حمد باری تعالیٰ و نعتِ رسولِ مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم

حمد باری تعالیٰ

معبود ہے نہ کوئی بھی اللہ کے سِوا
اللہ کے رسول محمد بلاشبہ

اللہ کی پناہ ہر دم ہوں میں مانگتا
شیطاں سے جو ازل سے ہے لعنت کیا ہوا

اللہ کے ہے اِسمِ گرامی سے ابتدا
جو رحم کرنے والا ہے اور مہرباں سدا

اللہ کے لیے ہے ہر اک حمد، ہر ثناء
بے شک جو ہے تمام جہانوں کو پالتا

جو رحم کرنے والا ہے اور مہرباں سدا
مالک وہی ہے روزِ قیامِ حِساب کا

کرتے ہیں ہم تری ہی عبادت بلاشبہ
اور چاہتے مدد بھی ہیں تجھ سے اے خدا

سیدھا جو راستہ ہے وہ مولا ہمیں دکھا
اِنعام جن پہ تو نے کیا اُن کا راستہ

ان کا نہ راستہ ہو کہ جن پر غضب ہوا
گمراہ جو ہوئے ہیں ہمیں اُن سے بھی بچا

مقبولِ بارگاہِ الہٰی ہو یہ دعا
تیرے حبیب کا تجھے دیتے ہیں واسطہ

(انجینئر اشفاق حسین ہمذالی)

نعتِ رسولِ مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم

ہمہ وقت وہ ہیں ہمارے قریب
میں لیتا ہوں اُن کے نظارے قریب

صحابہ کی تمثیل یوں جس طرح
مہ کاملاں کے ستارے قریب

درِ مصطفی سے نہ لے جانا دور
کوئی اُن سے کہہ دے اُتارے قریب

اثاثہ میری زندگی کا بنے
وہ لمحے جو میں نے گزارے قریب

وصالِ شہ دوسرا بالیقیں
مجھے مل رہے ہیں اشارے قریب

سبھی کو گماں ذاتِ ختم المرسل
ہے سب سے زیادہ ہمارے قریب

بصد شکر ساحر ہے منزل ملی
وہ شہر نبی کے مینارے قریب

(احسان حسن ساحر)