منہاج انسٹیٹیوٹ برائے قرأت و تحفیظ القرآن کی تقریبِ تقسیم اسناد

میاں محمد عباس نقشبندی

منہاج انسٹیٹیوٹ برائے قرأت و تحفیظ القرآن کے زیراہتمام تکمیل حفظ قرآن کرنے والے طلبہ و طالبات کے اعزاز میں 8 دسمبر 2018ء کو تقسیم اسناد کی تقریب منعقد ہوئی، جس کی صدارت شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کی جبکہ ڈائریکٹر جنرل خانہ فرہنگ اسلامی جمہوریہ ایران آغائی علی اکبر رضائے فرد مہمان خصوصی تھے۔ تقریب میں چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن ڈاکٹر حسن محی الدین، صدر تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر حسین محی الدین، پرو وائس چانسلر منہاج یونیورسٹی ڈاکٹر شاہد سرویا، ڈاکٹر رحمن آصف، بریگیڈیئر (ر) اقبال احمد خان، مفتی عبدالقیوم خان ہزاروی، جی ایم ملک، پرنسپل تحفیظ القرآن محمد عباس نقشبندی نے بھی خصوصی شرکت کی۔

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں تعلیم اور صحت کے شعبوں کو کاروبار میں بدلا گیا، اب وقت آگیا ہے کہ مفادِعامہ کے ان دونوں شعبوں تک عام آدمی کی رسائی کو ممکن بنایاجائے۔ 70 سالوں میں تعلیم اور صحت کے شعبے پر کبھی سنجیدگی سے توجہ نہیں دی گئی، تعلیم اور صحت پہلی ترجیح ہوں گے تو ملک ترقی کرے گا، تعلیم کے بغیر کبھی کسی ملک نے ترقی نہیں کی، پاکستان میں تعلیم کاروبار بن چکی ہے، اس شعبہ میں پیسہ لگا کر کمائی کی جاتی ہے۔

منہاج القرآن کے تعلیمی اداروں میں دینی و دنیاوی تعلیم دونوں کا حسین امتزاج ہے، پاکستان سمیت دنیا کے 90 ملک میں قائم تعلیمی اداروں اور انسٹیٹیوٹس میں کسی بھی شخص کی ذاتی انویسٹمنٹ نہیں ہے، منہاج القرآن کی انویسٹمنٹ امتِ مسلمہ کی اگلی نسلوں کی ترقی کے لیے ہے۔ منہاج القرآن کے تعلیمی اداروں کی جدوجہد ہے کہ آنے والی نسلوں کو شعور اور کردار ملے، ملک و قوم ترقی کرے، پرامن و مستحکم معاشرہ قائم ہو۔ امتِ مسلمہ کو اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کرنے کیلئے علم و تحقیق کی طرف آناہو گا۔ منہاج القرآن کے تعلیمی اداروں میں ایسی تربیت دی جاتی ہے اور کردار سازی کی جاتی ہے جس سے سوسائٹی باکردار ہو سکے۔ منہاج القرآن کے انسٹیٹیوٹ ماؤں کی گود کی طرح ہیں۔ تحفیظ القرآن کے اساتذہ اور قرآن کریم حفظ کرنے والے بچے مبارکباد کے مستحق ہیں۔ اس لیے کہ جس نے قرآن سے رہنمائی حاصل کی وہ کبھی ناکام نہیں ہوا،

تقریب میں پرنسپل میاں محمد عباس نقشبندی، محترم قاری صاحبان قاری عبدالخالق، قاری غلام مرتضیٰ، قاری اویس رضا، ارسلان انجم، قاری حسن، قاری مبشر حسن، قاری محمد اصغر، قاری اللہ بخش نقشبندی و دیگر اساتذہ کو اعلیٰ تعلیمی خدمات انجام دینے پر خصوصی شیلڈزدی گئیں۔

محترم میاں محمد عباس نقشبندی نے اختتامی کلمات میں کہا کہ منہاج انسٹیٹیوٹ برائے قرأت و تحفیظ القرآن سے اب تک 4 ہزار طلباء و طالبات حفظ قرآن کی سعادت حاصل کر چکے ہیں سال 2018ء میں منعقدہ آج کی اس تقریب میں 74 حفاظ اور 36 حافظات کو تکمیل حفظ قرآن پر اسناد دی گئیں۔

شعبہ تحفیظ القرآن و منہاج یونیورسٹی کے اساتذہ کرام کے ساتھ بچوں کے والدین بھی اس موقع پر موجود تھے۔ تقریب میں قرآن کریم حفظ کرنے والے طلبہ و طالبات میں اسناد، میڈلز و دیگر انعامات تقسیم کیے گئے۔ اس موقع پر بچوں نے قرآن حکیم کی تلاوت سے شرکاء کے قلوب و ارواح کو منور کیا۔