منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام 23 شادیوں کی اجتماعی تقریب

رپورٹ: سید امجد علی شاہ

تحریک منہاج القرآن کے زیر اہتمام منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن دکھی انسانیت کی خدمت کا ایک عالمگیر نیٹ ورک ہے جس کے زیر اہتمام درجنوں منصوبہ جات جاری ہیں۔ ان منصوبہ جات میں اجتماعی شادیوں کا پراجیکٹ بطور خاص قابل ذکر ہے۔ 25 مارچ 2018 ء کے دن منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام شادیوں کی اجتماعی تقریب منعقد ہوئی اور 23 جوڑے رشتہ ازدواج سے منسلک ہوئے جن کے جملہ اخراجات منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن نے مخیر حضرات کے تعاون سے برداشت کیے۔ یہ تقریب گذشتہ 15 سال سے بلاتعطل منعقد کی جاتی ہے۔ اجتماعی شادیوں کی تقریب کے پروجیکٹ کے تحت اب تک 2600 سے زیادہ خاندانوں کی مدد کی جا چکی ہے۔ ایک شادی پر منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن ڈیڑھ سے دولاکھ روپے خرچ کرتی ہے۔

اجتماعی شادیوں کی اس پروقار تقریب کا آغاز تلاوتِ قرآن و نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے ہوا۔ حاجی محمد امین القادری (صدر سنٹرل پنجاب منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن) نے خطبہ استقبالیہ دیتے ہوئے شیخ الاسلام ڈاکٹر طاہر القادری کی زیر سرپرستی قائم منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کا تعارف اور خدمات بیان کرتے ہوئے جملہ مہمانان گرامی کو خوش آمدید کہا۔

تقریب کے مہمان خصوصی ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن تحریک منہاج القرآن کا قابل فخر ویلفیئر ونگ ہے جو شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی رہنمائی میں معاشرے کے غریب اور مستحق طبقے کی خدمت ان کی عزت نفس کو مجروح کیے بغیر کررہا ہے۔ یہ خدمت صریحاً انسانیت کی بنیاد پر کی جاتی ہے جس میں رنگ نسل و زبان یہاں تک کہ مذہب کے امتیاز کو بھی نہیں دیکھا جاتا جس کا ثبوت مذکورہ تقریب میں 2 مسیحی جوڑوں کی موجودگی ہے۔

اظہارِ خیال شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری

تقریب سے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے ٹیلی فونک گفتگو کرتے ہوئے فرمایا کہ

’’منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کی ٹیم کو اس پروقار تقریب کے انعقاد پر مبارکباد دیتا ہوں۔ منہاج القرآن کا ہر کارکن خدمتِ انسانیت کا عملی پیکر بن جائے۔ اس لیے کہ جو شخص کسی کی حاجت روائی کرتا ہے اللہ تعالیٰ محشر کے دن اس کی مشکل آسان کرتا ہے۔ تمام ڈونرز اور مخیر حضرات جنہوں نے اس تقریب کے انعقاد میں اہم کردار ادا کیا، وہ قابلِ تحسین ہیں بالخصوص ڈاکٹر عابد عزیز (ہالینڈ) کہ جن کی خدمات اجتماعی شادیوں کے پراجیکٹ کے ساتھ ساتھ آغوش کے لیے بھی قابل ستائش ہیں۔

اسلام ایک ایسا دینِاور ضابطہ حیات ہے جو لوگوں کی خیر خواہی، لوگوں کے ساتھ بھلائی اور ان کی حاجت روائی کی تلقین کرتا ہے۔ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا ارشاد گرامی ہے کہ تمہارا کسی مسلمان بھائی کے لیے خوشی کا موقع فراہم کرنا تمہیں مغفرت کا مستحق بنانے والے کاموں میں سے ہے۔انسانیت کی خدمت کے کارِ خیر میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی خوشنودی کا بڑا سبب ہے۔

منہاج القرآن اور اس کے جملہ ذیلی فورمز کی تنظیم اس طرح سے ہوئی ہے کہ ہر عمل میں اسلام کی خدمت کے ساتھ ساتھ انسانیت کی خدمت کو بھی فوقیت حاصل ہے۔ انسانی خدمت کے حوالے سے منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن تحریک کا ایک قابلِ فخر فورم ہے جو گذشتہ 3 عشروں سے اللہ کی دی ہوئی توفیق کے مطابق لوگوں کے دکھ درد اور خوشیاں بانٹ رہا ہے۔الحمد للہ آج مرکزی سیکرٹریٹ لاہور میں شادیوں کی پُروقار اجتماعی تقریب انعقاد پذیر ہے جس میں اللہ نے ہمیں آج ایک بار پھر 46خاندانوں کی میزبانی کا شرف بخشا ہے۔آج 23جوڑے اپنی نئی زندگی کا آغاز کرنے جارہے ہیں۔ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن اپنے قیام سے اب تک شادیوں کی اجتماعی تقاریب منعقد کر کے 2600سے زائد خاندانوں کو آپس میں ملانے کا وسیلہ بن چکی ہے۔ یہ تقاریب پاکستان کے دیگر شہروں میں بھی منعقد کی جاتی ہیں۔

میں آج اس تقریب میں شریک تمام دلہوں،دلہنوں ان کے عزیز اقارب اورہمراہ آنیوالے باراتیوں کو مبارکباد پیش کر تا ہوں اور دعا گو ہوں کہ اللہ رب العزت انہیں یہ خوشیاں مبارک کرے اور ان کی زندگیوں میں کبھی کوئی دکھ اور تکلیف نہ آئے۔محبت اور عزت کا جو رشتہ آج ان کے درمیان قائم ہوا ہے اللہ اسے ہمیشہ قائم ودائم رکھے۔

دعا ہے کہ اللہ تعالی منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کو اور زیادہ توفیق دے کہ وہ اسی طرح خوشیاں بانٹنے میں پیش پیش رہے۔منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کی خدمتِ خلق کا دائرہ شرق تا غرب پھیلا ہوا ہے۔‘‘

 تقریب سے عبداللہ حمید گل نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے دینِ اسلام کا پرامن اور انسانی خدمت والا پہلو انتہائی موثر اندازسے دنیا کے سامنے پیش کیا۔

تحریک انصاف کے رہنما جمشید چیمہ اور اُن کی اہلیہ مسرت چیمہ نے کہا کہ مستحقین اور ضرورت مندوں کو باعزت روزگار دینا، اجتماعی شادیوں جیسی تقاریب کا انعقاد اور انسانی خدمت کا فریضہ انجام دینے والی جملہ خدمات پر ڈاکٹر طاہرالقادری ، تحریک منہاج القرآن اور منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کو مبارکباد دیتے ہیں۔

تقریب سے دیگر مقررین محترم شیخ رشید احمد (چیئرمین عوامی مسلم لیگ)، محترم غلام محی الدین دیوان، محترم شفیق رضا قادری، محترمہ بیلم حسین نے بھی اظہار خیال کیا۔ اجتماعی شادیوں کی تقریب میں شریک معروف شاعر ودانشور زاہد فخری نے اپنا کلام سنا کر شرکائے تقریب کو محظوظ کیا۔

تحریک منہاج القرآن کے ناظم اعلیٰ محترم خرم نواز گنڈاپور نے اپنی گفتگو میں انسانیت کی خدمت اور تحریک منہاج القرآن کے کردار پر سیر حاصل گفتگو کرتے ہوئے نئی زندگی کا آغاز کرنے والے جوڑوں کو مبارکباد دی۔

ڈائریکٹر منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن محترم امجد علی شاہ نے جملہ مہمانوں اور ڈونرز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس بات کا اعادہ کیا کہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن اپنے قائد شیخ الاسلام کی ہدایت کے مطابق اپنا کام اسی طرح سے جاری و ساری رکھے گی اور دکھی انسانیت کی خدمت میں پیش پیش رہے گی۔

مسلمان جوڑوں کا نکاح منہاج علماء کونسل کی ٹیم نے پڑھایا اور خطبہ نکاح محترم سید فرحت حسین شاہ نے پڑھا۔ اسی طرح مسیحی جوڑوں کا نکاح ان کے محترم پادری نے پڑھایا۔

23 بچیوں کو فی کس پونے دو لاکھ روپے مالیت کا ضروریات زندگی کا سامان دیا گیا اور 15 سو سے زائد باراتیوں کو کھانا کھلایا گیا۔ ہر بارات اور دولہے کا روایتی بینڈ باجے کے ساتھ استقبال کیا گیا۔ تحریک منہاج القرآن اور عوامی تحریک کے مرکزی قائدین پھولوں کی پتیاں نچھاور کر کے دولہوں کا استقبال کرتے رہے جبکہ دلہنوں کو منہاج القرآن ویمن لیگ کی خواتین رہنماؤں نے خوش آمدید کہا۔ دلہوں اور دلہنوں کو ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی طرف سے خصوصی تحائف بھی پیش کیے گئے۔

تحریک منہاج القرآن کے ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور اور نائب صدر بریگیڈیئر(ر) محمد اقبال نے معزز مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ تقریب میں جی ایم ملک، جواد حامد، شاہد لطیف، علامہ میر آصف اکبر، علامہ عثمان سیالوی،ام حبیبہ، ڈاکٹر ثمر فاطمہ، افنان بابر، زینب ارشد، ثمرین، خرم شہزاد،شاہد اقبال یوسفی، سہیل رضا، شہزاد رسول، جواد حامد، عبدالحفیظ چودھری، راجہ زاہد، ساجد محمود بھٹی، حافظ غلام فرید، حاجی فرخ،نعیم الدین چودھری ایڈووکیٹ، اورنگزیب رضا، ڈاکٹر شاہد شیخ، طاہر بھٹی سمیت ویمن لیگ ،یوتھ لیگ ،ایم ایس ایم کے عہدیداروں، کارکنوں نے شرکت کی۔

MWF کے پراجیکٹس پر ایک نظر

تحریک منہاج القرآن تجدید دین اور اصلاح احوال کی عالمگیر تحریک ہے، اصلاح احوال سے مراد محض تزکیہ نفس نہیں ہے بلکہ دنیاوی امور میں بھی دکھی انسانیت کی خدمت اصلاحِ احوال میں شامل ہے۔ یہی وجہ ہے کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کی ایک علیحدہ فورم کے طور پر تشکیل کی اور اسے براہ راست انسانی خدمت کے پراجیکٹس کے ساتھ ہم آہنگ کیا۔ الحمدللہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام اجتماعی شادیوں کی سالانہ تقاریب لاہور سمیت فیصل آباد، گجرات، بدوملہی، سیدوالا، خانقاہ ڈوگراں، دولتالہ اور واہ کینٹ میں سالانہ بنیادوں پر انعقاد پذیر ہوتی ہیں اور اس انسانی خدمت سے سینکڑوں مستحق خاندان مستفید ہو چکے ہیں۔

منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام آغوش کا ادارہ بھی کام کررہا ہے۔ آغوش یتیم اور بے سہارا بچوں کیلئے اعلیٰ سطح کا ایک تعلیمی اور فلاحی منصوبہ ہے۔ یتیم بچوں کی کفالت اس انداز سے کی جاتی ہے کہ ان کو والدین کی کمی کا احساس نہ ہو، ان کی رہائش، خوراک، تعلیم، کھیل اس کے علاوہ ضروریات زندگی کی ہر چیز ان بچوں کو فراہم کی جاتی ہے۔ ان کو وطن عزیز کے مفید شہری بننے کی تربیت کا ادارہ آغوش میں بطورِ خاص اہتمام کیا گیا ہے۔ الحمدللہ لاہور کے کامیاب فلاحی پراجیکٹ کے بعدآغوش سیالکوٹ میں بھی پچھلے 2 سال سے یتیم بچوں کی کفالت کررہا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ کراچی میں بھی آغوش نے کام شروع کر دیا ہے۔ دیگر شہروں میں بھی آغوش کے منصوبے لانچ کیے جارہے ہیں۔

منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام فراہمی آب کے منصوبہ جات سالہا سال جاری رہتے ہیں۔ اس وقت پاکستان کے دور افتادہ علاقوں میں پانی کا بہت بڑا مسئلہ بنا ہوا ہے۔ ایسے علاقوں میں بھی منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہی ہے۔ اندرون سندھ، تھرپارکر، جنوبی پنجاب کے پسماندہ علاقوں میں واٹر پمپس لگائے گئے ہیں اور اب بلوچستان میں بھی واٹر پمپس پر کام جاری ہے۔ تھرپارکر میں ساڑھے تین سو سے زیادہ بڑے واٹر پمپ لگائے جا چکے ہیں۔ پاکستان میں کل 35سو سے زائد واٹر پمپس لگائے جا چکے ہیں۔ واٹر پراجیکٹس کا یہ کام تھرپارکر کے علاوہ لاڑکانہ، نوڈیرو، رتوڈیرو، شہداد کوٹ، شکارپور، جیکب آباد، صحبت پور (بلوچستان)، مظفر گڑھ اور راجن پور میں جاری ہے۔

منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام فری دسترخوان کا منصوبہ بھی مرکز سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں عرصہ دراز سے جاری ہے۔

منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کاایک پراجیکٹ بیت المال ہے جس کے تحت مستحق افراد کی درخواستیں ایک فول پروف نظام کے تحت منظور کی جاتی ہیں اور مستحق افراد کو مالی مدد دی جاتی ہے۔

منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام سٹوڈنٹس ویلفیئر بورڈ قائم کیا گیا ہے جو زیر تعلیم مستحق سٹوڈنٹس کی سہولت کیلئے ماہانہ سکالر شپ فراہم کرتا ہے۔ سالانہ سینکڑوں طلبہ و طالبات اس پراجیکٹ سے مستفید ہورہے ہیں۔

منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن ماہانہ بنیادوں پر غریب و مستحق خاندانوں کی کفالت کا انسانی فریضہ بھی انجام دی رہی ہے، اس پراجیکٹ کے تحت مستحق خاندانوں کو راشن کی صورت میں مدد فراہم کی جاتی ہے۔

میڈیکل کے شعبہ میں منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن مختلف شہروں میں ایمبولینس سروسز بھی فراہم کررہی ہے۔

منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن اندرون اور بیرون ملک انسانی خدمت کے تمام شعبہ جات پر کام کررہی ہے۔ ہم زیر نظر تحریر پڑھنے والوں کو یہ دعوت دیتے ہیں کہ وہ مرکزی سیکرٹریٹ تشریف لائیں اور آغوش، بیت الزہرہ، منہاج یونیورسٹی لاہور، ایم ای ایس سمیت جملہ فلاحی منصوبہ جات کو اپنی آنکھوں سے دیکھیں اور اپنی تجاویز سے نوازیں۔