شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا خصوصی دورۂ یورپ

محمد یوسف منہاجین

یورپین ممالک میں مقیم پاکستانی اور مسلمان خاندانوں کے لاکھوں بچے اور بچیوں کو اسلام کی آفاقی، اخلاقی،تعلیم و تربیت اور امن و روحانی پہلوؤں سے روشناس کروانے کے لیے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری تحریک منہاج القرآن انٹرنیشنل کے پلیٹ فارم سے گذشتہ 38 سالوں سے مصروفِ عمل ہیں۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے اسلامیانِ پاکستان کی علمی آبیاری و تربیت کے ساتھ ساتھ بیرون ملک مقیم پاکستانی خاندانوں اور ملت اسلامیہ کے نوجوانوں کی علمی، اخلاقی تربیت کے ضمن میں قومی، ملی و دینی ذمہ داریوں کو پورا کرنے کے لیے کبھی کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا۔ اس امر میں کوئی شبہ نہیں کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ملک اور اسلام کے سفیر ہیں، ان کی تعلیم و تربیت عصرِ حاضر کی ایک ناگزیر ضرورت ہے۔ اللہ تعالیٰ نے منہاج القرآن انٹر نیشنل کو آئندہ نسلوں کی تعلیم و تربیت کی جو توفیق اور سعادت بخشی ہے، شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری اپنی تمام تر صلاحیتوں کے ساتھ اس سے عہدہ برآ ہونے کے لیے شب و روز مصروفِ عمل ہیں۔ سوشل میڈیا کے دور میں نوجوان نسل کو گمراہ کرنے والے عناصر، گروپس اورجماعتیں اجتماعی اور انفرادی سطح پر متحرک ہیں۔ وہ مسخ شدہ معلومات فراہم کر کے نوجوان نسل کے ذہنوں کو پراگندہ کر رہے ہیں۔ اس صورت حال میں اسلام کی حقیقی پُر امن تعلیمات کو اجاگرکرنا دورِ حاضر کی اولین قومی،ملی،دینی،انسانی اور اخلاقی ذمہ داری ہے۔ تحریک منہاج القرآن کتاب اور خطاب کی صورت میں اسلاف کے علمی،تحقیقی کلچر کو پروان چڑھا کر آئندہ نسلوں کے مستقبل کے تحفظ کے لیے کوشاں ہے۔

ان ذمہ داریوں کی ادائیگی کے سلسلہ میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے 30 جون 2018ء سے 24 اگست2018ء تک یورپ کے مختلف ممالک کا علمی، تربیتی اور تنظیمی دورہ ترتیب دیا۔ اس دورہ میں محترم ڈاکٹر حسن محی الدین قادری، محترم صاحبزادہ حماد مصطفی المدنی، محترم صاحبزادہ احمد مصطفی العربی اور منہاج القرآن یورپ کے اعلیٰ عہدیداران بھی آپ کے ہمراہ تھے۔ اس دورہ میں آپ نے ’انسان کی اخلاقی و روحانی ترقی‘ کے موضوع پر متعدد سیمینارز، کانفرنسز اور کنونشنز سے درج ذیل شیڈول کے مطابق خطابات فرمائے:

  1. برطانیہ: بریڈفورڈ، یکم جولائی 2018ء
  2. برطانیہ: لندن سائوتھ زون، 3جولائی 2018ء
  3. یونان: ایتھنز، 8جولائی 2018ء
  4. سپین: بارسلونا، 14جولائی 2018ء
  5. اٹلی: بریشیا، 21جولائی 2018ء
  6. اٹلی: اریزو، 22جولائی 2018ء
  7. آسٹریا: ویانا، 24جولائی 2018ء
  8. جرمنی: برلن، 27جولائی 2018ء
  9. جرمنی: فرینکفرٹ،30جولائی 2018ء
  10. ناروے: اوسلو، 4اگست 2018ء
  11. سویڈن: سٹاک ہوم، 5اگست 2018ء
  12. مالمو، 9 اگست 2018ء
  13. پہلاالہدایہ کیمپ (ڈنمارک) 10 تا 12 اگست2018ء
  14. دوسراالہدایہ کیمپ (نیدرلینڈز) 17 تا 19 اگست2018ء
  15. فرانس: پیرس، 24اگست 2018ء

یہ دورہ تادمِ تحریر جاری و ساری ہے۔ اس سلسلہ کا آخری پروگرام 24 اگست کو پیرس (فرانس) میں منعقد ہوگا۔ یکم جولائی تا 8، اگست تک کے پروگرامز اور شیخ الاسلام کی اِن ممالک میں مصروفیات کی اجمالی رپورٹ نذرِ قارئین ہے:

1۔ برطانیہ

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے اس خصوصی دورہ کا آغاز برطانیہ سے ہوا۔ منہاج القرآن انٹرنیشنل UK کے زیراہتمام یکم جولائی تا 6 جولائی 2018ء درج زیل پروگرامز منعقد ہوئے:

  1. نارتھ زون UK: نارتھ زون تنظیمات کے زیر اہتمام ’انسان کی اخلاقی و روحانی ترقی‘ کے موضوع پر سیمینار منعقد ہوا۔ جس میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے خصوصی شرکت کی۔ چیئرمین سپریم کونسل محترم ڈاکٹر حسن محی الدین قادری، محترم صاحبزادہ حماد مصطفیٰ، منہاج القرآن انٹرنیشنل برطانیہ کے قائدین اور نارتھ زون کی جملہ تنظیمات و کارکنان اور عوام الناس کی کثیر تعداد نے اس کانفرنس میں شرکت کی۔

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے اخلاقی و روحانی ترقی کے موضوع پر خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا:

اللہ تعالیٰ حسنِ اخلاق اور خود پر دوسروں کو ترجیح دینے والوں کو پسند کرتا ہے۔ معاشرتی سطح پر ہمیں اپنی طبیعتوں میں حسنِ اخلاق پیدا کرنا ہو گا۔ دوسرے لوگوں کے لیے ایثار، محبت اور تعاون کا جذبہ پیدا کرنا ہی انسانیت کی معراج ہے۔ ہمیں اس جذبہ کو انسانی فکر میں ڈھالنا ہوگا۔ کیونکہ اگر دلوں میں الفت، اخوت اور ایثار پیدا ہو جائے تو یہ انسانی ترقی کا راز ہے۔ پاکستان عوامی تحریک اور تحریک منہاج القرآن اندھیرے میں روشنی کی کرن ہیں۔ ہم پاکستان اور پاکستان کے باہر اسلام کے علم، امن اور رواداری کے پیغام کو عام کر رہے ہیں۔ بیداریٔ شعور کے لیے مشرق تا مغرب میری جدوجہد اور سفر آخری سانس تک جاری رہے گا۔

  1. بریڈ فورڈ: منہاج القرآن انٹرنیشنل بریڈ فورڈ کے زیراہتمام خصوصی نشست کا اہتمام کیا گیا۔ اس پروگرام میں محترم ڈاکٹر حسن محی الدین قادری، صاحبزادہ حماد مصطفیٰ المدنی، ڈاکٹر زاہد اقبال اور منہاج القرآن انٹرنیشنل بریڈ فورڈ کے قائدین و کارکنان کثیر تعداد میں موجود تھے۔

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے انسان کی اخلاقی و روحانی ترقی کے موضوع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسلام دہشت گرد دین نہیں، بلکہ اسلام سے دہشت گردی کو جوڑا جا رہا ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ اسلام بذاتِ خود دہشت گردی کی ہر صورت کو رد کرتا ہے۔ اسلام نفرت کادین نہیں بلکہ اسلام محبت، امن، اعتدال، برداشت اور وسعت کا دین ہے۔ اسلام انسانیت کی خدمت اور اللہ کی مخلوق سے محبت کرنے کا دین ہے۔ اسلام امن، پیار اور رواداری کا دین ہے۔ مسلمان ساری دنیا میں اسلام کے سفیر ہیں۔ آج سمندر پار پاکستانیوں اور مسلمانوں پر دوہری ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔ ان کے کردار میں جتنی محبت، برداشت اور رواداری کی خوشبو ہو گی، اسلام کی مہک اتنی ہی دور تک پہنچے گی۔ آپ کے دلوں میں جتنی وسعت و برداشت ہو گی، تو اسی طرح ہی اسلام کی برداشت کا تصور لوگوں کے دلوں میں ہوگا۔

  1. لندن: منہاج القرآن انٹرنیشنل لندن ساوتھ زون کے زیراہتمام 6 جولائی 2018ء کو ورکرز کے لیے تربیتی نشست کا اہتمام کیا گیا، جس میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے خصوصی خطاب کیا۔ تربیتی نشست میں ڈاکٹر حسن محی الدین قادری، صاحبزادہ حماد مصطفیٰ المدنی، ڈاکٹر زاہد اقبال اور منہاج القرآن انٹرنیشنل برطانیہ کے قائدین بھی موجود تھے۔ شیخ الاسلام نے انسان کی اخلاقی و روحانی ترقی کے موضوع پر گفتگو کی۔

بعد ازاں شیخ الاسلام سے مختلف طبقہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی نمائندہ شخصیات اور منہاج القرآن کے قائدین و کارکنان نے خصوصی ملاقات کی۔

2۔ یونان

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری مؤرخہ 6 جولائی 2018ء کو یونان ایتھنز ائیرپورٹ پہنچے۔ محترم ڈاکٹر حسن محی الدین قادری اور محترم صاحبزادہ حماد مصطفیٰ المدنی بھی آپ کے ہمراہ تھے۔ منہاج القرآن انٹرنیشنل یونان کے صدر محمد اسلم چوہدری، ناظم محمد شاہد بٹ کی قیادت میں منہاج القرآن انٹرنیشنل یونان کے عہدیدران قائدین، ذیلی مراکز کے صدور، ناظمین، امام و خطیب، ایگزیکٹیو کونسل کارکنان اور صحافی برادری نے آپ کا پرتپاک استقبال کیا۔

بعد ازاں تقریب میں شیخ الاسلام سے منہاج القرآن انٹرنیشنل یونان، پاکستان عوامی تحریک یونان، منہاج یوتھ لیگ، منہاج پیس اینڈ اینٹی گریشن اور تمام ذیلی مراکز سے تشریف لائے ہوئے عہدیدران کا تعارف کروایا گیا۔ عہدیداران میں صدر یورپین کونسل ظل حسن، صدر یورپین کونسل زون3 اقبال وڑائچ، صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل یونان محمد اسلم چوہدری، ناظم محمد شاہد بٹ، سینئر نائب صدر مرزا امجد جان، سینئر نائب صدر مرزا بشیر احمد بیگ، نائب ناظم ملک طارق شریف اعوان، صدر پاکستان عوامی تحریک یونان ڈاکٹر عبدالرزاق ناظم ارسلان خرم چیمہ و دیگر شامل تھے۔

  • 7 جولائی 2018ء کو منہاج القرآن انٹرنیشنل رینڈی یونان میں ورکرز کنونشن کا انعقاد کیا گیا۔ پروگرام میں صاحبزادہ حسن محی الدین قادری، حماد مصطفیٰ قادری، ظل حسین اور منہاج القرآن انٹرنیشنل زون 3 کے صدر اقبال وڑائچ نے خصوصی شرکت کی۔ پروگرام میں علامہ محمد نواز الازھری نے تلاوت قرآن مجید جبکہ محمد شاہد اکرم صدر منہاج القرآن انوفیتا اور منہاج نعت کونسل یونان انوفیتا کے صدر سجاد حسین قادری نے نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پیش کی۔

اس موقع پر شیخ الاسلام نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تمام کارکنان آپس میں اتحاد، محبت اور بھائی چارے کے ساتھ رہیں۔ پاکستانی کمیونٹی کو ساتھ لے کر چلیں اور دیار غیر میں اسلام کے پرامن پیغام کو پھیلانے میں اپنا کردار ادا کریں۔

  • شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے دورہ یونان پر کارکنان کیساتھ افتتاحی نشست ایتھنز میں 8 جولائی کو منعقد ہوئی، جس میں شیخ الاسلام نے خطاب کیا۔ اس موقع پر یونان میں پاکستانی سفیر خالد عثمان قیصر مہمان خصوصی تھے۔ منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری اور صاحبزادہ حماد مصطفیٰ المدنی بھی اسٹیج پر موجود تھے۔ پروگرام کی صدارت صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل یونان محمد اسلم چوھدری اور محمد شاہد بٹ نے کی۔تلاوت کی سعادت سید خالد محمود قادری نے حاصل کی جبکہ منہاج نعت کونسل نے نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پیش کی۔

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے انسان کی اخلاقی و روحانی ترقی کے موضوع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج پوری دنیا کو امن کی ضرورت ہے لیکن عالَم کو اس وقت تک امن نہیں مل سکتا، جب تک انسانی معاشرے میں امن نہ ہو، انسانی معاشرے پرامن ہوں گے تو پوری دنیا پرامن بن جائے گی۔ اس لیے آج پرامن معاشرے بنانے کے لیے اس بات کی ضرورت ہے کہ ہر شخص پرامن ہو جائے۔

پروگرام کے آخر میں منہاج القرآن انٹرنیشنل یونان کی طرف سے یورپین کونسل کو اعلیٰ کارکردگی پر خصوصی شیلڈز دی گئیں۔ منہاج القرآن انٹرنیشنل یونان کے صدر محمد اسلم اور ناظم تحریک منہاج القرآن یونان محمد شاہد بٹ اور شاعر منہاج القرآن یونان حاجی محمد بشیر کو بھی شیلڈ دی گئی۔ منہاج القرآن انٹرنیشنل یونان کی طرف سے سفیر پاکستان خالد عثمان قیصر کو یونان میں پاکستانی عوامی فلاح و بہبود اور اعلیٰ خدمات سر انجام دینے پر منہاج القرن انٹرنیشنل یونان کی طرف سے شیلڈ دی گئی۔

پاکستان عوامی تحریک یونان کے صدر ڈاکٹر عبدالرزاق، امیر تحریک یونان غلام مرتضیٰ اور شیخ اسد الہٰی نے پروگرام کے انعقاد میں اہم کردار ادا کیا۔

  • 8 جولائی 2018ء کو پاکستانی کمیونٹی کی سرکردہ سیاسی و سماجی اور مذہبی شخصیات نے شیخ الاسلام سے ملاقات کی۔ 9 جولائی 2018ء کو شیخ الاسلام سپین کے لیے روانہ ہوئے۔

3۔ سپین

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری دورہ یورپ کے دوران 13 جولائی 2018ء کو اسپین کے شہر بارسلونا پہنچے، بارسلونا ائیرپورٹ پر کارکنوں، منہاج القرآن سپین، منہاج یوتھ لیگ سپین اور منہاج القرآن سپین ویمن ونگ کے تمام مراکز کے عہدیدران و کارکنان کی بڑی تعداد نے آپ کا استقبال کیا۔ محترم ڈاکٹر حسن محی الدین قادری، صاحبزادہ حماد مصطفیٰ المدنی اور صاحبزادہ احمد مصطفیٰ العربی بھی آپ کے ساتھ تھے۔

  • شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی سپین آمد پر پاکستانی کمیونٹی نے آپ کے اعزاز میں پروقار عشائیہ کا اہتمام کیا جو بارسلونا کے معروف قرطبہ ریسٹورنٹ میں 15 جولائی 2018ء کی شب منعقد ہوا۔ سپین کی نیشنل اسمبلی میں پہلے مسلمان ممبر اسمبلی محمد شعیب اور ڈپٹی گورنر کاتالونیا (سپین) نے بھی خصوصی شرکت کی۔ پروگرام میں سلسلہ شاذلیہ سے وابستہ سپیشن نژاد مسلمان مشائخ کے ایک وفد نے بھی شرکت کی۔

پروگرام میں حافظ سعد نے تلاوت جبکہ قدیر احمد خان نے نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پیشکی۔ پروگرام میں محمد اقبال چوہدری نے عشائیہ کے شرکاء مہمانوں اور تنظیمات کا تعارف کروایا۔

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج پوری دنیا کو امن کی ضرورت ہے۔ دہشت گردی و انتہاء پسندی آج انسانیت کی سب سے بڑی دشمن ہے۔ دہشت گردی ایک رویہ ہے جو انتہاء پسندی سے جنم لیتا ہے۔ انتہاء پسندی تنگ نظری سے وجود میں آتی ہے۔ تنگ نظری علاقائی، مذہبی، لسانی اور سیاسی بھی ہو سکتی ہے۔ تنگ نظری سے تعصب کا رویہ جنم لیتا ہے۔ تعصب انسانوں کے درمیان نفرت پیدا کرتا ہے اور نفرت امن کو جلا دیتی ہے۔ دہشت گردی کا دنیا میں کوئی مذہب نہیں کیونکہ دہشت گردی خود انسانیت کی دشمن ہے۔ جو چیز انسانیت کی دشمن ہے تو وہ مذہب کی بھی دشمن ہے۔

  1. سپین میں پہلے مسلمان ممبر نیشنل اسمبلی محمد شعیب نے عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر محمد طاہر القادری ہمارے لیے ہی نہیں پورے سپین کیلئے اہم شخصیت ہیں۔ ان کی اور منہاج القرآن کی خدمات قابل تحسین ہیں۔

سابق گورنر اور موجودہ ڈپٹی گورنر کاتالونیا مونسرات نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ہم کئی سالوں سے پاکستانی برادری کے ساتھ منسلک ہیں۔ پاکستانیوں کی سپین کمیونٹی کے حوالے سے کافی خدمات ہیں، سابق گورنر مونسرات نے صدر سپین پیدرو سانچیت کا پاکستان میں دہشتگردی کے حوالے سے پیغام بھی پڑھ کر سُنایا اور ڈاکٹر محمد طاہر القادری کے نصاب کو ہسپانوی زبان میں ترجمے کے ساتھ شائع کرنے کی خواہش ظاہر کی۔

  • سپین میں موجود منہاج القرآن کے کارکنان کیساتھ خصوصی نشست سپین بارسلونا کے معروف ہال، وکٹوریا ہال میں منعقد ہوئی۔ جس میں سپین کے مختلف شہروں اور علاقوں سے کثیر تعداد میں منہاج القرآن کے عہدیداران، کارکنان، وابستگان اور رفقاء نے شرکت کی۔ اس موقع پر شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے انسان کی اخلاقی و روحانی ترقی کے موضوع پر خطاب فرمایا۔ بعد ازاں آپ نے کارکنان کی متعدد تنظیمی امور پر رہنمائی فرمائی۔ اس موقع پر منہاج القرآن سپین کے عہدیداران اور اعلیٰ کارکردگی کے حامل کارکنان میں شیلڈز تقسیم کی گئیں۔

4۔ اٹلی

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری دورہ یورپ کے دوران 20 جولائی کو اٹلی پہنچے۔ اٹلی میں دیزیو سے بریشیا جاتے ہوئے بیرگامو میں منہاج القرآن کے مقامی عہدیداران و کارکنان نے آپ کا استقبال کیا۔ چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری، شیخ حماد مصطفی المدنی اور شیخ احمد مصطفی العربی بھی آپ کے ساتھ تھے۔اٹلی میں آپ کی مصروفیات کچھ اس طرح ہیں:

  1. بیرگامو: بیرگامو شہر میں قیام پر شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے نئے اسلامک سنٹر منہاج القرآن انٹرنیشنل بیرگامو کا افتتاح کیا اور اس عظیم خدمت پر کارکنان و عہدیداران کو مبارکباد دیتے ہوئے دعائوں سے نوازا۔
  2. بریشیا: شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے بریشیا اٹلی میں انسان کی اخلاقی و روحانی ترقی کے موضوع پر کانفرنس سے خطاب کیا۔ اس کانفرنس میں منہاج القرآن انٹرنیشنل بریشیا اٹلی سے تحریک منہاج القران کے عہدیداران، کارکنان، وابستگان، رفقاء اور خواتین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

اس پروگرام میں اٹالین وزراء نے بھی خصوصی شرکت کی۔ حکومتی ارکان میں یوتھ کے حقوق کی کونسلر روبریٹا موریلی، صوبائی سیکرٹری پی ایس آئی لورینزو پالمی، ڈپٹی میئر بریشیا سٹی کولینی گابریلا اور صحت اور فیملی ایسوسی ایشن کی کونسلر مارکو فینارولی نے بھی پروگرام میں موجود تھے۔

شیخ الاسلام نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خالص نیت انسان کے عمل کو خالص اور مقبول ترین بنا دیتی ہے۔ ہر فعلِ حلال کی نیت میں اللہ کی رضا اور رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی اتباع کو شامل کرنے سے وہ فعل عبادت بن جائے گا۔ نیت کو جتنا خالص کر لیا جائے عبادت اتنی مقبول ہو حاتی ہے۔ ہر نیک عمل اور فعلِ حلال میں اللہ کی رضا کو نیت کو شامل کر دینا مستحسن عمل ہے۔ نفس کی خواہشات سے بچو، یہ انسان کو برباد کر دیتی ہیں۔

مسلمان وہ شخص ہے، جو ٹوٹے ہوئے دلوں کو جوڑے۔ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا فرمان ہے کہ ’’مسلمان وہ شخص ہے جس کی زبان سے بھی دوسرے شخص کو تکلیف نہ پہنچے‘‘۔ القاعدہ وداعش کے لوگ دوسرے انسانوں کو قتل کر کے اپنا فلسفہ ثابت کرنا چاہتے ہیں، لیکن اسلام پرامن دین ہے۔ اسلام انسانیت کی حفاظت کا دین ہے۔ مجاہد وہ بندہ ہے جو اپنے نفس کی بری خواہشات سے جنگ لڑے۔ اپنی خواہشات پر قابو پانے والا حقیقی مجاہد ہے۔ زندگی میں انسانی نفس میں مختلف خواہشات جنم لیتی ہیں، مثلاً لالچ، حسد، تکبر، حرص و ہوس، ان پر قابو پالینے والا بندہ ہی مجاہد ہے۔

  • اس موقع پر شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے اطالوی وزراء کو اپنی تصنیف ’’دہشتگردی اور فتنہ خوارج‘‘ کا تحفہ دیا۔

علاوہ ازیں منہاج القرآن بریشیا اٹلی اور نوارا کے عہدیداران میں شیلڈ تقسیم کی گئیں۔ شیلڈز اور اسناد حاصل کرنے والوں میں شفقت عظیم چیمہ، حاجی محمد ارشد، صوفی مظہر اقبال، خرم، ناوارا اٹلی کی تنظیم، اعجاز یوسف اعوان اور حاجی خالد شامل ہیں۔

  1. اریزو: شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے دورہ اٹلی میں اریزو میں انسان کی اخلاقی و روحانی ترقی کے موضوع پر کانفرنس منعقد ہوئی، جس میں شیخ الاسلام نے خطاب کیا۔ کانفرنس منہاج القرآن انٹرنیشنل اریزو نے منعقد کی، جس میں ڈاکٹر حسن محی الدین قادری، صاحبزادہ حماد مصطفیٰ المدنی اور صاحبزادہ احمد مصطفیٰ العربی نے بھی شرکت کی۔ کانفرنس کے لیے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری اریزو پہنچے تو مقامی تنظیم کے عہدیداروں نے آپ کا پرتپاک استقبال کیا۔ کانفرنس کے دوران ایک اٹالین کرسچین نوجوان نے بھی شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے ہاتھ پر اسلام قبول کرلیا۔

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے انسان کی اخلاقی و روحانی ترقی کے موضوع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ادب کا معنی حسنِ سیرت ہے۔ ہر کسی کے ساتھ معاملہ اور برتاو کا حسن ادب کہلاتا ہے۔ یہ ادب بندے کا اللہ کے ساتھ بھی ہے اور مخلوق کے ساتھ بھی ہے۔ گویا اللہ، دین، رسول، والدین، اولاد، دوستوں، غیر مسلموں، پڑوسیوں، نیکوں، بدوں ہر ایک کے ساتھ تعلق اور برتائو کی نوعیت کو جاننا ادب ہے۔ اصل میں ادب اور خُلق ایک ہی حقیقت کے دو نام ہیں۔ معاشرے میں رہتے ہوئے بندوں سے عفو و درگزر کرو، لوگوں کو بھلائی کی تلقین کرو، اگر کوئی رشتہ توڑے تو تم رشتہ جوڑو، یہی منہاج القران کا پیغام ہے، جس کو میں دنیا بھر میں عام کر رہا ہوں۔

  1. نووارا: شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے دورہ یورپ کے دوران اٹلی کے شہر نووارا میں 22 جولائی کو منہاج القران اسلامک سنٹر کا افتتاح کیا۔ افتتاحی تقریب میں ڈاکٹر حسن محی الدین قادری، صاحبزادہ حماد مصطفیٰ المدنی، صاحبزادہ احمد مصطفیٰ العربی بھی موجود تھے۔ اس موقع پر منہاج القرآن اٹلی اور نوارا کے عہدیداروں اور کارکنان نے بھی افتتاحی تقریب میں شرکت کی۔

نووارا سنٹر کے افتتاح کے بعد شیخ الاسلام نے کارکنان و وابستگان سے ملاقات کی۔ اس موقع پر تربیتی گفتگو کرتے ہوئے آپ نے کہا کہ اسلامی تعلیمات انسانیت کی بقا، فلاح و بہبود اور ارتقا کے سنہری اصولوں پر مبنی ہیں، باہمی حقوق کا احترام اور اعلیٰ اخلاقی اقدار کا فروغ دین اسلام کی اصل روح ہے۔

5۔ آسٹریا

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری دورۂ یورپ کے دوران اٹلی کے بعد آسٹریا پہنچے۔ ویانا ائیرپورٹ پر منہاج القرآن انٹرنیشنل ویانا کے عہدیداروں اور کارکنان کی بڑی تعداد نے آپ کا شاندار استقبال کیا۔ ڈاکٹر حسن محی الدین قادری، صاحبزادہ حماد مصطفیٰ المدنی، صاحبزادہ احمد مصطفیٰ العربی بھی آپ کے ساتھ ہیں۔

  • 24 جولائی کو آسٹریا، ویانا میں انسان کی اخلاقی و روحانی ترقی کے موضوع پر کانفرنس منعقد ہوئی۔ کانفرنس میں منہاج القرآن انٹرنیشنل آسٹریا، ویانا سے تحریک منہاج القران کے عہدیداران، کارکنان، وابستگان، رفقاء اور خواتین نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تکلیف کو خوشدلی سے قبول کرنا حسنِ خلق ہے۔ حسنِ اخلاق یہ ہے کہ ملال کے بغیر دوسرے کی زیادتی کو قبول کرلیا جائے۔ بوجھل اور تکلیف دہ چیزوں کو مسکراتے چہروں سے برداشت کرنا اور مخلوق کی جفا کو ماتھے پر شکن لائے بغیر قبول کرلینا حسنِ خلق ہے۔ یعنی جفائے خَلق سے نفس متاثر نہ ہو۔

باہمی زندگی میں ہمارے جھگڑے کا آغاز ہی یہاں سے ہوتا ہے کہ فلاں نے میرے ساتھ یہ کیا ہے، لہذا میں اس کو معاف نہیں کرسکتا۔ مخلوق سے اچھا ادب برتنا یہ ہے کہ تو دوسرے کے ساتھ جتنی بھلائی کرے وہ تجھے قلیل نظر آئے اور اگر دوسرا تجھ سے بھلائی کرے اگرچہ وہ رائی کے برابر ہو مگر پھر بھی وہ تجھے پہاڑ کی طرح نظر آئے۔ اگر زاویہ نگاہ یہ ہوجائے تو یہ حسنِ خلق ہے۔

6۔ جرمنی

27 جولائی 2018ء کو شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری جرمنی پہنچے۔ یہاں آپ نے برلن اور فرینکفرٹ میں کانفرنسز سے خطابات کئے:

  1. برلن: جرمنی کے دارالحکومت برلن میں انسان کی اخلاقی و روحانی ترقی کے موضوع پر کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ پروگرام میں چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری، شیخ حماد مصطفی المدنی القادری، شیخ احمد مصطفی العربی بھی موجود تھے۔ کانفرنس میں منہاج القرآن برلن سے تحریک منہاج القران کے عہدیداران، کارکنان، وابستگان، رفقاء اور خواتین نے بھی شرکت کی۔

شیخ الاسلام نے انسان کی اخلاقی و روحانی ترقی کے موضوع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سخاوت کا عمل انسان کے افعالِ حسنہ اور صفاتِ حمیدہ میں سے ایک انتہائی پسندیدہ عمل ہے۔ جو اللہ اور رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو بھی بہت عزیز ہے اور لوگوں میں بھی اس کا حامل شخص قابل تعریف گردانا جاتا ہے۔ اس کے بر عکس بخل و کنجوسی اللہ اور رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ساتھ ساتھ عوام الناس کے نزدیک بھی ناپسندیدہ عمل ہے۔ سخاوت کو اللہ تعالیٰ بہت پسند فرماتا ہے اور کنجوسی کو بہت ہی ناپسند کرتا ہے۔

معاشروں کا حقیقی تشخص ان کا اخلاقی تشخص ہے۔ یعنی درحقیقت کسی بھی معاشرے کی اصل بنیاد اس کی اخلاقی راہ و روش ہے اور بقیہ تمام چیزیں اسی پر استوار ہوتی ہیں۔ اگر معاشرے میں اخلاق ہوگا تو سماجی انصاف بھی فراہم ہوگا، معاشرے میں ترقی آئے گی اور معاشرہ لوگوں کے لئے دنیا میں ہی جنت بن جائے گا۔

  1. فرینکفرٹ: شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری برلن سے فرینکفرٹ پہنچے۔ فرینکفرٹ میں منہاج القرآن کے زیر اہتمام 29 جولائی کو ''انسان کی اخلاقی و روحانی ترقی'' کے موضوع پر کانفرنس منعقد ہوئی جس میں ڈاکٹر حسن محی الدین قادری، شیخ حماد مصطفی المدنی القادری، شیخ احمد مصطفی العربی بھی موجود تھے۔ کانفرنس میں منہاج القرآن انٹرنیشنل فرینکفرٹ (جرمنی) سے تحریک منہاج القران کے عہدیداران، کارکنان، وابستگان، رفقاء اور خواتین نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شیخ الاسلام نے کہا کہ جو نیکی کی راہ پر چلنا چاہتا ہے اور اپنی دنیا و آخرت دونوں سنوارنا چاہتا ہے تو ضروری ہے کہ وہ عمدہ اخلاق کا دروازہ اپنی طبیعت پر کھولے۔ کنجوسی کی جگہ سخاوت، جھوٹ کی جگہ سچ، جھگڑے کے بجائے عفو و درگزر اور معاف کرنا آجائے۔ اگر دل میں رحمدلی، نرمی، محبت اور وسعت آجائے، تکبر کی بجائے تواضع و انکساری آجائے اور دوسروں کے عیب دیکھنے کی بجائے دوسروں کی خوبیاں دیکھنا آجائے تو آپ اللہ تعالیٰ کے محبوب ہوگئے۔ اسلام اور ایمان کی اساس اچھے اخلاق پر ہے۔

7۔ ناروے

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری UK، یونان، سپین، اٹلی، آسٹریا اور جرمنی کے تنظیمی دورے کے بعد 03 اگست کو ناروے، اوسلو پہنچے۔ ائیرپورٹ پر منہاج القرآن اور پاکستان عوامی تحریک کے رہنماؤں صدر منہاج القرآن حاجی نثار پرویز، سینئر نائب صدر چوہدری مشتاق احمد برنالی، سینئر نائب صدر دوئم میاں محمد اسلم، فنانس سیکریڑی محمد آصف، اعجاز وڑائچ، نجم الثاقب، فیض عالم، افضل انصاری، زرتاش بشیر، منہاج ویمن لیگ نے بھرپور استقبال کیا۔ شیخ الاسلام نے ناروے وزٹ کے دوران ورکرز کنونشن، تنظیمی و تربیتی نشستوں میں بطور خاص شرکت کی۔

4، اگست کو منہاج القرآن اوسلو کے مرکز پر انسان کی اخلاقی و روحانی ترقی کے موضوع پر کانفرنس منعقد ہوئی جس میں اوسلو کے علماء کے وفد نے خصوصی شرکت کی۔ اس پروگرام میں ڈاکٹر حسن محی الدین قادری، شیخ حماد مصطفی المدنی القادری، شیخ احمد مصطفی العربی بھی موجود تھے۔ کانفرنس میں منہاج القرآن اوسلو سے تحریک منہاج القران کے عہدیداران، کارکنان، وابستگان، رفقاء اور خواتین نے بھی شرکت کی۔

اس موقع پر شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج بہت سے لوگ ایسے ہیں جن کی آمدنی بہت زیادہ ہے، کیا ساری آمدنی انہیں اپنے ہی اوپر خرچ کرنی چاہئے؟ مال خرچ کرنے کا طریقہ مادی اخلاق ہے۔ جو مال انسان کے پاس ہوتا ہے اسے صرف اپنے ہی پاس رکھنا شیطانی طرزِ عمل اور حیوانی طریقہ ہے۔ انسان کے پاس جو کچھ ہے، وہ اس کی اپنی لازمی ضرورتیں پوری ہونے اور اس کی (جائز) خواہشات کی تکمیل کے بعد، ان لوگوں پر خرچ ہونا چاہئے جو اس معاشرے میں رہتے ہیں۔

آج المیہ یہ ہے کہ انسان ایک دوسرے کو صرف اس وقت تک قبول اور برداشت کریں گے جب تک ان کے مفادات کی مطابقت ہوگی۔ اگر مفادات نہ ہوں تو معاشرہ ایک دوسرے کو ختم کر دینے کے لئے تیار ہو جاتا ہے۔ معاشرے کی ایک قسم جاہلیت کے دور کی ہے۔ دوسری طرف جہاں اخلاقی اصولوں کی حکمرانی ہو، وہ مکمل اسلامی معاشرہ کہلاتا ہے۔

8۔ سویڈن

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری دورہ یورپ کے دوران 5 اگست 2018ء کو ناروے سے سویڈن پہنچے۔ سویڈن اسٹاک ہوم میں انسان کی اخلاقی و روحانی ترقی کے موضوع پر منہاج القرآن سویڈن کے زیر اہتمام کانفرنس کا انعقاد کیا گیا تھا۔ کانفرنس میں سویڈن کے منسٹر نے خصوصی شرکت کی۔ چئیرمین سپریم کونسل منہاج القران انٹرنیشنل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری، شیخ حماد مصطفی المدنی القادری اور شیخ احمد مصطفی العربی بھی اس موقع پر موجود تھے۔ پروگرام میں ڈنمارک سے سید محمود شاہ ایک وفد کے ساتھ شریک ہوئے جبکہ سویڈن سے تحریک منہاج القران کے عہدیداران، کارکنان، وابستگان، رفقاء اور خواتین نے بھی شرکت کی۔

کانفرنس سے شیخ الاسلام نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسلمان فقط وہ شخص ہے کہ جس کے ہاتھوں سے لوگوں کی جان محفوظ ہو اور اس کی زبان سے لوگوں کی عزت محفوظ ہو۔ جس کے کردار میں دوسروں کے لئے اچھائی ہے وہ اچھا مسلمان ہے۔ مسلمان ہونا صرف ٹائٹل نہیں بلکہ ایک کردار کا نام ہے۔ اس طرح صرف شکل و صورت پر اسلام کا فیصلہ نہیں کیا جائے گا، بلکہ اسلام کا فیصلہ بندے کے عمل، سیرت اور کردار پر کیا جائے گا۔ جس کی شخصیت میں امن، سیرت اور کردار ہو گا تو حقیقی مسلمان وہی ہے۔

آج معاشرہ مجموعی طور پر غفلت کی نیند میں ہے، ہمیں روحانی بیداری کی ضرورت ہے اور وہ بیداری، شعور کی بیداری ہے۔ انفرادی طور پر اپنی شخصیت کو سنوارنے کیلئے اخلاقِ حسنہ کو اپنی زندگی کا حصہ بنائیں اور معاشرتی برائیوں کو ختم کرنے کیلئے ملکر جدوجہد کریں، آپس میں نفرتیں ختم کریں، دوسروں کی مدد کریں، بھلائی کے کاموں میں حصہ لیں اور ہمسایوں کے حقوق کا خیال رکھیں۔ یہی منہاج القرآن کا پیغام ہے۔

  • شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا یورپ کا یہ خصوصی دورہ تادمِ تحریر جاری ہے۔ ابھی کوپن ہیگن (ڈنمارک) اور نیدر لینڈ میں تین تین روزہ الہدایہ کیمپس، مالمو اور پیرس (فرانس) میں ہونے والی کانفرنسز اپنی مقررہ تواریخ پر ہونا باقی ہیں۔ ان پروگرامز کی تفصیلات ان شاء اللہ ماہ اکتوبر2018ء کے شمارہ میں شائع کی جائیں گی۔ مذکورہ جملہ پروگرام کی مزید تفصیلات اور تصاویر کے لیے www.minhaj.org اور فیس بک اور ٹیوٹر پر tahirulqadri پیج ملاحظہ فرمائیں۔