شیخ الاسلام کے بارے میں قومی و بین الاقوامی نامور شخصیات کے تاثرات

عبدالحفیظ چوہدری

معاصر سیاسی قائدین کے 67 ویں سالگرہ پر پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری کے لیے تنہیتی پیغامات

خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہوں

عمران خان (چیئرمین پاکستان تحریک انصاف)

ڈاکٹر محمد طاہرالقادری اعلیٰ تعلیم یافتہ، درد مند، محب وطن پاکستانی ہیں، انہوں نے پاکستان کو جمہوری اقدار کا حامل ایک باوقار ملک بنانے کیلئے کٹھن جدوجہد کی، جانی مالی قربانیاں دیں، ڈاکٹر طاہر القادری نے ہمیشہ امن، بھائی چارے اور تکریم انسانیت کیلئے عملی جدوجہد کی ہے۔ طاہر القادری کی علمی، فلاحی، مذہبی، سیاسی خدمات کو احترام و قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ خوشحال پاکستان کی جدوجہد میں ہم انکے شانہ بشانہ ہیں۔ میں انہیں 67 ویں سالگرہ پر مبارکباد دیتا ہوں اور ان کی صحت کیلئے دعا گو ہوں۔

متبادل بیانیہ عظیم خدمت

آصف علی زرداری (کو چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی)

ڈاکٹر محمد طاہرالقادری ایک سیلف میڈ آدمی ہیں، انہوں نے اللہ کی مدد و نصرت اور محنت شاقہ سے اپنا نام بنایا، پوری دنیا میں اسلامک سنٹر قائم کر کے اسلام کا انتہا پسندی سے پاک پیغام پہنچایا، دہشتگردانہ فکر کے خلاف متبادل بیانیہ دیا اس پر ملت اسلامیہ اور پاکستان کے ہر شہری کو فخر ہے۔ ڈاکٹر طاہر القادری کی شخصیت پورے عالم اسلام خصوصاً برصغیر کیلئے بڑی نعمت ہیں۔ دہشتگردی کو کچلنے کیلئے ڈاکٹر طاہر القادری نے جو تحقیقی کام کیا وہ یقینا وقت کی اہم ضرورت تھی۔ ڈاکٹر طاہر القادری کی علمی، مذہبی، فلاحی و سیاسی خدمات کو احترام کی نظر سے دیکھتے ہیں، پیپلز پارٹی کے چیئرمین محترمہ بے نظیر شہید نے بھی 5اگست 2003 میں منہاج القرآن اسلامک سنٹر میں ڈاکٹر طاہر القادری سے ملاقات کی، انکی تحریک کے اغراض و مقاصد، اشاعت اسلام، فروغ علم و امن سے متاثر ہو کر منہاج القرآن کی تاحیات ممبر شپ اختیار کی۔ میں ان کی صحت و سلامتی کیلئے دعا گو ہوں۔ انکی 67 ویں سالگرہ پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

والدہ منہاج القرآن کی لائف ممبر تھیں

بلاول بھٹو (چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی)

میری والدہ شہید بے نظیر بھٹوکا شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری سے ملاقاتوں کا ایک طویل سلسلہ رہا ہے۔ میری شہید والدہ تحریک منہاج القرآن کی لائف ممبر بھی تھیں۔ میں سمجھتا ہوں کہ پاکستان کو ایسے سکالرزاور ریفارمرز کی ضرورت ہے جو دین اور دنیا کا ابہام سے پاک فہم رکھتے ہوں، ڈاکٹر طاہر القادری بھی ایک ایسی ہی شخصیت ہیں۔ بلا شبہ انہوں نے دہشتگردی کے فتنے کو ملک اور ملک سے باہر جس جرات، فہم و فراست اور تدبر کے ساتھ ایکسپوز کیا ہے وہ اسلام، انسانیت اور پاکستان کی بڑی خدمت ہے۔ ڈاکٹر طاہر القادری کی صحت، سلامتی کیلئے دعا گو ہوں۔

سیاست خدمت اور عبادت کا ذریعہ

چودھری شجاعت حسین (صدر پاکستان مسلم لیگ)

ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے سیاست کو حقیقی معنوں میں ملک و قوم کی خدمت اور عبادت کا ذریعہ بنایا، آئندہ نسلوں کو تعلیم اور شعور دیا، سیاست میں سچی بات پوری جرأت کے ساتھ کی، اس کی قیمت بھی چکائی مگر ان کے عزم استقلال میں کمی نہیں آئی۔ ہم انکا احترام کرتے ہیں اور ہمیشہ انکی لمبی عمر، صحت و سلامتی کیلئے دعا گو ہیں۔

دیرینہ نیاز مندی ہے

شیخ رشید احمد (صدر پاکستان عوامی مسلم لیگ)

ڈاکٹر محمد طاہرالقادری سے میری دیرینہ نیازمندی ہے، اللہ نے انہیں علم و حکمت کے خزانے عطا کیے اور ڈاکٹر طاہرالقادری نے ودیعت کردہ ان علمی خزانوں کو پوری دنیا میں پھیلایا، بالخصوص نوجوان نسل کے دلوں میں انہوں نے اسلام، امن کے جو دیپ جلائے یہ ان کا اسلامیان پاکستان بالخصوص والدین پر ایک بڑا احسان ہے۔ نوجوان ڈاکٹر طاہرالقادری کیلئے جان ہتھیلی پر رکھ کر نکل آتے ہیں، میں دعا گو ہوں کہ اللہ رب العزت ڈاکٹر طاہرالقادری کو ہمیشہ ہمارے سروں پر سلامت رکھے، قومی لٹیرے ان کے ذکر سے تھر تھر کانپتے ہیں۔ میں انہیں 67 ویں سالگرہ پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

اتحاد امت کیلئے کوشاں

سراج الحق (امیر جماعت اسلامی)

پروفیسرڈاکٹر محمد طاہر القادری عالم اسلام کی پہچان اور بین الاقوامی شخصیت ہیں جو اتحاد امت، امن، بین المذاہب، بین المسالک، رواداری اور فلاح انسانیت کے لیے کوشاں ہیں۔ رب کریم نے آپ کو قوت بیان، قوت تحریر، قوت حافظہ اور قوت استدلال جیسی عظیم نعمتوں سے نوازا ہے۔ ڈاکٹر طاہر القادری ملک میں رواداری، تحمل، برداشت، آئین پاکستان سے وفاداری اور اصول پرستی پر مبنی صحت مند سیاسی روایات کے فروغ کے لیے کوشاں ہیں۔ غریب دشمن نظام انتخاب کو بدلنے کیلئے ڈاکٹر طاہر القادری کی جدوجہدقابل تحسین ہے۔ ڈاکٹر طاہر القادری کی صحت وسلامتی کے لیے دعا گو ہیں۔ ان کو 67سالگرہ پر مبارکباد پیش کرتے ہیں۔

بے مثل علمی تحقیقی کام

فاروق ستار (سربراہ ایم کیو ایم)

ڈاکٹرمحمد طاہرالقادری نے چھوٹی سی زندگی میں جتنا علمی دینی کام کر دیا وہ بلاشبہ ملت اسلامیہ اور آئندہ نسلوں کے لیے زاد راہ ہے وہ اپنے علمی تحقیقی کام میں بھی بے مثل اور سیاست کے پرخار میدان میں بھی اپنی ایک الگ شناخت اور آواز رکھتے ہیں، 67 ویں سالگرہ پر صمیم قلب سے انہیں مبارکباد پیش کرتے ہیں۔

امت مسلمہ و انسانیت کیلئے عظیم جدوجہد

علامہ راجہ ناصر عباس، (سربراہ مجلس وحدت المسلمین پاکستان)

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی اسلام، پاکستان کیلئے خدمات تاریخ کا قابل فخر باب ہے۔ انہوں نے تن تنہا جرات و بہادری کے ساتھ اسلام کا پیغامِ امن پوری دنیا میں پھیلایا جسے زبردست پذیرائی ملی، ڈاکٹر طاہر القادری کی جدوجہد پوری امت مسلمہ اور انسانیت کیلئے ہے، اسی لئے دنیا ڈاکٹر طاہر القادری کے کردار اور علمی وجاہت کی معترف ہے۔ ہم ان کی 67 ویں سالگرہ پر صمیم قلب سے مبارکباد پیش کرتے ہیں۔

نعمتوں کے شکر کے حق کی ادائیگی

مصطفی کمال (چیئرمین پاکستان سرزمین پارٹی)

ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کو اگر اللہ نے علم کے خزانے عطا کیے تو ساتھ اظہار کا وقار اور سلیقہ بھی عطا کیا اور انہوں نے اللہ کی ان خوبیوں اور نعمتوں کے اظہار اور شکر کا بھی حق ادا کیا، ہم ان سے سیکھتے ہیں، ان کی صحت و سلامتی کیلئے ڈھیروں دعائیں۔

ہر لمحہ اسلام اور انسانیت کی خدمت

صاحبزادہ حامد رض (چیئرمین سنی اتحاد کونسل)

ہمیں فخر ہے کہ ہم شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے عہد میں زندہ ہیں، اللہ نے انہیں بے شمار خوبیوں سے نوازا، اللہ نے انہیں جو خوبیاں، صلاحیت اور علم دانش کے موتی عطا کیے انہوں نے انہیں بنی نوع انسان تک پہنچایا اور اپنی زندگی کا ہر لمحہ دین اسلام اور انسانیت کی خدمت کے لیے صرف کیا۔ ڈاکٹر طاہر القادری کا علمی و تحقیقی کام امت مسلمہ کیلئے عظیم سرمایہ ہے، منہاج یونیورسٹی، درجنوں کالجز، 700سے زائد سکول، 100ملکوں میں منظم نیٹ ورک ڈاکٹر طاہر القادری کی اسلام، انسانیت اور علم سے محبت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے پاکستان میںتعلیمی اداروں کا جال بچھا کر ملک کے مستقبل کو تابناک بنانے کی بنیاد رکھ دی ہے۔ انکی سلامتی اور لمبی عمر کیلئے دعا گو ہیں۔

شیخ الاسلام نابغہ روزگار

مولانا محمد اجمل قادری (سرپرست اعلیٰ جمعیت علمائے پاکستان)

ہمیں پاکستان کے بیٹے، عالم اسلام کے مجاہد، نابغہ روزگار شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری ان کے علمی تحقیقی کام پر فخر ہے، اللہ انہیں صحت کاملہ کے ساتھ لمبی عمر نصیب فرمائے اور وہ اسی آب و تاب اور شان کے ساتھ امت اسلامیہ کی خدمت کرتے رہیں۔

متحرک، جہاں دیدہ، صاحب علم و فضل

جہانگیر ترین (مرکزی رہنما تحریک انصاف)

پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری ایک متحرک، جہاںدیدہ، صاحب علم و فضل و شخصیت ہیں، دینی اور دنیاوی علوم پر ان کی دسترس کی وجہ سے ان کا وجود عالم اسلام کیلئے نعمت غیر مترکبہ ہے، ڈاکٹر طاہر القادری پاکستان کے قابل فخر سپوت ہیں جن کی تحقیق کی خوشبو دنیا کے ہر خطے تک پہنچ رہی ہے، انہوں نے دنیا کے 190 سے زائد ممالک میں سنٹر قائم کر کے ایسا کارنامہ انجام دیا ہے جس سے رہتی دنیا تک علم و نور کی روشنی قریہ قریہ پھیلتی رہے گی۔ میں 67 ویں سالگرہ پر دل کی اتھاہ گہرائیوں سے انہیں مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

ججز، وکلاء، علماء کے استاد

قمر الزمان کائرہ (صوبائی صدر پاکستان پیپلز پارٹی)

میں سربراہ عوامی تحریک ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی صحت اور تندرستی کیلئے بارگاہ رب العزت میں دعا گو ہوں، شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری ججز، وکلاء اور علماء کے استاد ہیں، اللہ نے انہیں علم و عمل کی نعمتوں سے نوازا، انہوں نے اپنی زندگی کا ہر لمحہ اسلام اور پاکستان کی سربلندی کے لیے صرف کیا، انہوں نے بہتری کے حوالے سے امید کے دیوں کو بجھنے نہیں دیا، پوری دنیا کے نوجوانوں کو اسلام اور پاکستان کی فکری اساس سے جوڑا، ہم ڈاکٹر محمدطاہرالقادری سے سیکھتے ہیں وہ اسلام اور پاکستان کی توانا آواز ہیں۔ ڈاکٹر طاہرالقادری سکالر، ماہر تعلیم، دانشور، محقق، قانون دان اور مدبر سیاستدان ہیں، اتنے اوصاف کسی ایک شخصیت میں ہونا یقینا اللہ کریم کی خاص نوازش ہے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری کو ان کی 67 ویں سالگرہ پر مبارکباد پیش کرتے ہیں۔

اسلامی دنیا کا جانا پہچانا نام

میاں منظور احمد وٹو (مرکزی رہنما پاکستان پیپلز پارٹی)

ڈاکٹر طاہرالقادری پاکستان کی سیاست، اسلامی دنیا کا جانا پہچانا نام ہے، انہوں نے دہشتگردی کے خاتمہ کیخلاف فتویٰ دے کر پاکستان، اسلام کے ساتھ ساتھ انسانیت کی خدمت کی، انہوں نے جان ہتھیلی پر رکھ کر خودکش دھماکوں کو حرام ثابت کیا، بلاشبہ ان کی یہ اسلامی، ملی، انسانی خدمت رہتی دنیا تک یاد رکھی جائیگی، میں ان کی صحت و تندرستی کیلئے دعا گو ہوں۔

اصلاحی، اخلاقی، روحانی تربیت

سید مراد علی شاہ (وزیر اعلیٰ سندھ)

ڈاکٹر محمد طاہر القادری اسلام کے احیاء پاکستان کو اسلامی فلاحی مملکت بنانے کی جدوجہد میں مصروف عمل ہیں، پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ کی اصلاحی، اخلاقی، روحانی تربیت کے ساتھ ساتھ دینی وعصری علوم میں سرپرستی رہبری و رہنمائی سے لاکھوں طلباء وطالبات زیور تعلیم سے آراستہ ہو کر ملک و قوم کی خدمت کر رہے ہیں، آپ کی قائم کردہ تحریک منہاج القرآن دنیا کے 90سے زائد ممالک میں ایک منظّم اور مؤثر نیٹ ورک بنا چکی ہے جو دنیا بھر میں احیائے ملت اسلامیہ اور اتحاد امت کے عظیم مشن کے لیے مصروف عمل ہے۔ ڈاکٹر طاہر القادری کی صحت و سلامتی کے لیے دعا گو ہیں، ان کو 67ویں سالگرہ پر مبارکباد پیش کرتے ہیں۔

جہاد اور فساد کا فرق

شہلا رضا (ڈپٹی سپیکر سندھ اسمبلی)

پاکستان پیپلز پارٹی دہشتگردوں کی زخم خوردہ جماعت ہے، بی بی شہید دہشتگردی کا شکار ہوئیں اور پاکستان شہید ذوالفقار علی بھٹو کے بعد ایک عظیم لیڈرمحترمہ بے نظیر بھٹو سے محروم ہو گیا۔ ہم نے دہشتگردوں کے ہاتھوں بہت زخم کھائے مگر اسلام، انسانیت اور پاکستان کے دشمن دہشتگرد ہمیں ہمارے اصولوں سے نہ ہٹا سکے، ڈاکٹر طاہر القادری کی صلاحیتوںکی میں اس اعتبار سے بھی معترف ہوں کہ انہوں نے جان ہتھیلی پر رکھ کر جہاد اور فساد کے فرق کو واضح کیا۔

امن، اتحاد، بھائی چارے کا درس

فواد چودھری (ترجمان پاکستان تحریک انصاف)

ڈاکٹر طاہر القادری کا علمی و تحقیقی کام مستند ہے جو امن، اتحاد اور بھائی چارے کا درس دیتا ہے۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے اسلام کو عصر حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ کر کے پیش کیا۔ ڈاکٹر طاہر القادری ایک روشن خیال سیاسی و مذہبی رہنماء ہیں جن کی فکر سے دنیا میں امن، برداشت اور رواداری کو فروغ مل رہا ہے۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے اسلام، پاکستان اور انسانیت کی جو خدمت کی ہے وہ نا قابل فراموش ہے۔ ڈاکٹر طاہر القادری کی صحت و سلامتی کیلئے دعا گو ہوں۔

بیداری شعور کا مشن

ناصر شیرازی (ڈپٹی سیکرٹری جنرل مجلس وحدت المسلمین)

ڈاکٹر طاہر القادری کی کاوشوں کا ہی ثمر ہے کہ آج پاکستانی قوم میں اپنے حقوق کے بارے میں شعور بیدار ہو رہا ہے۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے انتہائی جرات و بصیرت کے ساتھ حق کو بیان کیا ہے اور پاکستانی قوم کو فکری رہنمائی دی ہے۔ انکی درازی عمر کیلئے دعا گو ہیں۔

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے لیے سینئر اینکرز صحافیوں اورکالم نویسوں کے مبارکبادی پیغامات

ٹاک شوز کی شان

ڈاکٹر معید پیرزادہ (سینئر اینکر پرسن دنیا ٹی وی)

ڈاکٹر محمد طاہرالقادری ٹاک شوز کی شان ہیں، ان کے پاس ویژن، دلیل اور گفتگو کا ہنر ہے، وہ جب بولتے ہیں تواپنے تو کیا مخالف بھی سر دھنتے ہیں، ڈاکٹر طاہرالقادری پاکستان کے دینی، سیاسی، صحافتی، سماجی حلقوں کا معتبر نام ہیں۔

مخالف سمت میں تیراکی

وسیم بادامی (سینئر اینکر پرسن اے آر وائی)

ہم ڈاکٹر محمد طاہرالقادری سے سیکھتے ہیں وہ پانی کے بہائو کی مخالف سمت تیرتے ہیں، سیاست ہو یا مذہب وہ تحقیق کے راستے پر ہیں ہر ایشو پر اپنی ایک رائے اور فکر رکھتے ہیں جس کا اظہار وہ نتائج کی پروا کیے بغیر پوری جرأت سے کرتے ہیں۔

پرعزم شخصیت

کامران شاہد (سینئر اینکر پرسن دنیا ٹی وی)

ڈاکٹر طاہرالقادری 4دہائیوں سے تسلسل کے ساتھ بیداری شعور کیلئے دن رات کوشاں ہیں، انہوں نے سول آمریت کے خاتمے، حقیقی جمہوریت کے قیام، انتخابی اصلاحات، خوشحال اور تعلیم یافتہ پاکستان کیلئے بے مثال جدوجہد کی، اس جدوجہد میں سانحہ ماڈل ٹائون بھی ہوا، کارکنوں کی قربانیاں بھی دیں مگر ان کے عزم اور جذبہ میں کوئی کمی نہیں آئی، ایسی شخصیات کا وجود ممالک اور معاشروں کے لیے باعث نعمت ہوتا ہے۔

بہادر، دبنگ اور بے باک

ڈاکٹر اجمل نیازی (سنیئر کالم نویس)

ڈاکٹر محمد طاہر القادری نہ صرف پاکستان، عالم اسلام اور پوری دنیا میںایک ایسے سکالرکی حیثیت سے جانے جاتے ہیں، جن پر ساری امت فخر کر سکتی ہے۔ ڈاکٹر طاہر القادری کو اللہ کریم نے بڑے اوصاف سے نوازا ہے، بہادر، دبنگ اور بے باک انسان ہیں۔ ان پر ہم سب کو فخر ہے، وہ جب بولتے ہیںتو امید کے دروازے کھلتے ہیں، انکی تقریر تقدیر بدل سکتی ہے میں ان سے یونیورسٹی کے زمانے سے متعارف ہوں، انکا مداح اور مبصر ہوں۔ میری خواہش ہے کہ وہ مسلمانان عالم کی رہنمائی فرمائیںاور ہمیشہ کی طرح پاکستان پر خصوصی توجہ دیں، میرے ساتھ انکی شفقت بہت زیادہ ہے اور اس عظیم شفقت کے دائرے میں وہ سب لوگ آتے ہیںجو دل میں انکے کیلئے احترام و محبت رکھتے ہیں، میری دلی دعا ہے کہ ڈاکٹر طاہر القادری کی عمر عزیز درازہو وہ بہت دیر تک ہمارے درمیان موجود رہیں۔ انکی موجود گی ایک روحانی آسودگی کی طرح ہے جسے ہر انسان بڑی آسانی سے محسوس کر سکتا ہے، اکثر لوگ یہ خیال رکھتے ہیں کہ کوئی آئے گا اور ہمارے لئے نئے زمانوں کی خوشخبری لائے گا۔ میں دعا کرتا ہوں کہ وہ بہت بڑا لیڈر، بہادر اور بے باک انسان ڈاکٹر طاہر القادری ہی ہو۔

علم دوستی کی روشن مثال

عامر سہیل (سابق کپتان: پاکستان کرکٹ ٹیم)

ڈاکٹر محمد طاہر القادری عالم اسلام کے منفرد، بہترین اور نمایاں سکالر ہیں، اتحاد امت، امن اور فلاح انسانیت کے لیے ان کی خدمات گرانقدر ہیں۔ پاکستان میں 700 سکولز، درجنوں کالجز اور عالمی معیار کی منہاج یونیورسٹی ڈاکٹر طاہر القادری کی علم دوستی کی روشن مثالیں ہیں۔ دعا گو ہیں کہ ڈاکٹر طاہر القادری صحت و سلامتی کیساتھ اتحاد امت کے عظیم مشن کے لیے مصروف عمل رہیں۔ ان کی 67ویں سالگرہ پر مبارکباد دیتا ہوں۔

پرفتن دور میں ایک روشنی

عمر شریف (سنیئر اداکار، اینکر پرسن)

ڈاکٹر محمد طاہر القادری اس دور پر فتن میں امید اورروشنی کی طرح ہیں، ڈاکٹر طاہر القادری حق و سچ کی جرات مندانہ آواز ہیں، پاکستان اور عالم اسلام کو انکی رہنمائی کی بہت ضرورت ہے۔ اللہ تعالیٰ انہیں لمبی عمر عطا فرمائے اور امید کا سایہ ہم پر سلامت رکھے۔ ڈاکٹر طاہر القادری پوری امت مسلمہ کی دینی و دنیاوی علوم میں رہنمائی فرما رہے ہیں، میں ہمیشہ انکی سلامتی اور صحت کیلئے دعا گو رہتا ہوں۔

peace, Justice, tolerance, brotherhood

Pir Mujtaba Farooq Gul

(Sajjad Nasheeen Mohra Sahrif Rawalpindi)

It is an honor for me to write for the efforts and contributions which Dr, Sahib has made to promote the true teachings of Holy Quran and Sunnah in subcontinent. Dr Tahir ul Qadri's lectures and books emphasis on teachings of Hazrat Muhammad (PBUH) that we should live our lives with peace, Justice, tolerance, brotherhood, Inter faith harmony.

He not only educated his students but also guided them that today we can achieve our aims as ambitions only by acquiring knowledge and skills.

May Allah Pak bless him health, success and happiness.