نظامت تربیت تحریک منہاج القرآن: سرگرمیاں

غلام مرتضٰی علوی، مرکزی ناظم تربیت

کسی بھی تحریک کی کامیابی میں اس کے کارکنان کی تربیت غیر معمولی اہمیت رکھتی ہے۔ نظامت تربیت تحریک منہاج القرآن کا وہ شعبہ ہے جو ملک بھر میں کارکنان کی ہر سطح پر تربیت کا فریضہ سر انجام دے رہا ہے۔ نظامت تربیت نے سال 2018ء میں مرکز اور ملک بھر میں تربیت کے حسبِ ذیل پہلوں میں اپنا کردار ادا کیا ہے:

  1. اخلاقی و روحانی تربیت
  2. تعلیمی و تدریسی تربیت
  3. فکری و نظریاتی تربیت
  4. تنظیمی و انتظامی تربیت
  5. مرکز پر اہم ذمہ داریاں

1۔ اخلاقی و روحانی تربیت کے حوالہ سے خدمات

نظامت تربیت نے گزشتہ سال کارکنان کی اخلاقی و روحانی تربیت کے لئے مرکز پر ماہانہ مجلس ختم الصلوٰۃ علی النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے پروگرامزکے انعقاد میں اہم کردار ادا کیا۔ سال بھر ماہانہ مجلس ختم الصلوٰۃ کے اجلاسز میں شرکت، ہر ماہ شیڈول کی تیاری، نعت خوانان سے رابطہ، پروگرام کی کنڈکٹنگ شیخ الاسلام اور صاحبزادگان کے خطابات نہ ہونے کی صورت میں ویڈیو خطاب کی سلیکشن اور ایڈیٹنگ وغیرہ کے فرائض سرانجام دیے۔

سالانہ مسنون اعتکاف 2018ء میں خدمات

گزشتہ سال اعتکاف میں نظامت تربیت نے حسب معمول اعتکاف کے شیڈول کی تیاری، حلقہ جات کے سلیبس کی تیاری، پرنٹنگ، معتکفین کے حلقہ جات کے لئے معلمین کی فراہمی، ان کی ٹریننگ، تقسیم کار اور 10 دن نگرانی کا فریضہ سرانجام دیا۔ علاوہ ازیں محافل نعت اور طاق راتوں کی محافل کے شیڈول کی تیاری کنڈکٹنگ اور نگرانی بھی بخوبی سر انجام دی۔

گوشہ درود میں گوشہ نشینان کے لئے تربیتی لیکچرز

گوشہ درود میں تشریف لانے والے گوشہ نشینان کیلئے ہرروز نماز عصر کے بعد تعلیمی و تحریکی لیکچرز ہوتے ہیں۔ نظامت تربیت کے سکالرز ہر عشرہ میں 3 لیکچرز دیتے ہیں۔ یوں گزشتہ سال نظامتِ تربیت کے سکالرز نے تقریباً 100 سے زائد لیکچرز گوشہ درود میں دیئے۔ اس کے علاوہ گوشہ درود کے انتظامی اجلاسز اور بعض تقاریب تقسیم اسناد میں بھی شرکت کی۔

منہاج العمل کا احیاء

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کارکنان کو انفرادی سطح پر اخلاقی و روحانی تربیت کے لئے لائحہ عمل "منہاج العمل" عطا کیا ہے۔ نظامت تربیت نے سال بھر کیمپوں اور پروگراموں میں کارکنان کو منہاج العمل پر عمل کی ترغیب دی ہے۔ نظامت تربیت منہاج العمل کو ملک بھر کے کارکنان تک پہنچانے کے لئے ایک APP تیار کر رہی ہے جو کہ تیاری کے آخری مرحلے میں ہے۔ اسی طرح کارکنان کو منہاج العمل کی اہمیت سمجھانے کے لئے ایک کتاب تیاری کے مراحل میںہے جو اشاعت کے بعد ان شاء اللہ کارکنان کی رہنمائی کا باعث ہو گی۔

ماہانہ شب بیداری کے احیاء کی کوشش

شیخ الاسلام نے تحریک منہاج القرآن کی ابتداء میں کارکنان کی تربیت کے لئے ملک بھر میں ماہانہ شب بیداری کو فروغ دیا۔ ایک طویل عرصہ یہ کارکنان کی تربیت کا مؤثر ذریعہ رہا۔ نظامت تربیت نے اس کے احیاء کے لئے ماہانہ شب بیداریوں کو کو وژن 2025ء کا حصہ بنا کر منظوری لے لی ہے۔ ماہانہ شب بیداری کا مکمل لائحہ عمل تیار کیا گیا ہے، اب الحمد للہ مارچ 2019ء سے ملک بھر میں اس کا اجراء ہو رہا ہے۔

2۔ تعلیمی و تدریسی تربیت

نظامت تربیت ملک بھر میں کارکنان اور عوام الناس کی بنیادی دینی تعلیم و تربیت میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ اس سلسلہ میں نظامت تربیت نے سال 2018ء میں مرکز اور فیلڈ میں قرآن سکالرز کیمپ اور کورسز کی80 سے زائد کلاسزکا انعقادکیا گیا ۔ جس کی تفصیل حسب ذیل ہے:

مرکز پر قرآن سکالرز ٹریننگ کیمپ

نظامت تربیت نے مرکز پر منہاج القرآن ویمن لیگ کے تحت تربیتی کیمپ برائے الھدایہ سکالرز(گرلزکالج)، دس روزہ قرآن سکالر ٹریننگ کیمپ(منہاج ٹریننگ اکیڈمی ) اور تین روزہ عرفان الھدایہ کیمپ میں مکمل انتظامات اور تدریس کے فرائض سر انجام دئے۔ اسی طرح کالج آف شریعہ کے ای لرننگ سٹاف اور طلباء کے لئے کیمپ کا انعقاد کیا۔ اس میں 344 سے زائد خواتین اور طلباء نے شرکت کی۔ ان کیمپوں کے علاوہ نظامت تربیت نے مرکزی منہاج ٹریننگ اکیڈمی آغوش کمپلیکس میں فن خطابت، Winter Study Camp MSM، عرفان العقائد اور فہم القرآن کورسز کی 8 کلاسز کا انعقاد کیا۔ ان کلاسز میں 300 سے زائد شرکاء نے شرکت کی اور کثیر تعداد نے رفاقت بھی حاصل کی۔

فیلڈ میں قرآن سکالرز کیمپ اور کورسز کا انعقاد

نظامتِ تربیت نے مرکز کی طرح فیلڈ میں بھی کورسز اور کلاسز کا انعقاد کیا۔ کورسز کے انعقاد کے لئے 15 سے زائد شہروں میں بریفنگز دی گئیں جن میں لاہور، سیالکوٹ، بھکر، اسلام آباد، کراچی، فیصل آباد، پشاور، اٹک، لودھراں، کراچی، جھنگ، ملتان، جہلم، وہاڑی، خانیوال اور راجن پورمیں کیمپوں کے انعقاد سے قبل 70سے زائد اجتماعات اور اجلاسز میں بریفنگز دی گئیں۔ ان بریفنگز کے نتیجے میں کراچی، جہلم اور راجن پور 3شہروں میں 10 روزہ قرآن سکالرز کیمپ منعقد ہوئے، ان کیمپوں میں 329 تعلیم یافتہ (گریجوئیٹ ) افراد نے شرکت کی۔ کثیر افراد نے رفاقت حاصل کی اور ان قرآن سکالرز کے ذریعے کراچی، جہلم اور لاہور میں 70 سے زائد عرفان القرآن اکیڈمیز کا قیام عمل میں آیا۔ کراچی، لاہور، فیصل آباد، پشاور، اٹک، لیہ چوک اعظم،کراچی، جہلم، شیخوپورہ، گوجرانوالہ اور راجن پور میں 57 سے زائد عرفان القرآن کورس کی کلاسز کا انعقاد ہوا جن میں 2500 سے زائد شرکاء نے شرکت کی اور 42 سے زائد رفقاء بنے۔ ان تمام کیمپوں، کورسز اور کلاسز کے نتیجے میں الحمد للہ 650سے زائد رفقاء بنے، 100سے زائد حلقات درود بنے اور 13سے زائد صوبائی حلقہ جات میں تحریک اور منہاج القرآن ویمن لیگ کی تنظیمات قائم ہوئیں۔ خصوصاً ضلع راجن پور میں تحریک اور ویمن لیگ کو ایک نئی زندگی میسر آئی۔ دورانِ کیمپ تحریک کے تمام فورمز اور کارکنان متحرک ہو جاتے ہیں اور ان کے درمیان ہم اہنگی پیدا ہو جاتی ہے۔ راجن پور، کراچی اور جہلم ہر تحصیل کو 100 سے زائدتعلیم یافتہ کارکنان اور عہدیداران میسر آئے۔

3۔ فکری و نظریاتی تربیت

کارکنان کی فکری و نظریاتی تربیت بھی نظامت تربیت کی بنیادی ذمہ داریوں میں شامل ہے۔ اس سلسلہ میں گزشہ سال نظامتِ تربیت نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی خدمات کو معاشرے تک پہنچانے کے لئے 3 اہم کتب کی اشاعت کی جو کہ درج ذیل ہیں:

  1. محافظ اسلام اور انسانیت
  2. تلاش خضر
  3. نصاب زندگی

ملک بھر میں 70 سے زائد کیمپوں میں فکری و نظریاتی موضوعات پر لیکچرز اورشیخ الاسلام کے خطابات پر مشتمل ویڈیو کلپ دکھائے۔ تمام کیمپوں میں سوال و جواب کی نشستوں میں کارکنان کو فکری واضحیت دی گئی۔ MES کے اشتراک سے 6 سے زائد فکری و تحریکی تربیتی کیمپ منعقد ہوئے جن میں 20 سے زائد سکولوں کے سٹاف نے شرکت کی۔ وژن 2025ء کی تیاری نظامتِ تربیت کے لئے محترم پروفیسر محمد سلیم احمد چوہدری (نائب ناظم اعلی تربیت) کی سربراہی میں کمیٹی قائم کی گئی جس نے وژن 2025 تیار کیا۔

4۔ تنظیمی و انتظامی تربیت

نظامتِ تربیت کے فرائض میں سے سب سے اہم فریضہ کارکنان کی تنظیمی تربیت ہے۔ اس سلسلہ میں نظامت تربیت نے وژن 2025ء اور نظام العمل کے مطابق عہدیداران کی ذمہ داریوں کیلئے لٹریچر تیار کیا اور ملک بھر کے عہدیداران کی تربیت کے لئے پہلے مرکز پر ٹریننگ آف ٹرینرز (TOT) کا انعقاد کیا گیا، جس میں شمالی اور سینٹرل پنجاب کے 20 سے زائد اضلاع کے120 سے زائد قائدین نے شرکت کی اس ماڈل کیمپ کے ذریعے ان قائدین کو اپنے اپنے اضلاع میں ٹریننگ دینے کی تربیت کی گئی۔ ان ٹرینرز کے ذریعے پنجاب بھر میں 76 سے زائد تحصیلات میں ٹریننگ کیمپوں کا انعقاد ہوا۔ ان ماسٹرٹرینرز کے منعقدہ کیمپوں کے علاوہ مرکزی ٹیم نے ملک بھر میں اٹک، میر پور، کوٹلی، ہجیرہ، مظفرآباد، وہاڑی، لودھراں، راجن پور، ڈیرہ غازی خان، مظفر گڑھ، لیہ، سلانوالی اور دیگر شہروں میں کیمپوں کا انعقاد کیا، جن میں 800سے زائد عہدیداران نے شرکت کی۔

5۔ مرکز پر اہم ذمہ داریاں

سکالرز سلیکشن بورڈ میں خدمات

دنیا بھر میں دعوت و تبلیغ کے لئے تحریک منہاج القرآن نے اسلامک سینٹرز قائم کیے ہیں۔ ان سینٹرز کے ساتھ ساتھ اب کالجز اور یونیورسٹیز کے قیام کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ ان اداروں میں خدمات کے لئے منہاجینز کو بھجوایا جاتا ہے۔ سکالرز کے ٹیسٹ انٹرویو اور سلیکشن کے لئے مرکز پر سکالرز سلیکشن بورڈ قائم ہے۔ نظامتِ تربیت ان سکالرز کے ٹیسٹ انٹرویو کا اہتمام کرتی ہے۔

کالج آف شریعہ اور منہاج کالج فار ویمن میں خدمات

دونوں تعلیمی اداروں میں طلبہ و طالبات کی فکری تربیت کے لئے کلاسز میں لیکچرز اور تربیتی کیمپوں کا انعقاد نظامت تربیت کرتی ہے۔ سال 2018ء میں نظامت تربیت نے دونوں کالجز (تینوں کیمپسز میں) میں 400سے زائد لیکچرز اور 20 سے زائد کیمپوں کا انعقاد کیا۔

خواتین کی دینی تعلیم کے لئے Academy of Islamic Sciences کا قیام

نظامتِ تربیت کا مرکز پر خواتین کی دینی تعلیم و تربیت کے مستقل انتظام و انصرام کے لیے منہاج کالج فار ویمن کے اشتراک سے ایوننگ اکیڈمی کا کامیاب آغاز کیا گیا۔ اکیڈمی میں سہ ماہی بنیادوں پر فہم دین کے نام سے کورس کا آغاز کیاگیا۔ جس کے تحت ماہ جنوری میں عرفان القرآن، فن خطابت، اور عرفان العقائد کورس آفر کئے گئے۔ ماہ جنوری میں 100 طالبات نے ان کورسز میں رجسٹریشن کروائی۔