منہاج القرآن یوتھ لیگ: نظریاتی نوجوانوں کی واحد نمائندہ تنظیم

مظہر محمود علوی، مرکزی صدر منہاج القرآن یوتھ لیگ

یہ بات روز روشن کی طرح عیاں ہے کہ نوجوان کسی بھی قوم و ملت کی ترقی کا سرمایہ ہوتے ہیں۔ نوجوانوں کا کردار قومی ترقی کا ضامن ہوتا ہے۔ قائد انقلاب ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے 30 نومبر 1988ء کو منہاج القرآن یوتھ لیگ کے نام سے ایک فورم کی بنیاد رکھی۔ اس فورم کا مقصد نوجوانوں میں مصطفوی انقلاب کے پیغام کا فروغ اور اس مشن کے لئے ہر اول دستے کا کردار ادا کرنا ہے۔ اپنے قیام سے لے کر آج تک منہاج القرآن یوتھ لیگ نے قائد انقلاب کے وژن کو نہ صرف نوجوانوں تک پہنچایا بلکہ تحریک کے ہر ہر مرحلے پر اپنا مثبت کردار ادا کیا۔ منہاج القرآن یوتھ لیگ نہ تو نوجوانوں کی ایک مذہبی نوعیت کی روایتی تنظیم ہے اور نہ ہی اس کی قیادت صرف کسی ایک گوشے پر کام کرنے والی شخصیت ہے بلکہ منہاج القرآن یوتھ لیگ نوجوانوں کی واحد نمائندہ تنظیم ہے جو ہمہ جہت سطح پر نوجوانوں کی بیک وقت علمی و فکری، اخلاقی و روحانی، تعلیمی و تربیتی اور سیاسی و سماجی تربیت کرتے ہوئے پچھلے 29 سالوں سے اپنی منزل یعنی مصطفوی انقلاب کی طرف رواں دواں ہے۔

منہاج القرآن یوتھ لیگ کے یوم تاسیس کے موقع پر ہم قائد انقلاب ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کو سلام اور خراج تحسین پیش کرتے ہیں کہ آپ کی قیادت میں نوجوانوں کی فلاح و بہبود کے لئے یوتھ لیگ مصروفِ عمل ہے۔ آج منہاج القرآن یوتھ لیگ سائوتھ ایشیاء میں نوجوانوں کی سب سے بڑی تنظیم بن چکی ہے۔ یوم تاسیس کے اسی پرسعید موقع پر یوتھ لیگ کے نوجوان اپنے قائد اور شہدائے ماڈل ٹائون کی ارواح سے عہد کرتے ہیں کہ مصطفوی انقلاب کی منزل کے حصول کے لئے اپنی انقلابی جدوجہد کو شبانہ روز جاری رکھیں گے اور اس مقصد کے لئے بڑی سے بڑی قربانی سے بھی دریغ نہیں کریں گے۔

آیئے! نوجوانوں کی فلاح و بہبود، تعمیر شخصیت اور حب الوطنی کو فروغ دینے کے لئے منہاج القرآن یوتھ لیگ کا حصہ بن کر ملک و قوم کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔

اہداف:

  1. نوجوانوں میں قیام امن اور انسانیت کے احترام، قومی خدمت اور سماجی بہبود، انقلابی کردار کی تشکیل، یوتھ لیڈر شپ ڈویلپمنٹ پروگرام، تعمیری کھیل، قدرتی آفات سے نمٹنے کی ٹریننگ، کیریئر کونسلنگ، جمہوری رویے اور قائدانہ سوچ کو پروان چڑھانا۔
  2. نوجوانوں میں سماجی و معاشی استحصال، اخلاقی و جنسی بے راہ روی، منشیات اور شراب نوشی، انتہا پسندی اور دہشت گردی، مایوسی و بے روزگاری، ماحولیاتی آلودگی، جہالت و ذہنی پسماندگی اور فرقہ واریت کے خاتمہ کے لئے جدوجہد کرنا۔

لائحہ عمل:

منہاج القرآن یوتھ لیگ اپنے پرامن مقاصد کے حصول کے لئے درج ذیل جہتوں پر کام کررہی ہے:

1۔ اخلاقی و روحانی جہت 2۔ تعلیم و تربیتی جہت

3۔ سیاسی و سماجی جہت 4۔ معاشی و فلاحی جہت

5۔ عصری و تفریحی جہت

اس لائحہ عمل پر کماحقہ عمل درآمد کے لیے منہاج القرآن یوتھ لیگ کے شیڈول میں درج ذیل سرگرمیاں شامل ہیں جو ایک تسلسل کے ساتھ منعقد ہوتی رہتی ہیں:

سالانہ عالمی میلاد کانفرنس، اعتکاف، دعوتی ٹوورز، محافل نعت و حلقہ درود و فکر، محافل سماع، مجالس علم و تصوف اور دین لرننگ کورسز، یوتھ لیڈر شپ ٹریننگ کیمپس، یوتھ ٹیلنٹ شو، ضرب امن ٹریننگ ورکشاپس، سوشل میڈیا ورکشاپس، کیریئر کونسلنگ سیمینارز، سماجی استحصال کے خاتمے کے لئے تبدیلی نظام واک، نوجوانوں کے معاشی استحصال کے خاتمے اور فلاح و بہبود کے لئے کاوشیں، ہیلتھ کیئر، سپورٹس ایونٹس کا انعقاد

PAT یوتھ ونگ کے زیر اہتمام APC کا انعقاد:

پاکستان عوامی تحریک یوتھ ونگ کے زیر اہتمام 11، اکتوبر کو 18 سیاسی جماعتوں کے یوتھ و طلبی ونگز کے سنیئر رہنماؤں پر مشتمل منعقدہ آل پاکستان کانفرنس میں متفقہ قرارداد کے ذریعے مطالبہ کیا گیا ہے کہ ختم نبوت کے حلف نامے میں تبدیلی کی ذمہ دار قومی لٹیروں کی پشت پناہ ن لیگ کی عباسی حکومت فوری مستعفی ہو جائے۔عدلیہ اور فوج کے خلاف منفی میڈیا مہم چلانے والے وزراء کے خلاف آئین سے انحراف اور بغاوت کے مقدمات درج کئے جائیں۔ اس قرارداد کے ذریعے مطالبہ کیا گیا کہ کرپشن ریفرنسز میں ملوث حکمران خاندان کے تمام افراد کے نام ای سی ایل میں شامل کیے جائیں۔ ختم نبوت کے حلف نامے میں تبدیلی کے ذمہ داروں کو کڑی سزا دی جائے۔ کالعدم تنظیموں سے روابط رکھنے والے اراکین پارلیمنٹ کے خلاف کارروائی کی جائے۔

یوتھ اے پی سی میں جسٹس باقر نجفی کمشن کی رپورٹ پبلک کرنے اور سانحہ ماڈل ٹاؤن کے ذمہ داروں کے ٹرائل اور شہدائے ماڈل ٹاؤن کے ورثاء کو انصاف دینے کے مطالبات پر مبنی قرارداد بھی پاس کی گئی۔

اے پی سی میں مسلم یوتھ آرگنائزیشن(ق) کے سید بلال شیرازی، ملک شکیل سکندر، انصاف سٹوڈنٹس فیڈریشن چوہدری ارسلان، مسلم سٹوڈنٹس فیڈریشن(ق) کے سہیل چیمہ، جماعت اسلامی یوتھ سے محمد زبیر گوندل، اسلامی جمیعت طلبہ سے عرفان حیدر، انجمن طلباء اسلام سے نعمنا الجبار، امامیہ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن سے انصر مہدی، وحدت المسلمین کے وفاء عباس، پیپلز یوتھ آرگنائزیشن کے رانا سلطان، سٹیٹ یوتھ پارلیمنٹ کے شہیر سیالوی، ایم کیو ایم یوتھ ونگ کے عبدالسلام، آل پارٹیز مہاجر سٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے عامر بلوچ، پاک سرزمین پارٹی یوتھ کے بیرسٹر مختار، المحمدیہ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے حنظلہ طیب، جمعیت طلباء اسلامیہ کے عبدالرحمن، سرائیکستان ڈیموکریٹک موومنٹ یوتھ کے معظم شاہ، پاکستان تحریک باہو یوتھ کے سلطان سرمد قادری، بلوچ کونسل کے مزمل بلوچ، پختون سٹوڈنٹس کونسل کے احسن ایاز اور دیگر جماعتوں کے رہنمائوں اور وفود نے شرکت کی۔

عوامی تحریک یوتھ ونگ کے مرکزی صدر مظہر محمود علوی نے سیاسی جماعتوں کے یوتھ اور طلبہ ونگز کے وفود کو عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹریٹ پر خوش آمدید کہا۔ انہوں نے قومی ایشوز پر متفقہ لائحہ عمل بنانے کیلئے نیشنل یوتھ الائنس بنانے کی تجویز دی جسے منظور کیا گیا۔ پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل محترم خرم نواز گنڈا پور اے پی سی کے اختتامی سیشن میں خصوصی طور پر شریک ہوئے، انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کا اتحاد پاکستان کی ضرورت ہے، اب وقت آ گیا ہے نوجوان پاکستان کیلئے اور آئندہ نسلوں کے مستقبل کیلئے قومی لٹیروں کے خلاف آواز بلند کریں۔اے پی سی میں شریک طلبہ و یوتھ رہنماؤں نے جھوٹے کو پارٹی صدر بنانے کیلئے ترمیم کی منظوری کو پارلیمنٹ کی توہین قرار دیا اور کہا کہ ایسا کر کے لولی لنگڑی جمہوریت کا منہ کالا کیا گیا۔

عوامی تحریک یوتھ ونگ کے رہنماؤں منصور قاسم اعوان، علی رضا، عصمت علی، حافظ وقار، حاجی فرخ نے مختلف سیاسی جماعتوں کے یوتھ اور طلباء رہنماؤں کو عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹریٹ آمد پر خوش آمدید کہا۔