ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کا دورۂ یورپ

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی 68 ویں سالگرہ کی مناسبت سے آپ کی علمی و فکری خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے دنیا بھر کے 100 ممالک میں قائم منہاج القرآن انٹرنیشنل کی تنظیمات کے زیر اہتمام انفرادی و اجتماعی سطح پر سیکڑوں عظیم الشان تقاریب کا اہتمام کیا گیا۔ ان جملہ تقریبات کے احوال اور تصاویر www.minhaj.org پر ملاحظہ کی جاسکتی ہیں۔ ان جملہ تقریبات کے احوال کا بیان تنگیٔ صفحات کے پیشِ نظر ممکن نہیں۔ ذیل میں صرف ان تقریبات کی اجمالی رپورٹ درج کی جارہی ہے جن میں محترم ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے شرکت کی اور خطابات فرمائے۔

چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل محترم ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے ماہ فروری 2019ء میں یورپ کا تنظیمی دورہ فرمایا۔ اس دورہ کے دوران انہوں نے مختلف ممالک میں ہونے والی قرآنی انسائیکلو پیڈیا کی تعارفی تقریبات میں خصوصی شرکت کی اور خطابات فرمائے۔ ان پروگرامز میں زندگی کے مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے افراد اور منہاج القرآن انٹرنیشنل کی تنظیمات نے شرکت کی۔

محترم ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے سپین میں15 سے 17 فروری، ڈنمارک میں 17 سے 22 فروری، ناروے میں 22 سے 24 فروری، برطانیہ (UK) میں 24 سے 26 فروری، فرانس میں 26 سے 2 مارچ اور جرمنی میں 4 مارچ تک قیام فرمایا۔ چیئرمین سپریم کونسل کے اس دورۂ یورپ کی مختصر رپورٹ نذرِ قارئین ہے:

بارسلونا (سپین)

منہاج اسلامک سنٹر بارسلونا میں16 فروری 2019ء کو قرآنی انسائیکلوپیڈیا کی تعارفی تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری تھے۔ تقریب کے شرکاء میں قونصل جنرل پاکستان چودھری عمران علی، سرپرست منہاج القرآن سپین محمد نواز کیانی، صدر منہاج یورپین کونسل و منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین محمد ظل حسن قادری، سینئر نائب صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین محمد اقبال چودھری، مختلف شعبہ ہائے زندگی و مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والی معروف شخصیات اور منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین کے کارکنان کی بڑی تعداد شامل تھی۔ اس موقع پر مقررین نے شیخ الاسلام کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا علمی و تحقیقی کام صدیوں تک نسلوں کو سیراب کرتا رہے گا۔ دورِ حاضر میں شیخ الاسلام کی پہچان ہی آپ کے علمی و تحقیقی کارنامے ہیں۔

ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے اپنے خصوصی خطاب میں کہا کہ شیخ الاسلام کی تالیف قرآنی انسائیکلوپیڈیا قرآن فہمی اور اسلامی علوم پر تحقیق کرنیوالے محققین کیلئے نسخہ کیمیاہے۔ اس کے مطالعہ سے ہر طبقہ فکر کے افراد کو رہنمائی ملے گی۔ علم کی دنیا میں قرآنی انسائیکلوپیڈیا ایک تاریخ ساز اضافہ ہے جو تشنگانِ علم کو سیراب کرے گا۔ یہ انسائیکلو پیڈیا نسلِ نُو کو قرآنی تعلیمات کو سمجھنے، اسے زندگی میں نافذ کرنے اور معاشرے سے انتہا پسندی کے خاتمے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

ڈنمارک

(رپورٹ: محمد منیر طاہر) منہاج القران انٹرنیشنل ڈنمارک کے زیراہتمام شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی معرکہ آراء تصنیف قرآنی اِنسائیکلوپیڈیا کی تعارفی تقریب میں چیئرمین سپریم کونسل منہاج القران انٹرنیشنل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے خصوصی شرکت کی اور خطاب کیا۔ تقریب میں سکینڈے نیویا میں موجود عرب علما، اسکالرز اور سفارت کاروں، سیاسی و سماجی شخصیات، رفقاء و اراکین تحریک منہاج القران اور پاکستان کمیونٹی کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

اس موقع پر ڈنمارک میں جیلوں کے امام شیخ وسیم حسین، ڈاکٹر محمد فواد البرازی، شیخ بصری کرتش، شیخ حامد القاسم، شیخ تاج الدین فرفور اور شیخ صلاح الدین برکات نے خطابات کرتے ہوئے کہا قرآنی انسائیکلوپیڈیا ہر گھر کی ضرورت ہے اور اس میں زندگی میں درپیش تمام فکری معاملات کی الوہی گائیڈ لائن موجود ہے۔ منہاج القرآن امن کے فروغ، انسانیت کے احترام، خدمت خلق اور علم کا کلچر دوبارہ زندہ کرنے پر صدہا مبارکباد کی مستحق ہے۔

اس تقریب کی خاص بات ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کا بیک وقت میں عربی اور اردو میں صدارتی خطاب تھا۔ انہوں نے کہا کہ ہر دور میں اللہ رب العزت اپنے خاص بندوں کو قرآن کی تفہیم کی نعمت سے نوازتا ہے اور وہ اپنے زمانے میں اپنے لوگوں کیلئے قرآن فہمی کو آسان بناتے ہیں۔ یہ سلسلہ 14سو سال سے جاری و ساری ہے اور قیامت تک کے لیے جاری و ساری رہے گا۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے اللہ کی تائید و نصرت سے 8 جلدوں پر مشتمل قرآنی انسائیکلوپیڈیا تالیف کیا۔ اس قرآنی انسائیکلوپیڈیا نے ہر مکتب فکر اور ہر سطح کی علمی استعداد رکھنے والے افراد کے لیے قرآن پاک کو پڑھنا اور سمجھنا آسان بنا دیا ہے۔

تقریب میں شریک عرب سکالرز نے ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کے ڈاکٹریٹ کے مقالے میں بھی خصوصی دلچسپی کا اظہار کیا جس میں آپ نے تاریخ انسانی کے پہلے دستور میثاق مدینہ کا امریکی، برطانوی اور یورپین دساتیر سے تقابلی مطالعہ کیا ہے۔

اوسلو (ناروے)

اوسلو ناروے میں قائد ڈے کی تقریبات میں شرکت کے لیے ڈاکٹر حسن محی الدین قادری (چیئرمین سپریم کونسل) اور محترمہ ڈاکٹر غزالہ حسن قادری 22 فروری کو اوسلو پہنچے۔ منہاج القرآن اوسلو کے مرکز پر قائد ڈے کے حوالے سے خصوصی پروگرام کا اہتمام کیا گیا تھا۔ جس میں ممبران اور رفقاء کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ڈاکٹر حسن محی الدین قادری، سید محمود شاہ، حاجی پرویز نثار اور دیگر عہدیداران سٹیج کی زینت تھے۔

ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے اپنے خطاب میں شیخ الاسلام کی علمی و فکری اور ملی خدمات پر روشنی ڈالتے ہوئے عرب اہلِ علم کی نظر میں شیخ الاسلام کے مقام و مرتبہ کو بیان کیا۔ اس موقع پر آپ نے اس صدی میں قرآن مجید کی سب سے جداگانہ خدمت ’’قرآنی انسائیکلو پیڈیا‘‘ کی افادیت اور اہمیت کو بھی اجاگر کیا۔

پروگرام کے اختتام پر نمایاں خدمات سرانجام دینے والے عہدیداران و کارکنان کو اسناد دی گئیں۔

برطانیہ

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی 68 ویں سالگرہ کی مناسبت سے منہاج القرآن انٹرنیشنل UK کے زیر اہتمام مانچسٹر میں 24 فروری کو ایک خوبصورت قائد ڈے تقریب کا اہتمام کیا گیا، جس میں برطانیہ بھر سے منہاج القرآن کے رفقائ، کارکنان اور عامۃ الناس نے بھرپور شرکت کی۔ اس پروگرام میں محترم ڈاکٹر حسن محی الدین قادری اور محترمہ ڈاکٹر غزالہ حسن قادری نے خصوصی شرکت کی۔ محترم ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے اس موقع پر شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی زندگی، کارکنان سے محبت و شفقت اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی علمی و فکری خدمات اور عالمگیر سطح پر شیخ الاسلام کے تحقیقی کام کی پذیرائی کے موضوع پر گفتگو فرمائی۔

اس موقع پر محترم ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے قرآنی انسائیکلو پیڈیا پر بھی خصوصی اظہار خیال کرتے ہوئے اسے موجودہ اور آئندہ آنے والی نسلوں کے لیے قرآن فہمی کے باب میں ایک عظیم کارنامہ قرار دیا۔

پروگرام کے اختتام پر منہاج القرآن انٹرنیشنل UK کی جانب سے MQI لندن، منہاج القرآن ویمن لیگUK، منہاج سسٹرز UK، وقاص احمد امین اور جاوید اقبال طاہری کو عظیم خدمات پر ایوارڈز دیئے گئے۔

فرانس

(رپورٹ: رازق حسین گجر) منہاج القران انٹرنیشنل فرانس کے زیراہتمام قرآنی اِنسائیکلوپیڈیا کی تعارفی تقریب اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی 68 ویں سالگرہ کی تقریب 28 فروری 2019ء کو لاکورنیو میں منعقد ہوئی۔ تقریب میں ڈاکٹر حسن محی الدین قادری مہمان خصوصی تھے۔ علاوہ ازیں سفیر یورپ علامہ حافظ نذیر احمد قادری، علامہ حسن میر قادری، شیخ زاہد فیاض اور منہاج القرآن انٹرنیشنل فرانس کے جملہ عہدیداروں اور کارکنان نے بھی شرکت کی۔

پروگرام میں ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے خطاب کیا اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی معرکۃ الاراء تصنیف قرآنی انسائیکلوپیڈیا کی علمی خصوصیات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ شیخ الاسلام نے قرآن فہمی میں جو کام کیا ہے، یہ ہر مسلمان کے لیے علم و عمل کا خزانہ ہے۔ ہم سب کی یہ خوش قسمتی ہے کہ اللہ تعالی نے ہمیں وہ دور عطا کیا جس دور میں مجدد وقت شیخ الاسلام ڈاکٹرمحمد طاہر القادری ہماری علمی ، اخلاقی اور روحانی تربیت کے لئے موجود ہیں ہمیں اس دور کو غنیمت جانتے ہو اس مشن کی خدمت کرنی چاہے۔

منہاج القرآن انٹرنیشنل فرانس کے زیراہتمام قرآنی انسائیکلوپیڈیا کی تعارفی تقریب 2 مارچ 2019ء کو پیرس میں منعقد ہوئی، جس میں چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے خطاب کیا۔ فرانس میں پاکستانی سفیر معین الحق نے بھی تقریب میں خصوصی شرکت کی اور منہاج القرآن کی علم و امن پر مبنی عالمگیر دینی خدمات کو سراہا۔کانفرنس میں فرانس میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی ممتاز شخصیات اور تحریک منہاج القرآن کے رفقائے کار اور اراکین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

فرانس میں تعینات سفیر پاکستان محترم معین الحق نے شیخ الاسلام ڈاکٹرمحمد طاہر القادری کی طرف سے آٹھ جلدوں پر مشتمل تصنیف کردہ قرآنی انسائیکلوپیڈیاپر خصوصی مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ منہاج القرآن ہمہ جہت تحریک ہے جو ہر سمت میں کام کر رہی ہے۔ خدمت دین کے ساتھ ساتھ خدمت انسانیت کے لئے بھی اسکی خدمات ان گنت ہیں۔ شیخ الاسلام ڈاکٹرمحمد طاہر القادری نے قرآنی انسائیکلوپیڈیا لکھ کر قرآن کو آسان فہم کر دیا ہے۔ اس پر ان کو جتنی مبارک باد دی جائے وہ کم ہے۔

ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹرمحمد طاہر القادری نے قرآنی انسائیکلوپیڈیا کا عظیم مجموعہ لکھ کر امت مسلمہ کے لئے علم کی نئی راہیں کھول دی ہیں اورہر مسلمان کے لئے قرآنی علوم تک رسائی کو ممکن بنا دیا ہے۔ اس انسائیکلوپیڈیا کی وجہ سے انسان کو قرآن کوسمجھنے اور اس پر عمل کرنے میں آسانی ہوگی۔یہ قرآنی انسائیکلوپیڈیا ہر گھر کی ضرورت ہے اور اس میں زندگی میں درپیش آنے والے تمام فکری معاملات کی الوہی گائیڈ لائن موجود ہے۔ منہاج القرآن کی اول، آخر فکر امن کے فروغ ، انسانیت کے احترام اور خدمت خلق پر مبنی ہے۔

تقریب سے سفیر یورپ حافظ نذیر احمد، شیخ زاہد فیاض، علامہ حسن میر قادری اور شاہد ملک نے بھی خطاب کیا۔

جرمنی

منہاج القرآن انٹرنیشنل جرمنی کے زیراہتمام فرینکفرٹ میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی تالیف قرآنی انسائیکلوپیڈیا کی تعارفی تقریب قرآن کانفرنس کے عنوان سے منعقد ہوئی، جس میں چیئرمین سپریم کونسل تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر حسن محی الدین قادری مہمان خصوصی تھے۔ کانفرنس میں منہاج القرآن انٹرنیشنل فرینکفرٹ کے ڈائریکٹر علامہ فرحت حسین شاہ، چودھری عمران خان، چوہدری فاروق اظہر، عمر حیات، شاہد محمود، محمد اقبال، محمد ارشد اور محمد عنصر نے بھی خصوصی شرکت کی۔

قرآن کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا ہے کہ قرآن مجید پر علماء و مفسرین میں مختلف ادوار میں بہت کام کیا۔ قرون اولیٰ کے اکابر علماء ، عرفاء اور صوفیاء نے قرآن پاک پر بہت تحقیق کی اب شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا قرآن مجید کے 5 ہزار سے زائد جدید نوعیت کے موضوعات قائم کرنا بلاشبہ تجدیدی و احیائی کارنامہ ہے۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے قرآنی انسائیکلوپیڈیا کی تالیف کے ذریعے نہ صرف اسلاف کے کام کو آگے بڑھایا بلکہ آئندہ نسلوں کیلئے قرآن پاک سے علم حاصل کرنے اور کسی بھی نوعیت کے تحقیقی کام میں قرآن پاک سے رہنمائی لینے کی طرف راغب کیا ہے۔