کتاب اور خطاب کے کلچر کے فروغ کے لیے سٹڈی سرکل کا آغاز

مظہر محمود علوی

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے نوجوانوں کی کردار سازی اور انہیں اسلاف کے علمی تحقیقی کلچر سے جوڑنے کیلئے کتاب اور خطاب سے وابستہ ہونے کی سوچ دی ہے۔ منہاج القرآن سے وابستہ نوجوانوں کو انہوں نے حکم دیا ہے کہ وہ نماز پنجگانہ کی ادائیگی کو یقینی بنائیں، اس کے علاوہ ہر رات سونے سے قبل مطالعہ کو اپنی عادت میں شامل کریں۔ بلاشبہ آج کا نوجوان فکری اور نظریاتی اعتبار سے لاتعداد چیلنجز سے نبردآزما ہے، اسے گمراہ کرنے والی قوتیں فعال ہیں۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی ہدایات کے مطابق منہاج القرآن یوتھ لیگ نے ’’سٹڈی سرکل‘‘ کے نام سے ایک لائحہ عمل طے کیا ہے جس کے تحت نوجوانوں میں مطالعہ کی عادت کو پختہ کیا جائے گا۔

موجودہ دور میں سوشل میڈیا کی یلغار نے جہاں نوجوان نسل کے کردار کو شدید نقصان پہنچایا وہاں اسے فکری اور نظریاتی سطح پر ابہام،تشکیک اور بے یقینی کی دلدل میں بھی جھونک دیا ہے۔ اس تناظر میں منہاج یوتھ لیگ کی سنٹرل ٹیم (سنٹرل یوتھ ایگزیکٹو CYE) نے طویل مشاورت کے بعد فیصلہ کیا کہ نوجوان نسل سے متعلق فکری اور نظریاتی چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لئے کتاب دوستی کے کلچر کو زندہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے اور اس ضرورت کو پورا کرنے کے لئے ملک بھر میں باقاعدہ ہفتہ وار یوتھ سٹڈی سرکل کے اجراء کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ جس کے تحت ہر سال مرکز کی طرف سے جاری کی گئی لسٹ کے مطابق شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری، ڈاکٹر حسن محی الدین قادری اور ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کے خطابات میں سے 48 خطابات اور 12 کتب کا نصاب مکمل کیا جائے گا اور یوں ایک ماہ میں ایک کتاب پڑھی اور چار خطابات بطور نصاب سنے جائیں گے۔

مقاصد

  1. نوجوانوں میں کتاب دوستی کے کلچر کو عام کرنا۔
  2. مستند کتب کے مطالعہ سے صحیح اور درست نظریات کا فروغ۔
  3. نوجوانوں میں موجود تشکیک اور ابہام کا خاتمہ۔
  4. نوجوان نسل کے عقائد و نظریات میں اعتدال پسندی کو فروغ دینا۔
  5. نوجوان نسل کی علمی،فکری ونظریاتی اور اخلاقی پختگی کے ذریعے کردار سازی۔
  6. نوجوان نسل میں خدمت دین اور فلاحِ عامہ کا جذبہ پیداکرنا۔

یوتھ سٹڈی سرکل کے انعقاد کا طریقہ کار

  1. منہاج یوتھ لیگ کے آفیشل پیج پر ہر سوموار رات دس بجے نصاب کے مطابق ایک کتاب کا مطالعہ کیا جائے گا۔ اور یوں ایک ماہ میں ایک کتاب اورایک سال میں 12 کتابیں مکمل کی جائیں گی۔
  2. منہاج یوتھ لیگ کے آفیشل پیج پر ہرجمعرات رات دس بجے نصاب کے مطابق ایک خطاب لائیو چلایا جائے گا اور یوں ایک ہفتے میں ایک خطاب، ایک ماہ میں 4 خطابات اور سال میں 48 خطابات مکمل کئے جائیں گے۔
  3. تنظیمی سطح پر ماہانہ اجلاس میں یوتھ سٹڈی سرکل کا انعقاد کیا جائے گاجس میں اجلاس کے ساتھ ساتھ کچھ وقت کتاب مطالعہ کیلئے مختص کیا جائے گا۔
  4. تنظیمی سطح پر ہفتہ وار یوتھ سٹڈی سرکل کا انعقاد کروایا جائے گا، اس کا دورانیہ ایک گھنٹہ ہو گا۔جس میں ایک فرد سب حاضرین کو ایک گھنٹہ میں کتاب کے کچھ صفحات کا مطالعہ کروائے گا اور اگلے سٹڈی سرکل تک کیلئے ہوم ورک دے گا، جس کے مطابق ہر فرد روزانہ کی بنیاد پر تھوڑا تھوڑا وقت نکال کر کتاب کا کچھ مطالعہ کر لے گا۔
  5. ہفتہ وار یوتھ سٹڈی سرکل کسی بھی پبلک پلیس، دفتر، گھر میں علاقائی نوجوانوں اکٹھا کر کے کروایا جا سکتا ہے۔

تنظیمی اور انفرادی اہداف

  1. تنظیمی سطح پر منہاج یوتھ لیگ کی ہر ضلعی، تحصیلی، یونین کونسل اور یونٹ سطح پر لازم ہو گا کہ اپنی سطحی اور ذیلی اجلاسوں میں کچھ وقت کتاب کے مطالعہ اور خطاب سننے کیلئے رکھیں۔
  2. تحصیل/صوبائی حلقہ/ٹائون تنظیم کو ماہانہ ایک نیا ہفتہ وار یوتھ سٹڈی سرکل قائم کرنے کا ہدف ہو گا۔
  3. انفرادی ہدف یہ ہو گا کہ منھاج یوتھ لیگ کا ہر نوجوان ہفتہ وار یوتھ سٹڈی سرکل کا خود انعقاد کرے یا سٹڈی سرکل میں شرکت کرے۔
  4. منھاج یوتھ لیگ ہر سال یوتھ سٹڈی سرکل پیک تیار کرے گی جو 48 خطابات پر مشتمل ایک USB اور 12 کتب پر مشتمل ہو گا جو منھاج القرآن کے مرکزی سیل سنٹر اور مرکزی مارکیٹنگ ڈیپارٹمنٹ میں ڈسکائونٹ ریٹ پر دستیاب ہو گا۔
  5. تنظیمات دیئے گئے نصاب کے حصول کیلئے تمام جدید ذرائع استعمال کر سکتی ہیں۔
  6. ہر ماہ کے آخر میں منہاج یوتھ لیگ کے آفیشل پیج پہ اُس ماہ میں پڑھی گئی کتا ب سے متعلق ایک سوال نامہ جاری کیا جائے گا جو آن لائن جوابات دے کر پُر کیا جاسکے گا اور اس طرح سال کے آخر میں یوتھ سٹڈی سرکل کا حصہ بننے والے نوجوانوں کو تعریفی سرٹیفیکیٹس(CERTIFICATE) بھی جاری کئے جائیں گے۔

سٹڈی سرکل میں شامل نصاب کتب و خطابات (20-2019ء)

جولائی 2019ء تا جون 2020ء تک کے سٹڈی سرکل پروگرام میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری، چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری، صدر منہاج القرآن ڈاکٹر حسین محی الدین قادری ،علامہ مرتضی علوی کی کتب کو شامل کیا گیا ہے۔ جن میں سفر انقلاب، اللباب فی الحقوق و الآداب، ذکر شہادت امام حسین علیہ السلام، تعلیم اور تعلیم کی فضیلت و تکریم (اربعین)، نور الابصار بذکر النبی المختار صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم، خدمت دین کے تقاضے اور ہمارا کردار، نضرۃ النور فی فضل الطہور (طہارت اور پاکیزگی کی فضیلت اور احکام)، محافظ اسلام و انسانیت، اسلامی اخلاقیاتِ تجارت، ہمارا دینی زوال اور اس کے تدارک کا سہ جہتی منہاج، اسلام اور تصور اعتدال و توازن، خونِ مسلم کی حرمت شامل ہیں۔

اسی طرح خطابات کی سماعت کو بھی سٹڈی سرکل میں شامل کیا گیا ہے اس ضمن میں جولائی 2019ء تا جون 2020ء تک 36 خطابات کا انتخاب کیا گیا ہے۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے خطابات کے علاوہ ڈاکٹر حسن محی الدین قادری، ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کے خطابات بھی شامل ہیں۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے جن خطابات کا انتخاب کیا گیا ہے ان میں جوانی میں توبہ کی فضیلت، تربیت کا روحانی منہاج، توبہ ہر روحانی مقام کی کنجی ہے، اسلام اور ہماری زندگی، حقوق زوجین، معاشرتی برائیوں کے خلاف نوجوانوں کا کردار، شان سیدہ کائنات بزبان سرور کائنات صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم، اسلام دین امن و رحمت، حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا حسن خلق،قلب سلیم کی علامات اور اثرات صحبت، خواہشات کی دنیا سے بے رغبتی، مراحل یوم حشر اور امسال اعتکاف کے موقع پر ہونے والے خطابات بھی شامل ہیں۔ علاوہ ازیں ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کا خصوصی خطاب خدمت دین میں اخلاص کی ضرورت بھی شامل کیا گیا ہے۔