19 فروری قائد ڈے۔۔۔نگر نگر تقریبات، شہر شہر جشن

رپورٹس

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی 67 ویں سالگرہ کی تقریبات پاکستان سمیت دنیا بھر میں منعقد کی گئیں۔ مرکزی سیکرٹریٹ لاہور میں کارکنان و عہدیداران کی طرف سے قائد کی صحت اور درازیٔ عمر کے لیے بطور صدقہ23 بکرے قربان کئے گئے۔ شہر شہر سالگرہ کے کیک کاٹے گئے اور شیخ الاسلام کی صحت اور درازی عمر کیلئے دعائیں کی گئیں۔

سالگرہ کے حوالے سے لاہور، کراچی، پشاور، کوئٹہ سمیت پاکستان کے تمام شہروں میں انفرادی و اجتماعی سطح پر تقریبات منعقد ہوئیں اور کیک کاٹے گئے۔ بیرون ممالک امریکہ، برطانیہ، سپین، ڈنمارک، ہالینڈ، ناروے، کینیڈا، آسٹریلیا اور ساؤتھ افریقہ سمیت مختلف ممالک میں بھی منہاج القرآن کے اسلامک سنٹرز میں خصوصی تقاریب منعقد ہوئیں اور شیخ الاسلام کی انسانیت کیلئے انجام دی جانے والی علمی و تحقیقی خدمات پر انہیں خراج تحسین پیش کیا گیا۔ ان تمام تقریبات کی تفصیلات اور تصاویر کے لیے www.minhaj.org کا وزٹ کریں۔ ان صفحات پر صرف چند تقریبات کے احوال نذرِ قارئین ہیں:

مرکزی دعائیہ تقریب

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی 67 ویں سالگرہ کے موقع پر منہاج القرآن انٹرنیشنل کے زیراہتمام مرکزی سیکرٹریٹ میں دعائیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس تقریب کی صدارت صدر منہاج القرآن ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کی۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری ویڈیو لنک کے ذریعے تقریب میں شریک ہوئے۔ پروگرام تلاوت و نعت اور محفل سماع پر مشتمل تھا، محفل سماع میں معروف قوال فیض علی فیضی نے قوالی پیش کی۔ علاوہ ازیں شہزاد برادران نے اپنے مخصوص انداز میں عارفانہ کلام پیش کئے۔

ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور، بریگیڈئر ریٹائرڈ اقبال احمد خان، جی ایم ملک، سید الطاف شاہ، راجہ زاہد محمود، نوراللہ صدیقی، عدنان جاوید، جواد حامد، دیگر مرکزی قائدین اور معزز مہمانان گرامی نے قائد ڈے کی مرکزی تقریب میں شرکت کی۔

محفل سماع میں مرکزی سیکرٹریٹ کے اسٹاف ممبران اور ناظمین کو دو الگ الگ عمرہ کے ٹکٹ بذریعہ قرعہ اندازی دیئے گئے۔ عمرہ کی قرعہ اندازی ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کی۔ اسٹاف ممبران میں منہاج القرآن ویمن لیگ آفس کے نائب قاصد نجم حامد خان اور ناظمین کیٹیگری میں فرید ملت ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے ڈائریکٹر محمد فاروق رانا کے نام قرعہ نکلا۔

پروگرام کے آخر میں شیخ الاسلام کی 67 ویں سالگرہ کا مرکزی کیک کاٹا گیا۔ اس موقع پر شیخ الاسلام کی صحت و سلامتی اور منہاج القرآن کی ترقی کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔

سفیر امن سیمینار (لاہور)

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی 67 ویں سالگرہ کے موقع پر تحریک منہاج القرآن لاہور کے زیراہتمام 17 فروری کو ایوان اقبال لاہور میں زیرصدارت ڈاکٹر حسین محی الدین قادری ایک عظیم الشان ’’سفیر امن سیمینار‘‘ منعقد ہوا۔ ناظم اعلیٰ محترم خرم نواز گنڈا پور، نائب ناظم اعلیٰ محترم انجینئر محمد رفیق نجم اور مرکزی سیکرٹری اطلاعات محترم نور اللہ صدیقی نے خصوصی طور پر شرکت کی۔سیمینار میں تحریک منہاج القرآن لاہور اور تمام ذیلی فورمز کے عہدیداران اور کارکنان نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ کلمات استقبالیہ امیر لاہور محترم حافظ غلام فرید نے پیش کیے، جبکہ صدر پاکستان عوامی تحریک لاہور محترم چوہدری افضل گجر، جنرل سیکرٹری منہاج القرآن یوتھ لیگ لاہور محترم محمد عمر اعوان، صدر منہاج القرآن ویمن لیگ محترمہ زارا ملک، صدر منہاج القرآن علماء کونسل محترم علامہ امداد حسین شاہ اور صدر مصطفوی سٹوڈنٹ موومنٹ محترم محمد یونس نوشاہی نے شیخ الاسلام کی زندگی کے مختلف پہلوئوں پر اظہار خیال کیا۔ ناظم لاہور محترم اشتیاق حنیف مغل اور ناظم دعوت محترم علامہ احسن اویس نے نقابت کے فرائض انجام دیئے۔ پروگرام میں شہداء سانحہ ماڈل ٹائون کی فیملیز نے بھی خصوصی شرکت کی۔

ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تحریک منہاج القرآن احیائے دین، اصلاح احوال، انقلاب مصطفوی اور بیداری شعور کی تحریک ہے، جس تحریک کے پیش نظر ایسے عظیم مقاصد ہوں ان تحریکوں کے مقاصد کے حصول کا موثر ذریعہ دعوت ہوتا ہے۔ دعوت دینے والے افراد کے لئے ضروری ہے کہ وہ روحانی الذہن ہوں، داعی تذبذب کا شکار نہ ہو۔ اگر اس کا ایمان اعلیٰ درجے کا ہو گا تو پھر وہ لوگوں کے اندر ایمان کا فیض تقسیم کر سکے گا۔ اگر داعی خود متذبذب اور کمزور ایمان کا حامل ہے تو اس کی دعوت کبھی سودمند ثابت نہیں ہو گی۔ اس دعوت کے اندر اس دور کے درپیش مسائل کا حل موجود ہونا ضروری ہے۔ داعی کے لئے ضروری ہے کہ اس کی نگاہ میں بلندی اور سخن میں دلنوازی ہو۔

تحریک منہاج القرآن اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری حقیقی معنی میں اسلامی سیاسی و معاشی فکر کو عام کرنے میں مصروفِ عمل ہیں۔ وہ پاکستان کو ریاست مدینہ کی طرح حقیقی اسلامی، فلاحی، آئینی و قانونی ریاست دیکھنا چاہتے ہیں جہاں سب کے حقوق و فرائض میں توازن ہو۔ شیخ الاسلام حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے تعلقِ عشقی کو بحال کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، وہ امت کا ٹوٹا ہوا تعلق قرآن اور صاحبِ قرآن سے جوڑنے کی سعی کر رہے ہیں۔ ان شاء اللہ وہ وقت دور نہیں جب پاکستان کی دھرتی پر مصطفوی انقلاب کا سویرا طلوع ہو گا۔

منہاج یونیورسٹی کے زیر اہتمام قائد ڈے کی تقریب

منہاج یونیورسٹی لاہور کے فاؤنڈر، چیئرمین بورڈ آف گورنرز شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی 67 ویں سالگرہ کے موقع پر خصوصی تقریب منہاج یونیورسٹی لاہور میں منعقد ہوئی۔ بورڈ آف گورنرز کے وائس چیئرمین ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے تقریب کی صدارت کی۔ پروگرام میں وائس چانسلر منہاج یونیورسٹی لاہور ڈاکٹر محمد اسلم غوری، ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن خرم نواز گنڈا پور، نائب صدر منہاج القرآن بریگیڈئر (ر) اقبال احمد خان، کرنل (ر) محمد مبشر، کرنل (ر) محمد احمد، یونیورسٹی کے پروفیسر اور لیکچرر حضرات نے شرکت کی۔

ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے آئندہ نسلوں کی تعلیم و تربیت کیلئے بے مثال تعلیمی ادارے قائم کئے۔ فروغ تعلیم اور فروغ امن کیلئے شیخ الاسلام نے انسانیت کیلئے گرانقدر خدمات انجام دیں۔ نائن الیون کے بعد مغربی دنیا نے اسلام کو دہشتگردی کے داغ سے آلودہ کرنا چاہا اور پوری دنیا میں مسلمانوں کو ٹارگٹ کیا گیا تو عالم اسلام کی واحد شخصیت ڈاکٹر طاہرالقادری تھے جو پوری دنیا میں اسلام کا پُر امن پیغام لے کر نکلے اور بتایا کہ اسلام اور پاکستان، امن کے علمبردار اوربذات خود دہشتگردی کا شکار ہیں۔

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے خود کو صرف علمی، تحقیقی کام تک محدود نہیں رکھا بلکہ انہوں نے فلاح عامہ اور مفاد عامہ میں بھی بے مثال ادارے قائم کئے۔ تعلیم کے فروغ کے لیے منہاج ایجوکیشن سوسائٹی کے تحت پاکستان بھر میں 650سے زائد سکولوں کا نیٹ ورک قائم کیا۔ ادارہ آغوش بے سہارا یتیم بچوں کو تعلیم و تربیت کا باوقار ماحول فراہم کررہا ہے۔ اسی طرح منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام اجتماعی شادیوں، وسیلہ روزگار، فری میڈیکل کیمپس اور ایمبولینس کے منصوبے، صاف پانی کی فراہمی اور سکالر شپس کے عوامی منصوبے نمایاں ہیں جو انسانیت کی خدمت کررہے ہیں اور ان سے لاکھوں انسان مستفید ہو رہے ہیں۔

اس موقع پر طلباء اور مقررین نے بھی شیخ الاسلام کی علمی، تحقیقی خدمات پر انہیں زبردست خراج تحسین پیش کیا۔

آغوش کے زیراہتمام قائد ڈے کی تقریب

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی 67 ویں سالگرہ پر آرفن ہوم آغوش کے زیراہتمام قائد ڈے تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب کی صدارت منہاج القرآن کے صدر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کی۔ تقریب میں عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور، عالمی شہرت یافتہ نقیب تسلیم صابری، معروف نعت خوان شہباز قمر فریدی، کرنل (ر) محمد مبشر، جی ایم ملک، سید امجد علی شاہ، مرکزی سیکرٹری اطلاعات نور اللہ صدیقی، ڈاکٹر نعیم مشتاق، عدنان جاوید، حافظ علی وقار، فرح ناز، شاہد لطیف، عمران ظفر بٹ، رومانہ مبشر، محمد عامر، محمد فاروق رانا، محمد عباس نقشبندی، ناصر اقبال ایڈووکیٹ اور ادارہ آغوش کے اساتذہ اور ذمہ داران نے بھی شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کہا کہ ایک اچھا معاشرہ، اچھے افراد سے تشکیل پاتا ہے۔ اصلاحِ احوال، اخلاقیات اور تقویٰ و طہارت کو اپنانے سے ہی سیرت و کردار کی تعمیر ہوتی ہے۔ بے سہارا بچوں کے لیے شیخ الاسلام کی زیر نگرانی ’’آغوش‘‘ کا قیام ایک تاریخی کارنامہ ہے۔ آغوش لاہور کے بعد کراچی، سیالکوٹ میں بھی اب یہ ادارے بن چکے ہیں اور اسکا دائرہ پاکستان کے تمام بڑے شہروں تک بڑھائیں گے۔

تقریب میں شہباز قمر فریدی نے صوفیانہ کلام اور منقبت پیش کی۔ علاوہ ازیں ادارہ آغوش کے بچوں نے اس موقع پر ملی نغمے، نعتیہ کلام اور قوالی پیش کی۔

ڈائریکٹر آغوش ڈاکٹر نعیم مشتاق نے استقبالیہ کلمات پیش کرتے ہوئے شیخ الاسلام کی ہمہ جہتی خدمات کے موضوع پر اظہار خیال کیا۔

اختتام پر شیخ الاسلام کی 67 ویں سالگرہ کا کیک بھی کاٹا گیا اور معاشرے کے بے سہارا بچوں کیلئے آغوش جیسے عظیم ادارے قائم کرنے پر انہیں خراج تحسین پیش کیا گیا۔

کالج آف شریعہ کے زیر اہتمام قائد ڈے تقریب

کالج آف شریعہ کے زیر اہتمام شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی 67 ویں سالگرہ کے موقع پر ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں جملہ طلبہ اور اساتذہ کرام نے بطور خاص شرکت کی۔ تقریب کی صدارت محترم ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کی جبکہ مہمان خصوصی شیخ الاسلام کے قابل فخر شاگرد محترم ڈاکٹر ہمایوں احسان (پرنسپل لاء کالج) تھے۔ طلبہ نے اردو، عربی اور انگلش زبان میں شیخ الاسلام کی شخصیت اور ان کے خدمات کے مختلف پہلوئوں پر اظہار خیال کیا۔

وائس پرنسپل کالج آف شریعہ ڈاکٹر ممتاز الحسن باروی نے استقبالیہ کلمات پیش کئے۔ اس موقع پر محترم ڈاکٹر ممتاز احمد سدیدی نے عربی زبان میں جبکہ محترم پروفیسر محمد نواز ظفر نے اردو زبان میں شیخ الاسلام کی ہمہ جہتی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔ مہمان خصوصی محترم ڈاکٹر ہمایوں احسان نے شیخ الاسلام کی علمی اور فکری خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کیا۔ محترم ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے ’’روحانی الذہن‘‘ کے موضوع پر گفتگو کرتے ہوئے اس پیرائے میں شیخ الاسلام کی سیرت و کردار سے مختلف واقعات اور مثالیں پیش کرکے طلبہ کے لیے اخلاقی و روحانی تربیت کے حصول کو ناگزیر قرار دیا۔

عالمی سفیرِ امن کانفرنس (نارووال)

تحریک منہاج القرآن نارووال کے زیراہتمام ’’سفیر امن کانفرنس‘‘ مؤرخہ 4 مارچ 2018ء کو منعقد ہوئی جس میں محترم ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے خصوصی شرکت کی اور خطاب کیا۔ کانفرنس میں سہارا فارلائف ٹرسٹ کے چیئرمین ابرارالحق، نائب ناظم اعلیٰ انجینئر محمد رفیق نجم سمیت دیگر مرکزی و مقامی قائدین تحریک منہاج القرآن و پاکستان عوامی تحریک اور اہم سیاسی، سماجی، مذہبی، علمی شخصیات نے بھی شرکت کی۔

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے تحریک منہاج القرآن کے صدر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کہا کہ عوامی تحریک اقتدار نہیں اقدار، وقار اور عوامی خدمت کی سیاست کررہی ہے۔ تحریک منہاج القرآن پاکستان سمیت پوری دنیا میں انسانیت کی خدمت میں پیش پیش ہے۔ یہ اعزاز ڈاکٹر محمد طاہرالقادری اور تحریک منہاج القرآن کو حاصل ہے کہ جنہوں نے آئندہ نسلوں کو دہشتگردی کے عفریت سے محفوظ کرنے کیلئے متبادل بیانیہ اور فروغ امن نصاب دیا۔ ہماری سیاست عوام کو تعلیم اور شعور دینا ہے اور ہم اس پر عمل بھی کررہے ہیں۔

عالمی سفیرِ امن سیمینار (ملتان)

گذشتہ ماہ تحریک منہاج القرآن کے صدر ڈاکٹر حسین محی الدین القادری نے ملتان کا دو روزہ تنظیمی دورہ کیا۔ ملتان آمد پر انہوں نے مقامی رہنمائوں کے ہمراہ میڈیا کے نمائندوں سے خصوصی بات چیت اور عمائدین علاقہ کے ساتھ خصوصی ملاقاتیں کیں۔ اس موقع پر عہدیداران و کارکنان تحریک کے ساتھ دعوتی و تنظیمی امور پر بھی اظہار خیال کیا۔

تحریک منہاج القرآن ملتان کے زیراہتمام ’’عالمی سفیر امن سیمینار‘‘ 24 فروری 2018ء کو منعقد ہوا، جس میں صدر منہاج القرآن ڈاکٹر حسین محی الدین قادری مہمان خصوصی تھے جبکہ مخدوم پیر زوارالحسن چشتی نے سیمینار کی صدارت کی۔ سردار شاکر خان مزاری، چوہدری فیاض احمد وڑائچ، چوہدری عرفان یوسف، راؤ محمد عارف رضوی، ڈاکٹر زبیر اے خان، مخدوم شہباز ہاشمی، یاسر ارشاد، چوہدری قمر عباس دھول، میجر محمد اقبال چغتائی، ملک یاسرصادق ایڈووکیٹ، علامہ سعیداحمد فاروقی، حاجی خلیل احمد آہیر، عمر چشتی، خالد محمود، ہمااسماعیل، خالدہ جمیل، عبدالحمید بٹ، قاری غلام شبیر سواگی، رکن الدین ندیم حامدی، چوہدری جاوید بندیشہ، راؤ جمیل احمد، احمد قریشی، علامہ عمرحیات الحسینی، پروفیسرجاویداخترزواری، صابر علی، چوہدری محمداکرم گجر نمبردار اور دیگر ضلعی رہنماوں نے بھی سیمینار میں شرکت کی۔

ضلعی صدر یاسر ارشاد نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا۔ سیمینار سے ڈاکٹر حسین محی الدین القادری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ منہاج القرآن تجدید دین، اصلاح احوال، علم، امن، اعتدال اور بیداری شعور کی عالمگیر تحریک ہے۔ ایمان کی اساس کے تحفظ، انتہا پسندی اور دہشت گردی کا قلع قمع کرنے کیلئے تحریک منہاج القرآن کے کارکنان اور وابستگان پوری دنیا میں اپنا دینی، قومی اور ملی فریضہ انجام دے رہے ہیں۔ قائد تحریک شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے ملت اسلامیہ کو قرآن وحدیث کی تعلیمات پر مبنی اتنا علمی و تحقیقی ذخیرہ فراہم کردیا ہے اب کوئی بھی دین دشمن نظریاتی دہشت گرد اپنے مذموم اور مخصوص تخریبی ایجنڈے کی تکمیل کیلئے آئندہ نسلوں کو گمراہ نہیں کرسکتا۔ علم، امن اور محبت کی اس تحریک کے بیانیہ کو امت مسلمہ کا ہر فرد فخر کے ساتھ دنیا کے کسی بھی خطے میں بیان کرسکتا ہے۔ دینی اقدار اور پاکستان کے وقار کا تحفظ ہمارا ایمان ہے۔

عالمی سفیر امن سیمینار (ڈیرہ غازی خان)

محترم ڈاکٹر حسین محی الدین قادری 25 فروری 2018ء کو ملتان سے ڈیرہ غازی خان پہنچے، جہاں کارکنان نے آپ کا پروقار استقبال کیا۔ ڈی جی خان پہنچنے کے بعد آپ نے پرنٹ میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کی۔ بعدازاں مقامی کارکنان نے بھی ڈاکٹر حسین محی الدین قادری سے ملاقات کی۔

ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے اتوار کو شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی 67 ویں سالگرہ کے سلسلہ میں منعقدہ ’’سفیر امن سیمینار‘‘ سے خطاب کیا۔ اس موقع پر کارکنان کی بڑی تعداد بھی اس پروگرام میں شریک ہوئی۔

  • ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے ڈی جی خان میں تاجدارِ ختمِ نبوت کانفرنس میں بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر کارکنان و اہل علاقہ نے اجتماع میں بھرپور شرکت کی۔
  • ڈی جی خان میں آپ نے علمائ، مشائخ اور عمائدین علاقہ سے بھی ملاقاتیں کیں۔ حضرت خواجہ پیر محمد اکرم شاہ جمالیؒ کی قبر پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی، جس کے بعد انکے صاحبزادگان سے ملاقات بھی کی۔ جکھڑ امام شریف میں پیر سید باقر شاہ بخاری کے ختم چہلم کا بڑا اجتماع منعقد ہوا، جہاں ڈاکٹر حسین محی الدین قادری مہمان خصوصی تھے۔ اسی روز آپ ڈیرہ غازیخان میں بستی بْڈھن شاہ بھی پہنچے، جہاں خواجہ پیر اعظم شاہجہانی کے بیٹوں سے ملاقات کی اور ان کے والد گرامی کی وفات پر اظہارِ تعزیت و فاتحہ خوانی کی۔ ڈیرہ غازی خان وزٹ کے دوران آپ حضرت پیر سید علی شاہ گیلانی کے مزار پر فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر آپ نے سید علی شاہ گیلانی کے صاحبزادے کے ہمراہ شیخ الاسلام کی سالگرہ کا کیک بھی کاٹا۔

بیرون ملک تقریبات

پاکستان بھر کی طرح بیرون ممالک میں بھی پروقار قائد ڈے تقریبات منعقد ہوئیں۔ چند پروگرامز کے احوال نذرِ قارئین ہیں:

کینیڈا

منہاج القرآن انٹرنیشنل کینیڈا کے زیراہتمام 19 فروری 2018ء کو قائد ڈے منایا گیا، قائد ڈے تقریب کی صدارت شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کی جبکہ صاحبزادہ حماد مصطفیٰ المدنی اور صاحبزادہ احمد مصطفیٰ العربی نے بھی خصوصی شرکت کی۔ منہاج القرآن انٹرنیشنل کینیڈا کے صدر زاہد سراج، نائب صدر کامران رشید، قائدین و کارکنان بھی پروگرام میں شریک ہوئے۔

قائد ڈے پروگرام کا آغاز تلاوت کلام مجید سے ہوا، جس کی سعادت قاری شفیق احمد نعیمی الازھری نے حاصل کی۔ منہاج القرآن یوتھ لیگ کے ساتھیوں نے نعت مبارکہ پیش کی۔ پروگرام میں زاہد سراج نے خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی دین اسلام کے لئے جو خدمات ہیں، دنیا بھر میں ان کی مثال موجود نہیں۔

منہاج القرآن انٹرنیشنل کینیڈا کے سینئر نائب صدر کامران رشید نے پروگرام میں سٹیج سیکرٹری کے فرائض سر انجام دئیے۔ انہوں نے شیخ الاسلام کی علمی، ادبی، سیاسی، سماجی، معاشی ومعاشرتی خدمات کو اجاگر کیا۔

تقریب میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی زندگی پر بنائی گئی ڈاکومنٹری بھی دکھائی گئی، یہ خصوصی ڈاکو منٹری منہاج القرآن انٹرنیشنل فرانس نے تیار کی ہے۔ قائد ڈے تقریب کے آخر میں محفل سماع کا انعقاد کیاگیا تھا جس میں شاہد علی خان (قوال) اور ان کے ساتھیوں نے صوفیانہ کلام پیش کئے۔ پروگرام کے اختتام پر سالگرہ کا کیک بھی کاٹا گیا جبکہ شیخ الاسلام نے اْمت مسلمہ، پاکستان اور تمام تحریکی رفقاء و کارکنان سمیت سب کے لئے خصوصی دعا بھی کی۔

پیرس (فرانس)

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی 67 ویں سالگرہ دنیا کے 90 ممالک کے ساتھ فرانس کے شہر پیرس میں بھی منائی گئی۔ قائد ڈے تقریب پیرس کے شمالی مضافات لاکورنیؤ میں ایک ریسٹورنٹ LA PALACE میں منعقد ہوئی، جہاں چیرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین القادری، شیخ زاہد فیاض اور علامہ حسن میر قادری مہمانان خصوصی تھے۔

سالگرہ کی اس تقریب میں ڈاکٹر طاہرالقادری کی صحت و سلامتی کی دعا کی گئی جبکہ کیک بھی کاٹا گیا۔ پروگرام میں منہاج نعت کونسل نے قوالی پیش کی۔ آخر میں ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے سنگت کے موضوع پر خطاب کیا۔ منہاج القرآن انٹرنیشنل فرانس کے صدر چوھدری محمد اعظم اور جنرل سیکرٹری اظہر صدیق اور انتظامیہ نے یہ تقریب کامیاب انداز میں منعقد کی۔

برطانیہ

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی 67 ویں سالگرہ کا پروگرام منہاج القرآن انٹرنیشنل UK کے زیر اہتمام 17 فروری کو بریڈ فورڈ میں منعقد ہوا۔ اس پروگرام میں برطانیہ بھر سے MQI کارکنان تمام فورمز کے نمائندگان اور مرکزی پروجیکٹس کے ذمہ داران نے خصوصی شرکت کی۔ اس پروگرام میں محترم ڈاکٹر حسن محی الدین قادری مہمان خصوصی تھے۔ ا س پروگرام کے انتظامات میں MQI بریڈ فورڈ اور منہاج القرآن UK کے اہم ترین منصوبہ ’’بیت الزہراء‘‘ کی ٹیم نے اہم کردار ادا کیا۔ اس پروگرام میں سینکڑوں لوگوں نے اپنی فیملیز کے ہمراہ شرکت کی۔ تلاوت حافظ احمد شاہ نور قریشی (لٹن) نے کی۔ نعت کی سعادت بلال شعیب (لندن) نے حاصل کی۔ تلاوت و نعت کے بعد منہاج دعوہ پروجیکٹ اور منہاج ویمن لیگ کے زیر اہتمام کوئز پرگرام بھی ہوا۔ جس کی میزبانی محترمہ ناہید انور ملک اور محترمہ حمیرا علی نے کی۔ منہاج المنشدین (لندن) نے نعت رسول مقبول اور تحریکی ترانے پیش کئے۔ اس موقع پر شیخ الاسلام کی عالمی خدمات اور ان کی کتب کا تعارف بھی پیش کیا گیا۔ پروگران میں منہاج القرآن UK کے پلیٹ فارم سے نمایاں خدمات سرانجام دینے والے درج ذیل تنظیمات اور افراد کو ایوارڈز دیئے گئے۔

MQI لٹن، منہاج القرآن ویمن لیگ (UK)، محترمہ رانیہ حسین قادری (ڈپٹی کوآرڈینیٹر منہاج سسٹرز، مڈ لینڈ)، سفیان خالد (صدر MYL سکاٹ لینڈ)

اس موقع پر محترم ڈاکٹر حسن محی الدین نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی عالمی سطح پر انسانیت اور دین اسلام کے لیے کی جانے والی خدمات اور شیخ الاسلام کی حکمت و بصیرت پر موثر اور فکر انگیز خطاب کیا۔ پروگرام کے اختتام پر محفل سماع کا بھی اہتمام تھا۔ جس میں حاجی امیر خان کی قیادت میں خان برادرز قولی گروپ نے کلام پیش کئے۔

سپین

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے67ویں یوم پیدائش کے سلسلہ میں سپین میں ایک پروقار تقریب کا اہتمام کیا گیاجس کی صدارت چیئرمین سپریم کونسل صاحبزادہ ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کی۔ تقریب میں منہاج القرآن سپین کے عہدیداران تحریک سے وابستہ افراد ، دیگر مکاتب فکر ، خواتین کے علادہ یورپ سے محمد نعیم چوہدری ، علامہ حسین میر قادری بھی خصوصی طور پر شریک ہوئے۔ تلاوت قرآن پاک کی سعادت حافظ غلام مرشد (ڈائریکٹر منہاج القرآن اوسپیتالیت سنٹر) نے حاصل کی، ہدیہ نعت کا اور منقبت کا نذرانہ قدیر احمد خان نے پیش کیا۔ بعد ازاں محمد اسد، حسنات ہاشمی ، حافظ محمد عمران ، محمد اقبال چوہدری ، خواتین سے صغریٰ باجی ، صفا اور عندلیب نے شیخ الاسلام کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔

چیئرمین سپریم کونسل صاحبزادہ ڈاکٹرحسن محی الدین قادری نے اپنے خطاب میں فرمایا کہ آج کا دن لاکھوں کارکنوں کیلئے تجدید وفا کا دن ہے۔ وہ اس عظیم قیادت کی رہنمائی میں مصطفوی انقلاب کی منزل کو ضرور حاصل کریں گے۔ ملت اسلامیہ کے کروڑوں مسلمان شیخ الاسلام کی علمی، روحانی، تعلیمی، سیاسی اور سماجی خدمات سے استفادہ کررہے ہیں۔ تحریک منہاج القرآن کا عالم گیر پھیلائو اور اس کی مؤثریت اس بات کی گواہ ہے کہ قلیل عرصہ میں تحریک منہاج القرآن دنیائے اسلام کی سب سے بڑی تحریک کا روپ دھار چکی ہے اوریہ سب شیخ الاسلام کے ویژن کی بدولت ہے۔ آج دنیا بھر میں تحریک منہاج القرآن اورپاکستان عوامی تحریک کے لاکھوں کارکن عہد کرتے ہیں کہ ہم اس عظیم قائد کی عظیم فکر کے امین بن کر ان کے خوابوں کو حقیقت کا روپ دینے کیلئے اپنی تمام توانائیاں بروئے کار لائیں گے۔

19 فروری کا دن جہاں ہمارے لئے خوشیوں کی بہار لایا ہے وہاں ہم سے کچھ تقاضے بھی کرتا ہے اور وہ تقاضا یہ ہے کہ جس قائد سے ہم محبت کرتے ہیں ان کی منزل اور ان کا مقصد بھی ہمارا مقصد بن جائے۔ آج کا دن ہر شخص سے یہ تقاضا کرتا ہے کہ جیسے آج ہم اس عظیم قائد کی ولادت کی خوشی منا رہے ہیں اور اپنے دل میں اس عظیم نعمت کی قدر رکھتے ہیں اور اپنے عظیم قائد سے محبت رکھتے ہیں تو قائد کے عظیم خواب ’’مصطفوی انقلاب‘‘ کی تعبیر کے لئے اپنے قائد کے ہمراہ تن من دھن کی بازی لگادیں۔

مصطفوی انقلاب ہماری منزل ہے جسے وہ عظیم قائد ہمارے لئے، امت مسلمہ کے لئے، اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے لئے حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ اس منزل کے حصول کے لئے ہمیں قائد کا دست و بازو بننا ہوگا جب تک وہ صبح انقلاب طلوع نہیں ہوجاتی، اس وقت تک اپنے اوپر آرام کو حرام کرنا ہوگا۔ انقلاب اجتماعی کوشش کا نام ہے۔ سرزمین پاکستان پر صبح انقلاب کے طلوع کے لئے ہر ایک شخص کو اپنا فریضہ ادا کرنا ہے۔

نیدرلینڈ

منہاج القرآن انٹرنیشنل نیدر لینڈ میں شیخ الاسلام کی 67 ویں سالگرہ کی مناسبت سے ایک پروقار پروگرام منعقد ہوا۔ جس کی صدارت محترم ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کی۔ تلاوت و نعت کی سعادت شیراز ملک نے حاصل کی جبکہ علامہ یاسر ندیم (ڈائریکٹر ہیگ) نے استقبالیہ کلمات پیش کئے۔ پروگرام میں محترم تسنیم صادق (صدر NEC نیدر لینڈ) نے اظہار خیال کرتے ہوئے شیخ الاسلام کی عالمی خدمات پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔

ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے شیخ الاسلام کی علمی و فکری اور عالمی سطح پر قیام امن کے لئے کی جانے والی کاوشوں کی اہمیت اور اثرات پر اظہار خیال فرمایا۔

ڈنمارک

24 فروری کو MQI ڈنمارک کے زیر اہتمام شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی 67 ویں سالگرہ کی مناسبت سے ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس پروگرام کی میزبانی کے فرائض MQI ڈنمارک اور ویلبی نے سرانجام دیئے جبکہ لوکل ایگزیکٹو کونسل MQI ویلبی نے انتظامات میں اہم کردار ادا کیا۔ اس پروگرام میں محترم علامہ حافظ نذیر احمد بطور مہمان خصوصی تشریف لائے۔ اس پروگرام میں منہاج القرآن یوتھ لیگ ڈنمارک کے صدر محترم ضوریز خوشدل نے شیخ الاسلام کی حکمت و بصیرت اور ڈائریکٹر MQI ڈنمارک محترم ارشاد حسین سعیدی نے شیخ الاسلام کی شخصیت کے موضوع پر خطاب کیا۔ محترم علامہ نذیر احمد (سفیر یورپ) نے شیخ الاسلام کی زندگی اور ان کی عالمی سطح پر خدمات کے موضوع پر خصوصی خطاب کیا۔

  • منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈنمارک منہاج لائبریری فورم کے زیراہتمام شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی 67 ویں سالگرہ کے موقع پر 19 فروری 2018ء کو کوپن ہیگن میں دعائیہ تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ تلاوت قرآن مجید، نعتِ رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور منظوم کلام کی سعادت بالترتیب علامہ حافظ محمد ادریس الازھری، حافظ محمد فرہاد اور منہاج نعت کونسل ڈنمارک کے صدر محمد جمیل نے حاصل کی۔

علامہ مفتی ارشاد حسین سعیدی (ڈائریکٹر منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈنمارک) نے عصر حاضر میں شیخ الاسلام کی تجدیدی خدمات اور اس کے امتیازی پہلو کے موضوع پر گفتگو فرمائی اور شیخ الاسلام کی شخصیت کے بے مثال گوشوں کو آشکار کیا۔ تقریب کے انعقاد میں لائبریری انچارج راجہ محمد افضل نے خصوصی کردار ادا کیا۔

سفیر امن کانفرنس (ڈبلن)

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی 67ویں سالگرہ کے سلسلے میں ڈبلن میں سفیر امن کانفرنس منعقد ہوئی جس میں منہاج القرآن آئرلینڈ کے قائدین و کارکنان اور دیگر سیاسی سماجی مذہبی تنظیمات کے عہدیداران، مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد اور پاکستانی کمیونٹی نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ اس تقریب کے مہمان خصوصی پاکستانی سفارتخانہ ڈبلن کے سفیر ڈاکٹر سید رضوان احمد تھے جبکہ اس تقریب کی صدارت منہاج القرآن انٹرنیشنل برطانیہ کے مرکزی رہنما الشیخ ابو آدم احمد الشیرازی نے کی۔ حافظ تنویر حسین نے تلاوت قرآن پاک اور ڈاکٹر گلزار احمد اور رضوان احمد طور نعت رسول مقبول پیش کی۔ نقابت کے فرائض منہاج القرآن آئرلینڈ کے انفارمیشن سیکرٹری محی الدین نے ادا کیے۔ اس کانفرنس سے ڈاکٹر سید رضوان احمد اور الشیخ ابو آدم احمد الشیرازی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر طاہر القادری کی اسلام اور پاکستان کیلئے کی جانے والی خدمات کو سراہتے ہیں۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے ہمیشہ سے دہشت گردی کی کھل کر مخالفت کی ہے۔ اس کانفرنس کا مقصد دنیا بھر کو امن کا پیغام دینا ہے۔

منہاج القرآن آئرلینڈ کے امیر علامہ محمد عدیل ،معروف قانون دان سولیسٹر چوہدری ، عمران خورشید،پی ٹی آئی کشمیر کے چیف آرگنائزر پیر شیراز حسین قادری، گریفتھ کالج ڈبلن شعبہ آئی ٹی کے ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹ پروفیسر ڈاکٹر وسیم اختر اور دیگر مقررین نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے منہاج القرآن قائم کرکے تمام اہل اسلام اور بالخصوص پاکستانی عوام پر بہت بڑا احسان کیا ہے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری اسلام کے روشن چہرے پر پڑ جانے والی اس گرد کو صاف کرنے اور اپنے فکر و عمل اور خداداد علمی صلاحیت کے ذریعے پوری دنیا میں ہر پلیٹ فارم پر اسلام کے دفاع کے لیے فکری،نظریاتی اورعلمی وعملی محاذوں پر مصروف جدوجہد ہیں۔ ڈاکٹر طاہرالقادری اپنی تنظیمی،انتظامی، تعلیمی،تحقیقی اور روحانی خدمات کے ذریعے شرق تا غرب اسلام کا پیغام محبت و امن کو کامیابی کے ساتھ پہنچا رہے ہیں۔

ترکی

منھاج القرآن انٹرنیشنل ترکی کے زیر اہتمام قائد ڈے کی شاندار تقریب استنبول ایوب سلطان میں انعقاد پذیر ہوئی جس میں کارکنان تحریک نے بھر پور شمولیت اختیار کی۔ مسلم کمیونٹی کے علاوہ سکھ اور کریسچن کمیونٹی بھی اس پروگرام میں بطور خاص شریک تھی۔ قائد ڈے کی تقریب میں منھاج القرآن انٹرنیشنل ترکی کی طرف سے گوشہ درود کی محفل کا انعقاد بھی کیا گیا۔

ناروے

منہاج القرآن انٹرنیشنل ناروے کے زیر اہتمام شیخ الاسلام کی 67 ویں سالگرہ کا پروگرام اوسلو میں منعقد ہوا۔ اس پروگرام میں شیخ الاسلام کی شخصیت، خدمات، فلسفہ کو خراج تحسین پیش کیا گیا جس کا مرکزی نقطہ انسانیت، امت مسلمہ کی بھلائی اور دنیا میں امن کا فروغ ہے۔

اس تقریب میں محترم علامہ صادق قریشی (ڈائریکٹر MQI لندن) مہمان خصوصی تھے۔ تلاوت، نعت، صوفیانہ کلام اور تحریکی ترانے بھی اس پروگرام میں پیش کئے گئے۔ مقررین میں اویس ثاقب (MYL ناروے)، یاسین سعید، عبدالمنان، قاری عنصر علی، شیخ اقبال فانی (اوسلو)، محترمہ سجیلہ اصغر شامل ہیں۔ اس پروگرام کے میزبان محترم افتخار محمود (اوسلو) تھے۔ علامہ صادق قریشی نے شیخ الاسلام کی سیرت و کردار اور عالمی سطح پر خدمات کے موضوع پر خصوصی خطاب کیا۔

امریکہ

منہاج القرآن انٹرنیشنل امریکہ کے زیر اہتمام شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی67 ویں سالگرہ کے موقع پر منہاج القرآن النور اسلامک سینٹر میں قائد ڈے کی تقریب کا اہتمام کیا، جس میں سینٹر کے اساتذہ، طلبہ و طالبات اور ان کے والدین سمیت مختلف سماجی شخصیات نے شرکت کی۔ منہاج القرآن النور اسلامک سینٹر کے طلبہ و طالبات نے تلاوت و نعت کی سعادت حاصل کی۔ منہاج القرآن اسلامک سینٹر کنیٹیکٹ کے ڈائریکٹر اور صدر منہاج القرآن علماء کونسل امریکہ علامہ محمد شریف کمالوی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شیخ الاسلام کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔

متحدہ عرب امارات

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی 67 ویں سالگرہ کے حوالے سے دوبئی میں معروف سماجی اور کاروباری شخصیت جناب افتخار منھاس نے ایک انتہائی پروقار تقریب کا انعقاد Dhow Cruise میں کیا۔ جس کے مہمان خصوصی جناب چوہدری ظفر اقبال سابقہ صدر پاکسان سوشل سنٹر شارجہ تھے جبکہ ان کے ساتھ معروف کاروباری شخصیت جناب حاجی محمد نواز اور پاکستان پیپلزپارٹی کے راہنما چوہدری راشد بریار نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ سٹیج سیکرٹری کے فرائض سکالر منھاج القرآن انٹرنیشنل جناب محمد محسن کھوکھر صاحب نے ادا کئے۔

حسنین علی منھاس اور عرفان خان نے تلاوت و نعت کے پھول نچھاور کئے۔ چوہدری ظفر اقبال نے شیخ الاسلام پروفیسر ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی شاندار خدمات پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوے کہا کہ ان جیسی شخصیت صدیوں بعد پیدا ہوتی ہے۔

حاجی محمد نواز نے کہا کہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری صاحب کی دینی خدمات سے کئی نسلیں فیضیاب ہوں گی۔ پاکستان پیپلزپارٹی یو۔اے۔ای کے راہنما چوہدری راشد بریار نے کہا کہ محترمہ بینظیر بھٹو نے منھاج القرآن کی امن کی عظیم دعوت سے متاثر ہو کر منھاج القرآن کی لائف ممبرشپ حاصل کی۔

ابوظہبی سے محمد طفیل فل پاور رانا محمد لطیف ذیشان احمد تنویر احمد نے اپنے ساتھیوں سمیت پروگرام میں شرکت کی۔

اس عظیم الشان تقریب میں انڈین، پاکستانی اور بنگلہ دیش کی کمیونٹی نے بھرپور شرکت کی اور ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی امن کے لئے اور دہشت گردی کے خلاف کی گئی کے خدمات کو سراہا۔

ساؤتھ افریقہ

شیخ الاسلام ڈاکٹرمحمد طاہر القادری کی 67سالگرہ کے موقع پر منہاج القرآن ساؤتھ افریقہ کے عہدیداران نے تقریب کا اہتمام کیا ، جس میں مہمانِ خصوصی فیصل حسین مشہدی سمیت دیگر رہنماوں رانا آصف جمیل، علامہ طاہر رفیق، عبدالروف نعیمی، جاوید اقبال اعوان اور اسماعیل خطیب نے بھی شرکت کی۔

٭ شیخ الاسلام ڈاکٹرمحمد طاہر القادری کی67 سالگرہ کے موقع پر منہاج القرآن انٹرنیشنل نٹال (ساؤتھ افریقہ) کی ذیلی تنظیمات ڈربن اور پائن ٹاؤن کی تنظیمات اور ویمن لیگ نے اپنے قائد کے سالگرہ کے موقع پر بلیو لیگون بیچ ڈربن میں تقریب کا اہتمام کیا۔ چوہدری محمد افضل فیملی نے اس تقریب کے انعقاد میں خصوصی کردار ادا کیا۔ منہاج القرآن نٹال کے عہدیداران اور پائن ٹاؤن کے عہدیداران وکارکنان سمیت ویمن لیگ کی بہنوں نے بھی اس پروگرام میں بھرپور شرکت کی۔

آسٹریلیا

وکٹوریا: منہاج القرآن انٹرنیشنل وکٹوریا (آسٹریلیا) کے زیر اہتمام شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی 67 ویں سالگرہ کے موقع پر منہاج سٹی میلبورن میں ایک پُروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں منہاج القرآن کے رفقاء، کارکنان اور عامۃ الناس کی کثیر تعدادنے اپنی فیملیز کے ہمراہ شرکت کی۔ پروگرام میں شریک بچوں نے تلاوتِ قرآن، نعتِ رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور منقبت پیش کی۔ مقررین نے شیخ الاسلام کی خدمات پر انہیں خراجِ تحسین پیش کیا۔ محترم علامہ رمضان قادری (امیر MQI آسٹریلیا) نے خصوصی گفتگو میں شیخ الاسلام کی شخصیت اور امنِ عالم کے قیام کے لیے ان کی علمی و فکری خدمات پر روشنی ڈالی۔

سڈنی: MQI سڈنی کے زیراہتمام بھی قائد ڈے کی خوبصورت تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر کیک کاٹا گیا اور شیخ الاسلام کی درازی عمر اور صحت وسلامتی کیلئے دعائیں کی گئیں۔