ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کا دورۂ ڈنمارک

رپورٹ

چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کی 26 جولائی 2019ء کی ڈنمارک آمد پر منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈنمارک کے تمام فورمز کے ایگزیکٹوز کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ جس میں منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈنمارک کے تمام فورمز کی طرف سے سالانہ کارکردگی اور آئندہ سال کے اہداف پیش کئے گئے۔ اس سلسلہ میں MQI ڈنمارک کی نظامت تعلیمات کے زیراہتمام اجلاس منعقد ہوا، جس میں چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے خصوصی شرکت کی۔

ڈائریکٹر منہاج ایجوکیشن بورڈ مفتی ارشاد حسین سعیدی نے نظامت تعلیمات MQI ڈنمارک کی گزشتہ سال کی کارکردگی پیش کرتے ہوئے بتایا کہ منہاج القرآن کے چار مراکز پر 26 معلمین و معلمات کل وقتی اور جز وقتی خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ اسی طرح تقریباً 700 طلبہ و طالبات مختلف شعبہ جات میں دینی تعلیم و تربیت حاصل کر رہے ہیں، جن میں شعبہ حفظ و ناظرہ قرآن مجید ، شعبہ اسلامک ایجوکیشن ، شعبہ اردو لینگویج ، شعبہ درس نظامی اور شارٹ کورسز وغیرہ شامل ہیں۔ شعبہ درس نظامی میں 14 طلبہ و طالبات نے کالج آف شریعہ منہاج یونیورسٹی لاہور کے نصاب کے مطابق الشھادۃ الثانویہ کی تعلیم مکمل کرلی ہے اور الشھادۃ العالیہ کی کلاس شروع کر دی ہے۔ الشھادۃ الثانویہ کا دوسرا بیج بھی شروع کردیا گیا ہے۔

اس موقع پر آئندہ سال کے اہداف کے حوالے سے 13 سے 18 سال کی عمر کے طلبہ و طالبات کے لیے تین سالہ دورانیہ پر مشتمل اسلامک ایجوکیشن کے ایک ڈپلومہ کا پلان پیش کیا گیا جس کا نصاب تحریر و ترتیب کے آخری مراحل میں ہے۔ اس موقع پر چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے نوجوان نسل کی تعلیم و تربیت کے لیے منہاج القرآن کے مراکز پر دی جانے والی تعلیمی و تدریسی خدمات کو سراہتے ہوئے مفتی ارشاد حسین سعیدی، منہاج ایجوکیشن بورڈ کے تمام ممبران اور منہاج القرآن کے مراکز پر خدمات سرانجام دینے والے تمام سکالرز اور اساتذہ کی حوصلہ افزائی کی اور انہیں ضروری ہدایات بھی دیں۔

چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کا منہاج القرآن ڈنمارک کی تنظیمات سے خصوصی ایگزیکٹو سیشن کا اہتمام مورخہ 28 جولائی 2019ء کو کیا گیا، جس میں منہاج القرآن ڈنمارک کے تمام فورمز کے ایگزیکٹو شامل ہوئے اور اپنی کارکردگی، حکمت عملی اور مستقبل کے پلان پیش کیے۔

منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈنمارک کی نیشنل ایگزیکٹو کونسل کے صدر ڈاکٹرعرفان ظہور احمد نے ملکی تنظیم کی حکمت عملی اور فورمز کے ساتھ تعاون کے طریقہ کار کو ڈسکس کیا۔ ڈائریکٹر منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈنمارک اور ہیڈ آف ایجوکیشن، مفتی ارشاد حسین سعیدی نے تعلیمی سرگرمیوں کا تعارف پیش کیا۔ ذیلی تنظیم نارتھ ویسٹ کے صدر حافظ سجاد احمد نے اپنے مرکز پر ہونے والی سرگرمیوں پر روشنی ڈالی اور چیلنجز سے نمٹنے کی حکمت عملی پیش کی۔ منہاج ویلفیئر ڈنمارک نے فلاحی سرگرمیوں کے حوالے سے کارکردگی رپورٹ اور آئندہ اہداف پر روشنی ڈالی۔ اس موقع پر تنظیم ویلبی کو ویلبی میں مسجد کی تعمیر مکمل ہونے پر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے مبارکباد دی۔

منہاج پیس اینڈ انٹگریشن کونسل کے صدر نے اپنے کام کی بابت بھی ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کو آگاہ کیا، انہوں نے اپنے پراجیکٹ پروگریسیو سٹیزن کا تعارف پیش کیا، سیاسی پارٹیوں کے ساتھ ملاقاتوں پر بات کی اور اپنے کا م کے حوالے سے اہم ہدایات لیں۔ منہاج ویمن لیگ نے ڈنمارک میں منہاج القرآن کے چاروں مراکز پر خواتین کی علمی، فکری، روحانی اور اصلاحی سرگرمیوں کا تعارف پیش کیا۔ منہاج سسٹرز لیگ نے بتایا کہ امسال اعتکاف میں پچاس خواتین اور بچیاں شریک ہوئیں۔ چھوٹی بچیوں کے لیے اپنے نئے پراجیکٹ عائشہ اور جوان بچیوں کے لیے اپنے نئے پراجیکٹ التزکیہ کی تفصیلات پیش کیں۔

تنظیم آماگر نے اپنے نئے پراجیکٹ کی تفصیل پیش کی جس میں عظیم الشان مسجد کی تعمیر اور شاپنگ سنٹر کا منصوبہ عنقریب شروع ہونے والا ہے۔

منہاج یوتھ لیگ کے جنرل سیکرٹری نے اسلامک مواد کو ڈینش میں منتقل کرنے کے اپنے کام کی تفصیلات اور یوتھ کی علمی، فکری اور اصلاحی تربیت کے حوالے سے کارکردگی رپورٹ بیان کی۔

آخر میں ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے تنظیمی کام کے حوالے سے عمدہ اصلاحی گفتگو فرمائی اور تنظیم کے کام میں چند تبدیلیاں تجویز کیں جنہیں احسن انداز میں سب کی رائے اور مشاورت سے منظور کیا گیا۔ اس موقع پر آپ نے منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈنمارک کی تمام ذیلی تنظیمات کو اعلیٰ کامیابیوں پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے مبارکباد اور دعائوں سے نوازا۔

پیرس میں منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کی دو روزہ سالانہ یورپین ورکشاپ

منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن یورپ کے زیراہتمام 13 اور 14 جولائی 2019ء کو پیرس میں دو روزہ ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔ ورکشاپ میں فرانس، ڈنمارک، سویڈن، آسٹریا، ناروے، جرمنی، ہالینڈ، اٹلی، انگلینڈ، سپین اور یونان سے منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے صدور، جنرل سیکرٹریز، ایڈمنسٹریٹرز، اکاؤنٹنٹس، فنانس ڈائریکٹرز اور دیگر ایگزیکٹوز شریک ہوئے۔

ورکشاپ کے پہلے سیشن میں شریک ممالک کی تنظیمات نے گزشتہ سال کے اہداف اور فلاحی سرگرمیوں کے نتائج کے حوالے سے اپنی کارکردگی پیش کی اور اپنے اہداف کے حصول میں ہونے والی پیش رفت اور آئندہ کے منصوبہ جات ہائوس کے سامنے پیش کیے۔ صدر منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن یورپ و فرانس راجہ بابر حسین نے شریک ممالک کی تنظیمات کی مجموعی کارکردگی پیش کی۔

مینجنگ ڈائریکٹر منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن فیصل مشہدی نے ان نتائج پراطمینان کا اظہار کرتے ہوئے پیش آمدہ مسائل کے حل کے لیے تجاویز پیش کیں اور ایگزیکٹوز کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ خدمت خلق کے اس عظیم کام میں لگن، جذبۂ خدمت اور دکھی انسانیت کا درد منہاج القرآن کی پہچان ہے۔ MWF انسانیت کی خدمت کے اپنے عظیم مشن پر اپنا سفر جاری رکھے گی۔

دوسرے سیشن میں دیگر ایکٹوٹیز کے علاوہ 2019-20ء کے اہداف کا تعین کیا گیا۔ اِس دو روزہ ورکشاپ میں میڈیا بریفنگ اور پیرس کا مطالعاتی دورہ بھی شامل تھا۔ آخری سیشن میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے ٹیلفونک خطاب کرتے ہوئے منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن یورپ و فرانس کو ورکشاپ کے کامیاب انعقاد پر مبارک باد دی اور شرکاء کو ویلفیئر کے کام کے حوالے سے اہم ہدایات دیں۔ ورکشاپ کے اختتام پر ملک پاکستان کی ترقی اور استحکام کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔

منہاج ایجوکیشن سوسائٹی کے زیر اہتمام دو روزہ میگا پرنسپل ورکشاپ کا انعقاد

(رپورٹ:صیاب محمود: کوآرڈینیٹر ٹریننگ) منہاج ایجوکیشن سوسائٹی ، لارل ہوم سکول سسٹم اور قاسم علی شاہ فاؤنڈیشن کی اشتراکیت سے دو روزہ میگا پرنسپل ٹریننگ ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا جس میں پاکستان کے مشہور ٹرینر سید قاسم علی شاہ ، راشد حمید کلیامی، ہارون ثانی، شاداب عالم اور سیدہ خدیجہ نے شرکت کی۔ اس کے علاوہ منہاج گروپ آف سکولز، لارل ہوم سکول سسٹم اور دیگر پرائیویٹ سکولوں کے پرنسپلز نے بھر پور شرکت کر کے مقررین کے خطابات سے استفادہ کیا۔ ٹریننگ ورکشاپ کا بنیادی مقصد سکولز میں کوالٹی ایجوکیشن اورمعاشرے میں اخلاقیات، کردار سازی اور ادب پر مبنی علم کو فروغ دینا ہے۔ منہاج ایجوکیشن سوسائٹی معاشرے میں علم کے فروغ کے ساتھ ساتھ شخصیت میں نکھار لانا بھی ا پنی ذمہ داری سمجھتا ہے۔

پہلے روز سید قاسم علی شاہ نے Teacher As a Game changer، ہارون ثانی نے Principal as a Reflective Manager اور شاداب عالم نے Handling Hyper Active Children & Slow Learner کے موضوع پر بات کی۔ پہلے روز کے تینوں سیشنز سے شرکاء نے بھر پور فائدہ اٹھایا۔

دوسرے روز سیدہ خدیجہ نے Montessori Teaching Techniques اور راشد حمید کلیامی نے School Development Program کے حوالے بات کی۔ دو روزہ ٹریننگ ورکشاپ کی اختتامی تقریب میں سرٹیفیکیٹ بھی تقسیم کیے گئے۔شرکاء نے اس ٹریننگ ورکشاپ کو بے حد سراہا اور کوالٹی ایجوکیشن کے لیے اس احسن اقدام پر MES کو مبارکباد پیش کی۔