تحریک منہاج القرآن کے مرکزی امیر حضرت صاحبزادہ مسکین فیض الرحمن خان درانی کا انتقال

تحریک منہاج القرآن کے مرکزی امیرحضرت صاحبزادہ مسکین فیض الرحمن خان درانی 14 اگست 2017ء کو انتقال فرما گئے۔ انا للہ و انا الیہ راجعون۔

محترم صاحبزادہ فیض الرحمن درانی تحریک منہاج القرآن کے اولین رفقاء کار میں شامل تھے۔ آپ کا تعلق خیبرپختونخوا کے معروف روحانی سلسلے سے ہے۔ آپ معروف علمی، مذہبی، سیاسی اور روحانی شخصیت تھے۔ مختلف اہم سرکاری عہدوں پر بھی فائز رہے۔ آپ عبادت گزار، انتہائی خوش اخلاق، ملنسار اور مشن کا اثاثہ تھے۔ 1982ء سے شیخ الاسلام ڈاکٹرمحمد طاہر القادری کی تعلیمی و تربیتی نشستوں میں شامل ہوتے رہے اور 1984ء میں تحریک میں شمولیت اختیار کی اور تحریک منہاج القرآن پشاور میں کلیدی عہدوں پر فائز رہے۔ بعد ازاں 1995ء میں مرکزی امیر تحریک منہاج القرآن مقرر ہوئے اور تادم آخر یہ ذمہ داریاں احسن طور پر سرانجام دیتے رہے۔

شیخ الاسلام ڈاکٹرمحمد طاہرالقادری نے مرکزی امیر محترم صاحبزادہ فیض الرحمن درانی کے وصال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ تحریک منہاج القرآن میں صاحبزادہ فیض الرحمن درانی کی دینی، علمی، سماجی اور سیاسی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائیگا۔ مرحوم سچے عاشق رسول، نیک، صالح اور محب وطن انسان تھے، ان کی رحلت ان کے اہل خانہ، رفقا اور تحریک منہاج القرآن کیلئے عظیم صدمہ ہے۔ تحریک منہاج القرآن کیلئے ان کی خدمات اور کاوشوں کو ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھا جائے گا۔ ان کے تقویٰ، پرہیز گاری اور صالحیت میں کوئی شک و شبہ نہیں ہے۔ انہوں نے 30 سال سے زائد عرصہ میرے ساتھ گزارا، اس دوران میں نے انھیں صاحب استقامت، عبادت گزار اور مشن کا وفادار پایا۔ وہ اللہ والے تھے، اہل اللہ میں سے تھے۔ وہ تہجد، نماز فجر، تلاوت، یومیہ اورادوظائف اور نماز اشراق کی ادائیگی کے بعد سوئے اور پھر اسی حالت میں وہ اللہ کو پیارے ہو گئے۔ ان کی وفات کی جو شکل و صورت ہمارے سامنے آئی یہ اللہ کے مقرب و محبوب بندوں کی علامات میں سے ہے۔ اللہ تعالیٰ ان کے درجات بلند فرمائے اور اپنے قربِ خاص میں جگہ عطا فرمائے۔

مرحوم کی نماز جنازہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے منہاج یونیورسٹی کے گراؤنڈ میں پڑھائی۔ نماز جنازہ میں چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن محترم ڈاکٹر حسن محی الدین، محترم ڈاکٹر حسین محی الدین قادری، سیکرٹری جنرل عوامی تحریک خرم نواز گنڈاپور،جملہ مرکزی قائدین و سٹاف ممبران ، علماء، مشائخ، اساتذہ، طلبہ اور رفقاء و کارکنان تحریک کی کثیر تعدادنے شرکت کی اور ان کی مغفرت و بلندی درجات کیلئے دعا کی۔ اللہ تعالیٰ مرحوم کے درجات بلند فرمائے، انہیں اعلیٰ علیین میں جگہ عطا فرمائے اور ان کے پسماندگان کو صبرِ جمیل اور اجرِ عظیم عطا فرمائے۔ آمین بجاہ سیدالمرسلین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم