ بہت بڑی کامیا بی ہے کہ ظلم کیخلاف لو گوں کو شعور دے رہی ہے کہ اپنو ں اور غیروں کو پہنچانو اور ظلم کے خلاف متحدہ ہو جاؤ۔

اس پروگرام میں حافظ محمود خطیب (ڈائریکٹرمدینہ انسٹیٹیوٹ)، علامہ صادق قریشی (گلوبل ایمبسڈر آف منہا ج القرآن)، شیخ سعد اللہ خان، علامہ فخر الدین اویسی المکی، ابراہیم رسول (سابقہ میئر) سمیت علماومشائخ، سیا سی شخصیات، وکلا، ڈاکٹر اور طلبانے شرکت کی۔ آخر میں سوال و جواب کی نشست ہوئی۔ جان عالم ، چوہدری سعید احمد اور جنرل سیکرٹری سید مدثر علی شاہ قادری ،ابو بکر، رانا آصف، قار ی شوکت علی مصطفوی، جاوید قبال سمیت دیگر احباب نے بھی شرکت کی۔

چیئرمین سپریم کونسل محترم ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے ساؤتھ افریقہ کے تنظیمی ودعوتی دورہ کے دوران ساؤتھ افریقہ کے روحانی پیشوا حضرت خالد شاہ چشتی اجمیری(رحمتہ اللہ علیہ) کے مزار اقدس پر حاضری دی ، فاتحہ خوانی کی اور چادربھی چڑھائی۔ علاوہ ازیں آپ نے کیپ ٹاؤن میں ساؤتھ افریقہ کی مشہور روحانی شخصیت حضرت شیخ یوسف (رحمتہ اللہ علیہ) اور ڈربن میں حضرت صوفی بائی جان کے مزارات پر بھی حاضری دی۔ اس موقع پر MQI کے نائب امیر علامہ صادق قریشی، کوآرڈینیٹر MQI ساؤتھ افریقہ طاہر رفیق نقشبندی،منہاج القرآن انٹرنیشنل ، پاکستان عوامی تحریک ، منہاج القرآن یوتھ لیگ کے عہدیداران بھی ساتھ تھے۔

(جاری ہے)